پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کوئٹہ میں بلوچستان کے عوام کیلئے “پیپلز ایئر ایمبولینس” سروس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا، جس کا مقصد دور دراز علاقوں میں فوری طبی امداد اور مریضوں کی ہنگامی فضائی منتقلی کو یقینی بنانا ہے۔
افتتاحی تقریب کے دوران حکام نے بتایا کہ بلوچستان جیسے وسیع اور دشوار گزار صوبے میں یہ ایئر ایمبولینس سروس قیمتی انسانی جانوں کو بچانے میں اہم کردار ادا کرے گی، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں فوری طبی سہولیات تک رسائی مشکل ہے۔
پیپلز ایئر ایمبولینس میں جدید طبی آلات، آکسیجن سسٹم، مانیٹرنگ مشینیں اور ایمرجنسی میڈیکل سہولیات نصب کی گئی ہیں تاکہ دورانِ سفر مریضوں کو مکمل طبی نگہداشت فراہم کی جا سکے۔
حکام کے مطابق اس خصوصی ایئر ایمبولینس میں نوزائیدہ بچوں کی ہنگامی منتقلی کیلئے جدید انکیوبیٹر بھی نصب کیا گیا ہے، جس سے قبل از وقت پیدا ہونے والے یا شدید بیمار بچوں کو محفوظ انداز میں بڑے اسپتالوں تک منتقل کیا جا سکے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ایئر ایمبولینس سروس حادثات، قدرتی آفات اور دیگر ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس کو مؤثر بنائے گی اور دور افتادہ علاقوں کے مریضوں کیلئے امید کی نئی کرن ثابت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان صحت کے شعبے میں بہتری، جدید طبی سہولیات کی فراہمی اور عوام کو بروقت علاج مہیا کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر کہا کہ بلوچستان کے عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے اور صوبے کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو بھی وہی سہولیات ملنی چاہئیں جو بڑے شہروں میں دستیاب ہیں۔
بلاول بھٹو نے بلوچستان کیلئے پیپلز ایئر ایمبولینس سروس کا افتتاح کر دیا
