کراچی کے علاقے گلشن حدید میں تیز رفتار بس کی ٹکر سے ایک موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو گیا، اور واقعے کے بعد بس کا ڈرائیور فرار ہو گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت 55 سالہ ذوالفقار لاشاری کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس حکام نے مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔ حادثے کے بعد علاقے میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب ذوالفقار لاشاری برہان گھر کے قریب کیبن سے کچھ لینے کے لیے باہر نکلا تھا۔
متاثرہ خاندان نے سڑکوں کی خراب حالت اور بس ڈرائیورز کی غفلت کو ایسے حادثات کی بڑی وجہ قرار دیا۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ بس ڈرائیور ٹوکن کے لیے ریس لگاتے ہیں اور بعض اوقات کنڈیکٹر کو بھی بس چلانے دیتے ہیں، جس کی وجہ سے ایسے واقعات معمول بن چکے ہیں۔
پولیس نے بس کو تحویل میں لے لیا ہے اور فرار ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔ خیال رہے کہ یکم جنوری سے اب تک شہر میں ٹریفک حادثات میں دس افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں دو خواتین، ایک بچی اور ایک بچہ شامل ہیں۔
Author: Aqsa Younas Rana

گلشن حدید میں تیز رفتار بس نے موٹر سائیکل سوار کو روند دیا، ڈرائیور فرار

ایرانی عدلیہ نے مظاہرین کو متنبہ کیا، دشمن کی مدد کرنے والوں کے لیے کوئی نرمی نہیں ہوگی
ایرانی عدلیہ نے خبردار کیا ہے کہ ایران میں بدامنی اور فسادات پھیلانے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور دشمن کی مدد کرنے والوں کے ساتھ سخت کارروائی کی جائے گی۔
عرب خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی چیف جسٹس غلام حسین محسنی نے اسرائیل اور امریکہ پر الزام عائد کیا کہ وہ ایران میں خلل ڈالنے کے لیے ہائبرڈ حربے استعمال کر رہے ہیں۔ عدلیہ کے مطابق اسرائیل اور امریکی صدر کے اعلانات کے بعد ایران اور ایرانی عوام کے خلاف سرگرم دشمن عناصر سے نرمی نہیں برتی جائے گی۔
واضح رہے کہ جون میں 12 روزہ جنگ کے دوران ایرانی جوہری تنصیبات پر اسرائیلی اور امریکی حملوں کے بعد امریکی صدر نے ایک بار پھر دھمکی دی کہ ایران میں مظاہرین پر ہونے والی فائرنگ کے واقعات پر امریکا مظاہرین کی مدد کرے گا اور مظاہرین کی ہلاکتیں برداشت نہیں کرے گا۔
ٹائم میگزین کے مطابق ایران میں حکومت مخالف مظاہروں کے دوران اب تک 217 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ یہ احتجاجی سلسلہ 28 دسمبر سے تہران کے بازاروں اور دکانوں میں شروع ہوا، جہاں تاجر اور دکاندار ایرانی ریال کی گرتی ہوئی قدر اور بڑھتی مہنگائی کے خلاف مظاہرہ کر رہے ہیں۔
25 سالہ نوجوان ڈکیتی مزاحمت پر قتل
کراچی کے علاقے ملیر البدر سوسائٹی میں 25 سالہ نوجوان شعیب کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر قتل کر دیا گیا۔ مقتول شاپنگ بیگ فروخت کرتا تھا۔
واقعے کے مطابق شعیب صبح دکان کھول رہا تھا کہ دو ڈاکو وہاں آئے۔ شعیب نے انہیں پکڑنے کی کوشش کی تو ملزمان نے فائرنگ کر کے اسے ہلاک کر دیا۔
ایس ایچ او الفلاح راو عمیر کے مطابق پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ علاقے کے مکینوں کا کہنا ہے کہ ڈکیتی کی وارداتیں معمول بن چکی ہیں اور ملزمان پہلے بھی اسی علاقے میں دکانوں پر ڈکیتی کر چکے ہیں۔
ملک بھر میں سونے کی قیمتیں پھر بلند، فی تولہ قیمت میں ہزاروں روپے کا اضافہ
ملک بھر میں سونے کی قیمت ایک بار پھر بلند ہو گئی ہے اور آج بھی فی تولہ سونے کی قیمت میں سینکڑوں سے ہزاروں روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹس میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات پاکستان میں بھی دیکھے گئے ہیں، جہاں فی تولہ سونے کی قیمت میں 3 ہزار 700 روپے کا اضافہ ہوا اور نئی قیمت 4 لاکھ 73 ہزار 262 روپے تک جا پہنچی۔ اسی طرح 10 گرام سونا 3 ہزار 172 روپے مہنگا ہو کر 4 لاکھ 5 ہزار 745 روپے ہو گیا۔
عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 37 ڈالر کے اضافے کے بعد 4 ہزار 509 ڈالر پر پہنچ گئی۔ پاکستان میں چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھا گیا، جہاں فی تولہ چاندی کی قیمت 270 روپے بڑھ کر 8 ہزار 465 روپے تک جا پہنچی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی معاشی صورتحال اور سرمایہ کاروں کی سونے میں بڑھتی دلچسپی کے باعث قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ یاد رہے کہ سونا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے اور افراط زر یا سیاسی و معاشی عدم استحکام کے اوقات میں اس کی قیمت میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ صدیوں سے سرمایہ کار غیر یقینی صورتحال میں سونا خرید کر اپنے اثاثوں کو محفوظ رکھتے آئے ہیں۔
گذشتہ برس پاکستان میں سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں بھی تبدیلی کی گئی تھی، جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی۔
روسی صدر کی یوکرین میں جدید ہتھیاروں کے استعمال کی تصدیق، مغربی ممالک کو سخت پیغام
یوکرین جنگ کے تناظر میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ایک بار پھر روسی فوجی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے یوکرین پر اوریشنک ہائپرسونک میزائل استعمال کیے ہیں۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس اقدام کا مقصد نہ صرف یوکرین پر دباؤ بڑھانا ہے بلکہ یورپ اور امریکہ کو یہ واضح پیغام دینا بھی ہے کہ روس اپنی عسکری قوت کے معاملے میں کسی دباؤ کو خاطر میں نہیں لا رہا۔
رپورٹس کے مطابق روس کی جانب سے اوریشنک ہائپرسونک میزائل کا حالیہ استعمال یوکرین اور مغربی اتحادیوں کے لیے ایک سنجیدہ وارننگ سمجھا جا رہا ہے۔ اس سے قبل روس نے یہ میزائل پہلی بار نومبر 2024 میں یوکرین کے خلاف استعمال کیا تھا، جس کے بعد یہ دوسرا موقع ہے کہ اس جدید ہتھیار کو عملی طور پر میدانِ جنگ میں لایا گیا ہے۔
دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ان میزائل حملوں کا اصل ہدف امریکہ اور یورپی ممالک کو روسی فوجی طاقت کا پیغام دینا ہے۔ ماسکو یہ باور کرانا چاہتا ہے کہ اس کی عسکری صلاحیتوں کو نظرانداز نہ کیا جائے اور مستقبل کے کسی بھی سفارتی یا مذاکراتی عمل میں روس کے مؤقف کو سنجیدگی سے لیا جائے۔
واضح رہے کہ اوریشنک ہائپرسونک میزائل جوہری اور روایتی دونوں قسم کے وارہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے، تاہم حالیہ حملوں میں جوہری ہتھیار استعمال نہیں کیے گئے۔
بھارت میں بچوں کی دوا آلمونٹ-کِڈ سیرپ پر پابندی، والدین اور دواسازوں کو خبردار
بھارت کے تلنگانہ ڈرگ کنٹرول ایڈمنسٹریشن نے آلمونٹ-کِڈ سیرپ کے استعمال پر فوری پابندی عائد کر دی ہے۔ سیرپ میں ایتھیلین گلائکول کی ملاوٹ پائی گئی ہے جس کی وجہ سے اسے زہریلا قرار دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سینٹرل ڈرگز اسٹینڈرڈ کنٹرول آرگنائزیشن، کلکتہ کی جانب سے وارننگ جاری ہونے کے بعد تلنگانہ میں فوری کارروائی کرتے ہوئے نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔ محکمہ صحت نے واضح ہدایت کی ہے کہ اگر یہ سیرپ کسی کے پاس موجود ہو تو اس کا استعمال اور فروخت فوری طور پر روک دی جائے۔ چونکہ یہ دوا بچوں کے لیے استعمال ہوتی ہے، اس لیے والدین اور دواسازوں کو خاص طور پر محتاط رہنے کا کہا گیا ہے۔
محکمہ نے مزید کہا ہے کہ کسی بھی صورت میں اس سیرپ کا استعمال بند کیا جائے اور نزدیک ترین ڈرگ کنٹرول اتھارٹی کو فوری اطلاع دی جائے۔ ریاست بھر کے ڈرگس انسپکٹرز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ مخصوص بیچ کے تمام دستیاب اسٹاک کو ضبط کیا جائے اور ریٹیلرز، ڈسٹری بیوٹرز اور اسپتالوں کو کسی بھی صورت میں اس کی فروخت یا تقسیم سے روکا جائے۔
کراچی ائیرپورٹ پر جعلی برطانیہ ای ویزا کے ذریعے بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام، مسافر گرفتار
کراچی ائیرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے برطانیہ کے جعلی شیئر کوڈ ای ویزا کے ذریعے بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام بنا دی۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار شدہ مسافر محمد عمران فلائٹ نمبر PC-131 کے ذریعے ترکی جا رہا تھا اور ترکی کے لیے ای ویزا حاصل کرنے کے لیے برطانیہ کا ای ویزا شیئر کوڈ استعمال کیا۔ امیگریشن کلیئرنس کے دوران یہ شیئر کوڈ جعلی نکلا۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ملزم نے یو کے شیئر کوڈ جعلی نکاح نامے کی بنیاد پر حاصل کیا، اور اس کے قبضے سے برآمد شواہد میں اونیزہ قریشی نامی خاتون کے ساتھ جعلی ایڈیٹ شدہ نکاح کی تصاویر بھی شامل ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے تمام دستاویزات اور ٹکٹس لاہور کے مختلف ایجنٹس کے ذریعے تیار کروائیں اور اس پر 70 لاکھ روپے خرچ کیے گئے، جن میں سے 35 لاکھ روپے پہلے ہی ادا ہو چکے تھے۔ دوران تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ اس کی شادی 2014 سے سمیرا خاتون سے ہوئی ہے اور اس کے چار بچے ہیں۔
ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا گیا۔
پاکستان اور انڈونیشیا میں تجارتی تعلقات کے فروغ پر اتفاق، مشترکہ تجارتی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ
پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان تجارتی تعاون کو وسعت دینے کے لیے اہم معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت دونوں ممالک نے مشترکہ تجارتی کمیٹی (جے ٹی سی) قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد دوطرفہ تجارت میں اضافہ اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
جاری اعلامیے کے مطابق مشترکہ تجارتی کمیٹی کے قیام سے تجارتی امور اور درپیش مسائل پر باقاعدہ مشاورت کا طریقہ کار وضع کیا جائے گا۔ پاکستان نے جکارتہ میں سنگل کنٹری نمائش اور بزنس فورم کے انعقاد کا اعلان کیا ہے، جبکہ انڈونیشیا نے پاکستانی معدنیات، دواسازی، کاسمیٹکس اور زرعی مصنوعات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ دونوں ممالک نے ترجیحی تجارتی معاہدے کو وسعت دے کر جامع اقتصادی شراکت داری کی جانب پیش رفت پر بھی اتفاق کیا ہے۔ انڈونیشیا نے پاکستانی پھلوں، چاول اور صنعتی آلو کے لیے بہتر مارکیٹ رسائی پر غور کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے پام آئل کو پاکستان کی غذائی ضروریات کے لیے ایک اہم جزو قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان موجودہ چار ارب ڈالر سے زائد دوطرفہ تجارت کو مزید بڑھانے کے لیے دونوں ممالک پُرعزم ہیں۔
پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن کے ڈرافٹ کے حوالے سے اہم پیش رفت
پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن کے ڈرافٹ کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے، جس کے مطابق ڈرافٹ 30 جنوری کو ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل 11 کے لیے مزید دو نئی ٹیموں کی شمولیت کے بعد اب سب کی توجہ ڈرافٹ پر مرکوز ہے۔ پی ایس ایل مینجمنٹ نے ڈرافٹ کے انعقاد سے متعلق ابتدائی پلاننگ شروع کر دی ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ تمام انتظامی اور تکنیکی معاملات بروقت مکمل کر لیے جائیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈرافٹ سے قبل باقی ماندہ امور جلد نمٹانے کی حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے، جبکہ ڈرافٹ کی حتمی تاریخ اور وینیو کا باضابطہ اعلان آئندہ چند دنوں میں متوقع ہے۔ مزید یہ کہ پی ایس ایل 11 کا ڈرافٹ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران ایک روزہ وقفے میں منعقد کیے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ ڈرافٹ میں لیگ کی تمام 8 فرنچائزز کے مالکان، کوچز اور دیگر نمائندے شرکت کریں گے۔ پی ایس ایل کے 11ویں ایڈیشن میں لاہور قلندرز، کراچی کنگز، پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے ساتھ دو نئی ٹیمیں سیالکوٹ اور حیدرآباد بھی شامل ہوں گی، جس سے لیگ کا دائرہ مزید وسیع ہو جائے گا۔
پنجاب بھر میں مختلف بار ایسوسی ایشنز کے سالانہ انتخابات کا عمل جاری
پنجاب بھر میں مختلف بار ایسوسی ایشنز کے سالانہ انتخابات کا عمل جاری ہے، جہاں وکلاء اپنے نمائندے منتخب کرنے کے لیے حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔ بیشتر اضلاع میں پولنگ شام 5 بجے تک جاری رہے گی جبکہ کئی مقامات پر کانٹے دار مقابلوں کی توقع کی جا رہی ہے۔
لاہور بار ایسوسی ایشن لاہور بار کے سالانہ انتخابات میں پولنگ کا آغاز ہو چکا ہے۔ بار کی مجموعی طور پر 8 نشستوں پر 27 امیدوار میدان میں ہیں۔ صدر کی نشست پر ادیب اسلم بھنڈر، شاہد جمال بٹ اور عرفان حیات باجوہ کے درمیان مقابلہ ہو رہا ہے۔ انتخابات میں 15 ہزار 851 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے۔ نائب صدر کی مرکزی نشست پر 5 امیدوار مدمقابل ہیں، جبکہ نائب صدر ماڈل ٹاؤن کی نشست پر 3 امیدواروں میں مقابلہ ہے۔ نائب صدر کینٹ کی سیٹ پر زاہد محمود گل اور عمران اولکھ آمنے سامنے ہیں۔ سیکرٹری کی نشست پر 4 امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔ جوائنٹ سیکرٹری کے عہدے کے لیے اسد عباس، ثمینہ بسرہ اور سلمان رحیم کھوکھر میدان میں ہیں۔ فنانس سیکرٹری کی نشست پر زہیب خان اور یاسر نزیر پڈھیار کے درمیان مقابلہ ہے جبکہ لائبریری سیکرٹری کے لیے ارشد چدھڑ سمیت 5 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔
شیخوپورہ بار ایسوسی ایشن ڈسٹرکٹ بار شیخوپورہ کے انتخابات الیکشن بورڈ کی ازسرنو تشکیل کے باعث مؤخر کر دیے گئے ہیں۔ ایک ہی دن میں کاغذات کی جانچ پڑتال اور دیگر امور کو ناممکن قرار دیا گیا۔ الیکشن بورڈ کی تبدیلی کے بعد سابق فیصلے کالعدم قرار دے دیے گئے ہیں۔ انتخابات اب 17 جنوری کو ہوں گے۔ بیلٹ پیپرز پر دستخط اور کاغذات کی جانچ کے لیے پولنگ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
گوجرہ بار ایسوسی ایشن گوجرہ بار کے سالانہ انتخابات میں ووٹنگ جاری ہے، جہاں 397 وکلاء حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔ اتحاد گروپ اور جی ڈی اے گروپ کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔ اتحاد گروپ کے اعجاز اختر کہوجہ صدر جبکہ میاں عثمان محمود جنرل سیکرٹری کے امیدوار ہیں۔ جی ڈی اے گروپ کی جانب سے میاں راغب شہزاد صدر اور ایاز افضل بسرا جنرل سیکرٹری کے امیدوار ہیں۔
گوجرانوالہ بار ایسوسی ایشن ڈسٹرکٹ بار گوجرانوالہ کے سالانہ انتخابات میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔ 3460 وکلاء بائیو میٹرک طریقہ کار کے ذریعے ووٹ ڈال رہے ہیں۔ صدر کی نشست پر دو امیدواروں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے جبکہ جنرل سیکرٹری کی نشست پر تین امیدوار میدان میں ہیں۔ دیگر 6 نشستوں پر 12 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔
راولپنڈی بار ایسوسی ایشن ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے سال 2026-27 کے انتخابات کے لیے پولنگ شروع ہو چکی ہے۔ لائبریری سیکرٹری چوہدری کاشف متین اور آڈیٹر محمد نزاکت بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔ صدارت کے عہدے پر اسد محمود راجہ، سردار بلال قیوم خان اور طارق محمود ساجد اعوان کے درمیان مقابلہ ہے۔ نائب صدر کی نشست پر شازیہ یاسین ہاشمی شانزے اور محمد عمران کے درمیان ون ٹو ون مقابلہ ہو رہا ہے۔ سیکرٹری کی نشست پر پانچ امیدوار مدمقابل ہیں جبکہ جوائنٹ سیکرٹری کی نشست پر احسن سلیم منج اور شیخ صدام طارق کے درمیان مقابلہ ہے۔ فنانس سیکرٹری کے لیے تین امیدوار میدان میں ہیں۔ انتخابات 20 رکنی الیکشن بورڈ کی نگرانی میں ہو رہے ہیں اور ووٹرز کے لیے پنجاب بار کونسل کا اصل کارڈ لازم قرار دیا گیا ہے۔
ملتان بار ایسوسی ایشن ملتان بار میں 7 نشستوں پر 18 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ صدر کی نشست پر سیدہ بشریٰ نقوی اور چوہدری محمد افضل جٹ آمنے سامنے ہیں۔ جنرل سیکرٹری کے عہدے پر ملک سعادت حسین اور چوہدری محمد افضل شاہد سندھو کے درمیان مقابلہ ہے۔ نائب صدر کی نشست پر چار امیدوار جبکہ جوائنٹ سیکرٹری کے لیے دو خواتین امیدوار میدان میں ہیں۔ فنانس سیکرٹری کی نشست پر دو امیدوار مدمقابل ہیں۔ مجلس عاملہ کی 10 نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔
بہاولنگر بار ایسوسی ایشن بہاولنگر ڈسٹرکٹ بار کے انتخابات میں پولنگ صبح 9 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ 673 ووٹرز حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔ نائب صدر سمیت دیگر تمام عہدوں پر امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہو چکے ہیں۔ الیکشن بورڈ کے مطابق انتخابی عمل پُرامن ہے۔
قصور، ننکانہ صاحب اور اٹک بار ایسوسی ایشنز قصور بار کے انتخابات میں ووٹنگ جاری ہے اور سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان اور وفاقی وزیر ملک رشید احمد خان کے ووٹ کاسٹ کرنے کا بھی امکان ہے۔ ننکانہ صاحب بار میں 897 وکلاء ووٹنگ میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ اٹک بار ایسوسی ایشن میں 570 وکلاء اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔ دونوں اضلاع میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔









