اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) دیپالپور میں ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے زیر تعمیر انڈر گراؤنڈ واٹر سٹوریج ٹینکس، روڈ کے اطراف واٹر ٹینکس اور شہر کی خوبصورتی کے مختلف منصوبوں کا معائنہ کیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر فیصل شہزاد چیمہ اور دیگر متعلقہ افسران نے انہیں جاری کاموں پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے منصوبوں کے معیار پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ اعلیٰ معیار کا مٹیریل استعمال کیا جائے تاکہ یہ منصوبے طویل عرصے تک عوام کے لیے مفید ثابت ہوں۔انہوں نے واضح کیا کہ ناقص مٹیریل یا سستی روی پر سخت کارروائی کی جائے گی اور تمام منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں۔ خاص طور پر برسات کے موسم سے قبل پانی کے نکاس کے نظام کو فعال بنانا ضروری قرار دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ زیر تعمیر ٹینکس کی جلد تکمیل نہایت اہم ہے تاکہ بارشی پانی کے بروقت نکاس سے شہری انفراسٹرکچر کو نقصان سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر شہروں کی جدید طرز پر ترقی اور بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔بعد ازاں انہوں نے مثالی گاؤں وینڈلا جاگیر کا بھی دورہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
دیپالپور میں ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ، ڈپٹی کمشنر کے کام تیز کرنے کے احکامات
