پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان تجارتی تعاون کو وسعت دینے کے لیے اہم معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت دونوں ممالک نے مشترکہ تجارتی کمیٹی (جے ٹی سی) قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد دوطرفہ تجارت میں اضافہ اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
جاری اعلامیے کے مطابق مشترکہ تجارتی کمیٹی کے قیام سے تجارتی امور اور درپیش مسائل پر باقاعدہ مشاورت کا طریقہ کار وضع کیا جائے گا۔ پاکستان نے جکارتہ میں سنگل کنٹری نمائش اور بزنس فورم کے انعقاد کا اعلان کیا ہے، جبکہ انڈونیشیا نے پاکستانی معدنیات، دواسازی، کاسمیٹکس اور زرعی مصنوعات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ دونوں ممالک نے ترجیحی تجارتی معاہدے کو وسعت دے کر جامع اقتصادی شراکت داری کی جانب پیش رفت پر بھی اتفاق کیا ہے۔ انڈونیشیا نے پاکستانی پھلوں، چاول اور صنعتی آلو کے لیے بہتر مارکیٹ رسائی پر غور کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے پام آئل کو پاکستان کی غذائی ضروریات کے لیے ایک اہم جزو قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان موجودہ چار ارب ڈالر سے زائد دوطرفہ تجارت کو مزید بڑھانے کے لیے دونوں ممالک پُرعزم ہیں۔
پاکستان اور انڈونیشیا میں تجارتی تعلقات کے فروغ پر اتفاق، مشترکہ تجارتی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ
