Baaghi TV

Tag: تازہ ترین

  • امریکا کا ایران کے 3 آئل ٹینکرز پر حملوں کا دعویٰ

    امریکا کا ایران کے 3 آئل ٹینکرز پر حملوں کا دعویٰ

    امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فوج نے ایران کے 3 آئل ٹینکرز تباہ کر دیئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سینٹ کام نے جاری بیان میں کہا ہے کہ یہ کارروائی ایرانی پاسداران انقلاب کی جانب سے علاقائی پانیوں میں گشت کرنے والے دو امریکی بحری جنگی جہازوں پر حملے کے بعد کی گئی،امریکی طیارہ بردار بحری جہاز اور گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر نے متعدد حملوں سے بچنے میں کامیاب رہے اور کوئی امریکی اہلکار زخمی نہیں ہوا۔

    سینٹ کام کے مطابق امریکی فورسز نے ایرانی تیل بردار جہاز ایم ٹی ڈاؤنی کو جزیرہ خارگ کے ساحل کے قریب اور ایم ٹی اسٹارک ون کو جاسک کے قریب نشانہ بنایا، جبکہ خلیج عمان میں موجود خالی تیل بردار جہاز ایم ٹی کائلو کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔

    سینٹ کام کے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر نے کہا کہ پاسداران انقلاب کے لیے پیغام واضح ہے، اگر ایران نے امریکی بحری جہازوں پر حملہ کیا تو امریکا اس سے بھی زیادہ معاشی پابندیاں عائد کرے گا امریکی افواج کے دفاع کے لیے امریکا ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کرے گا اور ضرورت پڑنے پر ایران کے محدود اور غیر محفوظ تیل بردار بیڑے کو تباہ کر دے گا۔

    واضح رہے کہ چند دنوں کی جنگ بندی کے بعد آبنائے ہرمز میں ایک بار پھر حالات کشیدہ ہوگئے اور یہاں سے گزرنے والے جہازوں کی تعداد نہایت کم ہوجانے سے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت آسمان سے باتیں کرنی لگی ہیں۔

  • وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے ناقدین حقائق سے بے خبرہیں،عظمیٰ بخاری کا سہیل آفریدی کے ٹوئٹ پر جواب

    وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے ناقدین حقائق سے بے خبرہیں،عظمیٰ بخاری کا سہیل آفریدی کے ٹوئٹ پر جواب

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے ایک ٹوئٹ کے جواب میں عظمیٰ بخاری نے کہاکہ کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیان پر بے جا تنقید کرنے والے حقائق سے بے خبر ہیں-

    انہوں نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ زیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اے آئی انٹیلی جنس ہب کے افتتاح پر واویلا کرنے والوں کو پہلے یہ سمجھنا چاہیے کہ جدید گورننس صرف سڑکیں اور عمارتیں بنانے کا نام نہیں، امن، قانون، ٹیکنالوجی اور عوام کے تحفظ کے لیے جدید نظام کھڑا کرنا بھی حکومت کی ذمہ داری ہے-

    عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آج پنجاب میں اے آئی ہب، پیفٹک، پولیس کی ٹیکنالوجی، CTD کی استعداد، باڈی کیمز، تھرمل اور نائٹ ویژن کیمرے، جوائنٹ چیک پوسٹس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد بڑھانے پر کام ہو رہا ہے،مریم نواز کا واضح مؤقف ہے کہ جرم ہونے کے بعد کارروائی کافی نہیں، ٹیکنالوجی کے ذریعے خطرے اور جرم کو پہلے سے شناخت کرکے روکنا اصل کامیابی ہے اور یہی فرق ہے حکومت کرنے اور صرف سیاست کرنے میں۔

    انہوں نے مزید کہا ک خارجہ امور اور بیرونی خطرات وفاقی دائرۂ اختیار میں ہیں، جبکہ پنجاب حکومت کی ذمہ داری گورننس اور داخلی سلامتی ہے، مریم نواز اسی سمت میں کام کر رہی ہیں: CTD کی استعداد میں اضافہ، سیکیورٹی اداروں کی مضبوطی، عدالتوں کے تحفظ کے لیے قانون سازی اور جدید ٹیکنالوجی کا استعما ل۔

    عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ صوبائی انٹیلیجنس فیوژن سینٹر کا افتتاح اسی پالیسی کا عملی قدم ہے مقصد انٹیلیجنس، پولیسنگ اور بروقت ردعمل کو جدید ٹیکنالوجی سے مؤثر بنانا ہے دوسری طرف خیبرپختونخوا جیسے دہشت گردی سے متاثرہ صوبے میں ترجیح پولیس، CTD اور انسدادِ دہشت گردی ہونی چاہیے، نہ کہ وفاقی خارجہ امور میں مداخلت، دوسرے صوبوں میں سیاسی سرگرمیاں اور احتجاجی سیاست۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت کی اصل پہچان بیانات نہیں، کارکردگی ہے پنجاب کا راستہ واضح ہے: اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرو، ادارے مضبوط کرو اور عوام کو محفوظ بناؤ،جو اپنی کارکردگی کا جواب نہیں دے سکتے، وہ دوسروں پر بیان بازی سے اپنی کمزوریاں نہیں چھپا سکتے-

    عظمیٰ بخاری نے مریم نواز کے ناقدین سے سوال کیا کہ اگر اے آئی، جدید پولیسنگ، سی ٹی ڈی، سیکیورٹی ٹیکنالوجی اور جرائم کی روک تھام پر سرمایہ کاری غلط ہے تو اس کا بہتر متبادل کیا ہے؟ کیا صرف تنقید، صرف پریس کانفرنسیں یا صرف احتجاجی سیاست ہی متبادل ہے؟-

  • کراچی: ڈیفنس میں پڑوسی خاتون پر تشدد کرنے والی ملزمہ  کے خلاف مقدمہ درج،پولیس اہلکار بھی نامزد

    کراچی: ڈیفنس میں پڑوسی خاتون پر تشدد کرنے والی ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج،پولیس اہلکار بھی نامزد

    کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پڑوسی خاتون پر تشدد کرنے والی ملزمہ مریم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    ڈیفنس فیز 6 کے خیابانِ بخاری میں ایک بااثر خاتون اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے بہن بھائی پر مبینہ تشدد کی وڈیو سامنے آئی تھی، جس کے بعد پولیس کے کردار پر بھی سوالات اٹھے تھے وڈیو میں ایک خاتون کو دو با وردی پولیس اہلکاروں کی موجودگی میں دوسری خاتون پر ڈمبل سے حملہ کر تے، جب کہ بعد ازاں ایک سادہ لباس شخص کو سرکاری کلاشنکوف سے سی سی ٹی وی کیمرہ توڑتے دیکھا گیا تھا۔

    بعد میں سامنے آنے والی فوٹیج میں متاثرہ خاندان کے ایک فرد کو پولیس اہلکار گھسیٹ کر تھانے لے جاتے دکھائی دیے تھے، جس کے بعد متاثرہ خاندان کے خلاف مقدمے کے اندراج میں مبینہ جانبداری کے الزامات سامنے آئے تھے، ملزمہ مریم نے تشدد کے بعد متاثرہ خاتون کے خلاف ہی مقدمہ درج کرا دیا تھا، سوشل میڈیا پر وڈیو وائرل ہونے کے بعد عوام کی تنقید اور سخت ردعمل کے بعدڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے معاملے کی انکوائری کا حکم دیا تھا اور ایس ایس پی انویسٹیگیشن ساؤتھ کو تحقیقات کی ذمہ داری سونپی گئی تھی-

    تاہم تحقیقات کے بعد ملزمہ اور پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے تحقیقاتی رپورٹ میں واقعے میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف قانونی اور محکمانہ کارروائی کی سفارش کی گئی تھی واقعے کی تحقیقات کے لیے قائم تحقیقاتی کمیٹی نے اپنی مکمل رپورٹ ایڈیشنل آئی جی کراچی کو ارسال کی تھی،رپورٹ میں ایس ایس پی کورنگی فدا جانوری سمیت چار پولیس افسران کو غفلت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے قانونی اور محکمانہ کارروائی کی سفارش کی گئی تھی۔

    رپورٹ کے مطابق ایس ایس پی کورنگی کی جانب سے انتظامی غفلت برتی گئی، جس پر کارکردگی اور نظم و ضبط کے قواعد 2020 کے تحت کارروائی کی سفارش کی گئی،ضلع کورنگی کے جن پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی، ان میں ایس ایچ او درخشاں راشد علی، تفتیشی افسر عمران درخشاں اور پولیس موبائل افسر آفتاب منگی بھی شامل ہیں۔

    تحقیقاتی کمیٹی نے متاثرہ خاندان کے خلاف درج مقدمے کو بی کلاس قرار دے کر خارج کرنے اور متاثرہ خاندان کی مدعیت میں تشدد کے واقعے کا مقدمہ درج کرنے کی سفارش بھی کی تھی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ وڈیو میں متاثرہ خاندان کو تشدد کا نشانہ بنانے والے افراد ایس ایس پی کورنگی فدا جانوری کے قر یبی رشتے دار ہیں، تحقیقاتی رپورٹ کی سفارشات کے بعد اب ملزمہ مریم اور متعلقہ پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

  • بلوچستان کے عوام کا امن، خوشحالی اور فلاح و بہبود ریاستی کوششوں کا مرکزی محور ہے،فیلڈ مارشل

    بلوچستان کے عوام کا امن، خوشحالی اور فلاح و بہبود ریاستی کوششوں کا مرکزی محور ہے،فیلڈ مارشل

    چیف آف آرمی سٹاف اینڈ چیف آف ڈیفنس فورسز، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فیلڈ فارمیشنز کے کمانڈرز اور کمانڈنگ افسران سے ملاقات کی۔

    پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دورے کے موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو بلوچستان میں سیکیورٹی صورتحال، آپریشنل تیاریوں اور امن کے قیام کے لیے جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح کیا کہ بلوچستان کے عوام کا امن اور خوشحالی ریاست کی ترجیحات کا محور ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کوئٹہ پہنچے تو کمانڈر کوئٹہ کور نے ان کا استقبال کیا دورے کے دوران انہوں نے فیلڈ فارمیشنز کے کمانڈرز اور کمانڈنگ افسران سے بات چیت کی اور صوبے میں جاری آپریشنل معاملات کا جائزہ لیا فیلڈ مارشل کو صوبے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے جاری اقدامات پر جامع بر یفنگ دی گئی جبکہ ادارہ جاتی رابطہ کاری اور بلوچستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے معاونت سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے فوجی جوانوں کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیت، آپریشنل تیاری اور بے لوث عزم کو سراہا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر ریاستی اداروں کے درمیان مسلسل رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا انھوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کا امن، خوشحالی اور فلاح و بہبود ریاستی کوششوں کا مرکزی محور ہےمستحکم اور محفوظ ماحول صوبے میں ترقیاتی منصوبوں اور معاشی مواقع کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوتا رہے گا فیلڈ مارشل نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور افسران و جوانوں کی اپنے فرائض کی ادائیگی میں ثابت قدمی اور لگن کو سراہا۔

    پاک فوج بلوچستان میں امن و امان کی بحالی کے لیے مسلسل آپریشنز میں مصروف ہے صوبے کے قدرتی وسائل اور اسٹریٹیجک اہمیت کے پیش نظر، سی پیک سمیت متعدد ترقیاتی منصوبے یہاں زیرِ تکمیل ہیں، جن کی کامیابی کا انحصار پائیدار امن پر ہے۔

  • فلک جاوید جناح ہاؤس حملہ کیس میں گرفتار

    فلک جاوید جناح ہاؤس حملہ کیس میں گرفتار

    لاہور: پولیس نے پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ فلک جاوید کو جناح ہاؤس حملہ کیس میں گرفتار کرلیا۔

    پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کرکے انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے روبرو پیش کیا اور تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی لاہورکی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ملک عابد حسین نے پولیس کی درخواست پر سماعت کی،عدالت نے پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے ملزمہ فلک جاوید کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظورکرلیا،، پولیس کے مطابق تھانہ سرور روڈ میں فلک جاوید کے خلاف مقدمہ درج ہے۔

    اس سے قبل آج انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے زمان پارک کے باہر پولیس پر حملہ کیس میں فلک جاویدکی ضمانت منظور کی تھی،انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج ملک عابد حسین نے فلک جاوید کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کی،پراسیکیوشن کی جانب سے فلک جاوید کی ضمانت کی مخا لفت کی گئی فلک جاوید پر تھانہ ریس کورس میں پولیس پر حملہ سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے،فلک جاوید 9 مئی کےکیسز میں جیل میں قید ہیں۔

  • گزشتہ 66 برسوں کے دوران اگست 2026 چھٹا گرم ترین مہینہ قرار

    گزشتہ 66 برسوں کے دوران اگست 2026 چھٹا گرم ترین مہینہ قرار

    پاکستان میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ نےماہانہ کلائمٹ سمری جاری کردی-

    پاکستان میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں اگست کے دوران اوسط بارش 45.4 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جومعمول سے 23 فیصد کم رہی، اگست 2026 کے دوران ملک کا اوسط درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، جو معمول سے 0.9 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہے اور گزشتہ 66 برسوں کے دوران اگست کا چھٹا گرم ترین مہینہ قرار پایا ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں رات کے وقت کم سے کم اوسط درجہ حرارت 25.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے 0.9 ڈگری زیادہ اور گزشتہ 66 برسوں میں ساتواں گرم ترین رہا،اسی طرح دن کے وقت زیادہ سے زیادہ اوسط درجہ حرارت 36.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، جو معمول سے 0.8 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ اور اگست کے مہینے میں گزشتہ 66 برسوں کا ساتواں گرم ترین درجہ حرارت ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق اگست کے دوران ملک کا گرم ترین مقام بلوچستان کا شہر نوکنڈی رہا جہاں 20 اور 21 اگست کو پارہ 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، ماہ کا کم ترین درجہ حرارت 9.5 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا اگست کے دوران سب سے زیادہ بارش سندھ کے شہر مٹھی میں ہوئی جہاں 2 اگست کو 126 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی اور ماہانہ بنیاد پر راولپنڈی میں 586.6 ملی میٹر بارش کے ساتھ سب سے زیادہ مجموعی بارش ریکارڈ ہوئی۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ وسطی استوائی بحرالکاہل میں سمندری سطح کے درجہ حرارت میں تقریباً 2 سے 3 ڈگری سینٹی گریڈ اضافہ برقرار رہا جبکہ انڈین اوشن ڈائی پول بھی معمولی مثبت مرحلے میں ہے۔

  • ایتھنز میں ائیرشو کے دوران یونانی فضائیہ کا جنگی طیارہ گرکر تباہ ہوگیا

    ایتھنز میں ائیرشو کے دوران یونانی فضائیہ کا جنگی طیارہ گرکر تباہ ہوگیا

    یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں ائیرشو کے دوران یونانی فضائیہ کا ایک ایف 4 فینٹم جنگی طیارہ گرکر تباہ ہوگیا۔

    خبر ایجنسی کے مطابق یہ حادثہ ایتھنز میں جاری ایتھنز فلائنگ ویک کے دوران پیش آیا جس کے نتیجے میں وہاں آگ بھڑک اٹھی اور ہزاروں تماشائیوں کے سامنے فضا میں سیاہ دھویں کے ہولناک بادل بلند ہونے لگے آگ پر قابو پانے کے لیے 11 پانی چھڑکنے والے طیاروں اور ہیلی کاپٹروں نے 85 فائر فائٹرز کے ساتھ امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔

    یونانی فضائیہ کے ایک اہلکار نے حادثےکی تصدیق کی ہے تاہم دو نشستوں والے طیارےکے پائلٹوں کے حوالے سےکوئی اطلاع سامنے نہیں آئی، خبر ایجنسی کا کہنا ہےکہ حادثے میں شائقین میں سےکوئی زخمی نہیں ہوا۔

  • ورلڈ نومیڈ گیمز : پاکستانی ایتھلیٹس کی شاندار کارکردگی، 4 کانسی کے تمغے جیت لیے

    ورلڈ نومیڈ گیمز : پاکستانی ایتھلیٹس کی شاندار کارکردگی، 4 کانسی کے تمغے جیت لیے

    کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں منعقدہ چھٹے ورلڈ نومیڈ گیمز میں پاکستان نے رسہ کشی اور ماس ریسلنگ کے مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کانسی کے تمغے جیت لیے ہیں۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق رسہ کشی (ٹگ آف وار) کے 11 ایکس مقابلے میں طیب رضا اعوان نے زبردست کھیل پیش کرتے ہوئے روس، جارجیا اور برطانیہ کے کھلاڑیوں کو یکے بعد دیگرے شکست دی، جبکہ تیسری پوزیشن کے فیصلہ کن میچ میں ایرانی حریف کو پچھاڑ کر کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔

    اسی طرح 88 ایکس رسہ کشی کے ٹیم ایونٹ میں بھی پاکستان نے روایتی حریف بھارت سمیت دیگر ممالک کے خلاف شاندار کھیل پیش کیا اور بالآخر ایران کو ہرا کر ایک اور کانسی کا تمغہ حاصل کیا،اس ایونٹ کے دوران پاکستانی ٹیم کا مقابلہ برطانیہ، روس، جنوبی کوریا، قازقستان، کرغزستان، برازیل اور جارجیا جیسی مضبوط ٹیموں سے ہوا، جہاں قومی کھلاڑیوں نے شاندار مزاحمت اور طاقت کا مظاہرہ کیا۔

    ماس ریسلنگ کے میدان میں بھی پاکستانی ایتھلیٹس نے ملک کا نام روشن کیا 90 کلوگرام کیٹیگری میں محمد عاصم نے ایک سخت مقابلے کے بعد ایرانی ریسلر کو شکست دے کر تیسرا کانسی کا تمغہ جیتا، جبکہ خواتین کی 90 کلوگرام پلس کیٹیگری میں اقرا نصیب نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے مزید ایک کا نسی کا تمغہ جیت کر پاکستان کے تمغوں کی مجموعی تعداد 4 کر دی۔

    ورلڈ نومیڈ گیمز دراصل وسطی ایشیا اور خانہ بدوش قوموں کی ثقافت اور روایتی کھیلوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا ایک بڑا عالمی ایونٹ ہے،سال 2014 میں شروع ہونے والے ان کھیلوں کا یہ 6 واں ایڈیشن تھا، جس میں دنیا بھر سے آئے کھلاڑیوں نے روایتی کشتی، تیر اندازی، گھڑ دوڑ اور رسہ کشی جیسے قدیم اور مقامی کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے، پاکستان کی ان کھیلوں میں بھرپور شرکت اور کامیابی روایتی کھیلوں سے ملک کی جڑی ہوئی تاریخ اور لگاؤ کی عکاس ہے۔

  • نئے صوبوں کا قیام:سیاسی محاذ آرائی کی بجائےمل بیٹھ کر سنجیدہ، بامقصد اور نتیجہ خیز مشاورت کرنی چاہیے،چوہدری شجاعت حسین

    نئے صوبوں کا قیام:سیاسی محاذ آرائی کی بجائےمل بیٹھ کر سنجیدہ، بامقصد اور نتیجہ خیز مشاورت کرنی چاہیے،چوہدری شجاعت حسین

    پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام جیسے اہم قومی معاملے کو سیاسی محاذ آرائی کا موضوع بنانے کے بجائے تمام فریقین کو مل بیٹھ کر سنجیدہ، بامقصد اور نتیجہ خیز مشاورت کرنی چاہیے۔

    اپنے ایک بیان میں چوہدری شجاعت حسین نے کہاکہ نئے صوبوں کا قیام کسی ایک جماعت، گروہ یا علاقے کا مسئلہ نہیں بلکہ اس کا تعلق براہِ راست عوام کی سہولت، بہتر طرزِ حکمرانی، انتظامی کارکردگی اور ملکی مستقبل سے ہے، اس لیے نئے صوبوں کے معاملے پر فیصلہ سیاسی مفادات یا وقتی نعرے کی بنیاد پر نہیں بلکہ زمینی حقائق اور عوامی ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے ہونا چاہیے۔

    واضح رہے کہ آج وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نئے انتظامی یونٹس بنانے یا نہ بنانے کا فیصلہ کسی ایک شخص، حکومت یا سیاسی جماعت کی مرضی سے نہیں بلکہ عوام کی خواہش اور آئینی طریقہ کار کے مطابق ہونا چاہیے، پاکستان کی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر انتظامی ڈھانچے پر ازسرنو غور کی ضرورت ہے تاہم کوئی بھی اقدام آئین سے ماورا نہیں ہوگا، اگر پاکستان کے عوام نئے انتظامی یونٹس چاہتے ہیں تو یہ بننے چاہییں اور اگر عوام نہیں چاہتے تو انہیں مسلط نہیں کیا جانا چاہیے، یہ فیصلہ نہ کسی ایک شخص کا ہے، نہ حکومت کا اور نہ کسی ایک سیاسی جماعت کا، عوام کی رائے کو مقدم رکھنا ہوگا۔

    دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق وفاقی وزیر سعد رفیق نے کہاکہ یہ نہیں ہوسکتا کہ پنجاب کو تو تقسیم کردیا جائے اور باقی صوبوں کو دیکھا تک نہ جائے میں بڑی صاف بات کرتا ہوں، چھوٹے صوبوں کا حامی ہوں، لیکن جو بھی ہوگا سب کے ساتھ ہوگاپنجاب بہت بار تقسیم ہوا ہے، اب بھی اس کے لیے تیار ہے، لیکن یہ میری ذاتی رائے ہے، بلوچستان کا وزیراعلیٰ نکلتا ہے تو اسے واپس آنے میں 2 دن لگتے ہیں، جبکہ سندھ کے آخر پر بیٹھا شخص کراچی جا ہی نہیں سکتا۔

    علاوہ ازیں وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی ناگزیر ہے جبکہ انہوں نے نئے صوبوں کے معاملے پر پیپلز پارٹی کے متضاد مؤقف پر بھی تنقید کی تھی ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سرائیکی صوبے پر پیپلز پارٹی حمایت یا نرم گوشہ رکھتی ہے جبکہ انتظامی یونٹس کی بات پر سندھو دیش کی بات شروع ہو جاتی ہے۔

    خواجہ آصف کا یہ بیان گزشتہ روز متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کو سندھودیش اور پاکستان میں تمام علیحدگی پسند تحریکوں کے خلاف سندھ اسمبلی میں ایک قرارداد پیش کرنے کی اجازت نہ ملنے کے بعد سامنے آیا تھا،ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی پالیسی کے پیچھے کچھ اور دیکھتا ہوں جس کی تشریح وقت آنے پر کروں گا۔

  • افغان شہریوں کے لیے ویزوں کے دوبارہ اجرا کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا،پاکستان

    افغان شہریوں کے لیے ویزوں کے دوبارہ اجرا کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا،پاکستان

    پاکستان نے افغانستان کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حکومت پاکستان نے انسانی بنیادوں پر ویزوں کا دوبارہ اجرا شروع کرنے کا کوئی اعلان نہیں کیا اور نہ ہی مستقبل قریب میں ایسا کرنے کا کوئی ارادہ ہے۔

    پاکستان کی جانب سے جاری ردعمل میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے کئی دہائیوں تک انسانی بنیادوں پر افغان شہریوں کو پناہ فراہم کی، لیکن اس کے جواب میں پاکستان کو شکریہ کے تحفے کے طور پر دہشتگردی ہی ملی، پاکستان کی سول اور عسکری قیادت ایک صفحے پر ہے اور افغانستان کو اپنی سرزمین سے سرگرم دہشتگرد گروہوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرنا ہوگی جب تک ایسا نہیں ہوتا، افغانستان کے ساتھ ہر قسم کا رابطہ معطل رہے گا۔

    پاکستان کے مطابق، جب تک افغانستان اپنی سرزمین سے پاکستان کے خلاف سرگرم دہشت گرد گروہوں کے خلاف عملی اور موثر کارروائی نہیں کرتا، دو طرفہ تعلقات اور رابطوں میں لچک پیدا نہیں کی جا سکتی۔

    پاکستان نے واضح کیا ہے کہ حکومت کی پہلی ترجیح اپنے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور قومی سلامتی ہے، انسانی ہمدردی کے تقاضے قومی سلامتی کی قیمت پر پورے نہیں کیے جا سکتے افغانستان سے مسلسل سرحد پار دہشتگردی کے پیش نظر پاکستان قبل از وقت ویزا سہولیات دوبارہ شروع کرکے سیکیورٹی خطرات مول نہیں لے سکتا۔

    پاکستان نے کہا ہے کہ افغانستان کے عوام کو افغان طالبان حکومت سے مطالبہ کرنا چاہیے کہ وہ اپنی سرزمین پر ان کی سرپرستی میں پروان چڑھنے والی د ہشتگرد تنظیموں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرے،ایک پاکستانی فرد کی جان و سلامتی پورے افغانستان سے زیادہ اہم ہے،یہ تمام مسائل ا فغان طالبان حکومت کی دہشتگردی کی سرپرستی کرنے والی پالیسیوں کا نتیجہ ہیں، جو اپنے عوام کی فلاح و بہبود کے بجائے دہشتگردی میں ملوث اپنے بھا ئیوں کو ترجیح دیتی ہے۔