وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت ایران سے سستا تیل اور گیس درآمد کرنے کے امکان پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے تاکہ ملک کی توانائی کی ضروریات کم لاگت پر پوری کی جا سکیں اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کو سستی توانائی کی فراہمی ہے۔ اسی مقصد کے تحت مختلف متبادل ذرائع اور علاقائی مواقع کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ توانائی کے شعبے میں اخراجات کم کیے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر بین الاقوامی قوانین اور سفارتی تقاضوں کے مطابق ایران سے کم قیمت پر تیل اور گیس کی درآمد ممکن ہوئی تو اس سے پاکستان کے درآمدی بل میں نمایاں کمی آئے گی، زرمبادلہ کی بچت ہوگی اور ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ حکومت عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں، خطے کی صورتحال اور سپلائی چین پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔ حالیہ جنگ بندی کے بعد عالمی توانائی مارکیٹ میں کچھ استحکام ضرور آیا ہے، تاہم قیمتیں ابھی مکمل طور پر معمول پر نہیں آئیں، اسی لیے حکومت ہر ایسے آپشن پر غور کر رہی ہے جس سے ملک کو سستی توانائی حاصل ہو سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی پیٹرولیم ضروریات کا بڑا حصہ بیرون ملک سے درآمد کرتا ہے، اس لیے خام تیل یا قدرتی گیس کی کم قیمت پر دستیابی نہ صرف توانائی کے شعبے کے لیے فائدہ مند ہوگی بلکہ اس کے اثرات معیشت کے دیگر شعبوں پر بھی مثبت انداز میں مرتب ہوں گے۔
وفاقی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت توانائی کے شعبے میں ایسے فیصلے کرے گی جو قومی مفاد، معاشی استحکام اور عوامی ریلیف کو مدنظر رکھتے ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کم قیمت پر درآمدات ممکن ہوئیں تو اس کا براہ راست فائدہ صارفین تک پہنچانے کی کوشش کی جائے گی تاکہ ایندھن کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام کو بھی حاصل ہوں۔
Blog
-

ایران سے سستا تیل اور گیس خریدنے پر سنجیدہ غور، وزیر پیٹرولیم
-

سعودی عرب میں آرامکو کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، 14 افراد ہلاک
سعودی عرب کے مشرقی علاقے رأس تنورہ میں سعودی آرامکو کا ایک ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں 14 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثہ آرامکو کی آف شور آپریشنز سے متعلق معمول کی پرواز کے دوران پیش آیا۔ ہیلی کاپٹر گرنے کے بعد جائے وقوعہ پر امدادی اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے میں سوار تمام افراد جاں بحق ہوئے، تاہم حکام نے تاحال ہلاکتوں کی مکمل تفصیلات یا متاثرہ افراد کی شناخت جاری نہیں کی۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ فی الحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حادثہ فنی خرابی کے باعث پیش آیا یا اس کے پیچھے کوئی اور وجہ تھی۔ سعودی حکام اور آرامکو کے متعلقہ ادارے مشترکہ طور پر واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
رأس تنورہ سعودی عرب کے اہم ترین صنعتی اور تیل برآمدی مراکز میں شمار ہوتا ہے، جہاں سعودی آرامکو کی بڑی آئل ریفائنری اور برآمدی ٹرمینلز موجود ہیں۔ اس علاقے کو عالمی توانائی کی فراہمی میں بھی اہم حیثیت حاصل ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حادثے کی اصل وجوہات اور مزید تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں گی۔ -

مراد علی شاہ: سندھ کی ترقی سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ تمام زبانیں بولنے والوں کا مشترکہ گھر ہے اور اس دھرتی نے ہمیشہ ہر آنے والے کو اپنایا ہے۔ انہوں نے اپوزیشن پر زور دیا کہ سندھ کو دل سے قبول کریں کیونکہ یہ محبت، رواداری اور بھائی چارے کی سرزمین ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں مختلف زبانیں بولنے والے عوام کے نمائندے موجود ہیں اور ایوان میں اپوزیشن کو نہ صرف برابر بلکہ کئی مواقع پر حکومت سے بھی بہتر اظہارِ خیال کا موقع دیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوری روایات کے فروغ کے لیے حکومت ہر رکن کے حق کا احترام کرتی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مالی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ مالی سال سندھ کو 2095 ارب روپے فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا، تاہم بعد ازاں ایف بی آر نے یہ رقم کم کرکے 1926 ارب روپے کر دی، جس کے باعث صوبے کو تقریباً 150 ارب روپے کے شارٹ فال کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ اب تک سندھ کو 1750 ارب روپے موصول ہوئے ہیں جبکہ باقی رقم کی ادائیگی کا انتظار ہے اور مالی سال کے اختتام پر اصل صورتحال واضح ہو جائے گی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کو 8.48 ارب روپے کی مالی معاونت فراہم کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ مالی سال میں سندھ کی تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی بجٹ رکھا گیا ہے اور ایک ہزار سے زائد ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جائیں گے، جن سے عوام کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ملکی دفاع ہر پاکستانی کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور آئین کے آرٹیکل 164 کے تحت سندھ نے بھی وفاق کے ساتھ تعاون کا فیصلہ کیا ہے۔
اپوزیشن کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ کی اپوزیشن وفاقی حکومت کی اتحادی ہے، اس لیے صرف تنقید کے بجائے وفاق سے صوبے کے حقوق کے لیے بھی آواز اٹھانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی سندھ میں ہونے والے ترقیاتی منصوبے نہیں دیکھ پا رہا تو مسئلہ نظر کا نہیں بلکہ نیت کا ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ بانیانِ پاکستان میں سب کے بزرگ شامل تھے اور ہجرت کے بعد سندھ نے لاکھوں لوگوں کو اپنے سینے سے لگایا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صوبے کی ترقی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو اختلافات سے بالاتر ہو کر مل کر کام کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ اس سال پہلی مرتبہ گندم کی پیداوار میں خود کفیل ہونے جا رہا ہے، جس کے بعد صوبے کو دیگر علاقوں سے گندم منگوانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ ان کے مطابق یہ کامیابی کسانوں کی محنت اور حکومتی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ -

یورپ میں شدید گرمی کے بعد پیرس میں موسلا دھار بارش، طوفان کی وارننگ جاری
پیرس: یورپ میں کئی روز تک جاری رہنے والی شدید گرمی کے بعد موسم نے اچانک کروٹ لے لی۔ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں موسلا دھار بارش شروع ہوگئی جس کے باعث حکام نے طوفان کی وارننگ جاری کر دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق شدید گرمی کے بعد فضا میں اچانک تبدیلی آئی اور بادل برس پڑے، جس سے متعدد علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا جبکہ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے تیز ہواؤں، گرج چمک اور مزید بارشوں کے امکان کے پیش نظر الرٹ جاری کیا ہے۔
فرانس میں حالیہ ہیٹ ویو نے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر کیے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق شدید گرمی کے باعث ایک ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک، پانی کی کمی اور دیگر گرمی سے متعلق بیماریوں کے مریضوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔
دوسری جانب اسپین بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے، جہاں صرف ایک ہفتے کے دوران 327 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ حکام کے مطابق زیادہ تر ہلاکتیں بزرگ افراد، دائمی بیماریوں میں مبتلا شہریوں اور کھلے مقامات پر کام کرنے والے افراد کی ہوئیں۔
یورپ کے دیگر ممالک بھی غیر معمولی گرمی کا سامنا کر رہے ہیں۔ آسٹریا، اٹلی، ہنگری اور چیک ریپبلک میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا، جس کے باعث متعدد شہروں میں ہیلتھ الرٹس جاری کیے گئے ہیں۔ کئی علاقوں میں شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے، زیادہ پانی پینے اور بچوں و بزرگوں کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے بعد آنے والی اچانک بارشیں اور طوفانی نظام موسمی عدم استحکام کی علامت ہیں۔ ان کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث مستقبل میں ایسے انتہائی موسمی واقعات کی شدت اور تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
یورپی حکام صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مقامی انتظامیہ اور محکمہ موسمیات کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے محفوظ رہا جا سکے۔ -

میٹا کو بڑا دھچکا،گوگل نے جیمینائی اے آئی ماڈلز کے استعمال کی حد مقرر کردی
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے میٹا کی جانب سے زیادہ کمپیوٹنگ صلاحیت طلب کیے جانے کے بعد اپنے جیمینائی اے آئی ماڈلز کے استعمال پر حدود عائد کردی ہیں، کیونکہ حریف ٹیک گروپ مطلوبہ گنجائش فراہم نہیں کر سکا۔
برطانوی اخبار فنانشل ٹائمزکے مطابق الفابیٹ کی ملکیت گوگل نے مارچ کے قریب میٹا کو بتایا کہ وہ جیمینائی کی وہ مکمل صلاحیت فراہم نہیں کر سکتا جو کمپنی خریدنا چاہتی تھی اس کمی کے باعث میٹا کے بعض اندرونی اے آئی منصوبے متاثر ہوئے اور ان میں تاخیر ہوئی، گوگل کے کئی دیگر کلائنٹس بھی متاثر ہوئے ہیں، تاہم ان پر اثر نسبتاً کم رہا، میٹا خاص طور پر متاثر ہوا کیونکہ گوگل کے ماڈلز کے لیے اس کی طلب غیر معمولی حد تک زیادہ تھی۔
رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ اثر میٹا پر پڑا کیونکہ اس کی جانب سے اے آئی ماڈلز کے استعمال کی طلب غیر معمولی حد تک زیادہ تھی ان پابندیوں کے بعد میٹا نے اپنے ملازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اے آئی ٹوکنز کا زیادہ محتاط اور مؤثر استعمال کریں۔ اے آئی ٹوکنز وہ یونٹس ہوتے ہیں جن کے ذریعے مصنوعی ذہانت کے ماڈلز کے استعمال کی مقدار ناپی جاتی ہے۔
رائٹرز فوری طور پر اس رپورٹ کی تصدیق نہیں کر سکا، جس میں معاملے سے آگاہ افراد کا حوالہ دیا گیا ہے گوگل اور میٹا نے کاروباری اوقات کے بعد تبصرے کی درخواستوں کا فوری جواب نہیں دیا۔
رپورٹ کے مطابق ان پابندیوں کے باعث میٹا نے اپنے عملے کو اے آئی ٹوکنز، یعنی اے آئی استعمال کی پیمائش کرنے والی اکائیوں کے زیادہ مؤثر استعمال کی ترغیب دی ہے کمپنیاں چپس اور ڈیٹا سینٹرز پر اربوں ڈالر خرچ کر رہی ہیں، اس کے باوجود وہ اے آئی سروسز کی بڑھتی ہوئی طلب پوری کرنے کے لیے درکار کمپیوٹنگ پاور حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا کررہی ہیں۔
مارچ میں ختم ہونے والی پہلی سہ ماہی کے دوران گوگل کلاؤڈ کی آمدنی بڑھ کر 20 ارب ڈالر تک پہنچ گئی، تاہم سی ای او سندر پچائی نے کہاکہ کمپیوٹنگ پاور کی پابندیوں نے اس سے بھی زیادہ ترقی کو روک دیا اور کلاؤڈ یونٹ کے بیک لاگ میں سہ ماہی بنیاد پر قریباً دو گنا اضافے میں کردار ادا کیا۔
-

شہید سپریم لیڈر خامنہ ای کی نمازِ جنازہ اور تدفین کی مزید تفصیلات جاری
تہران: ایرانی حکام نے سابق سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی آخری رسومات کے لیے وسیع پیمانے پر انتظامات شروع کر دیے ہیں-
ایرانی میڈیا کے مطابق سوگ کی مرکزی تقریبات 4 جولائی سے تہران اور مقدس شہر قم میں شروع ہوں گی، جبکہ آیت اللہ علی خامنہ ای کی تدفین 9 جولائی کو ان کے آبائی شہر مشہد میں کی جائے گی، ایرانی حکومت، پولیس اور پاسدارانِ انقلاب مشترکہ طور پر سیکیورٹی اور انتظامی معاملات کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ لاکھوں زائرین اور شرکاء کی آمدورفت کو محفوظ اور منظم بنایا جا سکے،حکام کے مطابق نمازِ جنازہ اور سوگ کی تقریبات میں تقریباً دو کروڑ افراد کی شرکت متوقع ہے، عراق کے مقدس شہر کربلا میں بھی ایک تعزیتی تقریب منعقد کرنے کی تجویز زیر غور ہے، تاہم اس کی سرکاری طور پر ابھی تک تصدیق نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ علی خامنہ ای فروری کے آخر میں تہران میں اپنی سرکاری رہائش گاہ پر امریکی اور اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہوگئے تھے اس وقت ان کی عمر 86 برس تھی، سیکیور ٹی خدشات اور اعلیٰ سیاسی قیادت کی ممکنہ شرکت کے باعث ان کی آخری رسومات کئی مرتبہ مؤخر کی جاتی رہیں، جس کے بعد اب ان کی نمازِ جنازہ اور تدفین کا باضابطہ شیڈول جار ی کیا گیا ہے۔
-

ایران لبنان کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کرے گا،عباس عراقچی
ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے ایک بار پھر امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی یکطرفہ یا نئی کارروائی سے آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کے عمل میں تاخیر کا سبب بنے گی۔
بغداد میں عراقی وزیر خارجہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عباس عراقچی نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط بنانے اور خطے کی تازہ صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی، عراقی وزیر خارجہ نے عباس عراقچی کا بغداد آمد پر خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ عراق اور ایران کے درمیان تعلقات انتہائی گہرے ہیں اور بغداد ہر ملک کے خلاف جنگ اور جار حیت کو مسترد کرتا ہے ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمتی یادداشت ایک مثبت پیشرفت ہے ، آبنائے ہرمز کا کھلا رہنا پورے خطے کے لیے نہایت اہم ہے، آبنائے ہرمز میں فوجی کشیدگی بڑھانے سے گریز کیا جانا چاہیے عراق کو اس وقت شدید تیل بحران کا سامنا ہے۔ ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے بعد عباس عراقچی کا دورۂ عراق غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے شاندار استقبال پر عراقی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تہران بغداد کی نئی حکومت کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہےموجودہ علاقائی صورتحال کے پیش نظر ان کا دورہ عراق غیرمعمولی اہمیت کا حامل ہے،عراقی حکومت نے ایران پر ہونے والے حملوں کی شدید مذمت کی ،عراقی عوام نے ہر مشکل وقت میں ایرانی عوام کا ساتھ دیا۔
عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ ایران لبنان کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کرے گاعراقی وزیر خارجہ کو جنگ کی صورتحال اور ایران، امریکا مفاہمتی یادداشت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ہے، آبنائے ہرمز ایران کے انتظامی کنٹرول میں ہے اور بحری آمدورفت کو جنگ سے پہلے کی سطح پر بحال کرنا تہران کی ذمہ داری ہے انہوں نے خبردار کیا کہ کسی بھی یک طرفہ یا نئی کارروائی سے آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کے عمل میں تاخیر ہو سکتی ہے اسرائیل کا لبنان سے انخلاء اور وہاں حملے روکنا امریکا کیساتھ عبوری معاہدے کا لازمی حصہ ہے۔
-

مذہبی و عوامی حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل کا خدشہ،جیو نیوز نےخود اپنی نشریات معطل کرنے کی درخواست کی
جیو نیوز کے پروگرام "سفرِ عشق” سے متعلق تنازع کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف دعوے سامنے آ رہے ہیں بعض حلقوں کا مؤقف ہے کہ اگر پروگرام میں نشر ہونے والا مواد قانون، پیمرا ضابطۂ اخلاق یا مذہبی حساسیت کے منافی تھا تو پہلے شوکاز نوٹس جاری کیا جانا چاہیے تھا، پھر مکمل تحقیقات اور متعلقہ فریق کا مؤقف سننے کے بعد کارروائی عمل میں لائی جاتی۔
باغی ٹی وی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ جیو نیوز نے خود ہی اپنی نشریات 15 روز کے لیے معطل کرنے کی درخواست کی، ذرائع کے مطابق خدشہ تھا کہ اگر معاملہ معمول کے قانونی طریقہ کار کے تحت چلتا تو تحقیقات میں وقت لگ سکتا تھا، جبکہ اس دوران مذہبی و عوامی حلقوں کی جانب سے ملک بھر میں احتجاج اور جیو نیوز کے دفاتر کے باہر کشیدگی پیدا ہونے کا امکان موجود تھا، اسی تناظر میں مبینہ طور پر چینل نے رضاکارانہ طور پر 15 روزہ معطلی کی درخواست دی۔
ادھر سوشل میڈیا پر متعدد صارفین کا کہنا ہے کہ پروگرام میں نشر کیے گئے مواد سے عوامی و مذہبی جذبات شدید مجروح ہوئے، اسی لیے عوامی ردعمل سامنے آیا ان حلقوں کا کہنا ہے کہ جیو نیوز کو 15 روز کے لیے بند کرنا اس کی گستاخی یا غلطی کی نوعیت کے مقابلے میں سزا بہت ہلکی ہے۔
-

اسحاق ڈار سے بحرینی وزیر خارجہ کا رابطہ،دورہ پاکستان کا عندیہ
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا-
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، دونوں رہنماؤں نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد خطے میں ہونے والی پیشرفت اور موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا۔
بحرینی وزیر خارجہ نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر پاکستان کو مبارکباد دیتے ہوئے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو سراہا، انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ پیشرفت خطے میں دیرپا امن اور استحکام کے قیام میں معاون ثابت ہوگی۔
ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے کہا کہ وہ مستقبل قریب میں پاکستان کا دورہ کریں گے تاکہ وزیراعظم، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اور چیف آف ڈیفنس فورسز کی جانب سے جنگ بندی اور امن کے لیے کی جانے والی کوششوں پر ذاتی طور پر اظہار تشکر کر سکیں۔
اسحاق ڈار نے بحرینی ہم منصب کے خیرسگالی جذبات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے بات چیت اور سفارت کاری کے راستے پر ثابت قدم رہے گا۔
-

خلا سے طوفانی بادلوں کی دنگ کر دینے والی انتہائی شاندار تصاویروائرل
امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے (ناسا) کی خلاباز جیسیکا میئر نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے زمین کے مدار میں موجود طوفانی بادلوں کی دنگ کر دینے والی انتہائی شاندار تصاویر شیئر کی ہیں،خلانوردوں کے مطابق مدار سے بادلوں کی مختلف اشکال، بناوٹ اور سائز کا لامحدود اور مسحور کن نظارہ دیکھنے کو ملتا ہے-
اگر زمین سے بادلوں کی طرف دیکھا جائے تو یہ ایک خوبصورت نظارہ پیش کرتے ہیں لیکن خلا سے وہ بالکل ہی مختلف منظر پیش کرتے ہیں،یہ تصاویر بحر الکاہل کے شمال مغرب (Pacific Northwest) کے اوپر گرج چمک والے بادلوں کی ہیں۔
اپنی پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ خلائی اسٹیشن سے بادلوں کو دیکھنا بھی دلکش ہے، جس میں شکلیں، بناوٹ اور سائز کی بے شمار ورائٹی ملتی ہےاکثر بادل پر سکون دکھائی دیتے ہیں لیکن بعض اوقات یہ ناگوار بھی ہوجاتے ہیں، جیسے اس ہفتے بحر الکاہل کے شمال مغرب میں گرج چمک کے بادل ہوئے۔