دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نےبتایاہے کہ پاکستان آئندہ سال ایس سی او کی سربراہی کے دوران اسلام آباد میں تنظیم کے سربراہی اجلاس کی میزبانی بھی کرے گا۔
طاہر اندرابی نے بتایا کہ 31 اگست کو مکہ معاہدے کے تحت قائم کمیٹی کا اجلاس استنبول میں ہوا، جس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا،انہوں نے کہا کہ اس تعاون کا سیکریٹریٹ سعودی عرب میں قائم کیا جائے گا جبکہ پاکستان 3 سال تک سیکریٹری جنرل کی ذمہ داری سنبھالے گا،مکہ معاہدے کا نام تبدیل نہیں کیا گیا بلکہ مختلف زبانوں، بشمول ترکی، عربی اور انگریزی، میں اس کے حوالے سے استعمال کا معاملہ ہے۔
میڈیا بریفنگ میں دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے بتایا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے سیاسی، اقتصادی، سلامتی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے اور علاقائی و عالمی معاملات پر مشترکہ کوششوں کے ذریعے امن و استحکام کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا ہے تینوں ممالک نے علاقائی امن، استحکام اور کشیدگی میں کمی کے لیے مل کر کام کرنے، تحمل کا مظاہرہ کرنے اور بحرانوں کا حل بات چیت اور سفارتکاری کے ذریعے تلاش کرنے پر اتفاق کیا ہےمکہ معاہدے کے تحت تعاون کو مزید ادارہ جاتی شکل دینے پر بھی اتفاق ہوا ہے، جس میں باہمی یکجہتی اور دفاعی تعاون شامل ہیں-
ترجمان نے بتایا کہ جبکہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ صنعتی تعاون اور مشترکہ ٹیکنالوجی کی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیں گے،تینوں ممالک کی مسلح افواج بھی علاقائی امن اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی، وزیراعظم شہباز شریف نے بشکیک میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جبکہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی۔ پاکستان مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے ایران امریکا تنازع کے حل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہنا درست نہیں کہ پاکستان کی ثالثی کوششیں ناکام ہوگئی ہیں۔ جب دونوں فریق جارحیت کی منطق کو سمجھتے ہوئے مذاکرات کی طرف واپس آئیں گے تو اسلام آباد مفاہمت کے تحت بات چیت آگے بڑھ سکتی ہے۔
سندھ طاس معاہدے سے متعلق ترجمان نے کہا کہ ہیگ میں بین الاقوامی ثالثی عدالت کا فیصلہ پاکستان کے مؤقف کی بھرپور تائید کرتا ہے اور پاکستان اسے خوش آئند قرار دیتا ہےبھارت کی جانب سے فیصلے کو مسترد کرنا بین الاقوامی قوانین اور معاہدات کے تقدس کی خلاف ورزی ہے۔ بھارت اپنی سہولت کے مطابق بین الاقوامی فیصلوں کو قبول یا مسترد نہیں کرسکتا ان کے بقول سندھ طاس معاہدے کے بارے میں عدالت کا فیصلہ بہت واضح ہے اور اسے مسترد کرنا بھارت کے لیے فردِ جرم کے مترادف ہے-
ترجمان نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کا جائزہ لینے کے لیے بین الاقوامی ماہرین کی کوئی ٹیم پاکستان آرہی ہے یا نہیں، اس بارے میں انہیں معلومات نہیں، افغانستان کے لیے چین کے نمائندہ خصوصی اسلام آباد کے دورے پر تھے اور انہوں نے افغانستان کے لیے پاکستان کے مستقل نمائندے سفیر محمد صادق سے ملاقات کی۔
انہوں نے بتایا کہ افغان ناظم الامور کا نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں خطاب ایک روایتی خطاب تھا، سفیر اور سفارت کار اس طرح یونیورسٹیوں میں جاتے رہتے ہیں، اس سے زیادہ اخذ کرنے کی کوشش نہیں کی جانی چاہیے۔ انہوں نے افغان سفیر کے این ڈی یو خطاب کو ’نان ایشو‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ افغان سفیر نے ٹوئٹر پر کیا پوسٹ کیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے اپنے ہم منصبوں، شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں، جبکہ استنبول میں ترکیہ کے وزیر دفاع سے بھی ملاقات ہوئی، مختلف اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے پاکستان کے امن، تحمل، مذاکرات اور سفارت کاری کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد مفاہمت علاقائی دیرپا امن و استحکام کے لیے سب سے قابلِ عمل راستہ ہے جبکہ پاکستان آئندہ سال ایس سی او کی سربراہی کے دوران اسلام آباد میں تنظیم کے سربراہی اجلا س کی میزبانی بھی کرے گا۔
