Baaghi TV

بجلی صارفین کیلئے 63 ارب روپے سے زائد ریلیف کا امکان

bijli

‎ملک بھر کے بجلی صارفین کیلئے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے، نیپرا میں ہونے والی سماعت کے بعد صارفین کو مجموعی طور پر 63 ارب 94 کروڑ روپے ریلیف ملنے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
‎تفصیلات کے مطابق نیپرا نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے سال 2026 کی پہلی سہ ماہی، یعنی جنوری سے مارچ تک کی ایڈجسٹمنٹ درخواستوں پر سماعت مکمل کر لی ہے۔
‎سماعت کے دوران ڈسکوز، پیسکو اور میپکو حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مختلف مدوں میں اخراجات کم ہونے کے باعث بجلی صارفین کو بڑا ریلیف دینا ممکن ہوا ہے۔
‎حکام کے مطابق جنوری سے مارچ کے دوران کپیسٹی چارجز میں 36 ارب 83 کروڑ 70 لاکھ روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ یوز آف سسٹم چارجز اور مارکیٹ آپریشن فیس میں بھی 11 ارب 24 کروڑ روپے کمی آئی۔
‎اسی طرح انکریمنٹل یونٹس کی مد میں 23 ارب 51 کروڑ روپے کمی کی درخواست بھی دی گئی ہے۔
‎میپکو نے اپنی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں 6 اعشاریہ 3 ارب روپے کمی کی درخواست دیتے ہوئے بتایا کہ انڈسٹری کو بجلی کی فروخت میں 28 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
‎پیسکو نے بھی 8 اعشاریہ 6 ارب روپے کمی کی درخواست دی جس میں کپیسٹی پیمنٹ اور سسٹم چارجز میں نمایاں کمی شامل ہے۔
‎سماعت کے دوران بجلی کی قیمت میں ایک روپے 93 پیسے فی یونٹ تک کمی کے امکان پر صارفین اور صنعتکاروں نے اطمینان کا اظہار کیا۔
‎صنعتی نمائندوں کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر توانائی مہنگی ہونے کے باوجود پاکستان میں بجلی کی قیمتوں میں کمی خوش آئند پیش رفت ہے۔
‎نیپرا سماعت میں یہ معاملہ بھی زیر بحث آیا کہ ملک میں اس وقت 45 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے جبکہ ضرورت کے مطابق صرف 25 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔
‎صارفین نے سوال اٹھایا کہ اضافی پیداواری صلاحیت موجود ہونے کے باوجود نئے پاور پلانٹس کیوں لگائے جا رہے ہیں جبکہ موجودہ نظام کو بہتر بنا کر بجلی مزید سستی کی جا سکتی ہے۔

More posts