لاہور کے علاقے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی عمارت گرنے کے افسوسناک واقعے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ابتدائی تحقیقات کی بنیاد پر مالک مکان سمیت دو افراد کو حراست میں لے لیا ہے، جبکہ واقعے کی وجوہات اور ذمہ داران کے تعین کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران جائے وقوعہ پہنچ گئے، جہاں انہوں نے امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور ریسکیو آپریشن کی خود نگرانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
پولیس، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ نے مشترکہ طور پر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ لاہور پولیس کے جوان ریسکیو ٹیموں کے شانہ بشانہ ملبہ ہٹانے، زخمی بچوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے اور امدادی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیتے رہے تاکہ متاثرین کو جلد از جلد نکالا جا سکے۔
حادثے میں زخمی ہونے والے بچوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال کاہنہ منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کی نگرانی میں ان کا علاج جاری ہے۔ بعد ازاں ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے ہسپتال کا دورہ کیا، زخمی بچوں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔
اس موقع پر انہوں نے متاثرہ بچوں کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی، جاں بحق ہونے والے بچوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور یقین دلایا کہ حکومت اور لاہور پولیس اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس المناک سانحے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کے اہل خانہ کے غم میں پوری پولیس برابر کی شریک ہے۔
فیصل کامران نے بتایا کہ ابتدائی قانونی کارروائی کے تحت مالک مکان سمیت دو افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطہ برقرار ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے مزید کہا کہ لاہور پولیس متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن قانونی، انتظامی اور انسانی معاونت فراہم کر رہی ہے۔ ان کے مطابق شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور ہنگامی حالات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔
کاہنہ ٹیوشن سینٹر سانحہ، مالک مکان سمیت 2 افراد حراست میں، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ
