Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • مسجد الحرام، مسجد نبوی ﷺ سمیت مقدس مساجد میں 20 لاکھ سے زائد زائرین کی حاضری

    مسجد الحرام، مسجد نبوی ﷺ سمیت مقدس مساجد میں 20 لاکھ سے زائد زائرین کی حاضری

    رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کے موقع پر سعودی عرب کی مقدس مساجد میں روح پرور مناظر دیکھنے میں آئے جہاں لاکھوں فرزندانِ اسلام نے عبادت میں شرکت کی۔

    عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق مسجد الحرام، مسجد نبوی، مسجد قبلتین اور مسجد قباء میں مجموعی طور پر 20 لاکھ سے زائد زائرین نے نماز جمعہ ادا کی۔رمضان کے بابرکت مہینے کے آغاز کے ساتھ ہی دنیا بھر سے آنے والے عمرہ زائرین اور مقامی شہریوں کی بڑی تعداد نے ان مقدس مقامات کا رخ کیا۔ نماز جمعہ سے قبل ہی مساجد کے اندرونی حصے مکمل طور پر بھر گئے جبکہ صحنوں، اوپری منزلوں، ملحقہ عمارتوں اور اطراف کی شاہراہوں پر بھی نمازیوں کی طویل صفیں بچھ گئیں۔ کئی مقامات پر نمازیوں کے لیے خصوصی انتظامات کے تحت اضافی قالین بچھائے گئے اور عارضی راستے مختص کیے گئے تاکہ آمد و رفت میں آسانی رہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی حکام کی جانب سے سیکیورٹی، ٹریفک کنٹرول، ہنگامی طبی سہولیات اور صفائی ستھرائی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے تھے۔ ہزاروں سیکیورٹی اہلکاروں نے مساجد کے داخلی و خارجی راستوں پر فرائض انجام دیے جبکہ رضا کاروں کی بڑی تعداد زائرین کی رہنمائی کے لیے موجود رہی۔ صفائی کے عملے نے نماز کے بعد فوری طور پر صفائی کا عمل مکمل کیا تاکہ اگلی عبادات کے لیے ماحول کو خوشگوار رکھا جا سکے۔

    شدید رش کے باوجود نظم و ضبط کی فضا قائم رہی اور نمازیوں نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا۔ خطباتِ جمعہ میں تقویٰ، اخوت، باہمی رواداری اور امتِ مسلمہ کے اتحاد پر زور دیا گیا جبکہ عالمِ اسلام میں امن و سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔سعودی عرب کی دیگر بڑی اور مرکزی مساجد میں بھی نماز جمعہ کے اجتماعات میں غیر معمولی شرکت دیکھنے میں آئی۔ ملک بھر میں رمضان المبارک کی مناسبت سے مساجد کو برقی قمقموں اور خوبصورت روشنیوں سے آراستہ کیا گیا ہے، جبکہ افطار اور سحری کے اوقات میں بھی زائرین کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات جاری ہیں۔

  • پنجاب حکومت نے کالعدم تنظیموں،غیررجسٹرڈ اداروں کی فہرست جاری کر دی

    پنجاب حکومت نے کالعدم تنظیموں،غیررجسٹرڈ اداروں کی فہرست جاری کر دی

    لاہور: محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے میں کالعدم تنظیموں اور غیر رجسٹرڈ خیراتی اداروں کے خلاف بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے 89 تنظیموں اور فلاحی اداروں پر مشتمل فہرست جاری کر دی ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد دہشت گردی کی مالی معاونت کی روک تھام اور عوامی عطیات کے شفاف استعمال کو یقینی بنانا ہے۔محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق جاری کردہ فہرست میں شامل تنظیمیں انسداد دہشت گردی قوانین کے تحت کالعدم قرار دی جا چکی ہیں یا وہ بطور خیراتی ادارہ باقاعدہ رجسٹرڈ نہیں ہیں۔ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت کالعدم تنظیموں سے کسی بھی قسم کی مالی یا اخلاقی معاونت کرنا قابلِ سزا جرم ہے۔حکام نے خبردار کیا ہے کہ شہری غیر رجسٹرڈ اور کالعدم خیراتی اداروں کو زکوٰۃ، صدقات، خیرات اور دیگر عطیات دینے سے گریز کریں۔ محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث تنظیموں کی مالی معاونت کرنے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ایسے عناصر کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے گا۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ صوبہ پنجاب میں کسی بھی خیراتی ادارے کے لیے پنجاب چیریٹی کمیشن سے رجسٹریشن لازمی ہے۔ عوام الناس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی زکوٰۃ اور عطیات صرف انہی اداروں کو دیں جو چیریٹی کمیشن سے باقاعدہ رجسٹرڈ اور تصدیق شدہ ہوں، تاکہ ان کی رقوم مستحقین تک شفاف انداز میں پہنچ سکیں۔محکمہ داخلہ پنجاب نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مشکوک سرگرمیوں یا غیر قانونی چندہ مہمات کی اطلاع متعلقہ حکام کو فراہم کریں تاکہ دہشت گردی کی مالی معاونت کے مکمل خاتمے کو یقینی بنایا جا سکے۔

  • سکھس فار جسٹس کا تاریخی اعلان،بورڈ آف پیس کیلئے1بلین ڈالر، خالصتان ریفرنڈم کیلئے عالمی دباؤ

    سکھس فار جسٹس کا تاریخی اعلان،بورڈ آف پیس کیلئے1بلین ڈالر، خالصتان ریفرنڈم کیلئے عالمی دباؤ

    واشنگٹن میں سکھس فار جسٹس نے تاریخی اعلان کیا ہے کہ وہ بورڈ آف پیس کے پہلے سرکاری اجلاس کیلئے ایک بلین ڈالرز دے گا

    امریکہ بھر سے سینکڑوں سکھ برادری کے ارکان واشنگٹن ڈی سی میں جمع ہوئے تاکہ امن، اتحاد اور سیاسی مطالبات کیلئے آواز بلند کریں،غزہ کی طرح خالصتان کو بھی ایک حل طلب سیاسی مسئلہ قرار دیتے ہوئے سفارتی اور جمہوری حل پر زور دیا جا رہا ہے،صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے سامنے یہ واضح مطالبہ بھی رکھا گیا کہ؛ مودی سے براہِ راست بات کی جائے کہ بھارتی زیر قبضہ پنجاب میں امریکی محکمہ خارجہ کی نگرانی میں آزادی ریفرنڈم کروایا جائے

    سکھس فار جسٹس کے جنرل کونسل گُرپتوانت سنگھ پنوُن نے کہا کہ خالصتان ریفرنڈم کے حامی سکھ نوجوانوں کو مبینہ جعلی مقابلوں میں نشانہ بنایا جا رہا ہے ،11,000 سے زائد سکھ نوجوان سیاسی عقائد کی بنیاد پر گرفتار اور ‘گینگسٹر’ کے طور پر لیبل کیے گئے ہیں،کسی بھی خونریز مقابلے سے پہلے صدر ٹرمپ کو یہ یقینی بنانا ہوگا کہ ایک پرامن، جمہوری حل کیلئے نگرانی شدہ ریفرنڈم کروایا جائے، احتجاج میں شریک افراد کا کہنا تھا کہ؛ہمارا مقصد بورڈ آف پیس کا ممبر بن کر پنجاب کو بھارت سے آزاد کرانا ہے ،ہم بھارت سے جمہوری اور پر امن طریقے سے آزادی حاصل کرنا چاہتے ہیں ،

    ماہرین کے مطابق یہ اقدام امریکی سیاست میں خالصتان کے مطالبے کو اجاگر کرنے اور عالمی توجہ حاصل کرنے کی ایک مؤثر کوشش ہے،اگرچہ اس سے بھارت-امریکہ تعلقات پر اثر پڑ سکتا ہے، مگر مقصد تشدد سے بچتے ہوئے مسئلے کا پرامن حل تلاش ہے ، یہ تاریخی موقع سکھ کمیونٹی کیلئے نہ صرف ایک یادگار دن ہے بلکہ عالمی سیاسی منظرنامے میں ایک اہم قدم بھی ہے،

  • اسلام آباد میں ڈولفن اسکواڈ اہلکاروں کا میاں بیوی پر مبینہ تشدد

    اسلام آباد میں ڈولفن اسکواڈ اہلکاروں کا میاں بیوی پر مبینہ تشدد

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے ایف ایٹ میں ڈولفن اسکواڈ کے اہلکاروں کی جانب سے ایک میاں بیوی پر مبینہ تشدد کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر منظرِ عام پر آنے کے بعد شہری حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

    پولیس کے مطابق واقعہ ایف ایٹ کے رہائشی سیکٹر میں اس وقت پیش آیا جب ڈولفن اسکواڈ کے اہلکاروں نے ایک شہری اور اس کی اہلیہ کو ان کے گھر کے باہر روکا اور معمول کی چیکنگ کے دوران شناختی کارڈ طلب کیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شناختی کارڈ چیکنگ کے دوران فریقین کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جو شدت اختیار کرگئی۔عینی شاہدین کے مطابق بحث و تکرار کے بعد اہلکاروں نے شہری اور اس کی بیوی کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا۔ وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چند اہلکار شہری کو قابو میں کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ خاتون کی جانب سے مزاحمت اور چیخ و پکار بھی سنائی دیتی ہے۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے واقعے کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

    پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ اصل حقائق سامنے لائے جا سکیں۔ ترجمان کے مطابق اگر کسی اہلکار کی جانب سے اختیارات سے تجاوز ثابت ہوا تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔دوسری جانب انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد پولیس نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تشدد میں مبینہ طور پر ملوث اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ آئی جی نے اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی ہے جو مقررہ مدت میں رپورٹ پیش کرے گی۔آئی جی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ شہریوں کے ساتھ ناروا سلوک کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور پولیس فورس میں احتساب کے عمل کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور اگر کسی اہلکار نے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا ہے تو اس کے خلاف سخت محکمانہ اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • سولجر بازار حادثہ،عمارت کے گرفتار مالک کا بیان سامنے آ گیا

    سولجر بازار حادثہ،عمارت کے گرفتار مالک کا بیان سامنے آ گیا

    کراچی کے علاقے سولجر بازار میں عمارت گرنے کے واقعے میں گرفتار مالک محمد ارشاد کا ویڈیو بیان سامنے آ گیا ہے۔

    ملزم کا کہنا ہے کہ اس نے 18 سال قبل پپو بھائی سے عمارت تعمیر کروائی تھی اور یہ پختہ عمارت تھی۔ ملزم کے مطابق وہ خود بھی آٹھ سال تک اسی عمارت میں مقیم رہا۔ محمد ارشاد نے دعویٰ کیا کہ عمارت کی دیکھ بھال پر بھی تین سے چار لاکھ روپے خرچ کیے گئے تھے جبکہ گیس اور بجلی کے کنکشن بھی باقاعدہ لگوائے گئے تھے۔گرفتار مالک نے اپنے بیان میں کہا کہ ممکنہ طور پر کہیں سے گیس لیک ہو گئی ہوگی۔ اس کے مطابق پہلی منزل کے رہائشی شاہد سگریٹ نوشی کرتے تھے، گھر ایک جانب سے بند تھا جس کے باعث گیس جمع ہو گئی ہوگی۔ ملزم نے دعویٰ کیا کہ شاید گیس کی بو محسوس نہ کی گئی ہو اور ماچس جلانے سے دھماکہ ہوا ہو۔حکام کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور عمارت کی تعمیر، دیکھ بھال اور حفاظتی انتظامات سے متعلق ریکارڈ کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

    دوسری جانب سولجر بازار میں گیس لیکج کے باعث دھماکے سے عمارت گرنے کا واقعے کا مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔پولیس حکام کا بتانا ہے کہ مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، مقدمے میں قتل باالسبب، املاک کا نقصان، غفلت، لاپرواہی اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں،مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ عمارت گرنے کے باعث کئی لوگ جاں بحق اور زخمی ہوئے،یاد رہے کہ گزشتہ روز سولجر بازار میں گیس لیکج کے باعث رہائشی عمارت میں ہونے والے دھماکے میں خواتین اور بچوں سمیت 16 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوئے تھے۔

  • وزیراعلیٰ سندھ  سے فوجی فرٹلائیزر کمپنی کے سی ای او جہانگیر پیراچہ کی ملاقات

    وزیراعلیٰ سندھ سے فوجی فرٹلائیزر کمپنی کے سی ای او جہانگیر پیراچہ کی ملاقات

    تھر کوئلے سے یوریا کھاد بنانے کے عظیم منصوبے پر پیش رفت، فوجی فرٹلائیزر کمپنی (ایف ایف سی) اور سندھ حکومت کے درمیان اہم بیٹھک،وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے فوجی فرٹلائیزر کمپنی (ایف ایف سی) کے سی ای او جہانگیر پیراچہ کی ملاقات،ملاقات میں تھر کے کوئلے سے یوریا کھاد تیار کرنے کے منصوبے پر تفصیلی تبادلۂ خیال،یہ منصوبہ جولائی 2024ء میں وزیراعلیٰ سندھ کے سامنے پیش کیا گیا تھا اور اس پر خاطر خواہ پیش رفت ہو چکی ہے۔

    منصوبے کی بینکیبل فزیبلٹی اسٹڈی نومبر 2025ء میں مکمل کر لی گئی ہے، منصوبے کی مجموعی لاگت تقریباً 1.12 ارب ڈالر ہے، سالانہ 717,000 ٹن یوریا پیدا کرنے کی صلاحیت حاصل ہوگی،کوئلے سے یوریا بنانے کا منصوبہ تھر اور پاکستان کے لیے ایک “گیم چینجر” ثابت ہوگا،یہ منصوبہ سندھ کی معیشت کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے،اس منصوبے سے 3,500 سے زائد براہِ راست اور 7,000 سے زائد بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ یوریا کی درآمد میں کمی آئے گی اور ممکنہ طور پر 260 ملین ڈالر تک برآمدات سے قومی خزانے کو فائدہ ہوگا،سندھ حکومت کو سالانہ تقریباً 5.5 ملین ڈالر تک رائلٹی ملنے کا امکان ہے۔سندھ حکومت مکھی فراش سے 12 کیوسک پانی کی فراہم کرے اور اسلام کوٹ میں ملازمین کی کالونی کے لیے زمین کی مختص کی جائے،منصوبے کی کامیابی کے لیے سندھ اور وفاقی حکومتوں کی جانب سے ٹیکسوں میں سہولیات دینی ہونگی،کوئلے سے یوریا تیار کرنے سے یوریا کی قیمت کم ہوگی، جس سے زرعی شعبے کو نمایاں فائدہ پہنچےگا.

  • پاکستان میں دہشتگردی میں افغان سرزمین کااستعمال، ناقابل تردیدشواہدمنظرعام پر

    پاکستان میں دہشتگردی میں افغان سرزمین کااستعمال، ناقابل تردیدشواہدمنظرعام پر

    پاکستان میں دہشتگردی میں افغان سرزمین کااستعمال، ناقابل تردیدشواہدمنظرعام پر آ گئے

    16فروری 2026کو باجوڑمیں ملنگی پوسٹ پر خودکش حملہ کرنے والا خارجی دہشتگرد بھی افغان شہری نکلا،خودکش حملہ آور کی شناخت خارجی احمدعرف قاری عبداللہ ابوذر کے نام سے ہوئی جو افغانستان کےصوبہ بلخ کارہائشی تھا ،خارجی احمدعرف قاری عبداللہ ابوذر طالبان کی اسپیشل فورسزکاحصہ بھی رہ چکاہے،اس خودکش حملہ میں 11 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت دو معصوم شہری بھی شہید ہوئے ،پاکستان میں دہشتگردی میں افغان شہریوں کاملوث ہونا، طالبان رجیم کی دہشتگردوں کی مکمل سرپرستی اورسہولت کاری کا واضح ثبوت ہے،گزشتہ کئی عرصے سے پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کے تانے بانے سرحد پار سے ملتے ہیں

    6فروری2026 کواسلام آبادترلائی میں خودکش حملہ کرنےوالےبمبار نےافغانستان سےدہشتگردی کی تربیت حاصل کی تھی،11نومبر2025کواسلام آبادجوڈیشل کمپلیکس اور24نومبرکوایف سی ہیڈکوارٹرزپشاورپرحملہ کرنےوالے دہشتگردوں کاتعلق بھی افغانستان سے تھا،گزشتہ سال10اکتوبرکوڈیرہ اسماعیل خان پولیس ٹریننگ سینٹراور10نومبرکوواناکیڈٹ کالج پردہشتگردحملوں میں بھی افغان شہری ملوث تھے ،19اکتوبر 2025کوجنوبی وزیرستان میں گرفتارہونے والا خودکش بمبارنعمت اللہ ولد موسی جان بھی افغان صوبہ قندھارکارہائشی تھا،4مارچ 2025کوبنوں کینٹ حملے کی منصوبہ بندی بھی افغانستان سے ہوئی جس میں افغان شہریوں کےملوث ہونےکی تصدیق بھی ہوئی ،11مارچ 2025 کوجعفر ایکسپریس حملے کے سہولت کار افغانستان میں چھپے خارجی نور ولی سے مسلسل رابطہ میں تھے ، 3ستمبر 2024 کوگرفتارہونے والے خودکش بمبار روح اللہ کےکا اعترافی بیان افغانستان سےسرحدپاردہشتگردی کاواضح ثبوت ہے

    ماہرین کے مطابق افغان طالبان رجیم کی جانب سےدہشتگرد تنظیموں کی پشت پناہی سے واضح ہے کہ دہشتگردوں کو افغانستان میں محفوظ پناہگاہیں میسر ہیں ،پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات میں 70 فیصد سے زائد افغانی ملوث ہیں،افغان طالبان رجیم کے غیر منطقی طرزعمل اوردہشتگردوں کی پشت پناہی نے امن کی کوششوں کو ہمیشہ سبوتاژکیا

  • سپریم کورٹ،بانی پی ٹی آئی کی درخواست ،ہرجانہ کیس کاروائی روکنے کا حکم

    سپریم کورٹ،بانی پی ٹی آئی کی درخواست ،ہرجانہ کیس کاروائی روکنے کا حکم

    سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر ٹرائل کورٹ کو ہرجانہ کیس میں کارروائی سے روک دیا اور وزیراعظم شہباز شریف سے جواب طلب کر لیا۔

    شہباز شریف کے بانی پی ٹی آئی کے خلاف ہرجانہ کیس پر سپریم کورٹ میں بانی کی درخواست پر سماعت ہوئی، سپریم کورٹ نے وزیر اعظم شہباز شریف کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا، کیس کو جلد سماعت کیلئے مقرر کیا جائے گا،جسٹس عائشہ ملک نے کہا کہ دوسری طرف سے آج کوئی نہیں آیا، اس مقدمہ میں میرا اختلافی نوٹ ہے، دو جج صاحبان نے حق دفاع ختم کرنے کے فیصلے کو درست قرار دیا تھا، وکیل علی ظفر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ٹانگ میں گولی لگی تھی، بانی پی ٹی آئی زخمی ہونے کے باعث کیس میں پیش نہ ہوسکے، ٹرائل کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی عدم پیروی پر حق دفاع ختم کردیا تھا، اب مقدمہ میں گواہان کا بیان ریکارڈ ہو رہے ہے۔

    جسٹس عائشہ ملک نے استفسار کیا کہ کتنے ارب ہرجانے کا دعوی ہے ؟ علی ظفر نے بتایا کہ دس ارب روپے کا دعویٰ کیا گیا، جسٹس عائشہ ملک نے کہا کہ ٹرائل کورٹ نے حق دفاع ختم کرنے سے پہلے دو تاریخوں پر بانی کا زخمی ہونا تسلیم کیا، زخمی ہونا تسلیم کرنے کے بعد حق دفاع کیسے ختم کیا جا سکتا ہے ؟ ہم مقدمہ میں دوسرے فریق کو نوٹس کررہے ہیں، شہباز شریف نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف دس ارب روپے کے ہرجانے کا دعویٰ کیا ہوا ہے جس میں ٹرائل کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کا عدم پیروی پر دفاع کا حق ختم کردیا تھا

  • وزیرِ اعظم سے چیف ایگزیکٹیو آفیسر  انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ فنانس کارپوریشن کی ملاقات

    وزیرِ اعظم سے چیف ایگزیکٹیو آفیسر انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ فنانس کارپوریشن کی ملاقات

    وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے یونائیٹڈ اسٹیٹس انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ فنانس کارپوریشن (ڈی ایف سی) کے سی ای او بینجمن بلیک نے آج واشنگٹن میں ملاقات کی۔ ان کے ساتھ ڈی ایف سی کے سرمایہ کاری کے سربراہ کونر کولمین اور ایجنسی کی سینئر قیادت بھی موجود تھی۔

    وزیر اعظم نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی معاشی شراکت داری کے فروغ اور دونوں ممالک کے نجی اداروں کے درمیان مشترکہ منصوبوں کو متحرک کرنے میں ڈی ایف سی کے کلیدی کردار کی تعریف کی، جو کہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ کے لیے ضروری ہے۔ پاکستان کی معیشت کو بہتر کرنے والے میکرو اکنامک بنیادی اصولوں، ساختی اصلاحات اور سرمایہ کاری کے لیے پرکشش ماحول کے لیے حکومت کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئے، وزیراعظم نے ڈی ایف سی کو دعوت دی کہ وہ توانائی، کان کنی و معدنیات، زراعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں منصوبوں کے لیے اپنی فنانسنگ میں اضافہ کرے۔ انہوں نے DFC کے 1 بلین ڈالر سے زیادہ کے پورٹ فولیو کو سراہا اور دونوں ممالک کی اقتصادی ترجیحات کے درمیان ہم آہنگی پر روشنی ڈالی، جو کاروباری تعاون (B2B) کے فروغ کے لیے باہمی طور پر فائدہ مند مواقع ہیں۔ وزیراعظم نے ڈی ایف سی کو اپریل میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والی آئندہ معدنیات کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔

    بینجمن بلیک نے وزیراعظم کو DFC کے اسٹریٹجک اقدامات، ترجیحات اور پاکستان میں متوقع پراجیکٹس کے بارے میں آگاہ کیا اور پاکستان میں ڈی ایف سی کی سرمایہ کاری میں اضافے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ DFC شراکت دار ممالک میں اقتصادی ترقی کی حمایت کیلئے تیار ہے۔ وزیر اعظم نے بنجمن بلیک کو پاکستان میں مشترکہ دلچسپی کے مختلف شعبوں میں باہمی طور پر مفید سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے جلد از جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔

  • صدر ٹرمپ کا خلائی مخلوق اور یو ایف اوز سے متعلق فائلیں جاری کرنے کا اعلان

    صدر ٹرمپ کا خلائی مخلوق اور یو ایف اوز سے متعلق فائلیں جاری کرنے کا اعلان

    امریکا میں یو ایف اوز اور خلائی مخلوق پر نئی بحث چھڑ گئی۔

    ہفتے کے روز ایک پوڈکاسٹ میں سابق امریکی صدر باراک اوباما نے ایلینئز سے متعلق اپنے بیان کی وضاحت میں کہا کہ ایلیئنز حقیقت میں ہوتے ہیں لیکن میں نے انہیں نہیں دیکھا، کسی خلائی مخلوق کو ایریا 51 میں نہیں رکھا گیا، وہاں کوئی زیرِ زمین تنصیب نہیں ہے،کائنات اتنی وسیع ہے کہ کہیں نہ کہیں زندگی کے امکانات موجود ہوسکتے ہیں تاہم اپنی صدارت کے دوران انہوں نے خلائی مخلوق کی جانب سے زمین سے رابطے کا ’کوئی ثبوت نہیں دیکھا

    باراک اوباما کے بیان کے بعد امریکا میں یو ایف اوز اورخلائی مخلوق پر نئی بحث چھڑگئی جس پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فائلیں جاری کرنے کی ہدایت کردی،صدر ٹرمپ نے کہا کہ انتہائی پیچیدہ مگر نہایت دلچسپ اور اہم معاملات کی معلومات منظر عام پر لائیں۔ترجمان وائٹ ہاؤس، کیرولین لیویٹ نے سوشل میڈیا پر صدر ٹرمپ کے ٹروتھ سوشل پر دیئے کیئے گئے پیغام کو شیئر کیا ہے جس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک بڑے فیصلے کا ذکر کیا گیا ہے۔صدر ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ سیکرٹری آف وار اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت دے رہے ہیں کہ وہ خلائی مخلوق (Aliens)، یو ایف اوز سے متعلق حکومتی فائلیں تلاش کر کے انہیں عوامی سطح پر جاری کردیںصدر کے مطابق یہ فیصلہ اس معاملے میں لوگوں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔صدر ٹرمپ نے ان معاملات کو انتہائی پیچیدہ مگر دلچسپ اور اہم قرار دیا