وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل رکھنے کی ناکام کوشش نہ تو قانونی حیثیت رکھتی ہے اور نہ ہی اخلاقی جواز رکھتی ہے-
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ میں عطا تارڑ نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کے تحت پاکستان کا پانی پر حق ناقابلِ تنسیخ ہے اور یہ ملک کی بقا کی شہ رگ ہے جس کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل رکھنے کی ناکام کوشش نہ تو قانونی حیثیت رکھتی ہے اور نہ ہی اخلاقی جواز رکھتی ہے ،اس اقدام سے بھارت کو عالمی سطح پر شرمندگی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا-
انہوں نے کہا کہ بھارت کا یہ طرزِ عمل اقوام متحدہ کے توثیق شدہ "One Water, One Vision” اصول کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے جو آبی وسائل کے منصفانہ اور ذمہ دارانہ استعمال پر زور د یتا ہے،پاکستان سندھ طاس معاہدے کے تحت اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن سفارتی اور قانونی اقدام جاری رکھے گا۔
