روس اور یوکرین کے درمیان تین روزہ جنگ بندی ختم ہوتے ہی دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر شدید حملے شروع کر دیے، جس کے نتیجے میں اب تک مجموعی طور پر 27 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
یوکرینی فضائیہ کے مطابق روس نے یوکرین پر 675 ڈرونز اور 56 میزائل داغے، جن میں زیادہ تر حملوں کا مرکز دارالحکومت کیف تھا۔ حکام کے مطابق کیف پر ہونے والے بڑے میزائل اور ڈرون حملے میں 24 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 47 زخمی ہوئے۔
رپورٹس کے مطابق حملوں کے بعد کیف کے مختلف علاقوں میں آگ بھڑک اٹھی، عمارتوں کو نقصان پہنچا اور شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ امدادی ٹیمیں ملبہ ہٹانے اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے میں مصروف رہیں۔
دوسری جانب روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے گزشتہ رات یوکرین کے 355 ڈرونز مار گرائے۔ روس کے مطابق یوکرینی حملوں میں روسی شہر ریازان کو بھی نشانہ بنایا گیا جہاں 3 افراد ہلاک جبکہ 12 زخمی ہوئے۔
روسی حکام کا کہنا ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے متعدد حملوں کو ناکام بنایا، تاہم بعض ڈرونز شہری علاقوں تک پہنچنے میں کامیاب رہے۔
واضح رہے کہ تین روزہ جنگ بندی کے خاتمے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی دوبارہ شدت اختیار کر چکی ہے اور فضائی حملوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔
عالمی مبصرین کے مطابق حالیہ حملوں نے ایک بار پھر یہ خدشات بڑھا دیے ہیں کہ جنگ مزید خطرناک مرحلے میں داخل ہو سکتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان بڑھتی عسکری کارروائیاں نہ صرف خطے بلکہ عالمی سلامتی کے لیے بھی تشویش کا باعث ہیں۔
روس یوکرین جنگ بندی ختم ہوتے ہی حملے تیز، 27 افراد ہلاک
