متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ ملکی فضائی دفاعی نظام نے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران 6 ڈرونز کو تباہ کر دیا۔
وزارت دفاع کے جاری بیان کے مطابق یہ ڈرونز سویلین آبادی اور حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے تھے۔
بیان میں کہا گیا کہ اتوار کے روز جوہری توانائی پلانٹ پر ہونے والے حملے میں استعمال ہونے والے ڈرونز عراق کی سمت سے آئے تھے۔
اماراتی حکام کے مطابق تکنیکی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ حملہ مجموعی طور پر 3 ڈرونز کے ذریعے کیا گیا۔
وزارت دفاع نے بتایا کہ فضائی دفاعی نظام نے دو ڈرونز کو کامیابی سے فضا میں تباہ کر دیا جبکہ تیسرا ڈرون جوہری توانائی پلانٹ کے جنریٹر سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی۔
حکام کے مطابق واقعے کے بعد صورتحال کو فوری طور پر کنٹرول کر لیا گیا اور ریڈیولوجیکل سیفٹی سطح مکمل طور پر محفوظ رہی۔
اماراتی وزارت دفاع نے واضح کیا کہ ملک کے دفاعی نظام ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں اور حساس تنصیبات کی حفاظت یقینی بنائی جا رہی ہے۔
اس واقعے کے بعد خطے میں سیکیورٹی خدشات مزید بڑھ گئے ہیں جبکہ مختلف ممالک صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
اماراتی فضائی دفاعی نظام نے 48 گھنٹوں میں 6 ڈرونز تباہ کردیے
