میٹا کمپنی اپنے سی ای او اور فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کا اے آئی کلون تیار کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے، جو مستقبل میں ملازمین سے براہ راست بات چیت کرے گا اور انہیں فیڈ بیک فراہم کرے گا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس اے آئی اوتار کو زکربرگ کی اصل آواز، لہجے، اندازِ گفتگو اور بات چیت کے طریقے کی مکمل تربیت دی جا رہی ہے تاکہ وہ حقیقی شخصیت کے قریب تر نظر آئے۔ اس ٹیکنالوجی کا مقصد کمپنی کے ملازمین اور قیادت کے درمیان رابطے کو مزید مؤثر بنانا ہے، خاص طور پر ان افراد کے لیے جو براہ راست زکربرگ تک رسائی نہیں رکھتے۔
رپورٹ کے مطابق یہ منصوبہ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے، تاہم اگر یہ کامیاب ہو جاتا ہے تو میٹا اپنے پلیٹ فارم پر موجود دیگر تخلیق کاروں کو بھی اپنے اے آئی اوتار بنانے کی اجازت دے سکتی ہے۔ اس سے قبل 2024 میں کمپنی نے ایک لائیو ڈیمو کے ذریعے اے آئی شخصیات کے استعمال کا مظاہرہ بھی کیا تھا۔
دوسری جانب ایک رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ مارک زکربرگ اپنے لیے ایک ذاتی اے آئی ایجنٹ بھی تیار کر رہے ہیں، جو ان کے روزمرہ کاموں میں مدد فراہم کرے گا۔ یہ پراجیکٹ ملازمین سے بات چیت کے لیے بنائے جانے والے اے آئی اوتار سے الگ ہوگا۔
Blog
-

میٹا کا نیا منصوبہ، مارک زکربرگ کا اے آئی کلون تیار
-

عوام کے لیے بڑی خوشخبری: ڈیزل 32 روپے سستا
وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے 12 پیسے فی لیٹر کمی کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد ڈیزل کی قیمت 385.54 روپے سے کم ہو کر 353.43 روپے کی سطح پر آ گئی ہے۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والی اس کمی کے ثمرات فوری طور پر عوام تک پہنچائے جائیں، جبکہ وفاقی وزیر اویس لغاری نے بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں جلد مزید کمی کا اشارہ دیا ہے۔
عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں یہ گراوٹ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کھولنے کے اعلان کے بعد آئی ہے، جس کے باعث عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار ہے۔ حالیہ اعداد و شمار کے مطابق برینٹ کروڈ اور امریکی خام تیل کی قیمتیں 13 فیصد تک گرنے کے بعد 81 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہیں۔ اگرچہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران پیٹرولیم مصنوعات پر 180 ارب روپے کی اضافی لیوی وصول کی گئی ہے، تاہم اب عالمی منڈی کے بدلتے حالات کے پیشِ نظر حکومت نے قیمتوں میں اس بڑی کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ -

رات میں بھی شمسی توانائی سے بجلی ممکن، نئی تحقیق
سورج کی توانائی کو ماحول دوست ذریعہ سمجھا جاتا ہے، مگر رات کے وقت سولر پینلز کی کارکردگی ختم ہو جاتی ہے۔ اب سائنسدانوں نے ایک نئی تحقیق کے ذریعے ایسا طریقہ سامنے لایا ہے جس سے رات میں بھی شمسی توانائی سے بجلی حاصل کی جا سکتی ہے۔
جرنل ایڈوانسڈ انرجی میٹریلز میں شائع تحقیق کے مطابق چینی سائنسدانوں نے لکڑی کی اندرونی ساخت کو تبدیل کر کے اسے مسام دار اسفنج جیسا بنا دیا، جو سورج کی روشنی کو جذب کر کے حرارت کی صورت میں ذخیرہ کر سکتا ہے۔
اس خاص لکڑی کو اس انداز میں تیار کیا گیا ہے کہ یہ دن کے وقت سورج کی توانائی کو جذب کر کے محفوظ رکھتی ہے اور رات کے وقت اس حرارت کو خارج کر کے بجلی پیدا کرنے میں مدد دیتی ہے۔
ماہرین کے مطابق اس طریقہ کار سے سولر توانائی کی سب سے بڑی کمزوری یعنی رات کے وقت بجلی کی عدم دستیابی پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ اس وقت عام طور پر بیٹریوں کے ذریعے دن کی بجلی کو ذخیرہ کیا جاتا ہے، مگر وہ مہنگی ثابت ہوتی ہیں۔
تحقیق میں بالسا ووڈ استعمال کی گئی جس کی قدرتی ساخت میں تبدیلیاں کر کے اسے روشنی جذب کرنے کے قابل بنایا گیا۔ اس کے اندر سیاہ فاسفورسین کی باریک تہیں، نینو ذرات اور دیگر مواد شامل کیے گئے تاکہ توانائی کے ذخیرے اور اخراج کا عمل ممکن ہو سکے۔
مزید یہ کہ لکڑی میں stearic ایسڈ شامل کیا گیا جو حرارت کو ذخیرہ اور خارج کرنے میں مدد دیتا ہے۔ تجربات کے دوران اس لکڑی نے 91.2 فیصد سورج کی روشنی کو حرارت میں تبدیل کیا اور رات کے وقت بھی بجلی پیدا کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ -

سونے کی قیمت میں بڑی کمی
ملک بھر میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس سے خریداروں کو کچھ ریلیف ملا ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت میں 3300 روپے کمی ہوئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 5 لاکھ ایک ہزار 562 روپے ہو گئی ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 2829 روپے کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد اس کی قیمت 4 لاکھ 30 ہزار 8 روپے ہو گئی ہے۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں کمی دیکھی گئی ہے جہاں فی اونس سونا 33 ڈالر سستا ہو کر 4792 ڈالر تک آ گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا براہ راست اثر مقامی مارکیٹ پر پڑتا ہے، جس کی وجہ سے سونے کی قیمتوں میں یہ کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ -

ایران امریکی مدد سے بارودی سرنگیں صاف کر رہا ہے: ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران امریکی مدد سے سمندری بارودی سرنگیں صاف کر رہا ہے۔ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر بیان میں کہا کہ ایران امریکاکے تعاون سے تمام سمندری بارودی سرنگیں ہٹا چکا ہے یا ہٹا رہا ہے۔
ایک اور بیان میں ٹرمپ نے نیٹو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے کاغذی شیر قرار دیا اور کہا کہ آبنائے ہرمز کا معاملہ ختم ہونے کے بعد نیٹو نے مدد کی پیشکش کی، تاہم انہیں کہا گیا کہ اگر تیل بھرنے کے لیے جہاز لانے ہیں تو آئیں، ورنہ دور رہیں۔
ٹرمپ نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے بہادری سے مدد فراہم کی۔
ادھر ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کھولنے کے اعلان کے بعد ٹرمپ نے ایک اور بیان میں کہا کہ یہ گزرگاہ مکمل طور پر کھلی ہے اور جہاز رانی کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی برقرار رہے گی جب تک معاملات مکمل طور پر حل نہیں ہو جاتے۔
ٹرمپ کے مطابق ایران کے ساتھ مذاکرات تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں اور بیشتر نکات پہلے ہی طے پا چکے ہیں۔ -

اڈیالہ جیل میں ملاقات نہ ملنے پر سہیل آفریدی کا ردعمل
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر شدید ردعمل دیا ہے۔
آل پاکستان وکلا جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ تین مرتبہ عدالتی احکامات لے کر گئے مگر انہیں اپنے قائد سے ملنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ جیل حکام عدلیہ کے احکامات کو نظر انداز کر رہے ہیں۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ وہ کسی قسم کی طاقت کا استعمال نہیں کریں گے بلکہ آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرانا خود عدلیہ کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ عمران خان کے کیسز کو سماعت کے لیے مقرر نہیں کیا جا رہا اور عدلیہ میں کچھ افراد اس حوالے سے آواز اٹھانا چاہتے ہیں مگر انہیں مکمل حمایت نہیں مل رہی۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ عمران خان اور ان کی جماعت کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے اور اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو کل کسی اور کے ساتھ بھی ایسا ہو سکتا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگر 5 مئی تک کیسز سماعت کے لیے مقرر نہ ہوئے تو 6 مئی کو ملک گیر قلم چھوڑ ہڑتال کی جائے گی۔
سہیل آفریدی نے وکلا برادری سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے میں ساتھ دیں کیونکہ پوری قوم انصاف کے حصول کے لیے ان کی جانب دیکھ رہی ہے۔
انہوں نے بشریٰ بی بی کے حوالے سے کہا کہ وہ ایک غیر سیاسی خاتون ہیں اور بیماری کے باوجود انہیں کوئی رعایت نہیں دی جا رہی۔ -

آبنائے ہرمز کھولنے پر ٹرمپ کا ایران سے اظہارِ تشکر
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھولنے کے اعلان پر ایران کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں کہا کہ ایران نے آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر کھولنے کا اعلان کیا ہے، جس پر وہ ایران کے شکر گزار ہیں۔
واضح رہے کہ ایران نے لبنان میں جنگ بندی کے بعد آبنائے ہرمز کو تجارتی بحری جہازوں کے لیے کھولنے کا اعلان کیا تھا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ جنگ بندی کے تناظر میں آبنائے ہرمز سے تمام تجارتی جہازوں کی آمد و رفت جنگ بندی کی باقی مدت کے لیے مکمل طور پر بحال کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ آمد و رفت ایک مربوط اور پہلے سے طے شدہ راستے کے مطابق ہوگی، جس کا اعلان پورٹس اینڈ میری ٹائم آرگنائزیشن آف ایران کی جانب سے کیا جا چکا ہے۔ -

شہباز شریف کی کوششوں سے جنگ رکی، اردوان کا اعتراف
ترکیے کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی کوششوں سے خطے میں جنگ رک گئی اور اس جنگ بندی کو امن کے ایک اہم موقع کے طور پر دیکھنا چاہیے۔
انطالیہ ڈپلومیسی فورم سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر نے کہا کہ ترکیے خطے میں امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور آبنائے ہرمز کو تجارتی جہازوں کے لیے مکمل طور پر کھول دینا چاہیے۔
انہوں نے زور دیا کہ سفارت کاری کے ذریعے ہر مسئلے کا حل ممکن ہے اور ترکیے عالمی رہنماؤں کے اجلاس سمیت مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے مذاکرات کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔
اردوان کا کہنا تھا کہ دنیا میں طاقت کا توازن تبدیل ہو رہا ہے اور غزہ میں جاری صورتحال عالمی نظام کے کردار کو ظاہر کرتی ہے۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کی توسیع پسندانہ پالیسیوں کے خلاف مؤثر مؤقف اپنائے، کیونکہ ان پالیسیوں کے باعث عالمی سطح پر عدم استحکام پیدا ہو رہا ہے۔ -

شام کی فضاء میں پاکستانی اور اسرائیلی طیاروں کا آمنا سامنا
الجزیرہ نیوز کے مطابق شام کی فضاء میں پاکستانی اور اسرائیلی لڑاکا طیاروں کے درمیان آمنا سامنا ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس موقع پر پاکستانی پائلٹ کی جانب سے اسرائیلی طیارے کو خبردار کیا گیا کہ وہ بین الاقوامی حدود کی خلاف ورزی کر رہا ہے اور فوری طور پر پیچھے ہٹ جائے۔
اطلاعات کے مطابق پاکستانی پائلٹ نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ مزید آگے بڑھنے کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔
یہ پیش رفت خطے میں جاری کشیدگی کے دوران سامنے آئی ہے، جس کے باعث فضائی صورتحال پر بھی گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔ -

امریکا اور ایران مذاکرات کا دوسرا دور اسلام آباد میں اتوار کو شروع ہونے کا امکان
امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور اسلام آباد میں اتوار کو ہونے کا امکان ہے، جہاں دونوں ممالک ایک ممکنہ معاہدے پر بات چیت کریں گے۔
امریکی میڈیا کے مطابق امریکا ایران کے ساتھ 20 ارب ڈالر کے بدلے یورینیم معاہدے پر غور کر رہا ہے۔ اس معاہدے کے تحت امریکا ایران کے منجمد اثاثے جاری کرے گا جبکہ ایران افزودہ یورینیم کے ذخیرے سے دستبردار ہوگا۔
رپورٹس کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے تین صفحات پر مشتمل ایک معاہدے پر بھی مذاکرات جاری ہیں۔ ابتدائی مرحلے میں امریکا 6 ارب ڈالر خوراک اور ادویات کی خریداری کے لیے جاری کرنے پر تیار تھا۔
امریکی نیوز ویب سائٹ کے مطابق ایران نے 27 ارب ڈالر کے اثاثے جاری کرنے کا مطالبہ کیا تھا جسے امریکا نے مسترد کر دیا۔ دوسری جانب امریکا کا مطالبہ تھا کہ ایران اپنا تمام جوہری مواد امریکا منتقل کرے، تاہم ایران نے اس شرط کو بھی قبول نہیں کیا۔
ذرائع کے مطابق ایران نے ملک کے اندر ہی یورینیم کی کم افزودگی پر آمادگی ظاہر کی ہے جبکہ اسے طبی مقاصد کے لیے نیوکلیئر ریسرچ ری ایکٹر رکھنے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔
مزید یہ کہ امریکا نے ایران کی تمام جوہری تنصیبات کو زمین کے اوپر رکھنے کی شرط بھی رکھی ہے، جس پر بات چیت جاری ہے۔