Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • وزیراعظم کی اپوزیشن کو قومی معاملات پر مل بیٹھنے کی دعوت

    وزیراعظم کی اپوزیشن کو قومی معاملات پر مل بیٹھنے کی دعوت

    وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر اپوزیشن کو قومی معاملات پر مل بیٹھنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ میثاقِ معیشت اور میثاقِ جمہوریت وقت کی اہم ضرورت ہیں، کیونکہ پاکستان کی ترقی اور استحکام سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

    قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے متعدد بار اپوزیشن کو مذاکرات کی پیشکش کی ہے اور آج بھی یہی کہتے ہیں کہ تمام سیاسی جماعتیں ملکی مفاد میں ایک میز پر بیٹھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست، نظریات اور خیالات الگ ہو سکتے ہیں، لیکن پاکستان کی بقا اور خوشحالی سب سے مقدم ہے، کیونکہ ’’پاکستان ہے تو ہم ہیں‘‘۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ قومی اسمبلی ایک گھر کی مانند ہے اور انہوں نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کی تقریر کو غور سے سنا۔ انہوں نے زور دیا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن قومی مفاد کے معاملات پر اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

    شہباز شریف نے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تین روز قبل 22 جوانوں نے وطن کے دفاع میں جامِ شہادت نوش کیا۔ انہوں نے کہا کہ افسران اور جوان دن رات دہشت گردوں کے خلاف برسرِ پیکار ہیں اور اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر لاکھوں خاندانوں کو محفوظ بنا رہے ہیں، اس لیے پوری قوم کو ان قربانیوں کا احترام کرنا چاہیے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ صوبوں کے وسائل پر صوبوں کا حق تسلیم شدہ حقیقت ہے اور اس معاملے پر کسی قسم کا اختلاف نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریکوڈک منصوبے کا معاہدہ بلوچستان کی سیاسی و سماجی قیادت سے مشاورت کے بعد طے پایا اور اس میں بلوچستان کے عوام کے مفادات کو مکمل طور پر مدنظر رکھا گیا ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے یاد دلایا کہ 2010ء کے این ایف سی ایوارڈ میں بلوچستان کے حصے میں سو فیصد اضافہ کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کوئی احسان نہیں بلکہ وفاق کی آئینی اور قومی ذمہ داری تھی، تاہم یہ حقیقت یاد رکھنی چاہیے کہ بلوچستان کے حقوق اور وسائل کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کیے گئے ہیں، بلوچستان پاکستان کا ایک خوبصورت اور اہم صوبہ ہے جہاں بہادر اور غیور عوام آباد ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کی ترقی کے لیے دیگر صوبوں خصوصاً پنجاب اور سندھ نے بھی اپنا کردار ادا کیا ہے۔ صوبے میں کسانوں کو 75 ارب روپے کی لاگت سے سولر پینلز فراہم کیے گئے ہیں، جبکہ گوادر سے چمن تک جدید شاہراہ کی تعمیر جاری ہے جو ہائی وے کے بین الاقوامی معیار کے مطابق بنائی جا رہی ہے۔

    شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاقی حکومت بلوچستان سمیت تمام صوبوں کی ترقی، خوشحالی اور مساوی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی تاکہ ملک کو معاشی استحکام اور قومی یکجہتی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔

  • ناجائز تعلقات کا شبہہ،اپنی بیوی کو قتل کرنے والا شوہر گرفتار

    ناجائز تعلقات کا شبہہ،اپنی بیوی کو قتل کرنے والا شوہر گرفتار

    قصور: کنگن پور کے علاقے میں خاتون کے اندھے قتل کا معمہ حل کر لیا گیا، جبکہ مقتولہ کا شوہر ہی قاتل نکلا جسے پولیس نے گرفتار کر لیا۔

    پولیس کے مطابق ایک ہفتہ قبل جیتی والا نہر سے ایک نامعلوم خاتون کی لاش برآمد ہوئی تھی، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کرائم سین کو محفوظ بنایا اور فرانزک شواہد اکٹھے کرنے کے لیے پی ایف ایس اے ٹیموں کو طلب کیا۔تھانہ کنگن پور پولیس نے سب انسپکٹر محمد شعیب کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے خاتون کی شناخت اور ملزم کی تلاش کا آغاز کیا۔ اس سلسلے میں ایس پی انویسٹی گیشن محمد ضیاء الحق کی نگرانی اور ایس ایچ او غازی کامران شہزاد کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے تفتیش کو آگے بڑھایا۔

    تحقیقات کے دوران مقتولہ کی شناخت شازیہ بی بی دختر محمد وارث، سکنہ میاں چنوں ضلع خانیوال، حال مقیم الہ آباد کے نام سے ہوئی۔ پولیس نے شبہ کی بنیاد پر مقتولہ کے شوہر اسلام ولد نیاز، سکنہ خانیوال، حال مقیم الہ آباد کو حراست میں لیا۔دورانِ تفتیش ملزم نے اپنی بیوی کے قتل کا اعتراف کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم اسلام نے ناجائز تعلقات کے شبے میں اپنی اہلیہ شازیہ بی بی کو پستول سے فائر کرکے قتل کیا اور بعد ازاں لاش کو نہر میں پھینک دیا تاکہ جرم کو چھپایا جا سکے۔پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر آلہ قتل پستول بھی برآمد کر لیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

    ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) آفتاب احمد پھلروان نے اندھے قتل کے مقدمے کو ٹریس کرنے اور ملزم کو گرفتار کرنے پر تھانہ کنگن پور پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ٹیم کو شاباش دی ہے۔

    رپورٹ،طارق نوید سندھو

  • دہشتگردی کیلئےجدید ڈرون ٹیکنا لوجی،دھماکہ خیز مواد فراہم کرنے والے سپلائی چین کا اہم کردار گرفتار

    دہشتگردی کیلئےجدید ڈرون ٹیکنا لوجی،دھماکہ خیز مواد فراہم کرنے والے سپلائی چین کا اہم کردار گرفتار

    سیکیورٹی فورسز نے ایک اہم کارروائی کے دوران دہشت گردوں کو جدید ڈرون ٹیکنالوجی، الیکٹرانکس آلات اور دھماکہ خیز مواد کی فراہمی میں ملوث ایک اہم سپلائی چین کے کردار کو گرفتار کر لیا ہے۔

    ابتدائی تحقیقات کے مطابق گرفتار ملزم کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے وابستہ عناصر کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور الیکٹرانک سامان کے حصول میں سرگرم تھا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گرفتار دہشت گرد کا رابطہ طلال عرف زید بلوچ سے تھا، جو مطلوب دہشت گرد طاہر کا بھائی اور خود بھی ٹی ٹی پی کا فعال رکن ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ طلال اس وقت افغانستان میں مقیم ہے اور اس نے گرفتار ملزم کو تنظیم کے لیے جدید ڈرونز، موبائل فون بیٹریاں، الیکٹرانک چپس، انورٹرز اور دیگر حساس آلات کی خریداری اور فراہمی کی ذمہ داری سونپ رکھی تھی۔تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم طلال کی ہدایات پر ڈرون موٹرز، فریم، پروپیلرز، بیٹریاں اور دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) تیار کرنے کے لیے استعمال ہونے والے مائیکرو کنٹرولر بورڈز، نٹ بولٹ، کلپ وائر، ہیٹ شرنک وائر اور دیگر الیکٹرانک اشیاء خریدتا تھا۔ اس کے علاوہ ملزم جدید ڈرونز اور مخصوص موبائل فونز کی خریداری میں بھی ملوث تھا۔ذرائع کے مطابق ملزم کراچی کی مختلف الیکٹرانکس مارکیٹوں، جن میں صدر، بولٹن مارکیٹ اور رنچھوڑ لائن شامل ہیں، سے سامان حاصل کرتا تھا جبکہ بعض اشیاء آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے بھی منگوائی جاتی تھیں۔

    سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ ملزم کے اعترافات اور دستیاب شواہد سے ثابت ہوا ہے کہ حاصل کیا جانے والا سامان آئی ای ڈی دھماکوں، خودکش جیکٹس اور بالخصوص ڈرون حملوں میں استعمال ہونے والی جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے تقریباً 2 کلو گرام بارودی مواد، ایک ڈرون بمعہ بیٹری اور ایک ریموٹ کنٹرول بھی برآمد کیا گیا ہے۔ برآمد شدہ سامان کو فرانزک تجزیے کے لیے متعلقہ اداروں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔سیکیورٹی حکام کے مطابق گرفتار دہشت گرد سے حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر مزید کارروائیاں جاری ہیں اور اس نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    ادھر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں کسی بھی مشکوک سرگرمی، غیر معمولی الیکٹرانکس سامان کی خرید و فروخت یا مشتبہ افراد کی موجودگی کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کا بروقت تدارک کیا جا سکے۔

  • راولپنڈی،گیس لیکج سے گھر میں دھماکا،سات افراد زخمی

    راولپنڈی،گیس لیکج سے گھر میں دھماکا،سات افراد زخمی

    راولپنڈی: آفندی کالونی میں گھر کے اندر گیس لیکیج کے باعث ہونے والے دھماکے میں خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے آفندی کالونی میں ایک رہائشی مکان میں گیس جمع ہونے کے باعث اچانک دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں گھر میں موجود 7 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمیوں کا علاج اسپتال کے برن یونٹ میں جاری ہے۔زخمی ہونے والوں میں 7 سالہ مناہل، 14 سالہ حسنین، 12 سالہ بلال، 45 سالہ فریال، 32 سالہ مصطفیٰ، 36 سالہ عثمان اور 10 سالہ مریم شامل ہیں۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق بعض زخمیوں کے جسم کے مختلف حصے جھلسے ہیں جبکہ تمام متاثرین کو طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔

    ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا گھر میں گیس لیکیج کے باعث پیش آیا، تاہم واقعے کی حتمی وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ اداروں نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ گیس کی تنصیبات اور دیگر شواہد کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ حادثے کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گیس لیکیج کے بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام کے لیے حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے اور شہریوں میں آگاہی مہم چلائی جائے تاکہ ایسے افسوسناک حادثات سے بچا جا سکے۔

  • لاہور ہائیکورٹ،پٹرولیم لیوی کیخلاف اظہر صدیق کی درخواست پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری

    لاہور ہائیکورٹ،پٹرولیم لیوی کیخلاف اظہر صدیق کی درخواست پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری

    لاہور ہائی کورٹ نے پٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی (PDL) کے خلاف آئینی درخواست پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کر دیے

    لاہور ہائی کورٹ نے پٹرولیم لیوی کی آئینی حیثیت اور قانونی جواز پر وفاق سے جواب طلب کر لیا،جوڈیشل ایکٹوازم پینل اور وحید شہزاد بٹ کی درخواست پر لاہور ہائی کورٹ کی اہم کارروائی،محمد اظہر صدیق ایڈووکیٹ سپریم کورٹ کی وساطت سے دائر درخواست پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کر دیئے گئے،پٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی کو پارلیمانی منظوری کے بغیر عائد اور بڑھانے کا اقدام چیلنج کیا گیا ہے،لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پٹرولیم لیوی درحقیقت ایک ٹیکس ہے جسے صرف پارلیمنٹ ہی منظور کر سکتی ہے،لاہور ہائی کورٹ نے پٹرولیم لیوی سے متعلق رپورٹ اور پیراوائز کمنٹس طلب کر لیے

    درخواست میں پٹرولیم لیوی کے مسلسل اضافے کو آئین کے منافی قرار دیا گیا،پٹرولیم لیوی کے تعین اور اضافے کے لیے ایگزیکٹو کو دیے گئے لامحدود اختیارات چیلنج کئے گئے،درخواست میں مؤقف کہ قانونی حدود اور رہنما اصولوں کے بغیر لیوی بڑھانے کا اختیار غیر آئینی ہے،پٹرولیم لیوی کو این ایف سی ایوارڈ کے قابل تقسیم محاصل سے باہر رکھنے کا اقدام بھی چیلنج کیا گیا،درخواست گزاروں کا مؤقف کہ پٹرولیم لیوی کی رقم صوبوں کے مالی حقوق کو متاثر کر رہی ہے،لاہور ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا،جسٹس حسن نواز مخدوم اور جسٹس خالد اسحاق پر مشتمل بینچ نے سماعت کے بعد حکم جاری کیا،عدالت نے کیس گرمیوں کی تعطیلات کے بعد سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم دے دیا

    لاہور ہائی کورٹ میں پٹرولیم لیوی کی قانونی حیثیت، پارلیمانی بالادستی اور صوبائی حقوق کا معاملہ زیر سماعت آ گیا،درخواست میں مؤقف کہ ٹیکس کا نفاذ، اضافہ یا وصولی صرف آئین اور قانون کے مطابق ہی ہو سکتی ہے،پٹرولیم لیوی کیس کا فیصلہ وفاقی ٹیکس پالیسی اور صوبائی مالی حقوق پر دور رس اثرات مرتب کر سکتا ہے

  • فیفا ورلڈ کپ ، انگلینڈ ٹیم کا  امریکا میں‌سامان   چوری ہو گیا

    فیفا ورلڈ کپ ، انگلینڈ ٹیم کا امریکا میں‌سامان چوری ہو گیا

    فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے آغاز سے قبل انگلینڈ کی قومی فٹبال ٹیم کو غیر متوقع صورتحال کا سامنا کرنا پڑ گیا، جہاں امریکا میں ٹیم کے پہلے ٹریننگ سیشن سے قبل کھلاڑیوں کا اہم سامان چوری کر لیا گیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چوری ہونے والے سامان میں کھلاڑیوں کے جوتے، فٹبالز اور ٹریننگ کے لیے استعمال ہونے والا دیگر ضروری سامان شامل ہے۔رپورٹس کے مطابق سامان کو ٹیم کے ٹریننگ مقام تک پہنچانے سے قبل نامعلوم افراد نے گاڑیوں کے شیشے توڑ کر واردات کی اور سامان لے کر فرار ہو گئے۔

    یہ سامان ہفتے کے روز انگلش اسکواڈ کی آمد اور ٹریننگ سرگرمیوں کے آغاز سے قبل امریکی ریاست فلوریڈا سے کنساس سٹی منتقل کیا جا رہا تھا۔واقعے کے بعد کنساس سٹی پولیس ڈیپارٹمنٹ نے تحقیقات شروع کر دیں۔ پولیس حکام نے چوری کی واردات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دو مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026ء میں انگلینڈ اپنی مہم کا آغاز بدھ کے روز کروشیا کے خلاف میچ سے کرے گا، جبکہ ٹیم انتظامیہ واقعے کے باوجود تیاریاں معمول کے مطابق جاری رکھنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

  • شمالی وزیرستان،سیکورٹی فورسز کی کاروائی،فتنۃ الخوارج کے 21 دہشتگردجہنم واصل

    شمالی وزیرستان،سیکورٹی فورسز کی کاروائی،فتنۃ الخوارج کے 21 دہشتگردجہنم واصل

    دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کا مشن، سیکیورٹی فورسز کی شمالی وزیرستان میں بڑی کارروائیاں،میران شاہ میں 21 دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا گیا، ہلاک ہونے والوں میں 4 خارجی کمانڈر بھی شامل ہیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن میں خارجیوں کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ اور ملحقہ علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں۔ترجمان کے مطابق شمالی وزیرستان میں خارجیوں کے نیٹ ورک کیلئے بڑا دھچکا، مارے گئے خارجی کمانڈرز تخریب کاری کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔سکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلی جنس بنیادوں پر جاری آپریشنز کے تسلسل میں خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ اور اس کے گرد و نواح میں خوارج کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد گزشتہ بہتر گھنٹوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے مزید 21 خوارج ہلاک کر دیے گئے، جن میں چار اہم خوارجی سرغنہ بھی شامل ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں خوارجی خالد رضا عرف سالار، خوارجی مفتون، خوارجی موسیٰ اور خوارجی عمران عرف ایان شامل ہیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ان کارروائیوں کے نتیجے میں علاقے میں سرگرم خوارج کے نیٹ ورک کو بڑا دھچکا پہنچا ہے۔ ہلاک ہونے والے خوارجی سرغنہ سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں اور بے گناہ شہریوں کے قتل سمیت متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں مطلوب تھے۔ ان انتہائی مہارت اور درستگی کے ساتھ کی گئی کارروائیوں میں اب تک مجموعی طور پر 48 خوارج ہلاک کیے جا چکے ہیں۔ہلاک کیے گئے بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ یہ عناصر متعدد دہشت گرد سرگرمیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث رہے تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں چھپے ہوئے باقی ماندہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری رہیں گے۔ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت ’’عزمِ استحکام‘‘ وژن کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف بلاامتیاز مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی اور معاونت سے چلنے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

  • بھارتی فضائیہ کا AN-32 طیارہ تباہ

    بھارتی فضائیہ کا AN-32 طیارہ تباہ

    بھارتی فضائیہ کا ایک AN-32 فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ ہفتے کے روز ریاست آسام کے جورہاٹ ایئر فورس اسٹیشن پر لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے بعد جائے وقوعہ پر آگ بھڑک اٹھی۔

    بھارتی حکام کے مطابق طیارہ ایئربیس کی حدود کے اندر گر کر تباہ ہوا، جبکہ حادثے کے فوراً بعد آگ لگ گئی۔ واقعے کے بعد ہنگامی امدادی ٹیموں کو فوری طور پر موقع پر روانہ کیا گیا جنہوں نے آگ بجھانے اور علاقے کو محفوظ بنانے کے لیے کارروائی شروع کردی۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی، جبکہ کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی بھی فوری طور پر تصدیق نہیں کی گئی۔

    بھارتی فضائیہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابتدائی جائزے کے بعد مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔ ساتھ ہی حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔

    حادثے کا شکار ہونے والا AN-32 دو انجنوں پر مشتمل فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ ہے جو بھارتی فضائیہ میں رسد، سامان اور اہلکاروں کی نقل و حمل کے لیے وسیع پیمانے پر استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ طیارہ تقریباً 7.5 ٹن سامان، 50 اہلکار یا 42 پیرا ٹروپرز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور دشوار گزار اور بلند پہاڑی علاقوں میں آپریشنز کے لیے تیار کیا گیا ہے۔یہ حادثہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب چند ماہ قبل بھی آسام کے ضلع کاربی آنگلونگ میں بھارتی فضائیہ کا ایک سخوئی Su-30MKI لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا، جس کے نتیجے میں دونوں پائلٹ ہلاک ہوگئے تھے۔یاد رہے کہ 5 مارچ کو جورہاٹ ایئر فورس اسٹیشن سے معمول کی پرواز پر اڑان بھرنے والا دو نشستوں والا سخوئی طیارہ دورانِ مشن زمینی کنٹرول سے رابطہ کھو بیٹھا تھا۔ بعد ازاں طیارے کا ملبہ جورہاٹ سے تقریباً 60 کلومیٹر دور کاربی آنگلونگ کے پہاڑی اور دور افتادہ علاقے سے ملا تھا۔

  • کائنات اظہر خان اسلام آباد میں چیف ٹریفک آفیسر تعینات

    کائنات اظہر خان اسلام آباد میں چیف ٹریفک آفیسر تعینات

    اسلام آباد: کائنات اظہر خان کو چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) اسلام آباد تعینات کر دیا گیا ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

    ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق کائنات اظہر خان کے پاس ایس ایس پی آپریشنز (سیف سٹی) کا اضافی چارج بھی ہوگا۔ نئی ذمہ داریوں کے تحت وہ وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک نظم و ضبط کے ساتھ ساتھ سیف سٹی آپریشنز کی نگرانی بھی کریں گی۔دوسری جانب ایس ایس پی محمد سرفراز ورک کی خدمات پنجاب حکومت کے سپرد کر دی گئی ہیں۔ ان کی پنجاب میں نئی تعیناتی سے متعلق تفصیلات بعد میں جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

  • مظفرگڑھ، کچرا نہ اٹھانے پر ستھرا پنجاب ورکر پر تشدد، 2 ملزمان گرفتار

    مظفرگڑھ، کچرا نہ اٹھانے پر ستھرا پنجاب ورکر پر تشدد، 2 ملزمان گرفتار

    مظفرگڑھ کے علاقے خان گڑھ میں کچرا بروقت نہ اٹھانے کے تنازع پر 2 افراد نے ستھرا پنجاب پروگرام کے سینیٹری ورکر کو تشدد کا نشانہ بنا دیا۔

    پولیس کے مطابق فہیم نامی سینیٹری ورکر معمول کے مطابق کچرا اٹھانے میں مصروف تھا تاہم کچرے کی گاڑی میں مزید جگہ نہ ہونے کے باعث وہ ایک گلی سے مکمل کچرا نہ اٹھا سکا۔اطلاعات کے مطابق کچرا فوری طور پر نہ اٹھانے پر عابد اور مبشر نامی افراد طیش میں آگئے اور انہوں نے سینیٹری ورکر کو گالیاں دینے کے بعد پلاسٹک کے پائپوں اور لوہے کی تاروں سے تشدد کا نشانہ بنایا۔واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ ورکر کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تھانہ خان گڑھ میں دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بعد انہیں گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ قانون کے مطابق ملزمان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔