Baaghi TV

Blog

  • اسرائیلی فوج کا غزہ فلوٹیلا پر حملہ

    اسرائیلی فوج کا غزہ فلوٹیلا پر حملہ

    فلوٹیلا ٹریکر کے مطابق اسرائیلی فوج نے’’انڈروس‘‘ نامی کشتی کو غزہ سے 82 ناٹیکل میل دور روک لیا، جبکہ اب تک گلوبل صمود فلوٹیلا کی 61 کشتیوں کو مختلف کارروائیوں میں روکا جا چکا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق اس وقت بھی 9 امدادی کشتیاں غزہ کی جانب رواں دواں ہیں دوسری جانب امدادی بحری بیڑے پر اسرائیلی فورسز کی فائرنگ کے بعد خطےمیں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے فلوٹیلا منتظمین اور سامنے آنے والی ویڈیوز کے مطابق اسرائیلی اہلکاروں نے کم از کم دو کشتیوں پر فائرنگ کی لائیو اسٹر یمنگ میں اسرائیلی فورسز کو کشتیوں کی جانب فائر کرتے دیکھا گیا، تاہم استعمال ہونے والے گولہ بارود کی نوعیت فوری طور پر واضح نہیں ہوسکی۔

    اسرائیلی وزارت خارجہ نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ کارروائی کے دوران لائیو گولیاں استعمال نہیں کی گئیں متعدد انتباہات کے باوجود کشتیوں نے پیش قدمی جاری رکھی جس پر انہیں روکنے کے لیے “غیر مہلک ذرائع” استعمال کیے گئے کارروائی کا مقصد کشتی کو خبردار کرنا تھا، مظاہرین یا کارکنوں کو نشانہ بنانا نہیں، واقعے میں کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاعات نہیں ہیں، تاہم فلوٹیلا منتظمین نے اسرائیلی اقدام کو انسانی امداد کی راہ میں رکاوٹ قرار دیتے ہوئے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    واضح رہے کہ غزہ میں جاری انسانی بحران کے باعث مختلف بین الاقوامی تنظیمیں اور کارکنان سمندری راستے سے امداد پہنچانے کی کوششیں کر رہے ہیں، تاہم اسرائیل ماضی میں بھی کئی امدادی مشنز کو بین الاقوامی سمندری حدود میں روک چکا ہے۔

  • ایران میں ممکنہ نئی جنگ کی تیاریوں میں مصروف ہیں،اسرائیل

    ایران میں ممکنہ نئی جنگ کی تیاریوں میں مصروف ہیں،اسرائیل

    امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں اسرائیل نے ممکنہ نئی جنگ کی تیاریوں کا آغاز کر دیا، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو معاہدے کے لیے صرف چند دن کی مہلت دیتے ہوئے دوبارہ فوجی کارروائی کی دھمکی دے دی ہے۔

    اسرائیلی ٹی وی رپورٹ کے مطابق وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے ایک اعلیٰ سطحی سیکیورٹی اجلاس طلب کیا، جس میں فوج اور فضائیہ کے سربراہان سمیت اہم دفاعی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایران پر ممکنہ امریکی حملے کی صورت میں اسرائیلی تیاریوں اور دفاعی حکمتِ عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ نیتن یاہو نے بدھ کے روز اپنی عدالتی پیشی منسوخ کر دی، جبکہ اسرائیلی صدر ے خطے کی حساس صورتِ حال کے باعث نیویارک کا دورہ ملتوی کر دیا۔

    دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ ایران کو 2 سے 3 دن کی مزید مہلت دی جا رہی ہے، اگر معاہدہ نہ ہوا تو امریکا ایک اور بڑا حملہ کر سکتا ہے۔ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران ایٹمی ہتھیار حاصل کر کے پہلے اسرائیل اور بعد ازاں خلیجی ممالک کو نشانہ بنا سکتا ہے۔

    ادھر ایرانی حکام نے واضح کیا ہے کہ تہران جنگ بندی کے بدلے امریکا سے اقتصادی پابندیاں ختم کرنے، منجمد اثاثے بحال کرنے اور خطے سے امریکی افواج کے انخلاء کا مطالبہ کرتا ہے۔ ایرانی قیادت کا کہنا ہے کہ ایران اپنی یورینیئم افزودگی روکنے کے لیے تیار نہیں۔اسی دوران امریکی وزارتِ خزانہ نے ایران کے خلاف نئی پابندیاں عائد کرتے ہوئے متعدد کمپنیوں، بحری جہازوں اور مالیاتی نیٹ ورکس کو نشانہ بنایا ہے، جبکہ امریکا نے ایک ایرانی تیل بردار جہاز بھی قبضے میں لے لیا۔

    ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے خبردار کیا ہےکہ اگر امریکا نے دوبارہ جارحیت شروع کی تو ایران اس سے بھی زیادہ “حیرت انگیز ردعمل” دے گا۔دریں اثنا امریکی فوجی حکام نے کہا ہے کہ جنگ کے آغاز میں ایران کے ایک اسکول پر ہونے والے حملے کی تحقیقات جاری ہیں، جہاں 168 بچوں کی ہلاکت کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔

  • اسلام آباد ہائی کورٹ میں بجلی کی بندش،سائلین کو مشکلات کا سامنا

    اسلام آباد ہائی کورٹ میں بجلی کی بندش،سائلین کو مشکلات کا سامنا

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شدید گرمی کے دوران اسلام آباد ہائی کورٹ میں بجلی کی طویل بندش کے باعث عدالتی امور بری طرح متاثر ہوئے، جبکہ وکلاء، سائلین اور عدالتی عملے کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک بجلی معطل رہی، جس کے باعث مختلف کورٹ رومز اندھیرے میں ڈوب گئے۔ صورتحال کے پیشِ نظر کورٹ رومز کے دروازے کھول دیے گئے تاکہ ہوا کی آمد و رفت کو ممکن بنایا جا سکے اور گرمی کی شدت میں کچھ کمی لائی جا سکے۔بجلی کی بندش اور حبس کے باعث وکلاء اور سائلین عدالتوں کے باہر انتظار کرنے پر مجبور رہے، جبکہ عدالتی عملے کو کیسز کی تیاری اور دفتری امور انجام دینے میں بھی شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔بعد ازاں تقریباً ڈیڑھ گھنٹے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ کی بجلی بحال کر دی گئی، جس کے بعد عدالتی سرگرمیاں بتدریج معمول پر آنا شروع ہو گئیں۔

  • امریکی سینیٹ میں ایران کیخلاف جاری  جنگ سے متعلق قراداد آگے بڑھانے کی منظوری

    امریکی سینیٹ میں ایران کیخلاف جاری جنگ سے متعلق قراداد آگے بڑھانے کی منظوری

    امریکی اور اسرائیلی حملوں کے آغاز کے تقریباً 80 روز بعد امریکی سینیٹ نے ایران کے خلاف جاری جنگ سے متعلق اس قرارداد کو آگے بڑھانے کی منظوری دے دی، جس کے تحت صدر ڈونلڈ ٹرمپ کانگریس کی اجازت کے بغیر ایران کے خلاف جنگ جاری نہیں رکھ سکیں گے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق قرارداد کے حق میں 50 جبکہ مخالفت میں 47 ووٹ پڑے، 4 ریپبلکن سینیٹرز نے بھی ڈیموکریٹس کا ساتھ دیا،پینسلوانیا سے تعلق رکھنے والے ڈیموکریٹ سینیٹر جان فیٹرمین واحد ڈیموکریٹ تھے جنہوں نے قرارداد کی مخالفت کی، جبکہ چند ری پبلیکن ارکان نے اس کی حمایت کی۔

    اس پیشرفت کو ان قانون سازوں کی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے جو کہتے ہیں کہ آئین کے مطابق جنگ چھیڑنے کا اختیار کانگریس کے پاس ہے، نہ کہ صدر کے، اگرچہ یہ صرف ابتدائی منظوری ہے، تاہم قرارداد کو مکمل قانون بننے کے لیے سینیٹ اور ایوانِ نمائندگان دونوں سے منظوری درکار ہوگی جبکہ صدر ٹرمپ کے ممکنہ ویٹو کو ختم کرنے کے لیے 2 تہائی اکثریت بھی ضروری ہوگی۔

    قرارداد پیش کرنے والے سینیٹر ٹم کین نے کہا کہ جنگ بندی صدر ٹرمپ کے لیے بہترین موقع ہے کہ وہ ایران سے متعلق اپنی حکمت عملی کانگریس کے سامنے رکھیں صدر کو ایران کی جانب سے امن تجاویز موصول ہوئی ہیں لیکن وہ انہیں قانون سازوں سے شیئر نہیں کر رہے۔

    1973 کے امریکی جنگی اختیارات کے قانون کے مطابق صدر کانگریس کی منظوری کے بغیر صرف 60 دن تک فوجی کارروائی جاری رکھ سکتے ہیں ڈیموکریٹس اور بعض ریپبلکن ارکان کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف طویل جنگ سے پہلے کانگریس کی منظوری ضروری ہے، کیونکہ امریکی آئین جنگ کا اختیار صرف کانگریس کو دیتا ہے۔

  • پنکی کو پکڑوانے میں کس کا اہم کردار، دو اہلکار رابطوں والے بھی پکڑے گئے

    پنکی کو پکڑوانے میں کس کا اہم کردار، دو اہلکار رابطوں والے بھی پکڑے گئے

    منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار انمول عرف پنکی کیس کی تفتیش میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

    منشیات فروشی کے مقدمات میں ملوث انمول عرف پنکی کی گرفتاری کے اہم کردار کانسٹیبل کی بڑی سزا معاف کردی گئی جبکہ اس کی بحالی بھی متوقع ہے،ذرائع کے مطابق کانسٹیبل کافی عرصہ پنکی کا مبینہ سہولت کار رہا جس پر بھاری رقوم وصولی کا الزام بھی ہے، خفیہ رپورٹس پر اہلکار کے خلاف افسران نے سخت کارروائی کی۔ اہلکار اعلیٰ پولیس افسر کے پاس معافی کے لیے پیش ہوا تو اسے انمول عرف پنکی کی گرفتاری کا ٹاسک دیا گیا، بدلے میں تمام سزائیں معاف کرنے کی پیشکش کی گئی، ذرائع کے مطابق اس اہلکار نے ایک ہفتے میں ٹاسک پورا کردیا اور پنکی کو گرفتاری اسی اہلکار کی نشاندہی پر عمل میں لائی گئی،میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ اہلکار کی بحالی کے ساتھ ساتھ اس تمام بڑی سزائیں معاف کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب سی ٹی ڈی کے 2 اہلکاروں کو حراست میں لےلیا گیا ہے،سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق دونوں اہلکار پنکی کے ساتھ رابطے میں رہتے تھے۔ حراست میں لیے جانے والوں میں اے ایس آئی کفیل اور ایک سپاہی علی شامل ہے،دونوں اہلکاروں کی پوسٹنگ سی ٹی ڈی سول لائنز میں ہے،میڈیا رپورٹس کے مطابق کفیل نے چند برس قبل پنکی کے رائیڈر کو پکڑا تھا، رائیڈر کے ذریعے پنکی سے رابطے بڑھائےگئے، کفیل نے اپنے ساتھی علی کے ذریعے پنکی کو سپورٹ کیا، دونوں اہلکاروں کو آج صبح دفتر بلایا گیا، دونوں سے پنکی سے متعلق سوالات کیےگئے جس کے وہ تسلی بخش جواب نہیں دے سکے، دونوں سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

    دوسری جانب منشیات کیس میں گرفتار انمول عرف پنکی کیس میں ضلعی ایس ایس پی علی حسن کو معطل کردیا گیا.نوٹیفکیشن کے مطابق معطلی کا فیصلہ وزیر داخلہ سندھ کی ہدایت پر کیا گیا ہے۔

    علاوہ ازیں ملزمہ انمول عرف پنکی کو 3 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا، ملزمہ کو کراچی کی جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں درخشاں تھانےکے پانچ اور گزری تھانےکے تین مقدمات میں پیش کیا گیا تھا، ملزمہ اس سے قبل قتل اور منشیات برآمدگی کیسز میں پہلے ہی 22 مئی تک کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہے

  • سلہٹ ٹیسٹ: بنگلادیش نے پاکستان کو شکست دے کر سیریز میں وائٹ واش کردیا

    سلہٹ ٹیسٹ: بنگلادیش نے پاکستان کو شکست دے کر سیریز میں وائٹ واش کردیا

    بنگلادیش نے پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 78 رنز سے شکست دے کر سیریز میں وائٹ واش کردیا۔

    سلہٹ میں کھیلے جارہے میچ کے پانچویں روز پاکستان نے 316 رنز 7 وکٹوں کے نقصان پر کھیل کا آغاز کیا تو اسے جیت کے لیے مزید 121 رنز درکار تھےمحمد رضوان کے 94 ساجد خان کے 28 رنز بھی ٹیم کو فتح نہ دلوا سکے،437 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پوری ٹیم 358 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور اس طرح بنگلادیش نے قومی ٹیم کو 78 رنز سے شکست دی۔

    کپتان شان مسعود اور سلمان آغا 71، 71، بابر اعظم 47، اذان اویس 21، عبداللہ فضل اور سعود شکیل 6، 6 جبکہ حسن علی اور خرم شہزاد بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے،بنگلادیش کی جانب سے تیج الاسلام نے 6، ناہید رانا نے 2 جبکہ شورف الاسلام اور مہدی حسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

    بنگلا دیش ٹیسٹ ٹیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ کردیا مہمان ٹیم پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میں ڈھاکا کے مقام پر 104 رنز جبکہ دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں سلہٹ میں 78 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

  • مودی سے سوال پوچھنے والی نارویئن خاتون صحافی کا انسٹاگرام اور فیس بک اکاؤنٹ معطل

    مودی سے سوال پوچھنے والی نارویئن خاتون صحافی کا انسٹاگرام اور فیس بک اکاؤنٹ معطل

    ناروے سے تعلق رکھنے والی صحافی ہیلے لِنگ نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے سوال پوچھنے کی کوشش کے بعد آن لائن تنقید کے باعث ان کے انسٹاگرام اور فیس بک اکاؤنٹس معطل کر دیے گئے ہیں۔

    ہیلے لِنگ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بتایا کہ پورے دن وہ اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ تک رسائی حاصل نہیں کر سکیں اور بعد میں یہ اکاؤنٹ مکمل طور پر معطل ہو گیا –

    ایک اور پوسٹ میں ہیلے لِنگ نے ان صارفین کو جو میٹا کے زیرِ ملکیت پلیٹ فارمز کے ذریعے ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہے تھے آگاہ کیا کہ ان کے انسٹاگرام اور فیس بک دونوں اکاؤنٹس معطل کر دیے گئے ہیں میں چاہتی تھی کہ زیادہ سے زیادہ ہندوستانیوں کے سوالات کے جواب دے سکوں، لیکن اب میرے جوابات میں تاخیر ہو گی امید ہے کہ مجھے اپنے اکاؤنٹس واپس مل جائیں گے،“ اور اس دوران میٹا کو ٹیگ بھی کیا۔

    helle ling

    واضح رہے کہ ناروے اور بھارت کے وزرائے اعظم کی مشترکہ پریس بریفنگ کے دوران ہیلی لِنگ نے بھارتی وزیر اعظم سے سوال پوچھنے کی کوشش کی جب وزیر اعظم مودی ہال سے باہر جا رہے تھے تو ہیلی لِنگ نے اونچی آواز میں کہا کہ آپ دنیا کی سب سے آزاد پریس کے کچھ سوالات کیوں نہیں لیتے؟ اگرچہ یہ واضح نہیں ہوسکا کہ بھارتی وزیر اعظم نے ان کی بات سنی یا نہیں، لیکن اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی۔

    ساہیوال :سی ٹی ڈی کی انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی ،مبینہ تخریب کاری کا منصوبہ ناکام ، خطرناک دہشتگرد گرفتار

    بعد میں لِنگ نےایکس پر لکھا کہ مجھے مودی سے جواب کی امید نہیں تھی، لیکن دنیا میں صحافتی آزادی کے لحاظ سے ناروے پہلے نمبر پر ہے جبکہ بھارت کا نمبر 157واں ہےاس واقعے کے بعد ہیلے لِنگ کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا جہاں بہت سے صارفین نے ان پر غیر ملکی ایجنٹ، جاسوس اور چینی پراکسی ہونے کے الزامات لگائے جبکہ دیگر نے کہا کہ یہ مشترکہ میڈیا بریفنگ تھی، رسمی پریس کانفرنس نہیں۔

    ان الزامات پر صفائی دیتے ہوئے ہیلے لِنگ نے ایک اور پوسٹ میں کہا کہ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ مجھے یہ لکھنا پڑے گا لیکن میں کسی بھی غیر ملکی حکومت کی بھیجی ہوئی کوئی جاسوس نہیں ہوں، میرا کام صرف صحافت ہے۔

    تاہم اس تنازع کے بعد انٹرنیٹ پر ان کی مقبولیت میں زبردست اضافہ ہوا اور ان کے فالوورز کی تعداد چند سو سے بڑھ کر 45 ہزار سے زیادہ ہو گئی دوسری طرف اس معاملے پر سیاسی بحث شروع ہونے کے بعد ناروے میں موجود بھارتی سفارت خانے نے اسی دن ہیلے لِنگ کو ایک الگ بریفنگ میں مدعو کیا وہاں انہوں نے بھارت میں انسانی حقوق اور ساکھ کے حوالے سے دوبارہ سوالات اٹھائے۔

    سرکاری اور نجی ایئر لائنز کی گزشتہ تین سال کی آمدن، منافع، نقصان اور ادا کردہ ٹیکسوں کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش

    اس کے جواب میں بھارتی وزارت خارجہ کے سیکرٹری سبی جارج نے بھارت کی ہزاروں سال پرانی تہذیب، شطرنج، یوگا اور کورونا وبا کے دوران دنیا بھر میں ویکسین پہنچانے جیسے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے بھارتی موقف پیش کیا۔

  • ساہیوال :سی ٹی ڈی کی انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی ،مبینہ تخریب کاری کا منصوبہ ناکام ، خطرناک دہشتگرد  گرفتار

    ساہیوال :سی ٹی ڈی کی انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی ،مبینہ تخریب کاری کا منصوبہ ناکام ، خطرناک دہشتگرد گرفتار

    ساہیوال میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نےانٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے مبینہ تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنا دیا جبکہ کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم القاعدہ سے تعلق رکھنے والے ایک خطرناک دہشت گرد کو گرفتار کرلیا گیا۔

    سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار دہشت گرد کے قبضے سے 3 کلو دھماکہ خیز مواد، تیار شدہ الیکٹرک سرکٹ، ڈیٹونیٹر، بیٹریاں، اسلحہ اور نقدی برآمد ہوئی ہے ملزم خیبر پختونخوا کے علاقے تحصیل باڑہ سے ساہیوال تخریب کاری کی غرض سے آیا تھا خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا گیا دہشت گرد کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ اس سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ ممکنہ سہولت کاروں اور نیٹ ورک کے دیگر افراد تک پہنچا جا سکے۔

    مشرق وسطیٰ صورتحال پر مذاکرات اس وقت خصوصی اہمیت رکھتے ہیں،چینی صدر کی روسی صدر سے گفتگو

    وفاقی وزیر بحری امور سے قازقستان کے اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات

  • مشرق وسطیٰ  صورتحال پر مذاکرات اس وقت خصوصی اہمیت رکھتے ہیں،چینی صدر کی روسی صدر سے گفتگو

    مشرق وسطیٰ صورتحال پر مذاکرات اس وقت خصوصی اہمیت رکھتے ہیں،چینی صدر کی روسی صدر سے گفتگو

    بیجنگ میں چینی صدر اور روسی صدر پیوٹن کے دورن ملاقات ہوئی-

    بیجنگ میں چینی ہم منصب شی جن پنگ سے گفتگو کرتے ہوئے روس کے صدر کا کہنا تھا روس اور چین کے تعلقات غیر معمولی سطح کے ہیں، دونوں مما لک کو ایک دوسرے کی ترقی کی بحالی میں مدد کرنی چاہیے روس اور چین کے درمیان اقتصادی تعلقات مثبت رفتار سے آگے بڑھ رہے ہیں، مشرق وسطیٰ کے بحران کے درمیان روس ایک قابل اعتماد توانائی فراہم کنندہ ہے، روسی اور چینی تعلقات عالمی استحکام میں مددگار ثابت ہو رہے ہیں،چین اور روس کو منصفانہ اور معقول عالمی گورننس سسٹم کی تعمیر کو فروغ دینا چاہیے۔

    چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ چین روس تعلقات کی کامیابی کی وجہ سیاسی باہمی اعتماد اور اسٹریٹجک تعاون ہے، دنیا جنگل کے قانون کی طرف واپس جانے کے خطرے سے دوچار ہےمشرق وسطیٰ صورتحال پر مذاکرات اس وقت خصوصی اہمیت رکھتے ہیں،لڑائی کو روکنا ضروری ہے، مشرق وسطیٰ جنگ کے خاتمے سے توانائی سپلائی کے استحکام میں مدد ملے گی، جنگ کے خاتمے سےعالمی تجارتی نظام میں رکاوٹیں کم کرنےمیں مدد ملے گی، مشرقِ وسطیٰ میں مزید کشیدگی غیر دانشمندانہ ہو گی۔

    اس موقع پر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے چینی ہم منصب شی جن پنگ کو اگلے سال روس کے دورے کی دعوت بھی دی-

  • وفاقی وزیر بحری امور  سے قازقستان کے اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات

    وفاقی وزیر بحری امور سے قازقستان کے اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات

    وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری سے قازقستان کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور قازقستان کے درمیان تجارتی و سرمایہ کاری تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے قازق سرمایہ کاروں کو گوادر بندرگاہ اور کراچی بندرگاہ میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی بندرگاہیں وسطی ایشیائی ممالک کے لیے اہم تجارتی گیٹ وے بن سکتی ہیں۔

    سرکاری اور نجی ایئر لائنز کی گزشتہ تین سال کی آمدن، منافع، نقصان اور ادا کردہ ٹیکسوں کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش

    جنید انوار چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بندرگاہیں علاقائی تجارت میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں اور ٹرانس شپمنٹ، ملٹی پرپز ٹرمینلز اور لاجسٹکس کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، ان منصوبوں سے وسطی ایشیائی ممالک کو خلیجی اور افریقی منڈیوں تک رسائی میں نمایاں سہولت حاصل ہوگی۔

    ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور ژالہ باری کا امکان