کراچی ائیرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے برطانیہ کے جعلی شیئر کوڈ ای ویزا کے ذریعے بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام بنا دی۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار شدہ مسافر محمد عمران فلائٹ نمبر PC-131 کے ذریعے ترکی جا رہا تھا اور ترکی کے لیے ای ویزا حاصل کرنے کے لیے برطانیہ کا ای ویزا شیئر کوڈ استعمال کیا۔ امیگریشن کلیئرنس کے دوران یہ شیئر کوڈ جعلی نکلا۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ملزم نے یو کے شیئر کوڈ جعلی نکاح نامے کی بنیاد پر حاصل کیا، اور اس کے قبضے سے برآمد شواہد میں اونیزہ قریشی نامی خاتون کے ساتھ جعلی ایڈیٹ شدہ نکاح کی تصاویر بھی شامل ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے تمام دستاویزات اور ٹکٹس لاہور کے مختلف ایجنٹس کے ذریعے تیار کروائیں اور اس پر 70 لاکھ روپے خرچ کیے گئے، جن میں سے 35 لاکھ روپے پہلے ہی ادا ہو چکے تھے۔ دوران تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ اس کی شادی 2014 سے سمیرا خاتون سے ہوئی ہے اور اس کے چار بچے ہیں۔
ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا گیا۔
کراچی ائیرپورٹ پر جعلی برطانیہ ای ویزا کے ذریعے بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام، مسافر گرفتار
