Baaghi TV

Category: کوئٹہ

  • معرکہ حق ، ایف سی بلوچستان نارتھ کے افسران و جوانوں کی یادگارِ شہداء پر حاضری

    معرکہ حق ، ایف سی بلوچستان نارتھ کے افسران و جوانوں کی یادگارِ شہداء پر حاضری

    کوئٹہ: معرکہ حق کو ایک سال مکمل ہونے پر ایف سی بلوچستان نارتھ کے افسران اور جوانوں نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

    اس موقع پر افسران اور جوانوں نے شہداء کی قبروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں، فاتحہ خوانی کی اور شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ایف سی بلوچستان نارتھ کی جانب سے شمالی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی فاتحہ خوانی کا بھی اہتمام کیا گیا۔افسران اور جوانوں نے ملک و قوم کی خاطر عظیم قربانیاں دینے والے شہداء کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا جبکہ اہلِ خانہ میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔اس موقع پر ایف سی بلوچستان نارتھ کے افسران اور جوانوں نے وطنِ عزیز کے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ بھی کیا۔

  • گوادر پورٹ،عالمی ٹرانزٹ ٹریفک بڑھانے کیلئے چارجز میں کمی

    گوادر پورٹ،عالمی ٹرانزٹ ٹریفک بڑھانے کیلئے چارجز میں کمی

    گوادر پورٹ پر عالمی ٹرانزٹ ٹریفک بڑھانے کے لیے حکومت نے بڑے پیمانے پر مراعات کا اعلان کر دیا، جس کے تحت مختلف ٹیرف اور پورٹ چارجز میں نمایاں کمی کردی گئی ہے۔

    وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ جنید انوار چوہدری نے بتایا کہ کنٹینر بردار جہازوں کی برتھنگ فیس میں 25 فیصد کمی کردی گئی ہے، جبکہ ٹرانس شپمنٹ کنٹینرز پر پورٹ چارجز میں 40 فیصد تک رعایت دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹرانزٹ کنٹینر کارگو پر بھی پورٹ چارجز میں 31 فیصد کمی کی گئی ہے تاکہ عالمی تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے اور گوادر پورٹ کو خطے کے اہم تجارتی مرکز کے طور پر فعال بنایا جا سکے۔وفاقی وزیر کے مطابق جنرل کارگو کے لیے مفت اسٹوریج کی سہولت کو 5 دن سے بڑھا کر ایک ماہ تک کر دیا گیا ہے، جس سے درآمد و برآمد سے وابستہ تاجروں اور شپنگ کمپنیوں کو نمایاں سہولت حاصل ہوگی۔

    جنید انوار چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت عالمی ٹرانزٹ ٹریفک کے حصول کے لیے ریکارڈ مراعات فراہم کر رہی ہے اور گوادر کو علاقائی لاجسٹکس ہب بنانے کی پالیسی پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے۔

  • مستونگ میں کسٹم گودام میں خوفناک آتشزدگی، 100 سے زائد گاڑیاں جل گئیں

    مستونگ میں کسٹم گودام میں خوفناک آتشزدگی، 100 سے زائد گاڑیاں جل گئیں

    بلوچستان کے ضلع مستونگ میں لکپاس کے قریب واقع کسٹم کے گودام میں لگنے والی خوفناک آگ پر 22 گھنٹے گزرنے کے باوجود قابو نہیں پایا جا سکا، جبکہ امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر مستونگ کے مطابق آگ گزشتہ روز صبح تقریباً 10 بجے بھڑکی تھی، جس کے بعد سے فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں مسلسل آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ 10 سے زائد فائر بریگیڈ گاڑیاں آگ پر قابو پانے کے لیے کارروائیوں میں حصہ لے رہی ہیں۔انتظامیہ کے مطابق گودام میں ایل پی جی سلینڈرز، ایندھن، کیمیکل، خشک میوہ جات، کپڑے اور ٹائرز بڑی مقدار میں موجود تھے، جس کے باعث آگ نے شدت اختیار کر لی۔ آگ لگنے کے بعد ایل پی جی باؤزرز اور گیس سلینڈرز میں متعدد دھماکے بھی ہوئے، جن سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    ڈی سی مستونگ نے بتایا کہ آتشزدگی کے نتیجے میں جھلس کر 35 افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر کے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔حکام کے مطابق آگ کے باعث 100 سے زائد گاڑیاں بھی جل کر تباہ ہو گئیں۔ تاہم رات گئے آگ کی شدت میں کمی آنے کے بعد کوئٹہ کراچی شاہراہ پر ٹریفک بحال کر دی گئی۔ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آگ پر مکمل قابو پانے تک امدادی سرگرمیاں جاری رہیں گی جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔

  • مضبوط فوج کی موجودگی میں کوئی پاکستان کو نقصان نہیں پہنچاسکتا، وزیراعلیٰ بلوچستان

    مضبوط فوج کی موجودگی میں کوئی پاکستان کو نقصان نہیں پہنچاسکتا، وزیراعلیٰ بلوچستان

    وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ مضبوط فوج کی موجودگی میں کوئی پاکستان کو نقصان نہیں پہنچاسکتا، پاک فوج ہر قسم کے اندرونی اور بیرونی خطرات سے نمٹنے کیلئے تیار ہے،ہمارے بزرگوں نے پاکستان سے الحاق کا جو فیصلہ کیا اس پر ہمیں فخر ہے۔

    کوئٹہ میں تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ مضبوط فوج کی موجودگی میں کوئی پاکستان کو نقصان نہیں پہنچاسکتا، پاکستان نے بھارت کے خلاف اپنی صلاحیتوں کا بھرپور لوہا منوایا،پاک فوج ہر قسم کے اندرونی اور بیرونی خطرات سے نمٹنے کیلئے تیار ہے، فیلڈ مارشل کی قیادت میں ہم نے بھارت کو عبرت ناک شکست دی،ہمارے بزرگوں نے جو پاکستان سے الحاق کا فیصلہ کیا اس پر ہمیں فخر ہے۔

    گورنر بلوچستان جعفر مندوخیل نے کہا کہ پاک فوج نے ثابت کیا کہ دلیری میں کوئی اس کا مقابلہ نہیں کرسکتا، پاکستان کی شاندار فتح کو دنیا نے سراہا، بلاشبہ افواج اور قوم نے اپنے اعتماد و اتحاد سے نئی تاریخ رقم کی۔

  • کوئٹہ سے اندرون ملک ٹرین سروس معطل، جعفر ایکسپریس کی روانگی منسوخ

    کوئٹہ سے اندرون ملک ٹرین سروس معطل، جعفر ایکسپریس کی روانگی منسوخ

    کوئٹہ سے ملک کے دیگر شہروں کے لیے ریلوے آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے جس کے باعث آج پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس اپنی روانگی نہیں کر سکے گی۔

    ریلوے حکام کے مطابق کوئٹہ سے اندرون ملک ٹرین سروس کی معطلی ناگزیر وجوہات کی بنا پر کی گئی ہے۔ حکام نے بتایا کہ اس صورتحال کے باعث کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس کو جیکب آباد ہی سے واپس بھیج دیا جائے گا۔اسی طرح کوئٹہ سے کراچی چلنے والی بولان میل کی سروس پہلے ہی معطل ہے، جبکہ کوئٹہ سے چمن کے درمیان چلنے والی ٹرین سروس بھی بند ہے۔ٹرین سروس کی بندش کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال معمول پر آنے کے بعد ٹرین آپریشن بحال کر دیا جائے گا۔

  • آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) کی کوئٹہ میں شہداء کے اہلخانہ سے ملاقاتیں

    آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) کی کوئٹہ میں شہداء کے اہلخانہ سے ملاقاتیں

    آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ)محمد عاطف مجتبیٰ نے کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے سیکیورٹی صورتحال اور حفاظتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے سپنی روڈ، ویسٹرن بائی پاس، جبل نور، ہزارہ ٹاؤن، اختر آباد، شاہوانی ایونیو، کچی بیگ، سریاب روڈ، جناح روڈ، شاہراہ اقبال، میزان چوک، مشن روڈ اور سرکلر روڈ کا معائنہ کیا۔

    آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) نے مختلف مقامات پر تعینات سیکیورٹی اہلکاروں سے ملاقاتیں بھی کیں اور شہر میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ حاصل کی۔ انہوں نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔دورے کے دوران میجر جنرل محمد عاطف مجتبیٰ نے شہید افسر انور کاکڑ کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے شہید کے اہل خانہ کو وطن کے لیے عظیم قربانی پیش کرنے پر خراج عقیدت پیش کیا اور میجر انور کاکڑ شہید کے بیٹے سے خصوصی شفقت اور محبت کا اظہار کیا۔اس موقع پر آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عظیم شہداء قوم کا فخر اور ماتھے کا جھومر ہیں، جن کی لازوال قربانیوں کی بدولت ملک میں امن قائم ہے اور وطن محفوظ ہاتھوں میں ہے۔

  • وزیراعلیٰ بلوچستان سے ایشین بینک کی کنٹری ڈائریکٹر کی ملاقات

    وزیراعلیٰ بلوچستان سے ایشین بینک کی کنٹری ڈائریکٹر کی ملاقات

    وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کی پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر ژیاؤچن ایما فین نے ملاقات کی-

    ملاقات میں بلوچستان میں آبی وسائل، زراعت، معدنیات و کان کنی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع اور جاری و مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی، ایشیائی ترقیاتی بینک نے کچھی کینال سمیت بلوچستان کے آبی و زرعی ترقیاتی منصوبوں میں وسیع المدتی سرمایہ کاری کے لیے مالی معاونت میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا، اس موقع پر تعلیم، صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، اسکلز ڈویلپمنٹ اور روزگار کے قابل عمل منصوبوں میں اشتراکی حکمت عملی پر بھی اتفاق کیا گیا۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ترقیاتی عمل میں عالمی اور قومی ڈویلپمنٹ پارٹنرز کو خوش آمدید کہتے ہیں حکومت بلوچستان میں قابل عمل اور منافع بخش شعبوں میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے کام کرنے کے لیے پرعزم ہے، محدود ترقیاتی وسائل کے باوجود عوامی ضروریات کے مطابق ترقیاتی حکمت عملی پر عمل درآمد اور پسماندگی کا خاتمہ ایک بڑا چیلنج ہے تاہم صوبائی حکومت عوامی مفاد پر مبنی دیرپا ترقیاتی ترجیحات کے تحت آگے بڑھ رہی ہے۔

    وزیراعلیٰ نے بتایا کہ بلوچستان کی پائیدار ترقی کے لیے 10 سالہ جامع منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے اور صوبے کو سرمایہ کاری کے لیے محفوظ اور پرکشش خطہ بنایا جا رہا ہے،حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت اور سیکیورٹی فراہم کرے گی اور میگا منصوبوں کی تکمیل و تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے،ترقیاتی منصوبوں اور نئے مواقع کو عملی جامہ پہنایا جائے گا، بلوچستان میں 3200 بند اسکول دوبارہ کھولے جا چکے ہیں جبکہ 2100 کمیونٹی بیسڈ نئے اسکول بھی قائم کیے گئے ہیں، اب حکومت کی توجہ معیاری تعلیم اور جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی پر مرکوز ہے،گڈ گورننس اور میرٹ کے فروغ کے لیے اصلاحاتی اقدامات جاری ہیں تاکہ صوبے میں پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔

  • نوشکی: ہائی اسکول کی لائبریری میں فائرنگ، ٹیچر سمیت 2 افراد جاں بحق

    نوشکی: ہائی اسکول کی لائبریری میں فائرنگ، ٹیچر سمیت 2 افراد جاں بحق

    بلوچستان کے ضلع نوشکی میں ہائی اسکول کی لائبریری میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ٹیچر سمیت 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    پولیس کے مطابق فائرنگ کا افسوسناک واقعہ ہائی اسکول کلی جمالدینی میں پیش آیا، جہاں مسلح نامعلوم افراد نے اچانک لائبریری میں گھس کر فائرنگ کر دی۔ واقعے کے نتیجے میں دو افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔اسپتال ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے ٹیچر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، جبکہ دوسرے شخص کی ہلاکت بھی تصدیق کر دی گئی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ سیکیورٹی اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی شناخت اور واقعے کے محرکات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ ملزمان کی تلاش کے لیے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن بھی کیا جا رہا ہے۔

  • انسدادِ دہشت گردی عدالت نے اختر مینگل کی ضمانت منظور کر لی

    انسدادِ دہشت گردی عدالت نے اختر مینگل کی ضمانت منظور کر لی

    کوئٹہ میں انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے سربراہ اختر مینگل کی ضمانت کی درخواست منظور کر لی ہے۔

    عدالت نے سردار اختر مینگل کو 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت فراہم کی۔ سماعت کے دوران عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایا، جس کے تحت انہیں مقدمے میں عبوری ریلیف مل گیا ہے۔یاد رہے کہ اختر مینگل کے خلاف گزشتہ سال کوئٹہ کے شاہوانی اسٹیڈیم میں ہونے والے ایک جلسے کے سلسلے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ایف آئی آر میں جلسے کے دوران مبینہ خلاف ورزیوں کا الزام عائد کیا گیا تھا، جس کے بعد یہ معاملہ عدالت میں زیرِ سماعت رہا۔

  • کیڈٹ کالج پشین میں تقسیمِ انعامات کی تقریب، نمایاں کارکردگی پر کیڈٹس کو خراجِ تحسین

    کیڈٹ کالج پشین میں تقسیمِ انعامات کی تقریب، نمایاں کارکردگی پر کیڈٹس کو خراجِ تحسین

    کیڈٹ کالج پشین میں تقسیمِ انعامات کی ایک باوقار اور یادگار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں تعلیم، نظم و ضبط اور ہمہ جہت تربیت کے شاندار مظاہر دیکھنے کو ملے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی میجر جنرل عاطف مجتبیٰ (آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ) تھے، جنہوں نے تقریب میں بطور خاص شرکت کی۔

    اس موقع پر کیڈٹس کے والدین، ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی، پشین کے ڈپٹی کمشنر، مقامی عمائدین اور سول و ملٹری افسران کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی، جس سے تقریب کی اہمیت اور وقار میں مزید اضافہ ہوا۔تقریب کا آغاز کیڈٹس کی جانب سے مہمانِ خصوصی کو شاندار گارڈ آف آنر پیش کرنے سے ہوا، جس نے حاضرین کے دل جیت لیے۔ اس کے بعد کیڈٹس نے مختلف عملی سرگرمیوں، جسمانی تربیت، پریڈ اور تعلیمی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔اپنے خطاب میں مہمانِ خصوصی میجر جنرل عاطف مجتبیٰ نے کیڈٹ کالج پشین کے اعلیٰ تعلیمی و تربیتی معیار کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ بلوچستان کے نوجوانوں کو معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ نظم و ضبط، قیادت اور حب الوطنی جیسے اوصاف سے آراستہ کر رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسے اداروں کی سرپرستی جاری رکھی جائے گی تاکہ نوجوان نسل کو مثبت اور تعمیری راستہ فراہم کیا جا سکے۔

    تقریب کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس میں انعامات اور اسناد تقسیم کی گئیں، جبکہ والدین اور دیگر شرکاء نے کیڈٹس کی محنت، خود اعتمادی اور اعلیٰ تربیتی معیار کو سراہتے ہوئے اساتذہ کی کاوشوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔آخر میں اس امر پر زور دیا گیا کہ کیڈٹ کالج پشین جیسے تعلیمی ادارے بلوچستان کی نوجوان نسل کی کردار سازی، ذہنی و جسمانی نشوونما اور قومی جذبے کی آبیاری میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، جو مستقبل میں ملک و قوم کی ترقی کے لیے ایک مضبوط بنیاد ثابت ہوں گے۔