Baaghi TV

Blog

  • 
دوحا میں ایران امریکا مذاکرات غیر یقینی کا شکار، فریقین کے متضاد مؤقف سامنے آگئے

    
دوحا میں ایران امریکا مذاکرات غیر یقینی کا شکار، فریقین کے متضاد مؤقف سامنے آگئے

    ‎دوحا: ایران اور امریکا کے درمیان مجوزہ تکنیکی مذاکرات ایک بار پھر غیر یقینی صورتحال کا شکار ہو گئے ہیں۔ اگرچہ دونوں ممالک کے وفود اس ہفتے قطر پہنچنے والے ہیں، تاہم ایران نے واضح کیا ہے کہ آئندہ چند روز میں امریکی حکام کے ساتھ کسی بھی سطح پر مذاکرات طے نہیں ہیں۔
    ‎ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایرانی تکنیکی وفد کا قطر کا دورہ معمول کی سفارتی سرگرمیوں کا حصہ ہے اور اس کا امریکی وفد کی آمد سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ آنے والے دنوں میں امریکا کے ساتھ کسی بھی سطح پر مذاکرات نہیں ہوں گے۔
    ‎دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ترجمان کیرولین لیویٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نے اپنے داماد جیرڈ کشنر اور خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف کو امریکی مذاکراتی ٹیم کی قیادت سونپی ہے۔ تاہم خود صدر ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ دوحا میں ممکنہ ملاقات اہم بھی ہو سکتی ہے اور نہیں بھی، اس بارے میں جلد صورتحال واضح ہو جائے گی۔
    ‎رپورٹس کے مطابق جون میں طے پانے والی 14 نکاتی مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ممالک نے جنگ بندی کو آگے بڑھانے، ایران کے جوہری پروگرام پر بات چیت اور مستقل امن معاہدے کی کوششوں پر اتفاق کیا تھا، لیکن حالیہ دنوں میں دونوں جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے الزامات کے بعد پیش رفت سست روی کا شکار ہو گئی ہے۔
    ‎ذرائع کے مطابق ایک ایرانی عہدیدار نے دعویٰ کیا ہے کہ منگل کو دوحا میں ایک اہم ملاقات متوقع ہے، تاہم اس کا مرکز جوہری مذاکرات کے بجائے آبنائے ہرمز میں کشیدگی کم کرنا اور بحری سلامتی کے معاملات ہوں گے۔ ایک اور ذریعے کے مطابق امریکی اور ایرانی تکنیکی ٹیمیں بدھ کے روز قطری اور پاکستانی ثالثوں سے الگ الگ ملاقاتیں کر سکتی ہیں۔
    ‎اس دوران امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ فوجی کارروائیوں نے خطے میں کشیدگی مزید بڑھا دی ہے۔ امریکا نے ایران پر تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کا الزام عائد کرتے ہوئے ایرانی فوجی تنصیبات پر حملے کیے، جبکہ ایران نے جواباً بحرین اور کویت میں امریکی فوجی اڈوں کو میزائل اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔
    ‎ادھر ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اعلان کیا ہے کہ قطر میں منجمد ایرانی اثاثوں میں سے 6 ارب ڈالر ایران کو جاری کیے جائیں گے۔ انہوں نے اس پیش رفت کو ایرانی عوام کی بڑی کامیابی قرار دیا۔
    ‎تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ دوحا میں مذاکرات سے متعلق غیر یقینی صورتحال اور خطے میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے، جبکہ آبنائے ہرمز کی صورتحال پر عالمی برادری کی نظریں مرکوز ہیں۔

  • فیفا ورلڈکپ: نیدرلینڈز سے جیت کے بعد مراکشی کھلاڑی کا خوبصورت بیان

    فیفا ورلڈکپ: نیدرلینڈز سے جیت کے بعد مراکشی کھلاڑی کا خوبصورت بیان

    فیفا ورلڈ کپ 2026 میں نیدرلینڈز کے خلاف یادگار کامیابی کے بعد مراکش کے دفاعی کھلاڑی عیسیٰ دیوپ کا ایک مختصر مگر ایمان افروز بیان سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔

    فیفا ورلڈکپ 2026ء کے ناک آؤٹ مرحلے (راؤنڈ آف 32) میں نیدرلینڈز (ہالینڈ) کے خلاف تاریخی کامیابی کے بعد، مراکشی کوچ اور کھلاڑیوں نے میچ کے بعد کی پریس کانفرنسز اور انٹرویوز میں شکرِ خداوندی اور اپنی قوم کی محنت کا بھرپور اعتراف کیا، کھلاڑیوں نے اس جذباتی جیت کو اپنے ملک، دنیا بھر کے مسلمانوں اور افریقی شائقین کے لیے ایک عظیم اعزاز قرار دیا،کھلاڑیوں نے اپنی کامیابی کو اپنی محنت کے ساتھ ساتھ اللہ کی مدد سے منسوب کیا اور ہر مشکل مرحلے پر صبر اور شکر کا مظاہرہ کیا۔

    میچ کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے عیسیٰ دیوپ نے کہا کہ’ہم مسلمان ہیں، ہم اس دنیا میں بہت تھوڑے وقت کے لیے آئے ہیں، ہر چیز اللہ کی ہے اور ہمیں ہر حال میں اسی کا شکر ادا کرنا چاہیے-

    ان کے اس بیان کو دنیا بھر کے فٹبال شائقین، خصوصاً مسلم مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے،سوشل میڈیا پر صارفین نے کہا کہ عیسیٰ دیوپ نے کامیابی کے موقع پر اپنی فتح کا سہرا اپنی محنت کے بجائے اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم کو دے کر عاجزی اور ایمان کا خوبصورت مظاہرہ کیا۔

    واضح رہے کہ مراکش نے نیدرلینڈز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر ورلڈ کپ کے اگلے مرحلے میں جگہ بنائی اس تاریخی کامیابی کے بعد عیسیٰ دیوپ کی گفتگو نہ صرف فٹبال حلقوں بلکہ سوشل میڈیا پر بھی موضوعِ بحث بن گئی جہاں ہزاروں صارفین نے ان کے الفاظ کو متاثر کن اور حوصلہ افزا قرار دے رہے ہیں-

    کوچ کے مطابق، مراکش نے پورا میچ شاندار انداز میں کنٹرول کیا۔ ان کا بنیادی ہدف دنیا بھر میں موجود اپنے کروڑوں مداحوں کے چہروں پر خوشی لانا تھا،س فتح کے بعد کھلاڑیوں اور کوچ نے زور دیا کہ مراکش کی ٹیم نے ایک بار پھر دنیا کو یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ کسی بھی بڑی ٹیم کے مدِ مقابل ڈٹ کر کھیلنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں،اس سنسنی خیز مقابلے میں مراکش نے نیدرلینڈز کو پنالٹی شوٹ آؤٹ کے ذریعے 2-3 سے شکست دے کر ورلڈکپ کے پری کوارٹر فائنل (راؤنڈ آف 16) میں رسائی حاصل کی تھی-

  • پاکستان انٹرنیشنل اولیو کونسل کا مستقل رکن بن گیا

    پاکستان انٹرنیشنل اولیو کونسل کا مستقل رکن بن گیا

    پاکستان نے پہلی بار اقوام متحدہ کے تحت قائم انٹرنیشنل اولیو کونسل(آئی او سی) کا مستقل رکن بن گیا ہے-

    مئی 2026 میں انٹرنیشنل اولیو کونسل (International Olive Council)کی رکنیت حاصل کرنے کے بعد پاکستان کو 27 دیگر زیتون پیدا کرنے والے ممالک کے ساتھ کونسل کے 123ویں اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی، جہاں کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، چیئرمین اور رکن ممالک نے پاکستان کا خیرمقدم کیا۔

    پاکستان نے منگل کے روز پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں ہونے والے 123ویں اجلاس میں اپنی نشست سنبھالی،وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے پاکستانی وفد کی قیادت کی، جبکہ پرتگال میں پاکستان کی سفیر عائشہ فاروقی بھی ان کے ہمراہ تھیں۔

    مئی 2026 میں انٹرنیشنل اولیو کونسل کی رکنیت حاصل کرنے کے بعد پاکستان کو پہلی مرتبہ کونسل کے 123ویں اجلاس میں دیگر 27 زیتون پیدا کرنے والے ممالک کے ساتھ شرکت کی دعوت دی گئی،اجلاس میں انٹرنیشنل اولیو کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، چیئرمین اور تمام رکن ممالک نے پاکستان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔

    وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے اپنے خطاب میں کونسل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ادارے کے مقاصد اور اہداف کے فروغ کے لیے بھرپور تعاون جاری رکھے گا، پاکستا ن میں زیتون کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور ملک بھر میں 55,669 ایکڑ رقبے پر 70 لاکھ سے زائد زیتون کے درخت کاشت کیے جا چکے ہیں، جبکہ مختلف علاقوں میں زیتون کے کلسٹرز بھی تیزی سے پھیل رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں زیتون کی کاشت سے لے کر صارف تک پہنچانے کے لیے مکمل فارم ٹو فورک ویلیو چین قائم کی جا چکی ہے، جس میں 51 اولیو آئل ایکسٹریکشن یونٹس، جدید پراسیسنگ سہولیات، نرسریاں، موسمیاتی اسٹیشنز اور آئی او سی کے معیار کے مطابق 4 کوالٹی لیبارٹریاں شامل ہیں، پاکستان اب تصدیق شدہ زیتون کے پودوں کی مقامی سطح پر پیداوار میں خود کفیل ہو چکا ہے۔

    وفاقی وزیر نے بتایا کہ زیتون کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت کے باعث پاکستان کو گزشتہ سال نیویارک انٹرنیشنل اولیو آئل کمپیٹیشن میں سلور ایوارڈ بھی حاصل ہوا تھاانہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان عالمی زیتون کے تیل اور ٹیبل اولیو سیکٹر کی پائیدار اور موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ ترقی کے لیے انٹرنیشنل اولیو کونسل میں مثبت اور تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔

  • درست دستاویزات رکھنے والے شہریوں کو بلاجواز سفر سے نہ روکا جائے۔لاہور ہائیکورٹ

    درست دستاویزات رکھنے والے شہریوں کو بلاجواز سفر سے نہ روکا جائے۔لاہور ہائیکورٹ

    لاہور ہائیکورٹ نے بیرون ملک سفر کیلئے مطلوبہ فارن کرنسی نہ ہونے پر شہری کو آف لوڈ کیے جانے کیخلاف درخواست نمٹاتے ہوئے ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ درست دستاویزات رکھنے والے شہریوں کو بلاجواز سفر سے نہ روکا جائے۔

    چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ فاروق حیدر نے کہا کہ عالمی قوانین کے مطابق بیرون ملک سفر کیلئے ایک ہزار ڈالر ہونے چاہئیں، جعلی دستاویزت پر سفر کرنیوالے ملک کی بدنامی کا باعث بنتے ہیں۔اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہا کہ آف لوڈ کرتے وقت شہری کو تحریری وجوہات فراہم کی جاتی ہیں۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ بیرون ملک سفر کیلئے یومیہ 100 ڈالر کے حساب سے رقم ہونی چاہئے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اگر 4 ماہ کا ویزہ ہے تو پھر اس کے پاس 12000 ڈالر ہونے چاہئیں، درست دستاویزات رکھنے والے شہریوں کو بلاجواز سفر سے نہ روکا جائے۔

  • اب فون نمبر شیئر کیے بغیر بھی واٹس ایپ پر  چیٹ ممکن

    اب فون نمبر شیئر کیے بغیر بھی واٹس ایپ پر چیٹ ممکن

    مقبول میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ چند ماہ کے دوران صارفین کو فون نمبر ظاہر کیے بغیر ایک دوسرے سے رابطہ کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

    کمپنی کے مطابق اس نئے فیچر کے تحت صارفین منفرد یوزر نیم (Username) کے ذریعے ایک دوسرے سے رابطہ کر سکیں گے، جس کے بعد چیٹ کے لیے فون نمبر شیئر کرنا ضروری نہیں رہے گا پیر سے صارفین ایپ کے ذریعے اپنا یوزر نیم محفوظ (Reserve) کر سکیں گے، تاہم یہ فیچر لازمی نہیں ہوگا، صارفین کسی بھی وقت اپنا یوزر نیم تبدیل یا حذف بھی کر سکیں گے یوزر نیم زیادہ سے زیادہ 35 حروف پر مشتمل ہوگا جبکہ چند معروف شخصیات، سرکاری عہدیداروں اور مشہور ناموں کو عام صارفین کے لیے دستیاب نہیں کیا جائے گا تاکہ ان کی شناخت کا غلط استعمال نہ ہو۔

    واٹس ایپ کی ہیڈ آف پروڈکٹ ایلس نیوٹن ریکس نے کہا کہ بہت سے صارفین، خاص طور پر گروپ چیٹس میں، اپنا فون نمبر دوسروں کے ساتھ شیئر نہیں کرنا چاہتے تھے، ان کے مطابق یہ فیچر صارفین کو اس بات پر زیادہ اختیار دے گا کہ وہ ایپ پر اپنی شناخت کس طرح ظاہر کرنا چاہتے ہیں یہ فیچر صارفین کی پرائیویسی کو بہتر بنانے کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے تاہم صارفین کے پاس بدستور ناپسندیدہ پیغامات بھیجنے والوں کو بلاک یا رپورٹ کرنے کا اختیار موجود ہوگا۔

    دوسری جانب آکسفورڈ یونیورسٹی کی پروفیسر اور کتاب Privacy is Power کی مصنفہ کاریسا ویلز نے کہا کہ اگرچہ یہ فیچر پرائیویسی کے حوالے سے مفید ہے لیکن واٹس ایپ مجموعی طور پر مکمل طور پر پرائیویسی دوست پلیٹ فارم نہیں کیونکہ یہ اشتہارات کے لیے صارفین کا مختلف قسم کا میٹا ڈیٹا، جیسے وہ کس سے اور کب رابطہ کرتے ہیں استعمال کرتا ہے۔

    واٹس ایپ نے واضح کیا کہ وہ صارفین کی نجی گفتگو کا مواد اشتہارات کے لیے استعمال نہیں کرتا کیونکہ تمام ذاتی چیٹس اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن سے محفوظ ہوتی ہیں اور کمپنی ان کے مندر جات نہیں پڑھ سکتی فیچر کے مکمل طور پر نافذ ہونے کے بعد صارفین کے فون نمبر دیگر افراد کو نظر نہیں آئیں گے تاہم واٹس ایپ اکاؤنٹ بنانے کے لیے فون نمبر بدستور ضرور ی ہوگا ، یوزر نیمز کی کوئی عوامی ڈائریکٹری موجود نہیں ہوگی۔

  • قومی ٹیم کے فیفاورلڈ کپ سے باہر ہونے پر سعودی فٹبال فیڈریشن کے صدر نےاستعفیٰ دیدیا

    قومی ٹیم کے فیفاورلڈ کپ سے باہر ہونے پر سعودی فٹبال فیڈریشن کے صدر نےاستعفیٰ دیدیا

    سعودی عرب کی قومی فٹبال ٹیم کے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پہلے مرحلے ہی میں باہر ہونے کے بعد سعودی فٹبال فیڈریشن کے صدر یاسر المسحل نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

    یاسر المسحل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ورلڈ کپ کے اگلے مرحلے میں رسائی حاصل نہ کرنا قومی ٹیم اور قوم کی توقعات کے مطابق نہیں تھا اور وہ اس ناکامی کی مکمل ذمہ داری قبول کرتے ہیں میں ان تمام افراد سے معذرت خواہ ہوں جو ہماری ٹیم کو بہتر مقام پر دیکھنے کے خواہش مند تھےذمہ داری کا تقاضا ہے کہ نئی قیادت کو آگے آنے کا موقع دیا جائے، اسی لیے میں نے اپنی مدت مکمل ہونے سے قبل عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب گروپ ایچ میں صرف دو پوائنٹس کے ساتھ آخری پوزیشن پر رہا ٹیم نے یوراگوئے کے خلاف 1-1 سے ڈرا کھیلا، ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ شریک ہونے والی کیپ وردے کے خلاف بغیر کسی گول کے برابر رہی جبکہ گروپ کے آخری میچ میں مضبوط حریف اسپین نے اسے 4-0 سے شکست دی۔

    یاسر المسحل گزشتہ سات برس سے سعودی فٹبال فیڈریشن کے سربراہ تھے، ان کی قیادت میں سعودی عرب نے 2034 فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی، جسے مملکت کی اقتصادی تنوع کی حکمت عملی کا اہم حصہ قرار دیا جاتا ہے سعودی عرب مسلسل تیسری مرتبہ ورلڈ کپ میں شریک ہوا تاہم تین مرتبہ ایشیائی چیمپئن رہنے والی ٹیم 1994 کے بعد پہلی بار ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی حاصل نہ کرسکی۔

    ورلڈ کپ سے قبل مارچ میں دوستانہ میچز میں ناقص کارکردگی کے باعث فرانسیسی کوچ ہروے رینارڈ کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا، رینارڈ نے اطالوی کوچ روبرٹو مانچینی کی جگہ دوسری مرتبہ سعودی ٹیم کی کوچنگ سنبھالی تھی تاہم ان کی واپسی بھی ٹیم کی کارکردگی بہتر نہ بنا سکی گزشتہ تین برسوں کے دوران سعودی عرب نے فٹبال کے شعبے میں تقریباً 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے، اس دوران عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو، نیمار اور کریم بنزیما کو سعودی پرو لیگ کا حصہ بنایا گیا، جس کے بعد لیگ دنیا کی سب سے زیادہ مالی فوائد دینے والی فٹبال لیگوں میں شمار ہونے لگی۔

  • سونے کی قیمت میں بڑی کمی،چاندی کی قیمت میں اضافہ

    سونے کی قیمت میں بڑی کمی،چاندی کی قیمت میں اضافہ

    عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں کمی کا تسلسل برقرار ہے،گزشتہ روز سونا 2300 روپے سستا ہوا تھا، دو دن میں سونے کے نرخ میں 6400 روپے فی تولہ اضافہ ہو گیا ہے۔

    آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق منگل کو فی تولہ سونے کی قیمت 4ہزار 100روپے کی کمی سے 4لاکھ 24ہزار 836روپے کی سطح پر آگئی، فی دس گرام سونے کی قیمت 3ہزار 515روپے کی کمی سے 3لاکھ 64ہزار 228روپے کی سطح پر آگئی،جبکہ عالمی منڈی میں بھی سونے کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا گیا بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونا 41 ڈالر سستا ہوکر 4 ہزار 24 ڈالر پر آ گیا ہے،عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی مرتب ہوئے اور پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔

    دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی کی قیمت 25 سینٹس کے اضافے سے 58ڈالر 70سینٹس کی سطح پر آگئی جس کے بعد مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ چاند ی کی قیمت 25روپے کے اضافے سے 6ہزار 349روپے اور فی دس گرام چاندی کی قیمت بھی 22روپے کے اضافے سے 5ہزار 443روپے کی سطح پر آگئی۔

  • ایل پی جی کی قیمت میں بڑی کمی کا امکان

    ایل پی جی کی قیمت میں بڑی کمی کا امکان

    لیکویفائیڈ پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمت میں 50 روپے تک کمی کا امکان ہے۔

    اوگرا ذرائع کے مطابق ایل پی جی کی سرکاری قیمت 309 روپے فی کلو گرام سے کم ہو کر 259 روپے فی کلو گرام ہو سکتی ہے،ایل پی جی کی وافر مقدار موجود ہونے کی وجہ سے قیمت میں کمی کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ اوگرا کی مقررہ کردہ قیمت پر لاہور سمیت ملک بھر میں کہیں بھی ایل پی جی دستیاب نہیں ہے،حکومت کی جانب سے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 308 روپے فی کلو مقرر ہے تاہم لاہور میں مختلف دکاندار ایل پی جی 480 سے 500 روپے فی کلو تک فروخت کر رہے ہیں،مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ دکاندار اپنی مرضی سے روز 10 سے 20 روپے فی کلو تک اضافہ کرتے ہیں، من مانے نرخوں کی وجہ سے گھریلو صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    اس حوالے سے وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ ایل پی جی کی بلیک قیمت پر ذمہ داران کے خلاف کارروائی ہوگی، مارکیٹنگ کمپنیوں کو بھی نوٹس بھجوائے رہے ہیں، متعلقہ ادارے سرکاری نرخ نامے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے گی۔

  • حالات نے مجبور کیا تو  حالیہ واقعات کی مکمل حقیقت اور شواہد عوام کے سامنے لے آؤں گی،مومنہ اقبال

    حالات نے مجبور کیا تو حالیہ واقعات کی مکمل حقیقت اور شواہد عوام کے سامنے لے آؤں گی،مومنہ اقبال

    اداکارہ مومنہ اقبال نےعندیہ دیا ہے کہ اگر حالات نے مجبور کیا تو میں حالیہ واقعات کی مکمل حقیقت اور شواہد عوام کے سامنے لے آؤں گی۔

    اداکارہ نے سوشل میڈیا پر ایک بیان شئیر کیا اداکارہ نے اپنے بیان میں کسی فرد یا واقعے کا نام نہیں لیا، تاہم یہ ضرور اشارہ دیا کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ تمام حقائق سامنے لے آئیں گی، اپنی بہن رمشا اقبال کے بیان کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ گزشتہ چند برسوں میں میں اور میرا خاندان بے شمار مشکلات سے گزرا ہے میں نے کئی ناانصافیوں کے باوجود خاموشی اختیار کیے رکھی کیونکہ میں اپنی ذاتی زندگی کو عوامی تماشہ نہیں بنانا چاہتی تھی۔

    انہوں نے اپنے والد کے 2 سال قبل انتقال کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ ان کے جانے کے بعد سے خاندان مسلسل آزمائشوں اور مشکل حالات کا سامنا کر رہا ہے، اداکارہ نے بعض نامعلوم افراد کو مخاطب کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ آخر وہ کتنے لوگوں کو اپنے اثر و رسوخ میں لا سکتے ہیں،وقت آنے پر حقیقت خود سامنے آ جائے گی اور مجھے اُمید ہے کہ تمام شواہد عوام کے سامنے پیش کرنے کی نوبت نہیں آئے گی، ایک ایک کا بتاؤں گی پھر، ان شاء اللہ، میرا گواہ اللہ ہے۔

  • لاہور،گولیاں چل گئیں،خاتون قتل، شوہر کی دوسری بیوی پر قتل کروانے کا الزام

    لاہور،گولیاں چل گئیں،خاتون قتل، شوہر کی دوسری بیوی پر قتل کروانے کا الزام

    لاہور کے علاقے مانگا منڈی میں کھوکھر چوک کے قریب نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے 30 سالہ خاتون کو قتل کر دیا۔

    پولیس کے مطابق جاں بحق خاتون کی شناخت کرن بی بی کے نام سے ہوئی ہے۔ لاش کو جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کرن بی بی، شیر علی کی تیسری بیوی تھیں، جبکہ شیر علی نے مجموعی طور پر تین شادیاں کر رکھی تھیں۔دوسری جانب مقتولہ کے لواحقین نے الزام عائد کیا ہے کہ کرن بی بی کو ان کے شوہر کی دوسری بیوی نے قتل کروایا ہے۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ اس الزام کی بھی تفتیش کی جا رہی ہے اور تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔

    ڈی ایس پی شاہزیب خان کے مطابق واقعے کی مختلف زاویوں سے تحقیقات جاری ہیں اور تفتیش کے دوران مزید حقائق سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس جلد ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لائے گی۔