Baaghi TV

ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور ژالہ باری کا امکان

rain sindh

محکمہ موسمیات نے آج ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے،اسلام آباد میں دن کے وقت 5 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی، اس کے علاوہ پہاڑی علاقوں میں میں بھی آج بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ 18 مئی کی شب ملک کے شمال مغربی علاقوں میں داخل ہوا جو 23 مئی تک بالائی علاقوں پر اثرانداز رہے گا، اس دوران خیبرپختونخوا، پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں گرد آلود ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے،بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم بعد از دوپہر شمالی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، سوات، کالام، شانگلہ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، بنوں، وزیرستان سمیت خیبرپختونخوا کے متعدد اضلاع جبکہ مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ اور نارووال سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے، اسی طرح گلگت بلتستا ن کےاستور، اسکردو، ہنزہ اور گلگت جبکہ آزاد کشمیر کے مظفرآباد، نیلم ویلی، باغ، پونچھ اور میرپور سمیت مختلف علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا امکا ن ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہوائیں اور آسمانی بجلی کمزور تعمیرات، بجلی کے کھمبوں، اشتہاری بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، جبکہ بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی موجود ہےکسانوں کو موسمی صورتحال کے مطابق زرعی سرگرمیاں ترتیب دینے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے ملک کے جنوبی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔

More posts