Baaghi TV

Tag: تازہ ترین

  • راولپنڈی اسلام آباد  میں طوفانی بارش، نالوں میں طغیانی، نشیبی علاقے زیرآب، اسکول بند

    راولپنڈی اسلام آباد میں طوفانی بارش، نالوں میں طغیانی، نشیبی علاقے زیرآب، اسکول بند

    اسلام آباد اور راولپنڈی میں صبح ہونے والی موسلا دھار بارش سے سڑکیں اور نشیبی علاقے زیرآب آگئے، ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا جبکہ نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے پر انتظامیہ نے اطراف کی آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی تیاریاں شروع کردیں۔

    نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث خطرے کے سائرن بجا دیے گئے اور نالہ لئی کے کنارے آباد نشیبی علاقوں کے مکینوں کو فوری انخلا کی ہدایت کردی گئی اسلام آباد سے بڑا سیلابی ریلا راولپنڈی کی جانب بڑھ رہا ہے خطرے کے پیش نظر نشیبی آبادیوں کے انخلا کا حکم جاری کیا گیا ہے۔

    کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح پہلے 14.5 فٹ تک پہنچی اور پری الرٹ لیول عبور کیا بعد ازاں مسلسل اضافے کے ساتھ 18.5 فٹ تک جا پہنچی گوالمنڈی میں بھی پانی کی سطح 7 فٹ سے بڑھ کر 11 فٹ ہوگئی۔

    راولپنڈی میں ڈبل روڈ سمیت متعدد سڑکوں اور گلیوں میں پانی جمع ہوگیا جبکہ آریہ محلے کی گلیاں بھی زیرآب آگئیں بارش اور پانی جمع ہونے کے باعث اسلام آباد ایکسپریس وے پر راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والی ٹریفک مکمل طور پر رک گئی شدید بارش کے پیش نظر راولپنڈی سٹی کے تمام اسکولوں میں تعطیل کا اعلان کردیا گیا، جبکہ اسلام آباد کے متعدد اسکول بھی بند کرکے آن لائن کلاسز کا انتظام کیا گیا ہے۔

    راولپنڈی ڈپٹی کمشنر کے مطابق نالہ لئی کے کیچمنٹ ایریا میں 200 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے صفدر آباد میں 4 نمبر چونگی کے قریب نالہ لئی کا پانی باہر آگیا، جس سے متعدد گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں جبکہ پانی گھروں اور دکانوں میں بھی داخل ہوگیا کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح 28.5 فٹ جبکہ گوالمنڈی میں 23 فٹ تک پہنچ گئی، جبکہ دونوں مقامات پر آبادی کے انخلا کے لیے مقررہ حد 20 فٹ ہے۔

    صورتحال کے پیش نظر انتظامیہ نے نالہ لئی کے کنارے آباد علاقوں، بالخصوص غریب آباد اور دیگر حساس علاقوں کے رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی تیاریاں شروع کردی ہیں دوسری جانب بارش سے نالہ کورنگ میں بھی پانی کا بہاؤ تیز ہوگیا ہے، جبکہ آبپارہ مارکیٹ کے قریب درخت گرنے سے سڑک کا ایک حصہ ٹریفک کے لیے بند ہوگیا۔

    اسی طرح اسلام آباد کے ای الیون میں بھی نالہ بھر جانے سے پانی سڑک اور بعض بیسمنٹس میں داخل ہوگیا۔ ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق ان بیسمنٹس کو پہلے ہی سیل کیا جاچکا تھا۔ غوری ٹاؤن فیز ٹو میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی جہاں نہ صرف سڑکیں اور گلیاں زیر آب آئیں بلکہ پانی گھروں میں بھی داخل ہو گیا۔

    اسلام آباد ایکسپریس وے پر بھی پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا۔ کورال چوک سے کھنہ پل تک گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، جبکہ کئی مسافر گاڑیوں سے اتر کر پیدل اپنی منزل کی جانب روانہ ہوئے۔ دفاتر جانے والے ملازمین اور دیگر شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق راولپنڈی میں شمس آباد میں سب سے زیادہ 194 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، جبکہ اسلام آباد کے سیکٹر ایچ-8 میں 150 ملی میٹر بارش ہوئی جڑواں شہروں میں اب تک اوسطاً 126 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ گولڑہ میں 157، سیدپور میں 98، چکلالہ میں 71 اور بوکرہ میں 72 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

    راولپنڈی انتظامیہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر اور ایم ڈی واسا نے نالہ لئی کے اطراف صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور اضافی ڈی واٹرنگ پمپس کے ذریعے نکاسی آب کا عمل بھی جاری ہے۔

  • نیتن یاہو نے امریکا کو ایران کے خلاف جنگ میں دھکیلنے کا اعتراف کرلیا،عباس عراقچی

    نیتن یاہو نے امریکا کو ایران کے خلاف جنگ میں دھکیلنے کا اعتراف کرلیا،عباس عراقچی

    ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو ’سانپ‘ قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے اسرائیل کے مفاد میں دھوکا دے کر امریکا کو ایران کے خلاف جنگ میں دھکیلا۔

    عباس عراقچی نے نیتن یاہو کے ایک خطاب کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم نے عبرانی زبان میں گفتگو کے دوران خود اعتراف کیا کہ انہوں نے امریکا کو ایران کے خلاف جنگ میں شامل ہونے پر آمادہ کرنے کے لیے اسے ’بیوقوف بنایا‘، نیتن یاہو اس بات پر واضح طور پر ہنس رہے تھے کہ انہوں نے امریکی ٹی وی پر تقریباً ایک ہزار گھنٹے کا ایئر ٹائم حاصل کرکے امریکی رائے عامہ اور پالیسی پر کس طرح اثر ڈالانیتن یاہو کی گفتگو سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ کئی برس سے ایران کے معاملے پر امریکا کو اپنے مؤقف کے مطابق چلانے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔

    دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ وہ گزشتہ 40 سال سے ایران کے معاملے سے نمٹ رہے ہیں اور انہیں ایران کے خلاف کارروائی پر اپنی سیکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کو آمادہ کرنے میں بہت وقت لگا، ایران کے خلاف کارروائی کے لیے سیکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کو قائل کرنا ایک طویل عمل تھا۔

    عباس عراقچی نے نیتن یاہو کے بیان کو اسرائیلی وزیراعظم کی جانب سے امریکا کو ایران کے خلاف جنگ میں شامل کرنے کے لیے اثرانداز ہونے کے اعتراف کے طور پر پیش کیا ہے۔ تاہم، نیتن یاہو کی گفتگو میں امریکی حکومت کو ’بیوقوف بنانے‘ کے الفاظ شامل تھے یا نہیں، یہ بات عراقچی کی تشریح سے متعلق ہے۔

    علاوہ ازیں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فورسز نے متحدہ عرب امارات کی سرزمین سے ایران کے جزائر خارک اور ابوموسیٰ پر راکٹ حملے کیے،امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں عباس عراقچی نے کہا کہ گزشتہ رات ایران کے دونوں جزائر کو HIMARS راکٹوں سے نشانہ بنایا گیا۔

    عراقچی کے مطابق ایرانی فورسز نے حملوں کے لانچ پوائنٹس کا سراغ لگایا جن میں راس الخیمہ اور دبئی کے قریب ایک مقام شامل تھا، اب یہ واضح ہے کہ راکٹ متحدہ عرب امارات سے فائر کیے گئے، اور پڑوسی ملک کی سرزمین کو ایران کے خلاف حملے کے لیے استعمال کرنا بالکل ناقابل قبول ہے گنجان آباد علاقوں کے قریب سے راکٹ داغنا انتہائی خطرناک عمل ہے۔

  • وفاق کو جوڑنے والی جماعت کو کراچی  کی تقسیم کا ذمہ دار کہنا مضحکہ خیز ہے،شرجیل انعام میمن

    وفاق کو جوڑنے والی جماعت کو کراچی کی تقسیم کا ذمہ دار کہنا مضحکہ خیز ہے،شرجیل انعام میمن

    شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ وفاق کو جوڑنے والی جماعت کو کراچی کی تقسیم کا ذمہ دار کہنا مضحکہ خیز ہے-

    سندھ کے سینئر وزیر اور وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے ایم کیو ایم رہنما مصطفیٰ کمال کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مصطفیٰ کمال بھی نفرت کو ہوا دے کر لندن والے کے گدی نشین بننا چاہتے ہیں ایم کیو ایم کی نفرت اور تقسیم پر مبنی یاست اب مسترد ہوچکی، شہری و دیہی تفریق پیدا کرنے کی کوشش کرنے والوں کو عوام نے پہلے بھی سیاسی طور پر دفن کیا، اب بھی کریں گے، چند منفی مثالوں اور جھوٹے دعووں سے حقیقت تبدیل نہیں کی جا سکتی۔

    شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ نفرت کی دیواریں گرائی ، مخالفین نے ہمیشہ تقسیم کی دکان چلانے کی کوشش کی کراچی سندھ کا دل اور پاکستان کی معیشت کی شہ رگ ہے، کراچی کو دنیا کے سامنے دہشت سے بدنام کرنے والے اب وفاق کے درپے ہیں،ایم کیو ایم کی سیاست ہمیشہ تقسیم، نفرت اور لسانی تفریق کے گرد گھومتی رہی ہے،عوام ان کے جھوٹے بیانیے اور سیاسی شعبدہ بازیوں کو بخوبی سمجھ چکے ہیں، انتظامی فیصلوں کو لسانی رنگ دینا دراصل اپنی ناکام سیاست کو زندہ رکھنے کی کوشش ہے۔

    سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو 18 برس کا طعنہ دینے والوں کو عوام نے مسترد کیا، اس کے برعکس عوام نے ہر الیکشن میں پا کستان پیپلز پارٹی کو سرخرو کیا،کوئی اپنے وقتی مفادات کے لیے عوام کو تقسیم نہیں کر سکتا، پاکستان پیپلز پارٹی نے بلا تفر یق سندھ کے تمام شہریوں کو ترقی کے مواقع فراہم کیے ، وفاق کو جوڑنے والی جماعت کو کراچی کی تقسیم کا ذمہ دار کہنا مضحکہ خیز ہے۔

    شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی سمیت صوبے بھر کے عوام کی خدمت کو پاکستان پیپلز پارٹی اپنا مشن سمجھتی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ نفرت کی سیاست کو شکست دی اور امن، ترقی اور بھائی چارے کو فروغ دیا، پاکستان پیپلز پارٹی نے کبھی کراچی کو تقسیم نہیں کیا، بلکہ ملک کو جوڑے رکھنے، سنوار نے اور ترقی دینے کے لیے کام کیا ۔

    انہوں نے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ ان کے بچوں کے ہاتھوں میں بندوقیں دے کر کس نے ان کا مستقبل برباد کیا، مصطفیٰ کمال بتائیں کہ لسانی تقسیم، بوری بند لاشیں، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کس کی شناخت ہے ؟ سندھ صدیوں سے مختلف زبانیں بولنے والے لوگوں کا گھر ہے، مصطفیٰ کمال جیسے سیاستدان اپنے سیاسی مقاصد کے لیے عوام میں نفرت کو ہوا دے رہے ہیں-

  • سونے کے قیمت میں مزید کمی،چاندی مہنگی

    سونے کے قیمت میں مزید کمی،چاندی مہنگی

    سونے کی عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں قیمت کم جبکہ چاندی کے نرخ بڑھ گئے۔

    بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں آج پیر کے روز فی اونس سونے کی قیمت میں 18ڈالر کی کمی سے نئی قیمت 4ہزار 436ڈالر کی سطح پر آگئی جس کے بعد مقا می صرافہ بازاروں میں آج کاروباری ہفتے کے پہلے دن 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت بھی ایک ہزار 800روپے کی کمی سے 4لاکھ 66 ہزار 136روپے کی سطح پر آگئی،اسی طرح مقامی سطح پر فی 10 گرام سونے کی قیمت 1ہزار 414روپے کی کمی سے 3لاکھ 99ہزار 636روپے کی سطح پر آگئی۔

    جبکہ ملک میں فی تولہ چاندی کی قیمت 67روپے کے اضافے سے 7ہزار 179روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت بھی 57روپے کے اضافے سے 6ہزار 154روپے کی سطح پر آگئی۔

  • ایران کا امریکی بیسز پر حملوں کا دعویٰ، یو اے ای کی تردید

    ایران کا امریکی بیسز پر حملوں کا دعویٰ، یو اے ای کی تردید

    امریکی فوج کی جانب سے آبنائے ہرمز کے قریب لارک آئی لینڈ پر موجود ایرانی راکٹ لانچرز کو نشانہ بنائے جانے کے بعد ایران نے تلافی کے طور پر اردن اور متحدہ عرب امارات میں امریکی بیسز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے-

    امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے اس کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ امریکی افواج نے لاڑک جزیرے پر دو ایرانی لانچرز پر حملہ کیا ہے کیونکہ پاسدارانِ انقلاب کی فورسز کو آبنائے ہرمز میں سمندری بارودی سرنگوں کے ساتھ راکٹ داغنے کی تیاری کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

    دوسری طرف ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے دفاعی نظام نے آبنائے ہرمز کے اوپر ایک امریکی ایم کیو نائن ڈرون کو مار گرایا ہے جو خلیج کے پانیوں میں جا گرا۔

    ایران نے امریکی حملے میں فوجی اہلکاروں اور شہریوں کی شہادت کا دعویٰ کیا اور اس کے بعد پاسدارانِ انقلاب نے فوری جوابی کارروائیاں شروع کیں۔

    ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے بیلسٹک میزائلوں کے ذریعے اردن میں امریکی زیرِ انتظام شاہ حسین اور الازرق ایئر بیسز پر فنی انفراسٹرکچر اور دیکھ بھال کی سہولیات کو نشانہ بنایا، جبکہ بعد میں امارات کی المنہاد ایئر بیس پر ڈرون حملے کا دعویٰ بھی کیا۔

    تاہم امریکی ذرائع کا کہنا ہے کہ اردن میں داغے گئے تمام میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا تھا اور وہاں کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے بھی المنہاد ایئر بیس پر میزائل حملے کی خبروں کی تردید کی ہے اور ایک بیان میں کہا ہے کہ ہماری مسلح افواج کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے اور امارات کی سالمیت، سیکیورٹی اور استحکام کی حفاظت کے لیے مکمل تیار ہیں۔

    اس کشیدگی کے چند گھنٹوں بعد آبنائے ہرمز کے جنوبی حصے سے گزرنے کی کوشش کے دوران دو سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد ایک سپر ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے کے لیے ان کے قوانین کی پابندی لازمی ہے اور ان کے قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی دوسرے جہاز کا انجام بھی یہی ہوگا۔

    اسی دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ایران کے سب سے بڑے توانائی مرکز خارگ آئی لینڈ کو تباہ کیا جا رہا ہے، تاہم اس دعوے کے حوالے سے امریکی دفاعی اداروں یا ایرانی حکام کی جانب سے فوری طور پر مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

  • قندھار میں طالبان انٹیلی جنس کے نائب سربراہ ملّا تاج میر جواد ہلاک

    قندھار میں طالبان انٹیلی جنس کے نائب سربراہ ملّا تاج میر جواد ہلاک

    افغان طالبان رجیم کے ایک اہم انٹیلیجنس عہدیدار تاج میر جواد کو قندھار میں مبینہ طور پر ہدف بنا کر ہلاک کر دیا گیا ہے

    رپورٹس کے مطابق تاج میر جواد افغان طالبان ریجیم کی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلیجنس (GDI) کے نائب سربراہ تھے، کمانڈر نوید احمدزئی کی نیشنل انڈیپنڈنس فرنٹ نے اس ٹارگٹ کلنگ کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے انہیں افغان طالبان رجیم کا ایک سینئر انٹیلیجنس عہدیدار قرار دیا ہے-

    افغانستان کے صوبہ قندھار میں نیشنل انڈیپنڈنس فرنٹ نے طالبان انٹیلی جنس کے فرسٹ ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ملا تاجمیر جواد کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے تنظیم کے مطابق 30 اگست کو قندھار کے عینو مینا اسکوائر کے قریب ایک منصوبہ بندی کے تحت کارروائی کی گئی، جس میں طالبان انٹیلی جنس کے اعلیٰ عہدیدار کو نشانہ بنایا گیا تاہم اس دعوے کی آزاد ذرائع سے فوری طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔

    نیشنل انڈیپنڈنس فرنٹ کے مطابق ملا تاجمیر جواد کی ہلاکت طالبان کے اہم سیاسی و سکیورٹی مرکز قندھار میں سکیورٹی ڈھانچے کے لیے بڑا دھچکا ہے تنظیم نے دعویٰ کیا ہے کہ کارروائی کا مقصد طالبان حکام اور کمانڈروں کو پیغام دینا ہے کہ اعلیٰ سکیورٹی عہدے مزاحمتی کارروائیوں سے تحفظ کی ضمانت نہیں، تنظیم نے طالبان کی حکمرانی کے خاتمے اور افغانستان میں ایک جامع، نمائندہ اور جوابدہ سیاسی نظام کے قیام کے اپنے مؤقف کو بھی دہرایا ہے۔

    نیشنل انڈیپنڈنس فرنٹ نے کہا ہے کہ یہ پیشرفت افغانستان بھر میں طالبان حکومت کے خلاف جاری مزاحمتی سرگرمیوں کا حصہ ہے، جہاں مزاحمتی گروہوں کی جانب سے طالبان کے سیکیورٹی ڈھانچے سے وابستہ شخصیات کو نشانہ بنانے کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں،مزاحمت کا دائرہ اب دور دراز علاقوں سے نکل کر طالبان کے اہم مراکز اور اعلیٰ عہدیداروں تک پہنچ رہا ہے-

    فرنٹ نے طالبان حکومت کی جانب سے اقتدار پر اجارہ داری ختم کرکے ایک جامع، نمائندہ اور جواب دہ سیاسی نظام کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ تاہم ملا تاج میر جواد کی ہلاکت سے متعلق نیشنل انڈیپنڈنس فرنٹ کا یہ دعویٰ آزاد ذرائع سے تاحال تصدیق طلب ہے۔

  • پاکستان اور ترکیہ کا خطے میں مشترکہ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

    پاکستان اور ترکیہ کا خطے میں مشترکہ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

    وزیر دفاع خواجہ آصف نے استنبول میں اپنے ترک ہم منصب یاشار گولر سے اہم ملاقات کی، جس میں علاقائی اور باہمی دفاعی تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا،اس موقع پر ترکیہ کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلچوک بائرکتار اوغلو بھی موجود تھے۔

    ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ نے خطے میں مشترکہ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ،یہ ملاقات تینوں برادر ممالک پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان 7 اگست کو مقدس شہر مکہ مکرمہ میں دستخط کیے جانے والے ’مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ ‘ کے تحت قائم ’اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی‘ کے پہلے باقاعدہ اجلاس سے قبل ہوئی۔ اس کمیٹی کا یہ تاریخی پہلا اجلاس دفاعی اور سفارتی تعاون کی عملی شکل فراہم کرنے کے لیے استنبول میں منعقد ہو رہا ہے۔

    اجلاس میں تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور عسکری قیادت شرکت کر رہی ہے، ترک وزارت خارجہ کے مطابق ترکیہ کی نمائندگی وزیر خارجہ حاقان فیدان، وزیر دفاع یاشار گولر اور چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلچوک بائرکتار اوغلو کر رہے ہیں۔

    دفتر خارجہ اسلام آباد کے جاری کردہ بیان کے مطابق، پاکستان کی جانب سے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں،نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر اہم سرکاری دورے پر استنبول پہنچ چکے ہیں۔

    واضح رہے کہ استنبول کا یہ اجلاس مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ پر عملدرآمد کی سمت میں پہلا مضبوط ادارہ جاتی قدم ہے،اس معاہدے کے تحت طے پایا ہے کہ تینوں میں سے کسی بھی ایک ملک پر مسلح حملہ تمام تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا، جس کا بنیادی مقصد نیٹو (NATO) کے آرٹیکل 5 کی طرز پر اجتماعی دفاعی نظام کو مضبوط بنانا ہے، تینوں ممالک نے اس نظام کو خالصتاً دفاعی اور اجتماعی طاقت کو مضبوط کرنے کا ذریعہ قرار دیا ہے جس کا مقصد کسی مخصوص ملک کو نشانہ بنانا نہیں ہے۔

  • اسرائیلی پولیس اور انتہائی قدامت پسند یہودیوں کے درمیان جھڑپیں

    اسرائیلی پولیس اور انتہائی قدامت پسند یہودیوں کے درمیان جھڑپیں

    تل ابیب میں فوجی بھرتی کے خلاف احتجاج کے دوران اسرائیلی پولیس اور انتہائی قدامت پسند یہودی مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔

    اسرائیلی پولیس نے بتایا کہ تل ہاشومر میں قائم فوجی بھرتی دفتر کے قریب مظاہرین نے سڑکیں بلاک کر دیں، جس کے بعد پولیس نے انہیں منتشر کرنے کی کارروائی شروع کی،مظاہرین کو لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے متعدد بار منتشر ہونے کی ہدایت دی گئی، تاہم ان پر عوامی نظم میں خلل ڈالنے، راستے بند کرنے اور پولیس سے جھڑپوں کا الزام عائد کیا گیا۔

    رپورٹس کے مطابق درجنوں انتہائی قدامت پسند یہودی مظاہرین صبح سویرے فوجی بھرتی دفتر جانے والی سڑکوں پر جمع ہوئے اور بعض افراد رات سے ہی وہاں موجود تھے تاکہ بھرتی کا عمل شروع ہونے سے روکا جا سکے۔

    یہ احتجاج ایسے وقت میں جاری ہیں جب اسرائیلی سپریم کورٹ نے 25 جون 2024 کو فیصلہ دیا تھا کہ انتہائی قدامت پسند یہودیوں، جنہیں حریدی بھی کہا جاتا ہے، کو فوجی سروس سے عمومی استثنا نہیں دیا جا سکتا۔ عدالت نے یہ بھی قرار دیا تھا کہ ان مذہبی اداروں کو سرکاری مالی امداد روکی جا سکتی ہے جن کے طلبہ فوجی سروس سے انکار کرتے ہیں۔

    حریدی یہودی اسرائیل کی تقریباً ایک کروڑ آبادی کا لگ بھگ 13 فیصد ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ وہ اپنی زندگی تورات کی تعلیم و مطالعہ کے لیے وقف کرتے ہیں اور فوج میں شمولیت ان کی مذہبی شناخت اور طرزِ زندگی کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔ کئی سینئر مذہبی رہنما اپنے پیروکاروں کو فوجی بھرتی سے انکار کرنے کی ہدایت بھی دے چکے ہیں۔

  • ناسا کا نیا ٹیلی اسکوپ خلا میں روانہ

    ناسا کا نیا ٹیلی اسکوپ خلا میں روانہ

    ناسا کی جدید ’’نینسی گریس رومن اسپیس ٹیلی اسکوپ‘‘ کامیابی سے خلا میں روانہ ہوگئی ہے، جہاں یہ دور دراز کہکشاؤں، نئے سیاروں اور کائنات کی ساخت سے متعلق اہم سوالات کا جائزہ لے گی۔

    رومن اسپیس ٹیلی اسکوپ کو اسپیس ایکس کے فالکن ہیوی راکٹ کے ذریعے امریکا کی ریاست فلوریڈا میں ناسا کے کینیڈی اسپیس سینٹر کے لانچ کمپلیکس 39A سے روانہ کیا گیا، راکٹ نے تقریباً 4 بج کر 57 منٹ پر پرواز کی اور اس کے ساتھ رومن ٹیلی اسکوپ نے بھی زمین سے اپنے طویل خلائی سفر کا آغاز کردیا۔

    یہ مشن ناسا کے لیے اس لیے بھی اہم ہے کہ رومن دوربین کا مقصد صرف کسی ایک ستارے، سیارے یا کہکشاں کو تفصیل سے دیکھنا نہیں بلکہ آسمان کے انتہائی وسیع حصے کا سروے کرنا ہے اس کے ذریعے سائنس دان کائنات کی ایک بڑی تصویر تیار کرنے کی کوشش کریں گے۔

    رومن ٹیلی اسکوپ کا اگلا اہم مرحلہ سورج اور زمین کے درمیان موجود دوسرے لاغرینج پوائنٹ تک پہنچنا ہے، جسے ’ایل ٹو‘ کہا جاتا ہےیہ مقام زمین سے تقریباً 15 لاکھ کلومیٹر دور ہے عام سیٹلائٹس کی طرح زمین کے گرد چکر لگانے کے بجائے رومن ٹیلی اسکوپ زمین کے گرد گردش نہیں کرے گی بلکہ سورج اور زمین کے اس مخصوص خطے کے گرد اپنے مقررہ مدار میں کام کرے گی۔

    ‘ایل ٹو‘ کے مقام کا ایک بڑا فائدہ یہ ہے کہ وہاں سے دوربین کو کائنات کا نسبتاً وسیع اور کم رکاوٹ والا منظر مل سکے گا رومن کو اس مقام تک پہنچنے میں تقریباً ایک ماہ لگنے کی توقع ہےوہاں پہنچنے کے بعد دوربین اپنے اندر موجود نظامِ حرکت کی مدد سے ضروری سمت اور مدار میں آنے کے لیے مختلف مراحل مکمل کرے گی۔

    تاہم ’ایل ٹو‘ تک پہنچ جانا اس مشن کا اختتام نہیں ہوگا ناسا کے مطابق دوربین کو سائنسی مشاہدات شروع کرنے سے پہلے تقریباً تین ماہ کی تیاری کے مرحلے سے گزرنا ہوگا اس دوران انجینئرز اس کے مختلف آلات اور نظام فعال کریں گے، ان کی جانچ کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ دوربین سائنسی کام کے لیے درست طریقے سے تیار ہے۔

    رومن ٹیلی اسکوپ کی خاص بات اس کا وسیع میدانِ نظر ہے اس کا بنیادی آئینہ 2.4 میٹر چوڑا ہے، جو حجم کے اعتبار سے ہبل اسپیس ٹیلی اسکوپ کے آئینے کے قریب ہے تاہم رومن کا وائیڈ فیلڈ انسٹرومنٹ ایک ہی مشاہدے میں ہبل کے مقابلے میں کم از کم 100 گنا زیادہ وسیع آسمانی علاقے کا جائزہ لے سکتا ہے۔

    یہ صلاحیت رومن کو کائنات کا وسیع سروے کرنے کے لیے انتہائی اہم بناتی ہے سائنس دان اس کے ذریعے یہ جاننے کی کوشش کریں گے کہ کہکشائیں وقت کے ساتھ کس طرح وجود میں آئیں اور تبدیل ہوئیں، کائنات میں موجود ڈارک میٹر اور ڈارک انرجی کیا کردار ادا کرتے ہیں اور ہماری نظامِ شمسی سے باہر کتنے نئے سیارے موجود ہیں۔

    سائنس دانوں کو امید ہے کہ رومن کے مشاہدات سے کائنات کے پھیلاؤ، ڈارک انرجی، کہکشاؤں کی ارتقائی تاریخ اور نظامِ شمسی سے باہر موجود سیاروں کے بارے میں نئی معلومات حاصل ہوں گی خاص طور پر نئے سیاروں کی تلاش میں یہ دوربین ایسی دنیاؤں کا سراغ لگانے میں مدد دے سکتی ہے جو موجودہ طریقوں سے تلاش کرنا مشکل ہیں۔

    تین ماہ کے کمیشننگ اور آلات کی جانچ کے مرحلے کے بعد رومن اپنے باقاعدہ سائنسی مشاہدات شروع کرے گی، سائنسدانوں کو امید ہے کہ اس مشن سے ملنے والی معلومات علم فلکیات کے کئی بڑے سوالوں کے جواب فراہم کرے گی۔

  • کراچی سے پشاور جانے والی مسافر ٹرین پٹری سے اتر گئی

    کراچی سے پشاور جانے والی مسافر ٹرین پٹری سے اتر گئی

    کراچی سے پشاور جانے والی مسافر ٹرین خیبر میل ٹیکسلا بائی پاس کے قریب پٹری سے اتر گئی، تاہم خوش قسمتی سے حادثے میں تمام مسافر مکمل طور پر محفوظ رہے۔

    ریلوے حکام کے مطابق، کراچی سے روانہ ہونے والی خیبر میل جب ٹیکسلا بائی پاس کے نزدیک پہنچی تو اس کی بوگیاں اچانک پٹری سے نیچے اتر گئیں، حادثے کے فوراً بعد ریلوے انتظامیہ، مقامی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا۔

    حکام نے تصدیق کی ہے کہ حادثے کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی نقصان یا کوئی شدید زخمی نہیں ہوا، اور تمام مسافروں کو بحفاظت ٹرین سے نکال لیا گیا ہے ریلوے کے تکنیکی عملے نے متاثرہ ٹریک کو بحال کرنے اور ٹرین کی بوگیوں کو ہٹانے کے لیے کام شروع کر دیا ہے تاکہ پشاور اور راولپنڈی کے مابین معطل ہونے والی ریلوے ٹریفک کو جلد از جلد بحال کیا جا سکے۔

    ریلوے انتظامیہ کی جانب سے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔