Baaghi TV

Tag: تازہ ترین

  • اسحاق ڈار کی کرغزستان کے وزیر خارجہ سے ملاقات،علاقائی صورتحال اور کثیرالجہتی تعاون پر تبادلہ خیال

    اسحاق ڈار کی کرغزستان کے وزیر خارجہ سے ملاقات،علاقائی صورتحال اور کثیرالجہتی تعاون پر تبادلہ خیال

    نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کرغزستان کے وزیر خارجہ ژین بیک کلوبایف سے ملاقات میں پاکستان اور کرغزستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور کثیرالجہتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    مذکورہ ملاقات وزیراعظم شہباز شریف کی بشکیک میں کرغزستان کے صدر صادیر ژاپاروف سے ملاقات سے قبل ہوئی اسحاق ڈار نے کرغز وزیر خارجہ کو شنگھائی تعاون تنظیم کی کامیاب سربراہی اور ایس سی او سربراہی اجلاس کی مؤثر میزبانی پر مبارکباد بھی دی۔

    اسحاق ڈار نے ورلڈ نومیڈ گیمز کے چھٹے ایڈیشن کی افتتاحی تقریب کی کامیاب میزبانی پر بھی کرغزستان کو مبارکباد دیتے ہوئے ایس سی او کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے کرغز قیادت کی کاوشوں کو سراہا،اور اس موقع پر پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کرغزستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط اور وسیع کیا جائے گا،انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، علاقائی روابط، سیکیورٹی اور عوامی سطح پر روابط سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

    کرغز وزیر خارجہ ژین بیک کلوبایف نے پاکستان کو 27-2026 کے لیے ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کی صدارت سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان تنظیم کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں مؤثر قیادت فراہم کرے گا،کرغزستان پاکستان کے ساتھ اپنے قریبی اور دوستا نہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے تیار ہے۔

    دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی اور عالمی سطح پر ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور امن، استحکام اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ کے لیے ایس سی او سمیت دیگر کثیرالجہتی فورمز پر قریبی رابطہ اور تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

  • مکہ معاہدے کے تحت تعاون کو مزید ادارہ جاتی شکل دینے پر  اتفاق ہوا ہے، دفتر خارجہ

    مکہ معاہدے کے تحت تعاون کو مزید ادارہ جاتی شکل دینے پر اتفاق ہوا ہے، دفتر خارجہ

    دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نےبتایاہے کہ پاکستان آئندہ سال ایس سی او کی سربراہی کے دوران اسلام آباد میں تنظیم کے سربراہی اجلاس کی میزبانی بھی کرے گا۔

    طاہر اندرابی نے بتایا کہ 31 اگست کو مکہ معاہدے کے تحت قائم کمیٹی کا اجلاس استنبول میں ہوا، جس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا،انہوں نے کہا کہ اس تعاون کا سیکریٹریٹ سعودی عرب میں قائم کیا جائے گا جبکہ پاکستان 3 سال تک سیکریٹری جنرل کی ذمہ داری سنبھالے گا،مکہ معاہدے کا نام تبدیل نہیں کیا گیا بلکہ مختلف زبانوں، بشمول ترکی، عربی اور انگریزی، میں اس کے حوالے سے استعمال کا معاملہ ہے۔

    میڈیا بریفنگ میں دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے بتایا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے سیاسی، اقتصادی، سلامتی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے اور علاقائی و عالمی معاملات پر مشترکہ کوششوں کے ذریعے امن و استحکام کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا ہے تینوں ممالک نے علاقائی امن، استحکام اور کشیدگی میں کمی کے لیے مل کر کام کرنے، تحمل کا مظاہرہ کرنے اور بحرانوں کا حل بات چیت اور سفارتکاری کے ذریعے تلاش کرنے پر اتفاق کیا ہےمکہ معاہدے کے تحت تعاون کو مزید ادارہ جاتی شکل دینے پر بھی اتفاق ہوا ہے، جس میں باہمی یکجہتی اور دفاعی تعاون شامل ہیں-

    ترجمان نے بتایا کہ جبکہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ صنعتی تعاون اور مشترکہ ٹیکنالوجی کی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیں گے،تینوں ممالک کی مسلح افواج بھی علاقائی امن اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی، وزیراعظم شہباز شریف نے بشکیک میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جبکہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی۔ پاکستان مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے ایران امریکا تنازع کے حل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہنا درست نہیں کہ پاکستان کی ثالثی کوششیں ناکام ہوگئی ہیں۔ جب دونوں فریق جارحیت کی منطق کو سمجھتے ہوئے مذاکرات کی طرف واپس آئیں گے تو اسلام آباد مفاہمت کے تحت بات چیت آگے بڑھ سکتی ہے۔

    سندھ طاس معاہدے سے متعلق ترجمان نے کہا کہ ہیگ میں بین الاقوامی ثالثی عدالت کا فیصلہ پاکستان کے مؤقف کی بھرپور تائید کرتا ہے اور پاکستان اسے خوش آئند قرار دیتا ہےبھارت کی جانب سے فیصلے کو مسترد کرنا بین الاقوامی قوانین اور معاہدات کے تقدس کی خلاف ورزی ہے۔ بھارت اپنی سہولت کے مطابق بین الاقوامی فیصلوں کو قبول یا مسترد نہیں کرسکتا ان کے بقول سندھ طاس معاہدے کے بارے میں عدالت کا فیصلہ بہت واضح ہے اور اسے مسترد کرنا بھارت کے لیے فردِ جرم کے مترادف ہے-

    ترجمان نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کا جائزہ لینے کے لیے بین الاقوامی ماہرین کی کوئی ٹیم پاکستان آرہی ہے یا نہیں، اس بارے میں انہیں معلومات نہیں، افغانستان کے لیے چین کے نمائندہ خصوصی اسلام آباد کے دورے پر تھے اور انہوں نے افغانستان کے لیے پاکستان کے مستقل نمائندے سفیر محمد صادق سے ملاقات کی۔

    انہوں نے بتایا کہ افغان ناظم الامور کا نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں خطاب ایک روایتی خطاب تھا، سفیر اور سفارت کار اس طرح یونیورسٹیوں میں جاتے رہتے ہیں، اس سے زیادہ اخذ کرنے کی کوشش نہیں کی جانی چاہیے۔ انہوں نے افغان سفیر کے این ڈی یو خطاب کو ’نان ایشو‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ افغان سفیر نے ٹوئٹر پر کیا پوسٹ کیا ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے اپنے ہم منصبوں، شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں، جبکہ استنبول میں ترکیہ کے وزیر دفاع سے بھی ملاقات ہوئی، مختلف اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے پاکستان کے امن، تحمل، مذاکرات اور سفارت کاری کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد مفاہمت علاقائی دیرپا امن و استحکام کے لیے سب سے قابلِ عمل راستہ ہے جبکہ پاکستان آئندہ سال ایس سی او کی سربراہی کے دوران اسلام آباد میں تنظیم کے سربراہی اجلا س کی میزبانی بھی کرے گا۔

  • گزشتہ ایک ماہ کے دوران طالبان کیخلاف کارروائیاں،74 طالبان ہلاک اور 35 زخمی،افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ

    گزشتہ ایک ماہ کے دوران طالبان کیخلاف کارروائیاں،74 طالبان ہلاک اور 35 زخمی،افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ

    افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران ملک کے 14 صوبوں میں طالبان کے خلاف کم از کم 43 کارروائیاں کیں، جن میں 74 طالبان ارکان ہلاک اور 35 زخمی ہوئے۔

    افغان انٹرنیشنل کے مطابق یونائیٹڈ فرنٹ نے یکم اگست سے اگست کے اختتام تک جاری رہنے والی کارروائیوں کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ حملوں میں ان طالبان ارکان کو نشانہ بنایا گیا جن پر افغان شہریوں کی گرفتاری، تشدد اور ہراساں کرنے کے الزامات ہیں۔

    یونائیٹڈ فرنٹ کے ترجمان ہلال کاکڑ نے ویڈیو بیان میں بتایا کہ سب سے اہم کارروائی قندھار میں طالبان کے ایک فوجی کور پر براہِ راست حملہ تھا، جبکہ سب سے بڑا حملہ ہلمند کے ضلع نوزاد میں ایک فوجی اڈے پر کیا گیا،کارروائیوں میں طالبان کو بھاری جانی نقصان پہنچا جبکہ فرنٹ کے جنگجوؤں نے کچھ گولہ بارود بھی قبضے میں لیا،فرنٹ افغان عوام کو طالبان سے نجات دلانے اور ایک خوشحال و آزاد افغانستان کے قیام کے لیے جدوجہد جاری رکھے گا۔

    یونائیٹڈ فرنٹ نے کہا ہے کہ طالبان حکومت کے خاتمے اور عوام کی مرضی پر مبنی نظام حکومت کی بحالی تک وہ ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہے فرنٹ نے گزشتہ ماہ قندھار، ہلمند، بادغیس، غور اور فریاب سمیت مختلف علاقوں میں حملوں کی ویڈیوز بھی جاری کیں، جن میں مبینہ طور پر ہلاک طالبان ارکان کی لاشیں دکھائی گئی ہیں۔

    سابق افغان فوجی کمانڈر سمیع سادات کی قیادت میں یونائیٹڈ فرنٹ نے یکم اگست کو طالبان اور دیگر مسلح گروہوں کے خلاف فوجی کارروائیوں کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔

  • لاہور: ٹریفک وارڈن کی مبینہ غفلت نے موٹر سائیکل سوار کی جان لےلی

    لاہور: ٹریفک وارڈن کی مبینہ غفلت نے موٹر سائیکل سوار کی جان لےلی

    لاہور میں ٹریفک وارڈن کی مبینہ غفلت نوجوان کی جان لے گئی، شادمان مارکیٹ یوٹرن کے قریب ڈیوٹی پر مامور ٹریفک وارڈن بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سوار کو روکنے کے لیے اچانک بیچ سڑک میں آ گیا، اور تیر رفتار بائیک وارڈن سے ٹکرا کر گری۔

    واقعہ 26 اگست کو پیش آیا تھا، جس میں ٹریفک اسسٹنٹ زخمی ہوا، جب کہ شہری اسپتال میں دم توڑ گیا، سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے،جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 30 سالہ زین اہلکار سے ٹکرانے کے بعد توازن برقرار نہ رکھ سکا تھا اور اس کا سر فٹ پاتھ سے ٹکرا گیا، سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار کو روکنے پر ٹریفک اسسٹنٹ سلطان الحق اور موٹر سائیکل سوار حادثے کا شکار ہوئے، دونوں زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

    اس واقعے کی فوٹیج خود سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے شیئر کی ہے، فوٹیج میں ٹریفک اہلکار کو نہایت غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سڑک کے درمیان آ کر موٹر سائیکل روکنے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جس کے بعد موٹر سائیکل سوار کا توازن بگڑا اور وہ گر گیا۔

    ترجمان ٹریفک ہولیس کے مطابق ٹریفک اسسٹنٹ سلطان الحق کو طبی امداد کے بعد اسپتال سے گھر روانہ کر دیا گیا تھا، تاہم زخمی موٹر سائیکل سوار زین پانچ روز سروسز اسپتال میں زیرِعلاج رہنے کے باوجود جاں بر نا ہو سکا نوجوان کا سر فٹ پاتھ سے ٹکرا گیا تھا، جس سے وہ شدید طور پر زخمی ہو گیا تھا۔

    پولیس لاش سروسز اسپتال سے جنرل اسپتال لے گئی ہے، اور تاحال فیملی کے حوالے نہیں کی گئی ہے،اہلکار کی شدید غفلت کے باوجود ٹریفک پولیس نے واقعے کے نتائج سے اپنی جان چھڑانے کے لیے متاثرہ نوجوان کے خلاف پولیس اہلکار کو زخمی کرنے کی دفعات کے تحت مقدمہ بھی درج کر لیا، جس پر متاثرہ نوجوان کی والدہ نے مقدمے کے اخراج کے لیے درخواست بھی دی لیکن بے سود رہی، والدہ نے کہا کہ حادثے کے ذمہ دار ٹریفک وارڈن کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی دوسری طرف پولیس نے دکھایا کہ مرنے والا خود ہی قصور وار تھا-

    اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ محمد زین ایک نجی کمپنی میں الیکٹریشن کے طور پر کام کرتا تھا اور واقعے سے صرف تین ہفتے قبل ہی اس کی منگنی ہوئی تھی۔ متوفی کی والدہ نے انصاف نہ ملنے اور لاش کی عدم فراہمی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں مبینہ طور پر کہا جا رہا ہے کہ ہم تحریری طور پر یہ بیان دیں کہ حادثے میں غلطی زین کی تھی، جس کے بعد ہی لاش ہمارے حوالے کی جائے گی، جبکہ میت اس وقت جنرل اسپتال میں موجود ہے۔

    جاں بحق ہونے والے نوجوان زین کے بھائی ایاز نے تھانہ شادمان اور ڈی آئی جی آفس میں درخواست جمع کرائی ہے، جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ ٹریفک اسسٹنٹ کی مبینہ حرکت کے باعث زین موٹر سائیکل سے گرا اور اسے سر کی مہلک چوٹ آئی۔

    درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی ریکارڈنگ میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ اہلکار نے نوجوان کو دھکا دیا، جبکہ زین کے دفتری ساتھیوں اور راہگیروں نے بھی پوری صورتحال اپنی آنکھوں سے دیکھی ہے۔

    اس کے علاوہ اہلِ خانہ نے زین کا سامان، رقم، شناختی کارڈ اور ڈرائیونگ لائسنس واپس کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہےمتوفی کے ورثا نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے اور شفاف تحقیقات کے بعد ذمہ دار اہلکار کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

    اہل خانہ نے ٹریفک اسسٹنٹ اور سینئر ٹریفک وارڈن کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ان کا کہنا ہے کہ ٹریفک اسسٹنٹ سڑک کے درمیان آیا اور چلتی موٹر سائیکل کو دھکا دیا، جس کے نتیجے میں زین گر کر شدید زخمی ہو گیا،دوسری طرف سی ٹی او نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی صدر زون کو انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔

  • گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کا خدشہ، این ڈی ایم اے کا الرٹ

    گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کا خدشہ، این ڈی ایم اے کا الرٹ

    اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے بارشوں اور بڑھتے درجہ حرارت کے باعث گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے سے ممکنہ سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

    این ڈی ایم اے الرٹ کے مطابق غذر، ہنزہ، نگر، شگر، گلگت، روندو، دیامر، استور، سکردو اور وادی نیلم کے علاقے حساس قرار دیئے گئے ہیں، جہاں گلیشیا ئی جھیلوں کے پھٹنے سے اچانک سیلاب کا خطرہ موجود ہے، این ڈی ایم اے نے چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان اور مانسہرہ میں بھی سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے سے خبردار کر دیا۔

    دوسری جانب نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای او سی) نےپوٹھوہار اور بالائی خیبرپختونخوا میں تیز بارشوں کاالرٹ جاری کر دیا،اسلام آباد،راولپنڈی، اٹک ، جہلم اور مری میں 2 سے 5 ستمبر کے دوران شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے،دیر، سوات، بونیر، ملاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، صوابی اور پشاور میں بھی شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے باعث شہری علاقوں میں اچانک سیلاب جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

    این ڈی ایم اے نے شہریوں کو گلیشیئرز سے آنے والے دریاؤں، ندی نالوں، نشیبی علاقوں اور خطرناک پہاڑی مقامات سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے ادارے نے عوام پر زور دیا ہے کہ موسم اور ممکنہ خطرات سے متعلق سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔

  • ایف بی آر کے 16 اعلیٰ افسران کی دہری شہریت کا انکشاف

    ایف بی آر کے 16 اعلیٰ افسران کی دہری شہریت کا انکشاف

    فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے 16 اعلیٰ افسران کے پاس دہری شہریت یا بیرون ملک مستقل سکونتی کارڈز ہونے کا انکشاف ہوا ہے-

    نجی خبررساں ادارے کے مطابق ایف بی آر کے تمام افسران کو 8 جولائی تک اپنی دہری شہریت یا غیرملکی مستقل رہائش سے متعلق معلومات جمع کرانے کا حکم دیا گیا تھا، تاہم پانچ ماہ گزرنے کے باوجود متعدد افسران نے مطلوبہ ڈیکلریشن جمع نہیں کرایا، یکم جون کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے جاری کردہ ایس آر او کے تحت تمام سرکاری افسران کو اپنی غیرملکی شہریت، گرین کارڈ یا مستقل رہائش سے متعلق ڈیکلریشن جمع کرانے کا پابند کیا گیا تھا۔

    دستاویزات کے مطابق رولز 2026 کے تحت تمام سرکاری افسران اپنی غیرملکی شہریت ظاہر کرنے کے پابند ہیں، غلط معلومات فراہم کرنا یا مطلوبہ ڈیکلریشن جمع نہ کرانا سول سرو نٹس (ایفی شنسی اینڈ ڈسپلن) رولز 2020 کے تحت مس کنڈکٹ تصور کیا جاتا ہے غیرملکی شہریت یا مستقل رہائش رکھنے وا لے 16 افسران میں ان لینڈ ریونیو سروسز کے 10 اور پاکستان کسٹمز سروس کے 6 افسران شامل ہیں، گریڈ 20 کے دس افسران کے پاس دہری شہریت اور گرین کارڈز رکھنے کا انکشاف ہوا۔ جبکہ گریڈ 19 کے پانچ افسران کے پاس دہری شہریت موجود ہے۔

    گریڈ 21 کے افسر سجاد اعظم دہری شہریت رکھتے ہیں اور پاکستان کسٹم سروس کی زہرہ حیدر بھی دہری شہریت کی حامل ہیں، گریڈ 20 کی طیبہ بخاری اور گریڈ 17 کی فروا بتول کے پاس دہری شہریت ہونے کا انکشاف ہو اہے،دوہری شہریت رکھنے والے افسران میں جمشید تالپور، سلمی شاہین، ارم شبیر، شازیہ میمن، آمنہ فیض، نعیم بابر اور اسفندیار جنجوعہ شامل ہیں، مسعود ہمایوں، باسط حسین اور مصباح کھٹانہ کے پاس بھی دہری شہریت ہے۔

  • نالہ لئی میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ، پری الرٹ جاری

    نالہ لئی میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ، پری الرٹ جاری

    جڑواں شہروں میں بارش کے نئے سلسلے کے بعد نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونا شروع ہوگئی جبکہ کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 11.5 فٹ تک پہنچنے پر پری الرٹ جاری کردیا گیا۔

    انتظامیہ کے مطابق کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، جبکہ 15.7 فٹ پر باقاعدہ الرٹ جاری کیا جائے گا،دوسری جانب گوالمنڈی کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح 3.5 فٹ ریکارڈ کی گئی جہاں پانی کی سطح میں اضافہ جاری ہے،سیدپور میں سب سے زیادہ 45 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ اسلام آباد کے ایچ ایٹ میں 30 ملی میٹر بارش ہوئی۔

    نیو کٹاریاں میں 13 اور شمس آباد میں 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ گولڑہ، پیرودھائی اور بوکرا میں 5، 5 ملی میٹر بارش ہوئی۔ کچہری اور گوالمنڈی میں بھی 4، 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، بارش کا موجودہ سلسلہ صبح 5 بجے شروع ہوا اور نالہ لئی کے بیسن میں اوسطاً 16 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، نالہ لئی میں پانی کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے اور کٹاریاں کے مقام پر پری الرٹ بدستور برقرار ہے۔

  • دورہ چین کا مقصد پنجاب کو مصنوعی ذہانت کی دنیا کا ہب بنانا ہے،مریم نواز شریف

    دورہ چین کا مقصد پنجاب کو مصنوعی ذہانت کی دنیا کا ہب بنانا ہے،مریم نواز شریف

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ڈیرہ غازی خان کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں سیاسی صورتحال، امن و امان اور عوامی مسائل سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات کرنے والوں میں احمد خان لغاری، علی احمد لغاری، اسامہ عبدالکریم، حنیف پتافی، اسامہ لغاری اور صلاح الدین خان شامل تھے،اس موقع پر ارکان صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو کامیاب دورہ چین پر مبارکباد پیش کی اور ڈیرہ غازی خان میں الیکٹروبس سروس شروع کرانے پر خراج تحسین پیش کیا، ارکان اسمبلی نے کہا کہ ڈی جی خان میں الیکٹروبس سروس گیم چینجر منصوبہ ہے، ڈیرہ غازی خان کے عوام اس سروس کے اجرا پر وزیراعلیٰ کے ممنون ہیں۔

    ارکان اسمبلی نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی مؤثر پالیسیوں کے تحت ڈیرہ غازی خان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہورہی ہے کچے کے علاقے میں پہلی بار امن و امان کی صورتحال میں بہتری پنجاب میں گڈ گورننس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

    وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ارکان اسمبلی کو اپنے اپنے حلقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر مانیٹرنگ یقینی بنانے کی ہدایت کی،مریم نواز شریف نے کہا کہ دورہ چین کا مقصد پنجاب کو مصنوعی ذہانت کی دنیا کا ہب بنانا ہے پنجاب میں بھی جلد چینی طرز پر کینسر اور دیگر امراض کی تشخیص کے لیے جدید طریقہ علاج متعارف کرایا جارہا ہے۔

    وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں الیکٹروبسوں کے ذریعے عوام کو سفر کرتے دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے۔ تاریخ میں پہلی بار لاہور کی طرز پر دیگر علاقوں میں بھی بڑے ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں،ڈیرہ غازی خان سمیت دیگر شہروں میں سڑکوں، ڈرینج، واٹر سپلائی اور بیوٹی فکیشن کے منصوبے جاری ہیں۔

  • پی سی بی کا سلیکشن کمیٹی کے رکن کو شوکاز نوٹس، محمد رضوان اور امام الحق کی سلیکشن پر جواب طلب

    پی سی بی کا سلیکشن کمیٹی کے رکن کو شوکاز نوٹس، محمد رضوان اور امام الحق کی سلیکشن پر جواب طلب

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے سلیکشن کمیٹی کے ایک رکن کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے محمد رضوان اور امام الحق کی ٹیسٹ اسکواڈ میں سلیکشن پر وضاحت طلب کرلی۔

    ذرائع کے مطابق ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے دوروں کے لیے کھلاڑیوں کے انتخاب پر اعتراضات سامنے آنے کے بعد پی سی بی نے سلیکشن کمیٹی سے کھلاڑیوں کے انتخاب کی وجوہات، معیار اور کارکردگی سے متعلق تحریری وضاحت مانگ لی ہے،سلیکشن کمیٹی کے رکن کو ہدایت کی گئی ہے کہ شوکاز نوٹس موصول ہونے کے 24 گھنٹوں کے اندر جواب جمع کرایا جائے۔

    پی سی بی نے معاملے کو انتہائی اہم اور ہنگامی بنیادوں پر نمٹانے کی ہدایت کی ہے، شوکاز نوٹس چیف آپریٹنگ آفیسر سمیع احمد سید کی جانب سے جاری کیا گیا۔

    دوسری جانب سابق کپتان مصباح الحق نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی سلیکشن کمیٹی سے استعفیٰ دے دیا ہے ذرائع کے مطابق انہوں نے انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ سے قبل کھلاڑیوں کی سلیکشن کے معاملے پر اختلافات کے بعد عہدے سے علیحدگی کا فیصلہ کیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ سیریز کے لیے انگلینڈ بھیجے جانے والے کھلاڑیوں کے حوالے سے مصباح الحق سے مشاورت نہیں کی گئی، جس پر انہوں نے تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ ای میل کے ذریعے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو بھجوایا۔

    مصباح الحق اس سے قبل قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کی ذمہ داریاں بھی انجام دے چکے ہیں اور حالیہ عرصے میں قومی ٹیم کے انتخاب کے عمل کا حصہ تھے۔

  • ایران کی موجودہ ترجیح نہ جنگ ہے اور نہ ہی مذاکرات،محمد رضا نقدی

    ایران کی موجودہ ترجیح نہ جنگ ہے اور نہ ہی مذاکرات،محمد رضا نقدی

    ایران کے سپریم لیڈر کے عسکری مشیر جنرل محمد رضا نقدی نے ایران کی میزائل صلاحیتوں میں کمی کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے 90 فیصد سے زائد میزائل بدستور موجود اور محفوظ ہیں۔

    الجزیرہ نے ایرانی خبر رساں ادارے کے حوالے سے بتایا ہے کہ محمد رضا نقدی نے جنگ کے بعد ایران کی فوجی تنصیبات اور دفاعی پیداوار کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جن مراکز کو جنگ کے دوران نقصان پہنچا تھا، انہیں نئے اور نسبتاً محفوظ مقامات پر منتقل کرکے دوبارہ فعال کردیا گیا ہے،اور ہ جو میزائل کم ہوئے وہ جنگ کے دوران داغے گئے تھے اور ان کی جگہ نئے میزائل حاصل کر لیے گئے ہیں،جبکہ ایران کا میزائل بنانے کا نظام خود کفیل اور طویل عرصے تک برقرار رہنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    ایرانی عہدیدار کے مطابق ان مراکز میں جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جارہی ہے، جبکہ بعض مقامات پر دفاعی پیداوار کی رفتار جنگ سے پہلے کے مقابلے میں بھی زیادہ ہے ان کا دعویٰ ہے کہ جنگ کے دوران فوجی تنصیبات کو پہنچنے والے نقصان کے باوجود ایران نے اپنی دفاعی پیداواری صلاحیت بحال کر نے میں تیزی دکھائی ہے۔

    بریگیڈیئر جنرل محمد رضا نقدی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاسداران انقلاب اور ایرانی حکومت کے درمیان تعلقات مضبوط ہیں۔ ان کے مطابق دونوں اداروں کے درمیان تعاون اور رابطہ برقرار ہے اور ملک کی موجودہ صورتحال میں کسی قسم کی اندرونی تقسیم نہیں ہے۔

    محمد رضا نقدی کے مطابق ایران کی موجودہ ترجیح نہ جنگ ہے اور نہ ہی مذاکرات، بلکہ ملک کے لیے ایسی قوت قائم کرنا ہے جس کے باعث کسی بھی مخالف کو ایران کے خلاف فوجی کارروائی سے پہلے کئی مرتبہ سوچنا پڑے،ایران کا مقصد جنگ شروع کرنا نہیں بلکہ اپنی دفاعی صلاحیت اس حد تک مضبوط کرنا ہے کہ کسی بھی ممکنہ حملے کو روکا جاسکےمضبوط دفاعی بازدار قوت خطے میں مستقبل کے تنازعات کے امکانات کم کرسکتی ہے۔

    انہوں نے امریکا کو بھی خبردار کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن کے مفاد میں یہ نہیں کہ وہ ایران کے ساتھ ایک اور بڑے فوجی تنازع میں داخل ہو۔ ان کے مطابق کسی نئے بڑے تنازع کے نتیجے میں امریکا کو بھی بھاری سیاسی، فوجی اور دیگر نقصانات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

    تاہم ایرانی عہدیدار کی جانب سے فوجی مراکز کی بحالی اور پیداوار میں اضافے سے متعلق دعوؤں کی آزاد ذرائع سے فوری طور پر تصدیق سامنے نہیں آئی۔

    امریکی میڈیا میں شائع ہونے والی حالیہ رپورٹس نے ایران کی میزائل اور ڈرون صلاحیتوں کو تباہ کرنے سے متعلق وائٹ ہاؤس کے دعووں پر سوالات اٹھائے ہیں،امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی فوجی کارروائیاں ایران کے زیرِ زمین میزائل نیٹ ورکس اور ڈرون لانچنگ پلیٹ فارمز کو مکمل طور پر غیر مؤثر بنانے میں کامیاب نہیں ہوئیں۔ تاہم مسلسل ایرانی حملوں کو روکنے کی کوششوں کے نتیجے میں امریکی فضائی دفاعی نظام کے اہم ذخائر پر دباؤ بڑھا ہے۔