Baaghi TV

Category: بین الاقوامی

  • اسپیس ایکس کا راکٹ اپنے مدار سے بھٹک گیا، آج  چاند سے ٹکرانے کے خدشہ

    اسپیس ایکس کا راکٹ اپنے مدار سے بھٹک گیا، آج چاند سے ٹکرانے کے خدشہ

    اسپیس ایکس کے فالکن 9 راکٹ آج کسی بھی وقت چاند سے ٹکرانے والا ہے۔

    فالکن 9 راکٹ کے ذریعے امریکی کمپنی فائر فلائی ایرو اسپیس کا بلیو گھوسٹ لینڈر اور جاپانی کمپنی آئی اسپیس کا ریزیلینس لینڈر چاند کی جانب بھیجا گیا تھا یہ وہی راکٹ ہے جس نے جنوری 2025 میں دو نجی قمری مشنز کو خلا میں روانہ کیا تھا،بلیو گھوسٹ نے مارچ 2025 میں کامیاب لینڈنگ کی جبکہ ریزیلینس چند ماہ بعد لینڈنگ کے دوران ناکام ہوگیا تھا۔

    ماہرین کے مطابق راکٹ کا پہلا مرحلہ لانچ کے بعد زمین پر واپس آگیا تھا تاہم دوسرا مرحلہ خلائی مشنز کو چاند کی سمت دھکیلنے کے لیے استعمال ہوا اور وہ خلا میں ہی موجود رہا۔

    اسپیس ایکس میں ناسا سائنس اور ڈریگن پروگرامز کی ڈائریکٹر جولیانا شیمین کے مطابق زمین کے قریب مدار میں جانے والے مشنز کے بعد راکٹ کے بالائی حصے کو عموماً زمین کی فضا میں جلا کر ختم کر دیا جاتا ہے لیکن زیادہ توانائی والے مشنز میں مختلف طریقہ اختیار کرنا پڑتا ہے اس مشن میں بھی تمام حفاظتی اصولوں کے مطابق کارروائی کی گئی تھی تاہم سورج کی سرگرمیوں اور کششِ ثقل کے مشترکہ اثرات نے راکٹ کے بالائی حصے کا راستہ تبدیل کر دیا جس کے باعث اب وہ چاند سے ٹکرانے کی سمت بڑھ رہا ہے۔

    اس تصادم سے زمین کو کوئی خطرہ لاحق نہیں تاہم اس واقعے کو سائنسی لحاظ سے اہم قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ اس سے چاند کی سطح پر ہونے والے اثرات اور خلائی ملبے کی حرکت سے متعلق مزید معلومات حاصل ہو سکتی ہیں۔

  • حوثی ملیشیا کا بھارتی بحری جہازپرمبینہ حملہ، بھارت کی سخت الفاظ میں مذمت

    حوثی ملیشیا کا بھارتی بحری جہازپرمبینہ حملہ، بھارت کی سخت الفاظ میں مذمت

    یمن کے قریب بحیرہ احمر میں ایک بھارتی پرچم بردار تجارتی جہاز ’ایم ایس وی فیض نورِ اولیا‘ کو حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے بعد جہاز میں آگ بھڑک اٹھی اور وہ سمندر میں غرق ہو گیا۔

    ایرانی میڈیا اور حکام کے مطابق،یہ واقعہ حدیدہ اور مخا بندرگاہ کے قریب پیش آیا حادثے کے وقت جہاز پر 14 افراد سوار تھے جن میں سے 13 کا تعلق بھارت سے تھا، یمنی کوسٹ گارڈ نے بروقت اقدام کرتے ہوئے جہاز پر موجود تمام 14 افراد کو بحفاظت بچا کر مخا بندرگاہ منتقل کر دیا ہے۔

    اگرچہ فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حملہ کس کی جانب سے کیا گیا، تاہم یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کی وزارتِ ترسیلات و مواصلات نے الزام عائد کیا ہے کہ ایران کے حامی حوثی جنگجوؤں نے اس بھارتی جہاز کو ایک دھماکہ خیز کشتی کے ذریعے نشانہ بنایا ہے،جبکہ،حوثی گروپ کی جانب سے اس واقعے پر فی الحال کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

    اس واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارت کے بحری جہاز رانی کے وزیر سربانند سونووال نے سماجی رابطے کی سائٹ پر اپنے بیان میں کہا کہ ہم اس بلا اشتعال حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور خطے میں اپنے تمام سمندری عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے-

    بھارتی وزارتِ خارجہ نے بھی تجارتی جہاز کو نشانہ بنائے جانے کی باضابطہ تصدیق کی ہے،بھارتی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ خطے میں تجارتی جہاز رانی کو نشانہ بنانے کے یہ واقعات انتہائی تشویش ناک ہیں تجارتی جہازوں پر حملوں کا یہ سلسلہ فوری طور پر بند ہونا چاہیے اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق تمام بین الاقوامی بحری راستوں سے تجارت کی آزادانہ اور بغیر کسی رکاوٹ کے بحالی کو جلد از جلد یقینی بنایا جائے-

  • استعفے اور اندرونی اختلافات کی خبریں بے بنیاد  ہیں،ایرانی صدر

    استعفے اور اندرونی اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں،ایرانی صدر

    تہران: ایران کے صدر مسعود پزشکیان نےکہاہےکہ میرے استعفے سے متعلق گردش کرنے والی خبریں بے بنیاد افواہیں ہیں-

    صدر مسعود پزشکیان نے اپنے استعفے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد افواہیں قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے اور بطور صدر اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گےایرانی صدر نے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے ساتھ اختلافات کی خبروں کو بھی مسترد کردیا-

    اقتدار کے دو سال مکمل ہونے پر قومی ٹیلی ویژن کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صدر پزشکیان نے واضح کیا کہ وہ اپنے عہدے پر برسرِ پیکار رہیں گے اور بطور صدر اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے ان کی حکومت اور ملکی مسلح افواج کے درمیان کامل ہم آہنگی اور مکمل رابطہ موجود ہےاگر میں کبھی مستعفی ہونا چاہوں گا تو اس کا باضابطہ طور پر خود اعلان کروں گا، میں استعفا نہیں دوں گا بلکہ ڈٹا رہوں گا-

    صدر پزشکیان کے مطابق بعض عناصر جان بوجھ کر یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ایرانی حکومت اور سپریم لیڈر کے درمیان اختلافات موجود ہیں، حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہےان کی حکومت اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کر رہی ہے اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ریاستی ادارے باہمی تعاون کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

    اس سے قبل ایرانی صدر کے نائب انفارمیشن افسر مہدی طباطبائی بھی استعفے کی خبروں کی تردید کر چکے ہیں ان کا کہنا تھا کہ بعض سیاسی انتہاپسند عناصر دانستہ طور پر ایسی افواہیں پھیلا رہے ہیں تاکہ قومی اتحاد کو نقصان پہنچایا جا سکے اور ایران کے مخالفین کو فائدہ حاصل ہو۔

    سیاسی مبصرین کے مطابق صدر پزشکیان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران داخلی سیاسی معاملات اور خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے باعث عالمی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے ان کے حالیہ بیان سے یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ ایرانی قیادت کے درمیان اختلافات کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں اور حکومت معمول کے مطابق کام کر رہی ہے۔

    ’دی گارڈین‘ کے مطابق، صدر پزشکیان کے استعفے کی خبریں اس وقت سامنے آئیں جب نئے سپریم لیڈر سے خاندانی تعلق رکھنے والے سیاست دان محمد باقر خرازی نے دعویٰ کیا کہ صدر نے فیصلوں سے الگ کیے جانے پر بارہا تحریری اور زبانی استعفے کی دھمکی دی ہے۔

  • یمنی ساحل کے قریب بھارتی جہاز پر حملہ، بحری جہاز ڈوب گیا

    یمنی ساحل کے قریب بھارتی جہاز پر حملہ، بحری جہاز ڈوب گیا

    ‎بھارت کے وزیرِ جہاز رانی نے تصدیق کی ہے کہ یمن کے ساحلی پانیوں کے قریب بھارتی بحری جہاز فائز نورِ اولیا ایک نامعلوم پروجیکٹائل کی زد میں آنے کے بعد ڈوب گیا، تاہم جہاز میں سوار تمام 14 ملاحوں کو بحفاظت بچا لیا گیا۔
    ‎بھارتی وزیر کے مطابق حملے کے نتیجے میں جہاز کو شدید نقصان پہنچا، جس کے باعث وہ توازن برقرار نہ رکھ سکا اور بالآخر سمندر میں ڈوب گیا۔ واقعے کے فوراً بعد یمنی کوسٹ گارڈ نے امدادی کارروائی شروع کی اور تمام ملاحوں کو بحفاظت ریسکیو کرکے بندرگاہ مخا (Mokha) منتقل کر دیا۔
    ‎ابتدائی اطلاعات کے مطابق جہاز یمنی ساحل کے قریب سفر کر رہا تھا کہ اچانک ایک پروجیکٹائل اس سے ٹکرا گیا۔ حملے کی نوعیت اور اس کے ذمہ دار عناصر کے بارے میں تاحال کوئی باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، جبکہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
    ‎بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ تمام ملاح محفوظ ہیں اور ان کی طبی حالت تسلی بخش ہے۔ متعلقہ حکام جہاز کے ڈوبنے کی وجوہات اور حملے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔
    ‎یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب بحیرہ احمر اور یمن کے اطراف سمندری راستوں پر سیکیورٹی خدشات پہلے ہی عالمی سطح پر تشویش کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ حالیہ مہینوں میں اس خطے میں تجارتی جہازوں پر متعدد حملے رپورٹ ہو چکے ہیں، جس کے باعث بین الاقوامی بحری نقل و حمل متاثر ہوئی ہے۔

  • قطر کا غزہ جنگ بندی معاہدے پر اسرائیل پر دباؤ بڑھانے کا مطالبہ

    قطر کا غزہ جنگ بندی معاہدے پر اسرائیل پر دباؤ بڑھانے کا مطالبہ

    ‎قطر کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ غزہ جنگ بندی معاہدے پر مؤثر عملدرآمد کے لیے سیکیورٹی سے متعلق معاملات انتہائی اہمیت رکھتے ہیں اور اس سلسلے میں عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
    ‎وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ حماس نے معاہدے سے متعلق اپنی درخواستوں اور ذمہ داریوں پر عمل کیا ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ عالمی برادری اسرائیل پر دباؤ ڈالے تاکہ وہ بھی اپنے وعدوں اور معاہدے کے تحت عائد ذمہ داریوں کو پورا کرے۔
    ‎قطری وزارت خارجہ کے مطابق اسرائیل پر غزہ جنگ بندی معاہدے پر مکمل عملدرآمد کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے، جبکہ ثالثی کرنے والے ممالک معاہدے پر تیزی سے پیش رفت کے لیے مسلسل سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
    ‎ترجمان نے کہا کہ قطر خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے تمام متعلقہ فریقین سے مسلسل رابطے میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ سفارتی کوششوں کا مقصد نہ صرف غزہ میں جنگ بندی کو مستحکم کرنا ہے بلکہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنا بھی ہے۔
    ‎انہوں نے مزید بتایا کہ قطر کی توجہ آبنائے ہرمز میں معمول کی بحری آمدورفت کی بحالی اور سفارتی راستوں کو فعال رکھنے پر بھی مرکوز ہے تاکہ علاقائی استحکام کو فروغ دیا جا سکے۔

  • آبنائے ہرمز جلد مکمل طور پر کھولنے کا اعلان متوقع

    آبنائے ہرمز جلد مکمل طور پر کھولنے کا اعلان متوقع

    ‎عرب میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر بحال کرنے کے لیے سفارتی رابطوں میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے اور اس حوالے سے اہم اعلان آئندہ چند گھنٹوں یا بدھ کے روز متوقع ہے۔
    ‎رپورٹس کے مطابق مختلف متعلقہ ممالک کے درمیان گزشتہ کئی دنوں سے جاری مذاکرات مثبت مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے، عالمی تجارت کو معمول پر لانے اور توانائی کی ترسیل کو محفوظ بنانے کے لیے مسلسل رابطے جاری ہیں۔
    ‎عرب ٹی وی کے مطابق مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت کے بعد اس بات کے امکانات بڑھ گئے ہیں کہ آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر بحری آمدورفت کے لیے کھولنے کا باضابطہ اعلان جلد کیا جائے گا۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو خلیجی خطے میں تجارتی سرگرمیوں کی بحالی، تیل بردار جہازوں کی بلا رکاوٹ نقل و حرکت اور عالمی منڈی میں توانائی کی فراہمی مزید مستحکم ہونے کی توقع ہے۔
    ‎ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے عالمی سطح پر خام تیل اور مائع قدرتی گیس کی بڑی مقدار مختلف ممالک کو پہنچائی جاتی ہے۔ حالیہ کشیدگی اور سیکیورٹی خدشات کے باعث اس راستے پر جہازوں کی آمدورفت متاثر ہوئی تھی، جس کے اثرات عالمی تیل کی قیمتوں اور سپلائی چین پر بھی دیکھنے میں آئے۔
    ‎رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مذاکرات کا مقصد نہ صرف بحری راستے کو مکمل طور پر محفوظ بنانا ہے بلکہ خطے میں پائیدار استحکام کے لیے سفارتی کوششوں کو بھی آگے بڑھانا ہے۔ اگر معاہدہ حتمی شکل اختیار کر لیتا ہے تو اس سے عالمی تجارت اور توانائی کی منڈیوں میں اعتماد بحال ہونے میں مدد مل سکتی ہے۔

  • آبنائے ہرمز کھلنے کی امید، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں 80 ڈالر سے نیچے آگئیں

    آبنائے ہرمز کھلنے کی امید، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں 80 ڈالر سے نیچے آگئیں

    ‎امریکا اور ایران کے درمیان آبنائے ہرمز کو دوبارہ مکمل طور پر کھولنے سے متعلق جاری سفارتی کوششوں میں مثبت پیش رفت کی خبروں کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کے باعث برینٹ اور ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل کی قیمتیں تقریباً تین ہفتوں کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
    ‎بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق عالمی معیار کے برینٹ خام تیل کی قیمت میں تقریباً 5 فیصد کمی ہوئی، جس کے بعد اس کی قیمت 80 ڈالر فی بیرل سے نیچے آ گئی۔ اسی طرح امریکی معیار ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل بھی 5 فیصد سے زائد سستا ہو کر تقریباً 76 ڈالر فی بیرل کی سطح پر ٹریڈ کرنے لگا۔
    ‎رپورٹس کے مطابق یہ قیمتیں 13 جولائی کو امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والی پیش رفت کے بعد کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ مارکیٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آبنائے ہرمز مکمل طور پر بحری آمدورفت کے لیے کھول دی جاتی ہے تو عالمی سطح پر خام تیل کی سپلائی میں مزید بہتری آئے گی، جس سے قیمتوں پر مزید دباؤ پڑ سکتا ہے۔
    ‎تجزیہ کاروں کے مطابق آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے دنیا کے ایک بڑے حصے کو خام تیل اور مائع قدرتی گیس کی ترسیل کی جاتی ہے۔ اس لیے اس راستے سے متعلق کسی بھی مثبت یا منفی پیش رفت کا براہِ راست اثر عالمی توانائی کی منڈیوں پر پڑتا ہے۔
    ‎ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ کمی کی بڑی وجہ یہ توقع ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی رابطے کامیاب ہو سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں خطے میں کشیدگی میں کمی آئے گی اور تیل بردار جہازوں کی نقل و حرکت معمول پر آ جائے گی۔
    ‎اقتصادی ماہرین کے مطابق اگر مذاکرات کامیاب رہتے ہیں اور آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھولنے کا باضابطہ اعلان کر دیا جاتا ہے تو اس سے نہ صرف عالمی تیل کی قیمتوں میں استحکام آئے گا بلکہ درآمدی ایندھن پر انحصار کرنے والے ممالک کو بھی کچھ ریلیف مل سکتا ہے۔ تاہم مارکیٹ کی آئندہ سمت کا انحصار مذاکرات کے حتمی نتائج اور خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر ہوگا۔

  • 
امریکا میں آنتوں کی وبا سے پہلی 2 ہلاکتیں، مشی گن میں تشویش بڑھ گئی

    
امریکا میں آنتوں کی وبا سے پہلی 2 ہلاکتیں، مشی گن میں تشویش بڑھ گئی

    ‎امریکی ریاست مشی گن میں آنتوں کی خطرناک وبا سائیکلوسپوریاسس کے باعث پہلی بار دو افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی گئی ہے، جس کے بعد صحت حکام نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
    ‎غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق 3 اگست 2026 کو سامنے آنے والی یہ اموات امریکا میں اس وبا سے ہونے والی پہلی تصدیق شدہ ہلاکتیں ہیں۔ مشی گن کے محکمہ صحت نے پیر کے روز دونوں اموات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ متاثرہ افراد پہلے ہی مختلف سنگین بیماریوں میں مبتلا تھے، تاہم سائیکلوسپوریاسس اور جسم میں پانی کی شدید کمی نے ان کی صحت کو مزید خراب کر دیا، جس کے نتیجے میں وہ جانبر نہ ہو سکے۔
    ‎صحت حکام کے مطابق وبا کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، تاہم فی الحال کوئی نئی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔ امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (FDA) کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق اس وبا کا تعلق وسطی میکسیکو میں نجی کمپنی ٹیلر فارمز سے حاصل کیے گئے آئس برگ لیٹس سے جوڑا جا رہا ہے، تاہم دیگر ممکنہ ذرائع کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
    ‎تازہ اعداد و شمار کے مطابق صرف ریاست مشی گن میں متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 11 ہزار 234 ہو گئی ہے، جو گزشتہ رپورٹ کے مقابلے میں 461 زیادہ ہے۔ اب تک 193 مریضوں کو اسپتال منتقل کیا جا چکا ہے، جبکہ وین کاؤنٹی سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ قرار دیا گیا ہے، جہاں ایک ہزار 379 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
    ‎محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ 30 سے 39 سال کی عمر کے افراد اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، جن میں 2 ہزار 216 مریض سامنے آئے ہیں۔
    ‎طبی ماہرین کے مطابق سائیکلوسپوریاسس ایک طفیلیے سائیکلو سپورا کے باعث پیدا ہونے والی بیماری ہے، جس کی عام علامات میں شدید اسہال، متلی، پیٹ میں درد، معدے کی خرابی، کمزوری اور جسم میں پانی کی کمی شامل ہیں۔ بروقت علاج نہ ہونے کی صورت میں یہ بیماری خاص طور پر پہلے سے بیمار افراد کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔
    ‎دوسری جانب امریکی ادارہ سی ڈی سی کے مطابق 28 جولائی تک ملک بھر میں 6 ہزار 707 لیبارٹری سے تصدیق شدہ کیسز ریکارڈ کیے جا چکے ہیں، جبکہ 11 ہزار 500 سے زائد مشتبہ کیسز کی مزید جانچ جاری ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ قومی اعداد و شمار میں صرف لیبارٹری سے تصدیق شدہ مریضوں کو شامل کیا جاتا ہے۔

  • 
پلاسٹک کے فضلے سے ماحول دوست ہائیڈروجن ایندھن بنانے کا نیا طریقہ دریافت

    
پلاسٹک کے فضلے سے ماحول دوست ہائیڈروجن ایندھن بنانے کا نیا طریقہ دریافت

    ‎سائنس دانوں نے پلاسٹک کے بڑھتے ہوئے فضلے کو کارآمد بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے ایسا جدید طریقہ کار تیار کیا ہے جس کے ذریعے مختلف اقسام کے پلاسٹک کو براہِ راست ماحول دوست ہائیڈروجن ایندھن میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی نہ صرف پلاسٹک کی آلودگی کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے بلکہ صاف توانائی کے فروغ اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات میں کمی کے لیے بھی اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔
    ‎رپورٹ کے مطابق یہ تحقیق جنوبی کوریا کی ایوا ویمنز یونیورسٹی اور امریکا کی یونیورسٹی آف کیلیفورنیا، لاس اینجلس (UCLA) سیموئیلی اسکول آف انجینئرنگ کے سائنس دانوں نے مشترکہ طور پر انجام دی۔ تحقیق میں ایک ایسا نیا کیمیائی عمل متعارف کرایا گیا ہے جس کے ذریعے پلاسٹک کے فضلے سے اعلیٰ معیار کی ہائیڈروجن گیس حاصل کی جا سکتی ہے، جبکہ کاربن کو ماحول میں خارج ہونے کے بجائے محفوظ رکھا جاتا ہے۔
    ‎ماہرین کے مطابق دنیا بھر میں پانی کی بوتلوں، شاپنگ بیگز، پیکنگ میٹریل اور دیگر روزمرہ اشیا میں استعمال ہونے والا پلاسٹک استعمال کے بعد ماحول کے لیے سنگین خطرہ بن جاتا ہے۔ مختلف اقسام کے پلاسٹک کو الگ الگ ری سائیکل کرنا ایک پیچیدہ اور مہنگا عمل ہے، تاہم نئی ٹیکنالوجی اس مسئلے کا مؤثر حل پیش کرتی ہے۔
    ‎اس طریقہ کار کی خاص بات یہ ہے کہ پی ای ٹی (PET)، پولی ایتھلین (PE) اور پولی پروپلین (PP) جیسی عام اقسام کے پلاسٹک کو الگ کیے بغیر ایک ہی ری ایکٹر میں پروسیس کیا جا سکتا ہے۔ اس عمل میں سوڈیم ہائیڈرو آکسائیڈ استعمال کیا جاتا ہے، جو پلاسٹک میں موجود کاربن کو کاربن ڈائی آکسائیڈ کی شکل میں فضا میں خارج ہونے سے روکتا ہے۔
    ‎تحقیق کے مطابق اس طریقے سے 75 فیصد سے زیادہ کاربن کو ٹھوس کاربونیٹس یا مائع باقیات کی صورت میں محفوظ کر لیا جاتا ہے، جس سے گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں نمایاں کمی ممکن ہو سکتی ہے۔
    ‎سائنس دانوں نے اس عمل کے لیے الکلائن تھرمل ٹریٹمنٹ (ATT) نامی ترمیم شدہ ٹیکنالوجی استعمال کی، جو روایتی اسٹیم گیس فیکیشن کے مقابلے میں 300 سے 400 ڈگری سینٹی گریڈ کم درجہ حرارت پر کام کرتی ہے۔ اس سے توانائی کی بچت بھی ہوتی ہے اور پیداواری عمل نسبتاً زیادہ مؤثر بن جاتا ہے۔
    ‎ماہرین کا کہنا ہے کہ اس عمل سے حاصل ہونے والی ٹھوس باقیات کو بعد میں کیلشیم کاربونیٹ میں تبدیل کیا جا سکتا ہے، جس سے کاربن کو طویل عرصے تک محفوظ رکھنے میں مدد ملتی ہے۔ محققین کے مطابق مستقبل میں یہ ٹیکنالوجی پلاسٹک کی آلودگی کم کرنے، صاف ہائیڈروجن ایندھن کی پیداوار بڑھانے اور ماحول دوست توانائی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

  • چین میں شدید بارشوں اور سیلاب، ایک لاکھ 15 ہزار سے زائد افراد محفوظ مقامات پر منتقل

    چین میں شدید بارشوں اور سیلاب، ایک لاکھ 15 ہزار سے زائد افراد محفوظ مقامات پر منتقل

    ‎چین کے مختلف علاقوں میں مسلسل موسلا دھار بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال سنگین ہوگئی ہے، جس کے پیش نظر حکام نے بڑے پیمانے پر حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے ایک لاکھ 15 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔
    ‎چینی میڈیا کے مطابق حالیہ بارشوں نے شمالی اور وسطی چین کے متعدد علاقوں کو شدید متاثر کیا، جہاں نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے، دریاؤں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوگئی اور معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے۔
    ‎رپورٹس کے مطابق مجموعی طور پر 49 ہزار 925 خاندانوں کے ایک لاکھ 15 ہزار 756 افراد کو ممکنہ خطرات کے پیش نظر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا تاکہ جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
    ‎صوبائی حکام کا کہنا ہے کہ شمالی شانشی، مغربی گوانژونگ اور جنوبی شانسی کے کئی علاقوں میں پیر اور منگل کی درمیانی شب ہلکی سے درمیانی بارش ریکارڈ کی گئی، تاہم متعدد علاقوں میں موسلا دھار بارش نے سیلابی صورتحال پیدا کر دی۔
    ‎لوونان، ٹونگوان اور بائہی کاؤنٹیاں سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں شامل ہیں۔ لوونان کے شپو اسٹیشن پر 136.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو حالیہ اسپیل کی سب سے زیادہ مقدار ہے۔
    ‎شدید بارشوں کے باعث ہانجیانگ، ویہی، ڈانجیانگ اور زرد دریا (ییلو ریور) کے معاون دریاؤں میں پانی کا بہاؤ غیر معمولی حد تک بڑھ گیا، جس سے متعدد مقامات پر سیلابی کیفیت پیدا ہوئی۔
    ‎چینی حکام کے مطابق 28 مختلف دریاؤں اور 40 ہائیڈرولوجیکل اسٹیشنوں پر پانی کی سطح خطرے کی حد سے تجاوز کر گئی، جہاں مجموعی طور پر 47 سیلابی واقعات ریکارڈ کیے گئے۔
    ‎ریسکیو ادارے، مقامی انتظامیہ اور امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ لوگوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، دریا اور ندی نالوں کے قریب نہ جانے اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔