Baaghi TV

Blog

  • مودی کو دورہ انڈونیشیا نیوزی لینڈ، آسٹریلیا میں سفارتی رسوائی کا سامنا

    مودی کو دورہ انڈونیشیا نیوزی لینڈ، آسٹریلیا میں سفارتی رسوائی کا سامنا

    بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے حالیہ انڈونیشیا، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے دوروں کو بھارتی میڈیا میں نمایاں کوریج دی گئی تاہم بعض بین الاقوامی میڈیا اداروں اور تجزیہ کاروں نے ان دوروں کی سفارتی اہمیت پر مختلف آراء پیش کی ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق انڈونیشیا کے بعض میڈیا اداروں نے مودی کے دورے کو محدود کوریج دی۔ دی پرنٹ کے حوالے سے کہا گیا کہ جکارتہ گلوب اور کومپاس نے دورے کے دوران سفارتی سرگرمیوں کے بجائے دیگر پہلوؤں، جیسے لباس، گاڑیوں اور مندر کے دورے کی تصاویر پر زیادہ توجہ دی۔آسٹریلیا میں اے بی سی اور دیگر میڈیا رپورٹس کے مطابق دورے کے دوران بھارت میں انسانی حقوق کی صورتحال بھی زیرِ بحث رہی، جبکہ میلبورن میں بعض انسانی حقوق کی تنظیموں، مسلم اور سکھ برادری سے وابستہ افراد نے احتجاجی مظاہرے کیے۔
    رائٹرز کے مطابق ان مظاہروں میں خالصتان کے حامی گروپ بھی شریک تھے، اسی دوران ایمنسٹی انٹرنیشنل نے آسٹریلوی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں انسانی حقوق کے معاملات بھی اٹھائے۔

    دوسری جانب آسٹریلوی ذرائع ابلاغ میں بھارتی صنعتکار نوین جندال سے متعلق کرپشن الزامات کی خبریں بھی نمایاں رہیں، جبکہ نیوزی لینڈ میں بھارت کے ساتھ مجوزہ آزاد تجارتی معاہدے پر سیاسی حلقوں میں اختلافِ رائے سامنے آیا۔رپورٹس کے مطابق نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ ونسٹن پیٹرز نے مجوزہ تجارتی معاہدے پر تحفظات کا اظہار کیا، جبکہ ان کی بیرونِ ملک مصروفیات کو بھی بعض مبصرین نے سفارتی تناظر میں زیرِ بحث لایا۔

    سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایشیا پیسفک کے اس دورے نے بھارتی سفارت کاری اور عالمی اثرورسوخ سے متعلق مختلف سوالات کو جنم دیا ہے، جبکہ بھارتی میڈیا اور بعض بین الاقوامی میڈیا اداروں کی کوریج میں نمایاں فرق بھی دیکھنے میں آیا۔

  • غیر قانونی تعمیرات کیخلاف کارروائی کا اختیارصوبائی حکومت کا ہے، عدلیہ کا نہیں،وفاقی آئینی عدالت

    غیر قانونی تعمیرات کیخلاف کارروائی کا اختیارصوبائی حکومت کا ہے، عدلیہ کا نہیں،وفاقی آئینی عدالت

    وفاقی آئینی عدالت نے نَسلہ ٹاور کی مسماری کا سبب بننے والے سپریم کورٹ کے 2018 اور 2019 کے احکامات واپس لے لیے

    وفاقی آئینی عدالت نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کا اختیار بنیادی طور پر صوبائی حکومت کا ہے، عدلیہ کا نہیں، عدالتیں اپنے سامنے موجود تنازع تک محدود رہیں، غیر ضروری معاملات میں مداخلت نہ کریں، سپریم کورٹ نے زیرِ سماعت مقدمے سے آگے بڑھ کر وسیع احکامات جاری کیے،سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی رپورٹس کی بنیاد پر قانونی تقاضے پورے کیے بغیر مسماری کے احکامات نہیں دیے جا سکتے، منصفانہ قانونی کارروائی (ڈیو پروسیس) ہر مقدمے میں لازمی آئینی تقاضا ہے، عدالت کا مقصد غیر قانونی تعمیرات کو قانونی تحفظ دینا نہیں، صرف قانون کے مطابق کارروائی کو یقینی بنانا ہے، کراچی میں غیر قانونی تعمیرات سے نمٹنے کے لیے مؤثر قانونی نظام اور متعلقہ ادارے پہلے سے موجود ہیں، سندھ حکومت اور متعلقہ ادارے غیر قانونی تعمیرات کی نگرانی اور کارروائی کے آئینی و قانونی طور پر پابند ہیں، وفاقی آئینی عدالت نے 21 دسمبر 2018 اور 22 جنوری 2019 کے سپریم کورٹ کے احکامات اور ان کے تحت ہونے والی کارروائیاں واپس لے لیں

    جسٹس سید ارشد حسین شاہ نےاضافی نوٹ میں کہا کہ شہریوں کے بنیادی حقوق اور عوامی سہولیات کاتحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے ،پارکس، کھیل کے میدان، گرین بیلٹس، فٹ پاتھ، ساحل اور دیگر عوامی مقامات کو غیر قانونی قبضوں اور تبدیلیوں سے محفوظ رکھا جائے،

  • فیفا ورلڈ کپ ، فرانس سیمی فائنل میں، لندن میں ہنگامے،متعدد گرفتار

    فیفا ورلڈ کپ ، فرانس سیمی فائنل میں، لندن میں ہنگامے،متعدد گرفتار

    فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پہلے کوارٹر فائنل میں فرانس نے مراکش کو صفر کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی، تاہم میچ کے بعد برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں جشن کے دوران صورتحال کشیدہ ہوگئی جہاں شائقین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، ایک پولیس اہلکار زخمی جبکہ متعدد افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

    برطانوی پولیس کے مطابق لندن کی ایجویئر روڈ پر سینکڑوں افراد فرانس کی فتح کا جشن منانے کے لیے جمع ہوئے، تاہم ہجوم نے سڑک بلاک کر دی جس سے ٹریفک معطل ہوگئی۔ بعد ازاں بعض شرکاء کی جانب سے پولیس پر شیشے کی بوتلیں پھینکی گئیں اور آتش بازی بھی کی گئی، جس کے باعث حالات مزید خراب ہوگئے۔میٹروپولیٹن پولیس کے بیان کے مطابق ہنگامہ آرائی کے دوران ایک پولیس اہلکار کے سر پر شیشے کی بوتل لگی، جس کے باعث اسے اسپتال منتقل کرنا پڑا۔ واقعے میں چار افراد کو پرتشدد ہنگامہ آرائی کے الزام میں گرفتار کیا گیا جبکہ اضافی پولیس نفری تعینات کرکے صورتحال پر قابو پایا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں سی سی ٹی وی اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ تمام ذمہ دار افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

    ادھر میدان میں فرانس نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مراکش کو 2-0 سے شکست دی۔ فرانس کی جانب سے کپتان کائلیان ایمباپے نے پہلا جبکہ عثمان ڈیمبیلے نے دوسرا گول اسکور کیا۔ اگرچہ ایمباپے پہلے ہاف میں پنالٹی پر گول کرنے میں ناکام رہے، تاہم بعد میں نہ صرف گول کیا بلکہ دوسرے گول کی بنیاد بھی فراہم کی۔

    ایمباپے نے اس میچ کے ساتھ ایک اور تاریخی اعزاز اپنے نام کر لیا۔ کھیلوں کے اعداد و شمار فراہم کرنے والے ادارے کے مطابق وہ گزشتہ 56 برسوں میں ایک ہی ورلڈ کپ میں 10 سے زائد گولز یا گول اسسٹ میں حصہ لینے والے پہلے فٹبالر بن گئے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں آٹھ مختلف میچز میں فیصلہ کن گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔

  • پاکستان اور قطر کی بطور ثالث ایران وامریکا کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے کی کوشش

    پاکستان اور قطر کی بطور ثالث ایران وامریکا کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے کی کوشش

    امریکی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ تکنیکی سطح کے مذاکرات جاری ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی حکام کا کہنا ہے کہ امریکا ایران کے ساتھ مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے۔
    پاکستان اور قطر بطور ثالث ایران اور امریکا کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں،یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان دوبارہ کشیدگی شروع ہوگئی ہے۔امریکی فوج کی جانب سے گزشتہ 2 روز سے ایران پر حملے کیے گئے،ایران نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے خطے میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا۔

    دوسری جانب روس نے ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے منصفانہ اور سفارتی حل پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی ممکنہ معاہدے میں تمام متعلقہ فریقوں کے مفادات کا خیال رکھا جانا چاہیے۔روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے اپنے بیان میں کہا کہ کسی بھی معاہدے میں صرف امریکا اور ایران ہی نہیں بلکہ خطے کے پڑوسی ممالک اور دیگر متعلقہ فریقوں کے مفادات کو بھی شامل کیا جانا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ کشیدگی سے متعدد ممالک اور عالمی معیشت متاثر ہو رہی ہے، جبکہ آبنائے ہرمز اور خلیج فارس کی صورتحال پر روس اور ایران کا مؤقف ایک جیسا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تنازع کا پرامن حل تلاش کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

  • ورلڈ بینک نے پاکستان کے لیے 37 کروڑ 59 لاکھ ڈالر کی مالی معاونت منظور کرلی

    ورلڈ بینک نے پاکستان کے لیے 37 کروڑ 59 لاکھ ڈالر کی مالی معاونت منظور کرلی

    اسلام آباد: ورلڈ بینک نے پاکستان میں بجلی کے ترسیلی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے 37 کروڑ 59 لاکھ ڈالر کی مالی معاونت کی منظوری دے دی ہے۔ اس منصوبے کا مقصد ملک کے بجلی کے ترسیلی نیٹ ورک کو جدید خطوط پر استوار کرنا، بریک ڈاؤن میں کمی لانا اور توانائی کی فراہمی کو زیادہ مؤثر بنانا ہے۔

    ورلڈ بینک کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اس مالی معاونت کے ذریعے قومی گرڈ کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنایا جائے گا تاکہ بجلی کی ترسیل میں حائل تکنیکی رکاوٹیں دور ہوں اور نظام کی استعداد میں اضافہ کیا جا سکے۔ منصوبے کے تحت جدید آلات کی تنصیب، اہم سب اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن اور بجلی کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے اقدامات کیے جائیں گے۔ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ پاکستان کو درپیش توانائی کے مسائل براہ راست ملکی معاشی استحکام سے جڑے ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق کمزور ترسیلی نظام کی وجہ سے کروڑوں پاکستانی متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ بجلی پیدا کرنے کی موجودہ صلاحیت سے مکمل فائدہ نہ اٹھائے جانے کے باعث عوام کو لوڈشیڈنگ اور مہنگی بجلی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ منصوبے کی تکمیل سے گھریلو صارفین، کاروباری اداروں اور صنعتی شعبے تک زیادہ مقدار میں ماحول دوست اور قابلِ اعتماد بجلی کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔ اس کے علاوہ ترسیلی نظام میں بہتری کے باعث بجلی کی مجموعی لاگت میں کمی آئے گی اور قومی گرڈ میں قابلِ تجدید توانائی کے مزید انضمام کی راہ بھی ہموار ہوگی۔

    ورلڈ بینک کے مطابق یہ منصوبہ پاکستان کے توانائی کے شعبے میں اصلاحات، بجلی کی ترسیل کی استعداد بڑھانے اور پائیدار اقتصادی ترقی کے اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کرے گا، جس سے نہ صرف بجلی کی فراہمی میں استحکام آئے گا بلکہ صارفین کو بہتر اور زیادہ قابلِ اعتماد توانائی کی سہولت بھی میسر ہوگی۔

  • منشیات فروشی کیس، انمول عرف پنکی کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر

    منشیات فروشی کیس، انمول عرف پنکی کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر

    کراچی: جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کے لیے 25 جولائی کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔ عدالت نے مقدمات کی مزید سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔

    عدالتی کارروائی کے دوران جیل حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ ملزمہ کے خلاف درج چھ مقدمات میں چالان اور گواہان کے بیانات کی نقول جیل میں فراہم کر دی گئی ہیں۔ جیل ذرائع کے مطابق عدالتی احکامات پر عمل کرتے ہوئے عملے نے متعلقہ دستاویزات ذاتی طور پر ملزمہ تک پہنچائیں۔پولیس حکام کے مطابق انمول عرف پنکی کے خلاف 2020، 2021 اور 2022 کے دوران مختلف مقدمات درج کیے گئے تھے، تاہم ملزمہ ان مقدمات میں مفرور تھی۔ گارڈن تھانے کے ایک کیس میں گرفتاری کے بعد اسے دیگر مقدمات میں بھی باضابطہ طور پر گرفتار کیا گیا۔

    تحقیقات کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملزمہ کے مالیاتی معاملات کا جائزہ لینا بھی شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایک بند کرائے گئے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات سامنے آئی ہیں جن کی چھان بین کی جا رہی ہے۔اس کے علاوہ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ملزمہ کے موبائل فون سے 100 جی بی سے زائد غیر معمولی ڈیٹا برآمد ہوا ہے، جس کا فرانزک تجزیہ جاری ہے۔ حکام کے مطابق اس ڈیٹا کی مدد سے منشیات فروشی کے مبینہ نیٹ ورک اور دیگر ممکنہ روابط کے بارے میں اہم معلومات حاصل ہونے کی توقع ہے۔عدالت کی جانب سے فرد جرم عائد کیے جانے کے بعد مقدمات کی باقاعدہ سماعت کا آغاز ہوگا، جس میں استغاثہ اپنے شواہد اور گواہان پیش کرے گا جبکہ ملزمہ کو صفائی کا پورا موقع فراہم کیا جائے گا۔

  • ہنہ اوڑک میں دہشتگردی واقعہ کے بعد جاری دھرنا وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی کی یقین دہانی کے بعد ختم

    ہنہ اوڑک میں دہشتگردی واقعہ کے بعد جاری دھرنا وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی کی یقین دہانی کے بعد ختم

    بلوچستان کے علاقے ہنہ اوڑک میں دہشتگردی کے واقعے کے بعد ائیرپورٹ روڈ پر جاری دھرنا وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی کی یقین دہانی کے بعد ختم کردیا گیا۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے دھرنے میں شریک ہوئے اور احتجاج کرنے والوں کے تحفظات اور مطالبات سنے، انہون نے کہا کہ ہم سے کوئی غلطی ہو گی تو اسے تسلیم کریں گے، وزیراعظم اورفیلڈ مارشل کی موجودگی میں فیصلے ہوئے، جو وعدے کیے بطور وزیر اعلیٰ ان پرعمل درآمد کا پابند ہوں،شہداء کے ورثاء کومالی امداد، نوکری اور بچوں کو تعلیم دیں گے، سازش کے تحت ریاست کو بدنام کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔

    واضح رہے کہ 5 جولائی کو ہنّہ اوڑک میں ہوئے حملے میں 4 افراد جاں بحق اور 11 لاپتا ہوئے تھے۔

    دوسری جانب مانگی ڈیم حملے میں شہید 14 پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، شہدا کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا،شہدا کے لواحقین کا میتوں کے ہمراہ کوئٹہ میں کوئلہ پھاٹک کے مقام پر دھرنا جاری ہے،زیارت میں بھی ڈپٹی کمشنر کمپلیکس کے باہر متاثرہ خاندانوں کا دھرنا چوتھے روز میں داخل ہوگیا، لواحقین نے دہشت گردی کے واقعے میں ملوث عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔

    6 جولائی کو کچ مانگی میں 21 پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنا کر شہید کیا گیا تھا، جن کی میتیں گزشتہ رات سول اسپتال کوئٹہ لائی گئی تھیں،واقعے میں 2 ایس ایچ اوز سمیت 9 اہلکار شہید ہوئے تھے جبکہ ایک ڈی ایس پی سمیت 8 اہل کار محفوظ رہے تھے۔

  • فیفا ورلڈ کپ، فرانس نے مراکش کو   شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

    فیفا ورلڈ کپ، فرانس نے مراکش کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

    فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے پہلے کوارٹر فائنل میں فرانس نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مراکش کو 0-2 سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ اس کامیابی کے ساتھ فرانس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی، جبکہ فرانسیسی ٹیم مسلسل تیسری مرتبہ ورلڈ کپ کے آخری چار میں جگہ بنانے میں بھی کامیاب رہی۔

    بوسٹن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سنسنی خیز مقابلے میں فرانسیسی کپتان کیلیان ایمباپے اور عثمان ڈیمبیلے نے اپنی ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے دوسرے ہاف میں شاندار گول اسکور کرکے فرانس کی فتح یقینی بنائی۔میچ کے آغاز سے ہی فرانس نے جارحانہ حکمت عملی اپنائی اور مراکش کے دفاع پر مسلسل دباؤ برقرار رکھا۔ ابتدائی منٹوں میں فرانس کو اس وقت سنہری موقع ملا جب ایمباپے کو پنالٹی ایریا میں گرائے جانے پر ریفری نے پنالٹی کک دی، تاہم مراکش کے گول کیپر نے بہترین انداز میں ایمباپے کی شاٹ روک کر اپنی ٹیم کو ابتدائی نقصان سے بچا لیا۔پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا اور متعدد مواقع بننے کے باوجود کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی، جس کے باعث وقفے تک مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

    دوسرے ہاف میں بھی فرانس نے حملے جاری رکھے اور بالآخر 60ویں منٹ میں کیلیان ایمباپے نے شاندار فنش کے ذریعے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ صرف چھ منٹ بعد 66ویں منٹ میں عثمان ڈیمبیلے نے خوبصورت گول اسکور کرکے فرانس کی برتری 0-2 کر دی، جس کے بعد مراکش کے لیے واپسی انتہائی مشکل ہو گئی۔میچ کے 82ویں منٹ میں مراکش کو فری کک ملی، تاہم فرانسیسی گول کیپر نے بہترین سیو کرتے ہوئے گول کی کوشش ناکام بنا دی۔ اس کے بعد بھی مراکش کو ایک اور اچھا موقع ملا لیکن وہ اسے بھی گول میں تبدیل نہ کر سکا۔اختتامی سیٹی بجتے ہی فرانس نے 0-2 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لی، جبکہ مراکش کا ورلڈ کپ کا سفر کوارٹر فائنل میں اختتام پذیر ہو گیا۔

    اس میچ میں گول کرنے کے بعد کیلیان ایمباپے کے رواں ورلڈ کپ میں مجموعی گولوں کی تعداد 8 ہو گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی وہ فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں دو مختلف ایڈیشنز میں 8، 8 گول کرنے والے پہلے فٹبالر بن گئے ہیں۔اس سے قبل ایمباپے نے قطر میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ 2022 میں بھی مجموعی طور پر 8 گول اسکور کیے تھے، جبکہ 2026 کے ورلڈ کپ میں بھی انہوں نے یہی سنگِ میل عبور کرکے ایک منفرد عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

  • طیارے ’کے ٹو‘ کارگو اور ائیر ٹریفک کنٹرولرز کے درمیان گفتگو کا ریکارڈ سامنے آگیا

    طیارے ’کے ٹو‘ کارگو اور ائیر ٹریفک کنٹرولرز کے درمیان گفتگو کا ریکارڈ سامنے آگیا

    بحیرہ عرب میں گر کر تباہ ہونے والے طیارے ’کے ٹو‘ کارگو اور ائیر ٹریفک کنٹرولرز کے درمیان گفتگو کا ریکارڈ سامنے آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی فضائی حدود میں K-2 ائیرویز کی پرواز KTA-1732 سے رابطہ منقطع ہوا اور ایمرجنسی رسپانس پلان فعال ہوا، پرواز کے ساتھ کراچی ائیر ٹریفک کنٹرول کا رابطہ اس وقت منقطع ہوگیا جب پائلٹ نے دورانِ پرواز نیویگیشن سسٹم میں خرابی کی اطلاع دیتے ہوئے ریڈار ویکٹرنگ کے ذریعے رہنمائی کی درخواست کی۔دستیاب معلومات کے مطابق 16:17 UTC پر پرواز کے کپتان نے کراچی ائیر ٹریفک کنٹرول کو آگاہ کیا کہ انہیں نیویگیشن سے متعلق مسئلہ درپیش ہے اور محفوظ رہنمائی کے لیے ریڈار ویکٹرنگ فراہم کی جائے، اسی وقت کپتان نے یہ بھی اطلاع دی کہ طیارہ رول کر رہا ہے۔

    واضح رہے کہ7 جولائی 2026 کو پاکستانی کارگو طیارہ بحیرہ عرب میں گر کر تباہ ہوگیا تھا،کارگو طیارے میں 5 افراد سوار تھے جن میں پائلٹ محمد رضوان ادریس، فرسٹ آفیسر فیصل محمود، لوڈماسٹر محمد توفیق، انجینئر عارف صدیقی اور محمد حامد شامل ہیں، جہاز کے تمام عملے کا تعلق کراچی سے ہے۔

  • کرک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 4 دہشت گرد ہلاک

    کرک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 4 دہشت گرد ہلاک

    خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

    پولیس کے مطابق خٹک ڈیم کے قریب کرک اور کوہاٹ پولیس نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے پولیس پر فائرنگ کی، جس کے جواب میں سیکیورٹی اہلکاروں نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد کالعدم زاہد گروپ سے تعلق رکھتے تھے اور ماضی میں متعدد پولیس افسران کی شہادت سمیت دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں مطلوب تھے۔حکام کے مطابق علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ ممکنہ طور پر فرار ہونے والے دیگر دہشت گردوں کو بھی گرفتار یا ہلاک کیا جا سکے۔ سیکیورٹی کے پیش نظر علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

    پولیس نے اس کارروائی کو دہشت گردی کے خلاف اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کی بحالی کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ جاری رہے گا اور دہشت گرد عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کی جائیں گی۔