Baaghi TV

Blog

  • یو اے ای کا فجیرہ سے تیل برآمدات دوگنا کرنے کا منصوبہ

    یو اے ای کا فجیرہ سے تیل برآمدات دوگنا کرنے کا منصوبہ

    ‎متحدہ عرب امارات نے فجیرہ بندرگاہ سے تیل کی برآمدات دوگنا کرنے کے لیے بڑے منصوبے پر کام تیز کر دیا ہے، جس کا مقصد آبنائے ہرمز پر انحصار کم کرنا اور عالمی توانائی سپلائی کو مزید محفوظ بنانا ہے۔
    ‎غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یو اے ای حکومت نے ابوظبی سے فجیرہ تک نئی آئل پائپ لائن منصوبے کی تعمیر میں تیزی لانے کا اعلان کیا ہے، جبکہ اس منصوبے کو 2027 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
    ‎رپورٹس کے مطابق ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ پائپ لائن منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ خطے میں بڑھتی کشیدگی کے باوجود تیل کی ترسیل متاثر نہ ہو۔
    ‎حکام کے مطابق نئی پائپ لائن آبنائے ہرمز کو بائی پاس کرنے میں مدد دے گی، جو اس وقت عالمی سطح پر سب سے حساس بحری گزرگاہوں میں شمار کی جاتی ہے۔
    ‎ابوظبی حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ فجیرہ پائپ لائن یومیہ 18 لاکھ بیرل خام تیل سپلائی کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، تاہم نئی توسیع کے بعد اماراتی تیل کی برآمدی گنجائش میں نمایاں اضافہ ہو جائے گا۔
    ‎توانائی ماہرین کے مطابق یو اے ای کا یہ منصوبہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب آبنائے ہرمز کے حوالے سے عالمی خدشات بڑھ رہے ہیں اور خلیجی خطے میں ایران، امریکا اور دیگر طاقتوں کے درمیان کشیدگی مسلسل برقرار ہے۔
    ‎تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ فجیرہ بندرگاہ اور متبادل پائپ لائن نیٹ ورک امارات کو عالمی تیل منڈی میں زیادہ محفوظ اور مستحکم پوزیشن فراہم کر سکتے ہیں۔

  • ‎بلاول بھٹو نے بلوچستان کیلئے پیپلز ایئر ایمبولینس سروس کا افتتاح کر دیا

    ‎بلاول بھٹو نے بلوچستان کیلئے پیپلز ایئر ایمبولینس سروس کا افتتاح کر دیا

    ‎پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کوئٹہ میں بلوچستان کے عوام کیلئے “پیپلز ایئر ایمبولینس” سروس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا، جس کا مقصد دور دراز علاقوں میں فوری طبی امداد اور مریضوں کی ہنگامی فضائی منتقلی کو یقینی بنانا ہے۔
    ‎افتتاحی تقریب کے دوران حکام نے بتایا کہ بلوچستان جیسے وسیع اور دشوار گزار صوبے میں یہ ایئر ایمبولینس سروس قیمتی انسانی جانوں کو بچانے میں اہم کردار ادا کرے گی، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں فوری طبی سہولیات تک رسائی مشکل ہے۔
    ‎پیپلز ایئر ایمبولینس میں جدید طبی آلات، آکسیجن سسٹم، مانیٹرنگ مشینیں اور ایمرجنسی میڈیکل سہولیات نصب کی گئی ہیں تاکہ دورانِ سفر مریضوں کو مکمل طبی نگہداشت فراہم کی جا سکے۔
    ‎حکام کے مطابق اس خصوصی ایئر ایمبولینس میں نوزائیدہ بچوں کی ہنگامی منتقلی کیلئے جدید انکیوبیٹر بھی نصب کیا گیا ہے، جس سے قبل از وقت پیدا ہونے والے یا شدید بیمار بچوں کو محفوظ انداز میں بڑے اسپتالوں تک منتقل کیا جا سکے گا۔
    ‎تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ایئر ایمبولینس سروس حادثات، قدرتی آفات اور دیگر ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس کو مؤثر بنائے گی اور دور افتادہ علاقوں کے مریضوں کیلئے امید کی نئی کرن ثابت ہوگی۔
    ‎انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان صحت کے شعبے میں بہتری، جدید طبی سہولیات کی فراہمی اور عوام کو بروقت علاج مہیا کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
    ‎بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر کہا کہ بلوچستان کے عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے اور صوبے کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو بھی وہی سہولیات ملنی چاہئیں جو بڑے شہروں میں دستیاب ہیں۔

  • ٹرمپ نے جنگی کوریج پر امریکی میڈیا کو “ملک کا غدار” قرار دے دیا

    ٹرمپ نے جنگی کوریج پر امریکی میڈیا کو “ملک کا غدار” قرار دے دیا

    ‎امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کی کوریج پر امریکی میڈیا کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے “ملک کا غدار” قرار دے دیا ہے۔
    ‎صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ٹروتھ سوشل” پر جاری بیان میں کہا کہ بعض امریکی میڈیا ادارے ایسی رپورٹس نشر کر رہے ہیں جن میں تہران کو عسکری لحاظ سے واشنگٹن سے برتر ظاہر کیا جا رہا ہے، جو ان کے بقول صحافت نہیں بلکہ دشمن کی مدد کے مترادف ہے۔
    ‎ٹرمپ نے کہا کہ ایسی خبریں ایران کو “جھوٹی امید” دے رہی ہیں، حالانکہ ان کے مطابق ایران کو کسی بھی قسم کی امید نہیں ہونی چاہیے۔
    ‎امریکی صدر نے میڈیا پر سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ “یہ امریکی میڈیا بزدل ہیں جو اپنے ہی ملک کے خلاف کھڑے ہیں۔”
    ‎انہوں نے مزید کہا کہ صرف “ہارے ہوئے، ناشکرے اور احمق لوگ” امریکا کے خلاف دلائل دے سکتے ہیں۔
    ‎ٹرمپ کے اس بیان کے بعد امریکی سیاسی اور صحافتی حلقوں میں نئی بحث چھڑ گئی ہے۔ سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق ٹرمپ ماضی میں بھی میڈیا کو “فیک نیوز” اور “عوام کا دشمن” قرار دیتے رہے ہیں، تاہم حالیہ بیان کو غیر معمولی طور پر سخت قرار دیا جا رہا ہے۔
    ‎ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی کشیدگی اور امریکا کے ممکنہ کردار پر امریکی میڈیا مسلسل مختلف زاویوں سے رپورٹنگ کر رہا ہے، جس پر وائٹ ہاؤس اور ٹرمپ حامی حلقے ناراضی کا اظہار کرتے رہے ہیں۔
    ‎دوسری جانب صحافتی تنظیموں اور ناقدین کا کہنا ہے کہ آزاد میڈیا کسی بھی جمہوریت کا بنیادی ستون ہوتا ہے اور جنگی صورتحال میں مختلف آراء اور حقائق سامنے لانا صحافت کی ذمہ داری ہے۔

  • روس یوکرین جنگ بندی ختم ہوتے ہی حملے تیز، 27 افراد ہلاک

    روس یوکرین جنگ بندی ختم ہوتے ہی حملے تیز، 27 افراد ہلاک

    ‎روس اور یوکرین کے درمیان تین روزہ جنگ بندی ختم ہوتے ہی دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر شدید حملے شروع کر دیے، جس کے نتیجے میں اب تک مجموعی طور پر 27 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
    ‎یوکرینی فضائیہ کے مطابق روس نے یوکرین پر 675 ڈرونز اور 56 میزائل داغے، جن میں زیادہ تر حملوں کا مرکز دارالحکومت کیف تھا۔ حکام کے مطابق کیف پر ہونے والے بڑے میزائل اور ڈرون حملے میں 24 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 47 زخمی ہوئے۔
    ‎رپورٹس کے مطابق حملوں کے بعد کیف کے مختلف علاقوں میں آگ بھڑک اٹھی، عمارتوں کو نقصان پہنچا اور شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ امدادی ٹیمیں ملبہ ہٹانے اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے میں مصروف رہیں۔
    ‎دوسری جانب روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے گزشتہ رات یوکرین کے 355 ڈرونز مار گرائے۔ روس کے مطابق یوکرینی حملوں میں روسی شہر ریازان کو بھی نشانہ بنایا گیا جہاں 3 افراد ہلاک جبکہ 12 زخمی ہوئے۔
    ‎روسی حکام کا کہنا ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے متعدد حملوں کو ناکام بنایا، تاہم بعض ڈرونز شہری علاقوں تک پہنچنے میں کامیاب رہے۔
    ‎واضح رہے کہ تین روزہ جنگ بندی کے خاتمے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی دوبارہ شدت اختیار کر چکی ہے اور فضائی حملوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔
    ‎عالمی مبصرین کے مطابق حالیہ حملوں نے ایک بار پھر یہ خدشات بڑھا دیے ہیں کہ جنگ مزید خطرناک مرحلے میں داخل ہو سکتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان بڑھتی عسکری کارروائیاں نہ صرف خطے بلکہ عالمی سلامتی کے لیے بھی تشویش کا باعث ہیں۔

  • ‎سندھ میں عیدالاضحیٰ پر بغیر اجازت کھالیں جمع کرنے پر پابندی

    ‎سندھ میں عیدالاضحیٰ پر بغیر اجازت کھالیں جمع کرنے پر پابندی

    ‎حکومتِ سندھ نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے حوالے سے سخت ضابطہ اخلاق جاری کرتے ہوئے کمشنر یا ڈپٹی کمشنر کی اجازت کے بغیر کھالیں جمع کرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
    ‎اعلامیے کے مطابق صرف رجسٹرڈ فلاحی ادارے، مدارس اور منظور شدہ تنظیمیں ہی قربانی کی کھالیں جمع کرنے کی مجاز ہوں گی، جبکہ کسی بھی کالعدم تنظیم یا جعلی نام استعمال کرنے والے گروپ کو اس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
    ‎حکومت سندھ نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ نیکٹا کے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں اور عید کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھیں۔
    ‎اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ کھالیں جمع کرنے کے لیے عوامی مقامات پر کیمپ لگانے، بینرز آویزاں کرنے، گاڑیوں یا عمارتوں پر جھنڈے لگانے اور لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے اعلانات کرنے پر مکمل پابندی ہوگی۔
    ‎حکومت نے اجتماعی قربانی کے لیے بھی باقاعدہ اجازت نامہ لازمی قرار دیا ہے۔ انتظامیہ نے ہدایت کی ہے کہ قربانی کے منتظمین اجازت نامہ اپنے پاس رکھیں تاکہ کسی بھی وقت چیکنگ کی جا سکے۔
    ‎محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق عیدالاضحیٰ کے دوران سیکیورٹی صورتحال کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے 10 سے 12 ذوالحج تک تمام اسلحہ لائسنس بھی معطل رہیں گے۔
    ‎اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ زبردستی، دباؤ یا بھتہ خوری کے ذریعے کھالیں جمع کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جبکہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں پر دفعہ 188 پی پی سی کے تحت مقدمات درج ہوں گے۔
    ‎حکام نے واضح کیا کہ غیر قانونی یا خلافِ ضابطہ جمع کی گئی کھالیں فوری ضبط کر کے رجسٹرڈ فلاحی اداروں کے حوالے کر دی جائیں گی۔
    ‎ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کھالیں جمع کرنے کے تمام مقامات کی مسلسل نگرانی اور انسپکشن کے اختیارات دے دیے گئے ہیں تاکہ عید کے تینوں دن مکمل نظم و ضبط اور سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔

  • برکس اجلاس مشترکہ اعلامیے کے بغیر ختم، بھارت کو سفارتی دھچکا

    برکس اجلاس مشترکہ اعلامیے کے بغیر ختم، بھارت کو سفارتی دھچکا

    بھارت کو سفارتی محاذ پر ایک اور مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب نئی دہلی میں ہونے والا برکس وزرائے خارجہ اجلاس مشترکہ اعلامیے کے بغیر ہی اختتام پذیر ہوگیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر رکن ممالک کے درمیان اختلافات برقرار رہے جس کے باعث اتفاقِ رائے نہ ہوسکا۔برکس اجلاس کے میزبان کے طور پر بھارت رکن ممالک کو مشترکہ اعلامیے پر متفق کرنے میں ناکام رہا، جس کے بعد اجلاس کے اختتام پر مجبوراً صدارتی یا چیئر اسٹیٹمنٹ جاری کی گئی۔
    چیئر اسٹیٹمنٹ میں کہا گیا کہ مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال، خصوصاً غزہ جنگ کے معاملے پر بعض برکس ممالک کے درمیان اختلافِ رائے موجود تھا۔ تاہم برکس وزرائے خارجہ نے غزہ میں جنگ بندی برقرار رکھنے اور بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی پر زور دیا۔اعلامیے میں غزہ میں فوری، مستقل اور غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ بھی کیا گیا، جبکہ شہری آبادی کے تحفظ اور انسانی بحران کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

    چیئر اسٹیٹمنٹ کے مطابق برکس ممالک نے یک طرفہ جبر پر مبنی اقدامات اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی منظوری کے بغیر عائد کی جانے والی پابندیوں کی مذمت کی۔برکس وزرائے خارجہ نے بحیرۂ احمر اور باب المندب میں جہاز رانی کی آزادی اور محفوظ تجارتی راستوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔اس کے علاوہ رکن ممالک نے عالمی تجارتی تنظیم کے قواعد کے خلاف یک طرفہ ٹیرف اور غیر ٹیرف اقدامات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی تجارت میں منصفانہ اور متوازن نظام کی حمایت کی۔

  • ایران 20 سال کیلئے جوہری پروگرام معطل کرے، ہم ڈیل کیلئے تیار ہیں،ٹرمپ

    ایران 20 سال کیلئے جوہری پروگرام معطل کرے، ہم ڈیل کیلئے تیار ہیں،ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران 20 سال کیلئے جوہری پروگرام معطل کرے، ہم ڈیل کیلئے تیار ہیں۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین سے روانگی کے بعد طیارے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تائیوان کیلئے ہتھیاروں کی منظوری نہیں دی، مجھے نہیں لگتا تائیوان کے معاملے پر کوئی جنگ ہوگی۔ان کا کہنا ہے کہ ایران 20 سال کیلئے جوہری پروگرام معطل کرے، ہم ڈیل کیلئے تیار ہیں، چینی کمپنیوں پر ایرانی تیل کی خریداری پر پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ چند دن میں ہوگا، جنگ بندی کا فیصلہ دوسرے ممالک کی درخواست پر کیا۔ٹرمپ نے کہا کہ چین ہم سے اربوں ڈالر کا سویا بین خریدے گا، آبنائے ہرمز کے ذریعے ایران یومیہ 500 ملین ڈالر کا کاروبار کرتا تھا، ناکہ بندی کے ذریعے ہم نے ایران کی تجارت روک دی۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایک بار پھر تعریف کی۔

  • پنکی کے موبائل سے 869 نمبر ملے،سہولت کاروں کو بھی پکڑا جا رہا،پولیس

    پنکی کے موبائل سے 869 نمبر ملے،سہولت کاروں کو بھی پکڑا جا رہا،پولیس

    کراچی پولیس چیف آزاد خان کا کہنا ہے کہ منشیات فروشی کےکیس میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کے موبائل سے 869 نمبر ملے ہیں جن میں 132 کراچی کے نمبرز بھی ہیں۔

    کراچی میں کی گئی پریس کانفرنس کے دوران کراچی پولیس چیف آزاد خان نے کہا کہ پنکی کا کیس ہمارے لیے ایک ٹیسٹ کیس ہے، ہم اسے منطقی انجام تک پہنچائیں گے،ملزمہ انمول عرف پنکی 2014 سے کام کر رہی تھی، دیکھیے گا پنکی کا برانڈ نیم ہی اس کا پھندا بنے گا، ہم کیس میں صرف کراچی تک محدود نہیں، جو لوگ اس سے نشہ لے کر بیچتے تھے ان کو پکڑا ہے، ملزمہ کے سہولت کاروں کوبھی پکڑا جا رہا ہے، سچل میں پنکی کے پرانے گھر میں ریڈ کی، وہاں سے بھی منشیات مل گئی ہے،انمول عرف پنکی سے ڈیڑھ کلو کوکین برآمد ہوئی، یہ منشیات باہر سے آتی تھی، ملزمہ کے بینک اکاونٹس کی تفصیلات لی گئی ہیں، ملزمہ کی جانب سے3 کروڑ کی ٹرانزیکشن کی گئی ہے، اس نیٹ ورک میں افریقا کے لوگ بھی ہیں، ملزمہ پنجاب میں تھی، پنکی کیس سے متعلق ایف آئی اے اور سائبر کرائم کے ساتھ رابطہ کر لیا گیا ہے، کیس کی بڑے پیمانے پر تفتیش کی جاری ہے، ملزمہ انمول عرف پنکی کے موبائل سے 869 نمبر ملے ہیں جس میں سے 132 کراچی کے نمبر ہیں، 639 نمبرز کی لوکیشن ٹریس ہو گئی، 9رائیڈرز رکھے ہوئے تھے، 8 پنجاب کے تھے، یہ ہمارے لیے ایک ٹیسٹ کیس ہے، ہر ملوث ملزم کے خلاف کارروائی ہوگی۔

  • ایران مذاکرات چاہتا ہے لیکن امریکا پر بھروسہ نہیں ،ایرانی وزیرخارجہ

    ایران مذاکرات چاہتا ہے لیکن امریکا پر بھروسہ نہیں ،ایرانی وزیرخارجہ

    ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ جنگ کا آغاز نہیں کیا اپنا دفاع کیا، ہم جنگ بندی برقرار رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    نئی دہلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عباس عراقچی نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں رکاوٹوں کا ذمے دار ایران نہیں، ایران کے خلاف جنگ میں ملوث ممالک کے علاوہ آبنائے ہرمز سب کے لیے کھلا ہے، آبنائے ہرمز سے گزرنے کے لیے ہمیں اعتماد میں لینا ہو گا،ایران کبھی ایٹمی ہتھیار نہیں بنانا چاہتا، ہمارا ایٹمی پروگرام پُرامن مقاصد کے لیے ہے، ایران کے مسئلے کا حل بات چیت کے سوا کچھ اور نہیں ہے، ایران مذاکرات چاہتا ہے لیکن امریکا پر بھروسہ نہیں ہے،ایران کسی بھی دباؤ اور کارروائی کے خلاف بھرپور مزاحمت کرے گا، 40 دن کی جنگ کے بعد امریکا کو ایران پر جارحیت سے کوئی مقصد حاصل نہ ہوا تو پھر امریکا نے مذاکرات کی بات کی، ہمیں امریکا پر بالکل بھی بھروسہ نہیں ہے، ہمارے پاس امریکا پر اعتبار کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے،ایران کے کسی معاملے کا عسکری حل نہیں ہے، ایران سالوں سے ایران امریکا کی ظالمانہ پابندیوں کا سامنا کر رہا ہے۔

    ایرانی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ایرانی صرف عزت کی زبان سمجھتے ہیں، جو عسکری کارروائی سے حاصل نہیں ہو سکا وہ مذاکرات سے بھی حاصل نہیں ہو سکتا، امریکا کے ساتھ کسی بھی ڈیل سے پہلے تمام چیزیں واضح ہونی چاہئیں، موجودہ مذاکرات میں بھروسے کا فقدان ہے لیکن مجھے امید ہے کہ حکمت اور سفارتکاری کامیاب ہوں گے۔

  • بار بار کیپیٹل پر چڑھائی اور اداروں پر حملے سیاسی رویہ نہیں،رانا ثناء اللہ

    بار بار کیپیٹل پر چڑھائی اور اداروں پر حملے سیاسی رویہ نہیں،رانا ثناء اللہ

    وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے سینیٹ میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر سیاسی اقدامات کے نتائج ہمیشہ سنگین ہوتے ہیں اور ماضی کے تجربات سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بار بار کیپیٹل پر چڑھائی اور ریاستی اداروں پر حملے کسی بھی صورت سیاسی رویہ قرار نہیں دیے جا سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں اینٹی اسٹیٹ پراپیگنڈا کرنے کی کوشش کی گئی، جس سے ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچا۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ قانون اور جیل رولز ملاقاتوں کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیتے، اس لیے تمام معاملات کو قواعد و ضوابط کے مطابق چلایا جانا چاہیے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سیاسی کارکنوں پر ظلم اور زیادتی نہیں ہونی چاہیے اور سیاسی اختلافات کو قانون اور آئین کے دائرے میں رہ کر حل کیا جانا ضروری ہے۔