Baaghi TV

Tag: تازہ ترین

  • پاکستان اور کرغزستان کے مابین کئی معاہدوں، مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

    پاکستان اور کرغزستان کے مابین کئی معاہدوں، مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

    پاکستان اور کرغزستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہو گئے۔

    وزیراعظم شہبازشریف اور کرغزستان کے صدر صادرژاپاروف نے مشترکہ اعلامیے پر دستحط کیے دونوں ممالک کے درمیان ٹرانزٹ تجارت کے حوالے سے معاہدے پر دستخط ہوئے ، اس کے علاوہ لاہور اور کرغز شہر اوش کو جڑواں شہر قرار دینے کا معاہدہ ہوا،پاکستان اور کرغزستان کی خارجہ امور کی وزراتوں کے درمیان تعاون کے پروگرام سے متعلق دستاویز کا تبادلہ کیا گیا۔

    علاوہ ازیں انسٹی ٹیوف آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد اور کرغز نیشنل انسٹی ٹیوٹ کے درمیان مفاہمتی یادداشت ، منشیات ،نشہ آور اشیاء اوراسمگلنگ کی روک تھام کے لیے تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) اور کرغز وزارت صحت کے درمیان طبی تعلیم میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت ، ورچوئل اثاثہ جات کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ کیا گیا۔

    این ڈی یو اسلام آباد اورکرغزنیشنل انسٹی ٹیوٹ فاراسٹریٹجک انیشی ایٹوز کے درمیان تحقیق کے شعبے میں ایم او یو پر بھی دستخط کئے گئے۔

    قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف کے بشکیک میں صدارتی محل آمد پر پاکستان اور کرغزستان کے قومی ترانے بجائے گئےکرغزستان کی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے وزیراعظم کو سلامی دی اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

    معاہدوں پر دستخط کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کرغزستان کے صدر صادرژاپاروف نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کو بشکیک آمد پرخوش آمدید کہتے ہیں ، پاکستان اور کرغزستا ن کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں ، وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ سے تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔

    شہباز شریف نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں تعاون دونوں ممالک کی شراکت داری کا اہم ستون ہے۔ کاسا 1000 منصوبے کی بروقت تکمیل ضروری ہے، جبکہ بجلی، پن بجلی، متبادل توانائی، توانائی کے بنیادی ڈھانچے اور جدید ٹیکنالوجی میں تعاون کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ کا قیام خوش آئند ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان تعلیم، صحت، سائنس و ٹیکنالوجی، ثقافت، سیاحت اور موسمیاتی تبدیلی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھائیں گے۔ قدیم شہروں اوش اور لاہور کے درمیان سسٹر سٹی تعلقات کا قیام بھی خوش آئند ہے دونوں ممالک دہشت گردی، انتہاپسندی اور دیگر عصری خطرات سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی اور دفاعی تعاون مزید بڑھائیں گےپاکستان اور کرغزستان عالمی امن و سلامتی کے لیے مؤثر کثیرالجہتی نظام کی حمایت کرتے ہیں اور اقوام متحدہ سمیت عالمی فورمز پر ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں۔

    کرغز صدر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے خواہاں ہیں، پاکستان اور کرغزستان کے تعلقات باہمی احترام اور تاریخی رشتوں میں بندھے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے، علاقائی روابط اور تجارت کے فروغ کے لیے پاکستان کے ساتھ کام کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، پاکستان کے ساتھ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانا چاہتے ہیں، مشکل وقت میں باہمی تعاون اور یکجہتی دونوں ممالک کی دیرینہ روایت ہے۔

    اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بہترین میزبانی پر کرغزستان کے صدر صادر ژاپاروف کا شکر گزار ہوں، دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے نئے معاہدے دوطرفہ تعاون کو نئی سطح پر لے جائیں گے، پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہیں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، معیشت اور شعبہ سرمایہ کاری میں تعاون کی گنجائش موجود ہے،علاقائی امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے پاکستان کرغزستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔

    تجارتی حجم سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کرغزستان نے دوطرفہ تجارت 20 کروڑ ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، دونوں ممالک تجارتی حجم بڑھانے کے لیے قوانین کو مزید آسان بنائیں گے، باہمی تجارت اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔

    شہباز شریف نے مزید کہا کہ دوطرفہ مذاکرات میں تجارتی تعلقات کے فروغ پر توجہ مرکوز کی گئی ہے، باہمی تعلقات کو اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا وقت آ گیا ہے، امید ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات نئی بلندیوں کو چھوئیں گے۔

    انہوں نے توانائی کے شعبے میں CASA-1000 منصوبے پر بروقت عملدرآمد کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے بجلی، پن بجلی، قابل تجدید توانائی، توانائی کے بنیادی ڈھانچے اور جدید ٹیکنالوجی میں عملی تعاون کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کا خیر مقدم کیا۔ اور ٹرانزٹ ٹریفک سے متعلق چار فریقی معاہدے پر مؤثر عملدرآمد اور نقل و حمل، کسٹمز اور انتظامی طریقہ کار کو آسان بنانے کے لیے مزید اقدامات پر زور دیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف مل کر کام کریں گے، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے بھی اتفاق رائے طے پایا ہے، مختلف دوطرفہ، علاقائی اور عالمی فورمز پر تعاون بڑھایا جائے گا،ایس سی او سربراہ اجلاس کا کامیاب انعقاد کرغز قیادت کی بہترین صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، ایس سی او پلیٹ فارم سے علاقائی رابطے، پائیدار ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف کا حصول ناگزیر ہے۔

  • اسلام آباد : چیریٹی فنڈ ریزنگ شو، عابدہ پروین اور راحت فتح علی خان پرفارم کریں گے

    اسلام آباد : چیریٹی فنڈ ریزنگ شو، عابدہ پروین اور راحت فتح علی خان پرفارم کریں گے

    اسلام آباد: معروف صوفی گلوکارہ عابدہ پروین اور استاد راحت فتح علی خان ایک ہی اسٹیج پر پرفارم کریں گے، ’پریم نگر، دی لینڈ آف لو‘ کے زیر اہتمام یہ چیریٹی فنڈ ریزنگ شو 12 ستمبر 2026 کو پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں ہوگا۔

    پروگرام کا مقصد تفریح کے ساتھ ساتھ مستحق افراد کی مدد اور فلاحی سرگرمیوں کے لیے فنڈز جمع کرنا ہے،منتظمین کے مطابق یہ ایسی شام ہوگی جہاں شائقین کو ایک طرف عابدہ پروین اور راحت فتح علی خان کی پرفارمنس سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا تو دوسری جانب وہ ایک نیک مقصد میں اپنا حصہ بھی ڈال سکیں گے۔

    ’پریم نگر، دی لینڈ آف لو‘ کے چیئرمین ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی اور کرش وانکوانی کی جانب سے منعقد کیے جانے والے اس پروگرام میں دونوں معروف فنکار پہلی مرتبہ ایک ہی اسٹیج پر اپنی آواز کا جادو جگائیں گے، جس کے باعث شائقین میں بھی خاصا جوش پایا جا رہا ہے۔

    منتظمین کا کہنا ہے کہ پروگرام میں شرکت کرنے والے افراد ٹکٹ خریدنے کے ساتھ فلاحی مقصد میں بھی اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔ ٹکٹ Bookme.pk کے ذریعے حاصل کیے جاسکتے ہیں، جبکہ پوسٹر پر دی گئی معلومات کے مطابق بینک ٹرانسفر اور ایزی پیسہ کے ذریعے بھی تعاون کی سہولت موجود ہے۔

    پروگرام کے منتظمین نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس منفرد شام کا حصہ بنیں، صوفی موسیقی سے محظوظ ہوں اور انسانی خدمت کے اس مقصد میں اپنا کردار ادا کریں۔

  • ہریانہ میں بھارتی فوج کی کشتی الٹ گئی، 2 اہلکار لاپتا، سرچ آپریشن جاری

    ہریانہ میں بھارتی فوج کی کشتی الٹ گئی، 2 اہلکار لاپتا، سرچ آپریشن جاری

    بھارتی ریاست ہریانہ کے ضلع جمنا نگر میں ہتھنی کنڈ بیراج کے قریب بھارتی فوج کی کشتی تیز بہاؤ اور بھنور کی زد میں آکر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 2 فوجی اہلکار لاپتا ہوگئے جبکہ 3 اہلکاروں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا، جب بھارتی فوج کے اسپیشل فورسز یونٹ 1 پیرا سے وابستہ اہلکاروں کی کشتی بیراج کے سلائس گیٹس کے قریب پانی کے تیز بہاؤ اور بھنور میں پھنس کر الٹ گئی،کشتی میں سوار 3 اہلکاروں نے لائف جیکٹس پہن رکھی تھیں، جس کی مدد سے وہ محفوظ مقام تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے، تاہم ناہن میں قائم ایک یونٹ سے تعلق رکھنے والے 2 اہلکار تاحال لاپتا ہیں۔

    لاپتا اہلکاروں کی تلاش کے لیے بھارتی فوج، فضائیہ، نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس، اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس، پولیس اور سول انتظامیہ کی ٹیمیں مشترکہ آپریشن کر رہی ہیں،ریسکیو حکام نے دریائے جمنا اور اس سے منسلک نہروں میں ہیلی کاپٹروں کی مدد سے بھی سرچ آپریشن شروع کر رکھا ہے، جبکہ تلاش کے عمل کو مؤثر بنانے کے لیے بیراج سے پانی کا بہاؤ بھی کم کیا گیا ہے۔

  • جنوبی وزیرستان :  فتنۃ الخوارج کے دہشتگردوں کاکواڈ کاپٹر حملہ، 6 سالہ بچہ جاں بحق،بچی سمیت 2 زخمی

    جنوبی وزیرستان : فتنۃ الخوارج کے دہشتگردوں کاکواڈ کاپٹر حملہ، 6 سالہ بچہ جاں بحق،بچی سمیت 2 زخمی

    جنوبی وزیرستان کے تحصیل برمل کے علاقے اعظم ورسک میں فتنۃ الخوارج کے دہشتگردوں نے شہریوں پر کواڈ کاپٹر کے ذریعے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 6 سالہ بچہ جاں بحق جبکہ اس کی 9 سالہ بہن سمیت 2 بچے شدید زخمی ہوگئے۔

    اعظم ورسک میں دہشتگردوں نے شہری آبادی کو کواڈ کاپٹر حملے کا نشانہ بنایا حملے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے بچے آپس میں بہن بھائی ہیں،زخمی بچوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے بعد ازاں انہیں مزید علاج کے لیے ڈیرہ اسماعیل خان ریفر کردیا گیا۔

    واضح رہے کہ ہے کہ گزشتہ روز ہی ‘فتنہ الخوارج’ نے زیریں جنوبی وزیرستان کی تحصیل ‘توئی خلہ’ میں شہریوں پر کواڈ کاپٹر کے ذریعے حملہ کیا۔ اس حملے میں بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 4 افراد زخمی ہوئے-

    فتنۃ الخوارج کی جانب سے معصوم شہریوں، خصوصاً خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانا اس گروہ کی بے رحمی اور انسانی جانوں سے بے اعتنائی کو ظاہر کرتا ہےایسے حملوں کی اسلام، شریعت اور بنیادی انسانی اقدار میں کوئی گنجائش نہیں، مقامی لوگوں نے واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے جنوبی وزیرستان اور ملحقہ علاقوں میں غیر مسلح شہریوں، خواتین اور بچوں پر ہونے والے حملوں کی مذمت کی ہے۔

    شہریوں پر حملوں کے بعد فتنۃ الخوارج سوشل میڈیا کے ذریعے گمراہ کن معلومات پھیلا کر ریاستی اداروں پر الزام عائد کرنے کی کوشش کرتا ہے تاکہ عوام اور ریاست کے درمیان بداعتمادی پیدا کی جاسکے،انہوں نے کہا کہ شہریوں کے خلاف تشدد اور اس کے بعد گمراہ کن پروپیگنڈا فتنۃ الخوارج کے نام نہاد مذہبی دعوؤں کو بے نقاب کرتا ہے، یہ گروہ نہ اسلام کی نمائندگی کرتا ہے اور نہ انسانیت کی، بلکہ امن و سلامتی کے لیے مسلسل خطرہ ہے، یہ عناصر اپنے بزدلانہ حملوں میں بچوں اور خواتین کو بھی نہیں بخشتے، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ‘فتنہ الخوارج’ اسلام، امن اور انسانیت کے کھلے دشمن ہیں۔

  • راول ڈیم کے سپل ویز دوبارہ کھولنے کا فیصلہ

    راول ڈیم کے سپل ویز دوبارہ کھولنے کا فیصلہ

    اسلام آباد اور گردونواح میں موسلا دھار بارشوں کے باعث راول ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہوگئی، جس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے آج دوبارہ سپل ویز کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ضلعی انتظامیہ کے مطابق راول ڈیم میں پانی کی سطح 1751.40 فٹ تک پہنچ گئی ہے، جس کے باعث سپل ویز آج 2 ستمبر کو دوپہر اڑھائی بجے کھولے جائیں گے،ریسکیو 1122، پولیس اور متعلقہ اداروں کو سپل ویز کھولنے کے دوران الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ سپل ویز کھولنے سے قبل تمام متعلقہ اداروں کو ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

    ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سپل ویز کھولے جانے کے دوران ندی نالوں اور نشیبی علاقوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

  • متحدہ عرب امارات میں رمضان المبارک کے حوالے سے پیشگوئی جاری

    متحدہ عرب امارات میں رمضان المبارک کے حوالے سے پیشگوئی جاری

    متحدہ عرب امارات میں رمضان المبارک 2027 کے آغاز کی متوقع تاریخ سامنے آگئی ہے۔ حتمی تاریخ کا اعلان چاند نظر آنے کے بعد متعلقہ حکام کریں گے۔

    بین الاقوامی فلکیاتی مرکز کے حسابات کے مطابق رمضان 1448 ہجری کا آغاز 8 فروری 2027 کو متوقع ہے، جبکہ عیدالفطر 9 یا 10 مارچ اور عیدالاضحیٰ 16 یا 17 مئی کو ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے رمضان المبارک 8 فروری 2027 سے شروع ہونے کا امکان ہے بین الاقوامی فلکیاتی مرکز کے مطابق رمضان المبارک کے چاند کی پیدائش ہفتہ 6 فروری 2027 کو عالمی وقت کے مطابق3 بج کر 56 منٹ پر ہوگی۔

    چاند کی رویت سے متعلق فلکیاتی حسابات 6 اور 7 فروری کے لیے کیے گئے ہیں، جبکہ پہلے سے مرتب ہجری کیلنڈر کے مطابق رمضان المبارک کا پہلا روزہ پیر 8 فروری 2027 کو متوقع ہےاگر سرکاری کیلنڈر فلکیاتی اندازے کے مطابق رہا تو متحدہ عرب امارات کے شہری اس تاریخ سے روزے رکھنا شرو ع کریں گے،تاہم حتمی تاریخ کا اعلان متحدہ عرب امارات کے قائم کردہ مذہبی کیلنڈر کے مطابق ہی ہوگا۔

    فلکیاتی حسابات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں عیدالاضحیٰ 2027 کے 16 یا 17 مئی کو ہونے کا امکان ہےبین الاقوامی فلکیاتی مرکز کے مطابق ذوالحجہ کے چاند کی پیدائش جمعرات 6 مئی 2027 کو عالمی وقت کے مطابق 10 بج کر 59 منٹ پر ہوگی چاند کی رویت سے متعلق حسابات 6 اور 7 مئی کے لیے کیے گئے ہیں۔

    موجودہ فلکیاتی اندازوں کے مطابق یکم ذوالحجہ 7 یا 8 مئی کو ہوسکتا ہے، جس کا حتمی فیصلہ چاند کی رویت کے بعد ہوگا،اسی حساب سے یوم عرفہ 15 یا 16 مئی کو متوقع ہے، جبکہ عیدالاضحیٰ ذوالحجہ کی 10 تاریخ کو یوم عرفہ کے ایک دن بعد منائی جاتی ہے،متحدہ عرب امارات میں 2027 کے اسلامی تہواروں اور سرکار ی تعطیلات کی حتمی تاریخیں چاند کی رویت کے ذریعے طے کی جائیں گی۔

    فلکیاتی حسابات شہریوں، کاروباری اداروں اور مختلف شعبوں کو ممکنہ تاریخوں کے حوالے سے پیشگی منصوبہ بندی میں مدد فراہم کرتے ہیں، تاہم مذہبی طور پر حتمی تاریخ کا تعین سرکاری طور پر چاند نظر آنے کے بعد کیا جاتا ہے۔

  • جماعت اسلامی کا کل ملک گیر ہڑتال کا اعلان

    جماعت اسلامی کا کل ملک گیر ہڑتال کا اعلان

    جماعت اسلامی نے کل 3 ستمبر کو ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان کر دیا۔

    کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ چینی کی قیمت بڑھنے کے بعد اس کی برآمد کی کی اجازت دی گئی، جس کے نتیجے میں قیمت میں مزید اضافہ ہو گیا۔ عوام کو مسلسل مہنگائی کے بوجھ تلے دبایا جا رہا ہے،حکومت کے پاس اسٹوریج موجود ہونے کے باوجود پیٹرول کی قیمتیں بڑھا دی جاتی ہیں-

    ان کا کہنا تھا کہ ریفائنریز اور آئل کمپنیوں کے ساتھ حکومتی گٹھ جوڑ کا اثر بھی عوام پر ڈالا جاتا ہے ، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ کسی صورت قبول نہیں، عوام پر بوجھ ڈال کر بڑے طبقے کو سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں ، اگر روٹی 20 سے 25 روپے میں ملے گی تو غریب لوگ اپنے بچوں کو دو وقت کی روٹی کیسے کھلائیں گے؟۔ حکومت ریلیف کے دعوے کرتی ہے تو ٹیکس بھی ختم کرے۔

    امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ یہ عوام، نوجوانوں، غریبوں اور مڈل کلاس طبقے کی تحریک ہے، مختلف طبقات ہماری ہڑتال اور تحریک کی حمایت کر رہے ہیں، وکلاء سمیت زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد تحریک میں موثر کردار ادا کریں،اسلام آباد کی کال، اسلام آباد اور راولپنڈی میں دھرنو ں سمیت تمام آپشنز موجود ہیں۔ کل شام آئندہ کے لائحہ عمل کا بھی اعلان کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ پیٹرولیم لیوی اور بھتہ ٹیکس کی وصولی، آئی پی پیز کے معاہدوں اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کا کراچی میں گورنر ہاؤس کے باہر 17 روز سے دھرنا جاری ہے۔ اس کے علاوہ لاہور میں بھی جماعت اسلامی کے کارکن دھرنا دیئے بیٹھے ہیں۔

  • بحیرۂ مرمرہ میں  2 ترک بحری جہاز آپس میں ٹکرا گئے، 10 افراد لاپتا

    بحیرۂ مرمرہ میں 2 ترک بحری جہاز آپس میں ٹکرا گئے، 10 افراد لاپتا

    ترکیہ کے شہر استنبول کے قریب بحیرۂ مرمرہ میں دو ترک پرچم بردار تجارتی جہاز آپس میں ٹکرا گئے۔

    استنبول کے گورنر کے دفتر کے مطابق حادثہ بدھ کی علی الصبح تقریباً 3 بجے ضلع سِلیوری کے ساحل میں پیش آیا ،السُو اور توگبرک امام اوغلو نامی جہاز ساحل سے 18 میل دور ٹکرائے، حادثے میں 10 افراد لاپتہ ہوگئے، جن کے تلاش کےلیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے السُو نامی جہاز پر 2,999 ٹن انجن آئل لدا ہوا تھا، توگبرک امام اوغلو نامی جہاز پر 4,199 ٹن اسٹیل کوائلز لدی ہوئی تھیں، حادثے کے بعد بحری جہاز توگبرک امام اوغلو سے رابطہ منقطہ ہوگیا ہے۔

    حادثے کے فوراً بعد ترک کوسٹ گارڈ کے متعدد بحری جہاز اور ایک ہیلی کاپٹر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور لاپتا جہاز اور اس کے عملے کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا،حکام کے مطابق السو کو بظاہر کوئی نقصان نہیں پہنچا، تاہم تُغبرک امام اوغلو اور اس پر سوار 10 افراد سے رابطہ قائم نہیں ہوسکا۔

    لاپتا جہاز ترکی کے بحیرۂ روم میں واقع اسکندرون سے بحیرۂ اسود کی بندرگاہ ایریگلی کی جانب جا رہا تھا، جبکہ دوسرا جہاز کوجالی سے علی آغا کی طرف محو سفر تھا، حکا م کی جانب سے لاپتا عملے کی تلاش جاری ہے ابتدائی اطلاعات کے مطابق لاپتا جہاز کے ممکنہ طور پر ڈوبنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہےتاہم ریسکیو آپر یشن مکمل ہونے تک اس بارے میں حتمی تصدیق نہیں کی گئی۔

  • پاک بحریہ کی بڑی بحری مشق ’سی اسپارک 2026‘ کراچی میں شروع

    پاک بحریہ کی بڑی بحری مشق ’سی اسپارک 2026‘ کراچی میں شروع

    پاکستان نیوی کی بڑی بحری مشق ’سی اسپارک 2026‘ کراچی میں شروع ہوگئی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف دی نیول اسٹاف نے مشق کی افتتاحی بریفنگ کی صدارت کی، جبکہ پاک فوج اور پاک فضائیہ کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے مشق کا مقصد روایتی اور جدید بحری خطرات کے خلاف پاک بحریہ کی جنگی تیاریوں کو جانچنا ہے مشق میں جنگی بحری جہاز، آبدوزیں، طیارے، بغیر پائلٹ نظام، میرینز، اسپیشل فورسز سمیت پاک فوج اور پاک فضائیہ کے مشترکہ دستے حصہ لے رہے ہیں۔

    اس سے قبل چیف آف دی نیول اسٹاف نے پاک بحریہ کے فلیٹ یونٹس کا دورہ کرکے جاری آپریشنز کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے سیکیورٹی ماحول میں غیر متزلزل تیاری، تینوں مسلح افواج کے درمیان مزید مؤثر تعاون، حالات کے مطابق ڈھلنے کی صلاحیت اور جسمانی و معلوماتی محاذوں پر مؤثر کارروائی ناگزیر ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ’سی اسپارک 2026‘ میں کثیرالجہتی آپریشنز کی مشق کی جارہی ہے، جس میں سمندری، فضائی، زمینی، سائبر اور خلائی معاون صلاحیتو ں کو یکجا کیا گیا ہے،مشق میں معلوماتی ماحول میں آپریشنز کے ذریعے معلوماتی جنگ کے میدان میں فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کی تربیت بھی شامل ہے، جسے سمندر میں جاری روایتی عسکری کارروائیوں کے ساتھ مربوط کیا گیا ہے۔

  • ناروے:شاہ ہاکون ہشتم نے  اقتدار سنبھال لیا

    ناروے:شاہ ہاکون ہشتم نے اقتدار سنبھال لیا

    اوسلو:ناروے میں 89 سالہ کنگ ہیرالڈ کے انتقال کے بعد ان کے صاحبزادے ہاکون ہشتم نے اقتدار سنبھال لیا،شاہی محل کے مطابق نئے بادشاہ کی بطور حکمران پہلی تقریر ہفتے کی شام نشر کی گئی۔

    ناروے کے بادشاہ شاہ ہارالڈ کی گزشتہ جمعہ کو 89 برس کی عمر میں انتقال کے بعد ان کے فرزند شاہ ہاکون ہشتم نے منگل کے روز پارلیمنٹ کے سامنے ملک کے آئین اور قوانین کی پاسداری کا باقاعدہ حلف اٹھا لیا ہے۔ اس حلف برداری کے ساتھ ہی تاج و تخت کی منتقلی کی رسمی و روایتی تقاریب کا سلسلہ مکمل ہو گیا ہے۔

    سابق حکمران شاہ ہارالڈ کی وفات کے بعد سے اب تک دسیوں ہزار نارویجن شہری شاہی محل کے باہر پھول، موم بتیاں، خاکہ جات اور قومی پرچم رکھ کر انہیں خراجِ تحسین پیش کر چکے ہیں عوام کی بڑی تعداد نے آنجہانی شاہ ہارالڈ کی شفیق طبیعت اور ہر طبقے کو ساتھ لے کر چلنے کی صلاحیت کو سراہا، جبکہ نئے بادشاہ شاہ ہاکون نے قوم سے اپنے پہلے خطاب میں انہیں ایک ’بہترین اور شفیق باپ‘ قرار دیا۔

    ملک بھر میں قومی سوگ منایا جارہا ہے اور سرکاری عمارتوں پر پرچم سرنگوں ہیں ہزاروں افراد نے اوسلو کے شاہی محل پہنچ کر مرحوم بادشاہ کو خراج عقیدت پیش کیا، جہاں پھولوں کے ڈھیر لگ گئے ہیں، ہیرالڈ نے 1991 میں تخت سنبھالا اور 35 سال تک بادشاہ رہے ، ہاکون نے چرچ، پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ کے سربراہان سے ملاقاتیں بھی کیں وہ منگل کو پارلیمنٹ میں وفاداری کا حلف اٹھائیں گے۔

    نئے بادشاہ کے تخت سنبھالنے کے دوران ناروے میں شاہی نظام کی مقبولیت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، سرکاری نشریاتی ادارے NRK کے لیے ‘نورسٹیٹ’ کے تازہ ترین سروے کے مطابق، 72 فیصد عوام شاہی نظام کی حمایت کرتے ہیں جبکہ صرف 20 فیصد جمہوریت یا حکومت کی کسی دوسری شکل کے حامی ہیں۔ یاد رہے کہ مئی میں کیے گئے پچھلے سروے میں شاہی نظام کی حمایت 64 فیصد تھی۔

    حلف برداری کی اس تاریخی تقریب میں بادشاہ کی والدہ ملکہ سونیا (89 سال)، شہزادی انگرڈ الیگزینڈرا (22 سال) اور شہزادہ سویرے میگنس (20 سال) نے شرکت کی۔ تاہم، شاہ ہاکون کی 53 سالہ اہلیہ ملکہ میٹے مارٹ پھیپھڑوں کے پیوند کاری (ٹرانسپلانٹ) کے بعد پیدا ہونے والی طبی پیچیدگیوں کی وجہ سے تقریب میں شریک نہ ہو سکیں۔

    اوسلو یونیورسٹی اسپتال کے معالج ڈاکٹر آر ہولم نے شاہی محل سے جاری بیان میں بتایا کہ پھیپھڑوں کی پیوند کاری کے بعد ایسی پیچیدگیاں ہونا غیر معمولی نہیں ہے، جس کی وجہ سے ملکہ کو پورا دن طبی نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ ناروے کے قوانین کے تحت والد کے انتقال کے ساتھ ہی ہاکون خود بخود ملک کے نئے بادشاہ بن گئے تھے۔ ناروے میں 1908ء میں تاجپوشی کی رسمی تقریب ختم کر دی گئی تھی، جس کے باعث یہاں صرف پارلیمنٹ کے سامنے حلف اٹھانے کی روایت برقرار ہے۔