قصور
ضلع بھر میں پولیس کا کریک ڈاؤن، خطرناک اشتہاری، چور گینگ اور جعلی اہلکار سمیت متعدد ملزمان گرفتار
قصورضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران پولیس نے مختلف کارروائیوں میں خطرناک مجرم اشتہاری، نقب زن چور گینگ اور جعلی پولیس اہلکار سمیت متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ لاکھوں روپے مالیت کا مال مسروقہ اور اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر آفتاب احمد پھلروان کی ہدایت پر تھانہ راجہ جنگ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کے سنگین مقدمات میں مطلوب اے کیٹگری کے مجرم اشتہاری قاسم سمیت 08 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ایک بی کیٹگری کا اشتہاری بھی پکڑا گیا، جبکہ ملزم صدام کو ناجائز اسلحہ سمیت حراست میں لے کر مقدمہ درج کر لیا گیا۔ مزید برآں اشتہاری کو فرار کروانے میں مدد دینے والے ملزم وقار اور ریکارڈ یافتہ عادی مجرم ساجد کو بھی گرفتار کیا گیا۔
دوسری جانب تھانہ الہ آباد پولیس نے ایس ایچ او محمد ارشاد کی سربراہی میں کارروائی کرتے ہوئے نقب زن چور گینگ کے سرغنہ امین عرف امینی سمیت 05 ارکان کو گرفتار کیا، جبکہ مجموعی طور پر 08 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان الہ آباد اور گردونواح میں گھروں میں نقب لگا کر چوری کی وارداتیں کرتے تھے۔ ملزمان کے قبضے سے تقریباً 45 لاکھ روپے مالیت کا مال مسروقہ برآمد کیا گیا، جس میں 09 تولہ طلائی زیورات، 03 لاکھ 85 ہزار روپے نقدی، ایل سی ڈی اور ایک اے سی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ دوران ناکہ بندی ملزم عارف کے قبضے سے دو پسٹل بھی برآمد کر کے مقدمہ درج کیا گیا، جبکہ رابری کے مقدمات میں مطلوب دو اے کیٹگری اشتہاریوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
ادھر تھانہ سٹی چونیاں پولیس نے ایک اہم کارروائی کے دوران جعلی پولیس اہلکار کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم آصف، جو کینیڈا کالونی چونیاں کا رہائشی ہے، پولیس یونیفارم پہن کر خود کو اہلکار ظاہر کرتا اور سادہ لوح شہریوں کو دھمکا کر رقم بٹورتا تھا۔ ملزم کے قبضے سے لاہور پولیس کا جعلی کارڈ بھی برآمد ہوا جس پر 668/HC درج تھا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے حوالات میں بند کر دیا۔
ڈی پی او آفتاب احمد پھلروان کا کہنا ہے کہ ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا
Blog
-

ضلعی پولیس کی کاروائی میں جعلی اہلکار،مفرور اور چور گینگ گرفتار
-

پشاور زلمی بن گیا سلطان: حیدرآباد کنگز مین کو ہرا کر پی ایس ایل 11 کی ٹرافی اپنے نام کر لی
پشاور زلمی نے پاکستان سپر لیگ (PSL) کے 11ویں ایڈیشن کے سنسنی خیز فائنل میں حیدرآباد کنگز مین کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
130 رنز کے تعاقب میں زلمی کی ٹیم آغاز میں مشکلات کا شکار ہوئی اور جلد وکٹیں گنوانے کے بعد دباؤ میں آگئی، تاہم کھلاڑیوں نے ہمت نہ ہاری اور نپی تلی بیٹنگ کے ذریعے ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
یہ فتح پشاور زلمی کے لیے ایک اور سنگ میل ثابت ہوئی ہے، جہاں انہوں نے اعصاب شکن مقابلے میں اپنی گرفت مضبوط رکھی اور فائنل جیت کر ٹرافی اٹھا لی۔ اس تاریخی جیت پر زلمی کے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ -

وزیراعظم شہباز شریف پی ایس ایل 11 کا فائنل دیکھنے قذافی اسٹیڈیم پہنچ گئے
وزیراعظم شہباز شریف پاکستان سپر لیگ (PSL) کے گیارہویں ایڈیشن کا فائنل میچ دیکھنے کے لیے قذافی اسٹیڈیم، لاہور پہنچ گئے۔
اس اہم موقع پر وزیراعظم نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور میچ کے آغاز سے قبل ان کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کھلاڑیوں کے ساتھ خوشگوار موڈ میں گفتگو کی اور ایونٹ کے شاندار انعقاد کو سراہا۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کی رنگا رنگ اختتامی تقریب قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوئی ۔
قذافی اسٹیڈیم میں ہاؤس فل ہے، رنگا رنگ اختتامی تقریب میں ملک کے نامور گلوکاروں عاطف اسلم، علی عظمت، عارف لوہار، آئمہ بیگ اور صابری سسٹرز نے اپنی پرفارمنس سے شائقین کو محظوظ کیا۔
لاہور قذافی سٹیڈیم میں پی ایس ایل 11 کی اختتامی تقریب میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔
میچ سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف قذافی اسٹیڈیم پہنچے، قذافی اسٹیڈیم آمد پروزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے کھلاڑیوں سے ملاقات بھی کی۔ -

افغانستان بھارت کی پراکسی، خواجہ آصف کا الزام
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ افغانستان اس وقت بھارت کی پراکسی کے طور پر استعمال ہو رہا ہے اور نئی دہلی افغانستان کے ذریعے پاکستان کے خلاف پراکسی جنگ جاری رکھے ہوئے ہے۔
جیو نیوز کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغان طالبان دونوں کو بھارت کی پشت پناہی حاصل ہے، جس کے باعث خطے میں سیکیورٹی چیلنجز بڑھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک کے طور پر خطے میں امن چاہتا ہے اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قومی مفادات کو ذاتی مفادات پر ترجیح دینا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے ماضی میں بھارت کو بھرپور جواب دے کر اس کا غرور خاک میں ملا دیا تھا، اور اب بھارت دوبارہ پاکستان کے خلاف کسی مہم جوئی کی جرات نہیں کرے گا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اس بیان سے خطے میں جاری سیاسی اور سیکیورٹی کشیدگی کی عکاسی ہوتی ہے، جہاں مختلف ممالک ایک دوسرے پر الزامات عائد کر رہے ہیں۔ -

پی ایس ایل 11 فائنل: حیدرآباد کنگز مین اور پشاور زلمی کا ٹاکرا جاری
پاکستان سپر لیگ (PSL) کے گیارہویں ایڈیشن کے فائنل میں حیدرآباد کنگز مین نے زبردست فائٹ بیک کرتے ہوئے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ ایک معمولی ہدف کا دفاع کرتے ہوئے، کنگز مین کے باؤلرز نے آغاز ہی میں پشاور زلمی کو شدید دباؤ میں ڈال دیا۔
پشاور زلمی کی اننگز آغاز ہی میں لڑکھڑا گئی اور محض 33 رنز پر اس کی 3 اہم وکٹیں گر گئیں۔ ان ابتدائی کامیابیوں نے حیدرآباد کنگز مین کو میچ میں واپس لا کھڑا کیا ہے۔ کنگز مین کے باؤلرز نے نپی تلی باؤلنگ کے ذریعے رنز کی رفتار کو بریک لگا دی ہے اور میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے۔
اب پشاور زلمی کو ہدف کے تعاقب کے لیے ایک مشکل چیلنج کا سامنا ہے، جہاں انہیں اپنی اننگز کو سنبھالنے اور جیت کی امیدیں برقرار رکھنے کے لیے ایک بڑی شراکت داری کی ضرورت ہے۔ -

پی ایس ایل 11 فائنل، حیدرآباد کنگزمین کا زلمی کو 130 رنز کا ہدف
پی ایس ایل 11 کے فائنل میں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جا رہے اہم مقابلے میں حیدرآباد کنگزمین نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 130 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔
میچ کے آغاز میں زلمی کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو ابتدا میں درست ثابت ہوا۔ اگرچہ کنگزمین نے پاور پلے میں جارحانہ کھیل پیش کیا اور دو وکٹوں کے نقصان پر 69 رنز بنا کر مضبوط آغاز کیا، لیکن اس کے بعد بیٹنگ لائن سنبھل نہ سکی۔
صرف 4 رنز کے اضافے سے مزید چار وکٹیں گرنے کے بعد ٹیم دباؤ میں آ گئی اور وکٹوں کی جھڑی لگ گئی۔ پاور پلے کے بعد بیٹنگ مکمل طور پر لڑکھڑا گئی اور پوری ٹیم 18ویں اوور میں آؤٹ ہو گئی۔
کپتان لیبوشن 20 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ معاذ صداقت 11، عثمان خان 8 اور عرفان خان صرف ایک رن بنا سکے۔ گلین میکسویل کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے جبکہ کوشال پریرا بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے۔
دوسری جانب صائم ایوب نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی اور 54 رنز کی اننگز کھیلی، تاہم ان کے آؤٹ ہونے کے بعد پوری ٹیم زیادہ دیر نہ ٹک سکی۔
پشاور زلمی کی جانب سے ایرون ہارڈی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ناہید رانا نے 2 اور محمد باسط و سفیان مقیم نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ -

مراکش میں فوجی مشق کے دوران 2 امریکی اہلکار لاپتہ
مراکش میں افریقا کی سب سے بڑی مشترکہ فوجی مشق کے دوران دو امریکی فوجی لاپتہ ہو گئے ہیں، جس کے بعد وسیع پیمانے پر تلاش اور بچاؤ کی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔
امریکی افریقہ کمانڈ کے مطابق یہ واقعہ جنوبی مراکش کے علاقے تان تان میں پیش آیا، جہاں دونوں اہلکار تربیتی مشق کے دوران ایک پہاڑی چوٹی کے قریب موجود تھے اور اچانک لاپتہ ہو گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اہلکاروں کی تلاش کے لیے فوری طور پر ریسکیو ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں جبکہ واقعے کی تحقیقات بھی جاری ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا، مراکش اور دیگر شریک ممالک نے مشترکہ طور پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے، جس میں زمینی، فضائی اور سمندری وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں تاکہ لاپتہ اہلکاروں کو جلد از جلد تلاش کیا جا سکے۔
یہ واقعہ “افریقن لیوائن” نامی سالانہ فوجی مشق کے دوران پیش آیا، جو براعظم افریقا میں امریکا کی سب سے بڑی مشترکہ مشق سمجھی جاتی ہے۔ اس مشق کی میزبانی مراکش، گھانا، سینیگال اور تیونس کر رہے ہیں، جبکہ اس میں متعدد ممالک کی افواج حصہ لے رہی ہیں۔
مشق کا مقصد شریک ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینا اور بحرانوں یا ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاری کو بہتر بنانا ہے۔
حکام کے مطابق سرچ آپریشن جاری ہے اور مزید تفصیلات سامنے آنے پر فراہم کی جائیں گی۔ -

اسرائیل کا ایف-35 اور ایف-15 طیاروں کے نئے سکواڈرن خریدنے کا فیصلہ
بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیل نے امریکی دفاعی کمپنیوں لاک ہیڈ مارٹن اور بوئنگ سے جدید جنگی طیاروں کے دو نئے سکواڈرن خریدنے کے منصوبے کی حتمی منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے کو خطے میں دفاعی توازن کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
اسرائیلی وزارت دفاع کے مطابق اس معاہدے کی مالیت دسیوں ارب شیکل پر مشتمل ہے، جس کے تحت لاک ہیڈ مارٹن سے ایف-35 آئی کا چوتھا سکواڈرن جبکہ بوئنگ سے ایف-15 آئی اے کا دوسرا سکواڈرن حاصل کیا جائے گا۔ یہ منظوری وزارت دفاع کی سفارش پر وزارتی کمیٹی برائے خریداری نے گزشتہ ہفتے دی۔
رپورٹس کے مطابق اس معاہدے کے بعد آنے والے برسوں میں اسرائیلی فضائیہ کے پاس ایف-35 آئی طیاروں کی مجموعی تعداد تقریباً 100 تک پہنچ جائے گی، جبکہ ایف-15 آئی اے طیاروں کی تعداد 50 کے قریب ہو جائے گی۔ ایف-15 آئی اے کو جدید ایف-15 ای ایکس کا اسرائیلی ورژن قرار دیا جا رہا ہے، جو جدید ٹیکنالوجی اور بہتر کارکردگی کا حامل ہوگا۔
ماہرین دفاع کے مطابق یہ پیش رفت اسرائیل کی فضائی برتری کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب مشرق وسطیٰ میں کشیدگی برقرار ہے۔ جدید طیاروں کی شمولیت سے اسرائیلی فضائیہ کی آپریشنل صلاحیت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس طرح کے دفاعی معاہدے خطے میں اسلحہ کی دوڑ کو بھی متاثر کر سکتے ہیں، کیونکہ دیگر ممالک بھی اپنی فوجی صلاحیتوں کو بڑھانے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ -

شام کی نئی تجویز، خود کو عالمی توانائی راہداری بنانے کا اعلان
مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی، ایران جنگ کے اثرات اور آبنائے ہرمز کی ممکنہ بندش کے باعث عالمی تجارت غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے، ایسے میں شام نے ایک اہم تجویز پیش کرتے ہوئے خود کو عالمی توانائی اور تجارتی نقل و حمل کے لیے متبادل راہداری کے طور پر پیش کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ ماہ ترکی اور قبرص میں یورپی یونین کے رہنماؤں کے اجلاس کے دوران شام کے صدر احمد الشرع نے یہ تجویز پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ شام اپنے جغرافیائی محل وقوع کو استعمال کرتے ہوئے خلیجی ممالک کو ترکی کے ساتھ جوڑنے اور بحیرۂ روم تک محفوظ رسائی فراہم کرنے کے لیے ایک نیا روٹ بنا سکتا ہے۔
شامی صدر کے مطابق یہ راہداری نہ صرف توانائی کی ترسیل بلکہ مال برداری کے لیے بھی اہم کردار ادا کر سکتی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب خطے میں روایتی بحری راستوں کو خطرات لاحق ہیں۔
تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ شام کے اس منصوبے کو دیگر بڑے منصوبوں سے سخت مقابلے کا سامنا ہو سکتا ہے، جن میں انڈیا، مشرق وسطیٰ اور یورپ کے درمیان مجوزہ اقتصادی راہداری (IMEC) بھی شامل ہے، جو پہلے ہی عالمی توجہ حاصل کر چکی ہے۔
شام اس منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے ’فور سیز‘ اور ’فور پلس ون‘ جیسے علاقائی تعاون کے منصوبوں کو بھی فروغ دے رہا ہے، جن کا مقصد مختلف ممالک کے درمیان اقتصادی روابط کو مضبوط بنانا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اگر یہ منصوبہ عملی شکل اختیار کرتا ہے تو یہ نہ صرف خطے میں تجارتی راستوں کو متنوع بنانے میں مدد دے گا بلکہ عالمی توانائی سپلائی چین پر بھی مثبت اثر ڈال سکتا ہے۔ -

اوپیک کا تیل پیداوار کم کرنے کا فیصلہ، جون سے اطلاق
اوپیک ممالک نے عالمی منڈی میں توازن برقرار رکھنے کے لیے تیل کی پیداوار میں کمی کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت مجموعی طور پر یومیہ ایک لاکھ 88 ہزار بیرل پیداوار کم کی جائے گی۔ یہ فیصلہ جون 2026 سے نافذ العمل ہوگا اور اس کا مقصد عالمی مارکیٹ میں استحکام کو برقرار رکھنا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اوپیک کے ترجمان نے بتایا کہ اس فیصلے کی حمایت سعودی عرب، روس، عراق، کویت، قازقستان، الجزائر اور عمان سمیت اہم تیل پیدا کرنے والے ممالک نے کی ہے۔ ان ممالک کا ماننا ہے کہ پیداوار میں کمی سے سپلائی اور طلب کے درمیان توازن بہتر ہوگا۔
اوپیک کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ رکن ممالک عالمی تیل مارکیٹ کی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیتے رہیں گے تاکہ ضرورت پڑنے پر مزید اقدامات کیے جا سکیں۔ تنظیم کے مطابق یہ ایڈجسٹمنٹ نہ صرف قیمتوں میں استحکام لانے میں مدد دے گی بلکہ رکن ممالک کو اپنی پیداوار اور برآمدات کو بہتر انداز میں منظم کرنے کا موقع بھی فراہم کرے گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کے اثرات عالمی معیشت پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں، خاص طور پر ان ممالک پر جو تیل درآمد کرتے ہیں۔ تیل کی قیمتوں میں ممکنہ اضافہ مہنگائی کو بڑھا سکتا ہے جبکہ برآمد کنندہ ممالک کے لیے یہ فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔
اوپیک کا کہنا ہے کہ یہ اقدام مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کو کم کرنے اور طویل مدتی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے، تاکہ عالمی توانائی نظام متوازن رہے۔