بھارت کے وزیرِ جہاز رانی نے تصدیق کی ہے کہ یمن کے ساحلی پانیوں کے قریب بھارتی بحری جہاز فائز نورِ اولیا ایک نامعلوم پروجیکٹائل کی زد میں آنے کے بعد ڈوب گیا، تاہم جہاز میں سوار تمام 14 ملاحوں کو بحفاظت بچا لیا گیا۔
بھارتی وزیر کے مطابق حملے کے نتیجے میں جہاز کو شدید نقصان پہنچا، جس کے باعث وہ توازن برقرار نہ رکھ سکا اور بالآخر سمندر میں ڈوب گیا۔ واقعے کے فوراً بعد یمنی کوسٹ گارڈ نے امدادی کارروائی شروع کی اور تمام ملاحوں کو بحفاظت ریسکیو کرکے بندرگاہ مخا (Mokha) منتقل کر دیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق جہاز یمنی ساحل کے قریب سفر کر رہا تھا کہ اچانک ایک پروجیکٹائل اس سے ٹکرا گیا۔ حملے کی نوعیت اور اس کے ذمہ دار عناصر کے بارے میں تاحال کوئی باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، جبکہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ تمام ملاح محفوظ ہیں اور ان کی طبی حالت تسلی بخش ہے۔ متعلقہ حکام جہاز کے ڈوبنے کی وجوہات اور حملے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب بحیرہ احمر اور یمن کے اطراف سمندری راستوں پر سیکیورٹی خدشات پہلے ہی عالمی سطح پر تشویش کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ حالیہ مہینوں میں اس خطے میں تجارتی جہازوں پر متعدد حملے رپورٹ ہو چکے ہیں، جس کے باعث بین الاقوامی بحری نقل و حمل متاثر ہوئی ہے۔
یمنی ساحل کے قریب بھارتی جہاز پر حملہ، بحری جہاز ڈوب گیا
