Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • اوکاڑہ،36 فور ایل اللہ دتہ بلوچ آبادی میں بجلی منصوبے کا افتتاح

    اوکاڑہ،36 فور ایل اللہ دتہ بلوچ آبادی میں بجلی منصوبے کا افتتاح

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) 36 فور ایل اللہ دتہ بلوچ آبادی میں بجلی کی سہولیات کی بہتری کے لیے 10 نئے پولز اور 25 کے وی کے ٹرانسفارمر کی تنصیب کا افتتاحی پروگرام منعقد ہوا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی کرنل (ر) مظہر تیمور تھے، جبکہ اس منصوبے کی تکمیل میں حلقہ این اے 136 کے واپڈا کوآرڈینیٹر ملک خالد یعقوب کی خصوصی کاوشیں شامل رہیں۔

    تقریب میں علی اکبر بلوچ، مہر ایاز محمود سیال، چوہدری مزمل، عرفان احمد، سحی خان اور انشاء اللہ کھوکھر سمیت علاقے کی معزز شخصیات اور بڑی تعداد میں مقامی شہریوں نے شرکت کی۔اس موقع پر مقررین نے حلقے کے عوامی مسائل کے حل اور بجلی کی بہتر فراہمی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ علاقہ مکینوں نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور بالخصوص ملک خالد یعقوب کا شکریہ ادا کیا جن کی مسلسل کوششوں سے یہ منصوبہ پایۂ تکمیل تک پہنچا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک خالد یعقوب نے کہا کہ ان کے قائد کی خواہش ہے کہ عوام سے کیے گئے تمام وعدوں کو عملی جامہ پہنایا جائے اور حلقے کی ترقی و خوشحالی کے لیے جاری منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کا یہ سفر آئندہ بھی جاری رہے گا اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔علاقہ مکینوں نے اس منصوبے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے بجلی کی فراہمی میں بہتری آئے گی اور مقامی آبادی کو درپیش مسائل میں خاطر خواہ کمی ہوگی۔
    تقریب کے شرکاء نے حلقہ این اے 136 کے ایم این اے چوہدری ریاض الحق جج کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے علاقے میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری ہے۔

  • فرائض میں غفلت اور رشوت ستانی پر سخت ایکشن ہوگا۔ ڈی سی اوکاڑہ

    فرائض میں غفلت اور رشوت ستانی پر سخت ایکشن ہوگا۔ ڈی سی اوکاڑہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کا اراضی ریکارڈ سینٹر کا اچانک دورہ، انہوں نے عوامی سہولت کے پیش نظر پبلک سروس ڈلیوری کے عمل کا جائزہ لیا اور سائلین سے سہولیات بارے دریافت کیا اور درپیش مسائل کے حل کے لیے موقع پر ہدایات دیں۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام کاؤنٹرز مکمل فعال رکھتے ہوئے سائلین کی درخواستوں پر فوری عمل درآمد کے احکامات دیے اور ڈپٹی کمشنر کی کیو مینجمنٹ سسٹم کی بہتری کے لیے بھی ہدایات دیں۔ انہوں نے کمپیوٹرائزڈ ریونیو ریکارڈ کی بھی چیکنگ کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ اراضی ریکارڈ سینٹر کے افسران اور انچارج عوامی ریلیف کے پیش نظر انتظامات کی نگرانی کریں۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ فرائض میں غفلت اور رشوت ستانی پر سخت ایکشن ہوگا۔ سائلین سے تاخیری حربے ہرگز برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ فلاح عامہ کے پیش نظر حکومت پنجاب کی ہدایات پر من و عن عمل درآمد کرایا جائے گا۔

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کا "اپنی چھت اپنا گھر” سکیم کے دفتر کا بھی تفصیلی دورہ، انہوں نے دفتر میں کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ اور پبلک سروس ڈیلیوری کے عمل کا جائزہ لیا، وزیراعلیٰ پنجاب کے خصوصی پروگرام "اپنی چھت اپنا گھر” سکیم کے تحت ڈی سی آفس میں الاٹمنٹ لیٹرز کی بھی تقسیم کیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کامیاب امیدواروں میں الاٹمنٹ لیٹرز تقسیم کیے۔ الاٹمنٹ لیٹرز کی تقسیم پر کامیاب افراد نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اظہار تشکر کیا۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف حقیقی طور پر عوامی خدمت کی اعلیٰ مثال ہیں۔ سکیم کے تحت غریب اور بے گھر افراد کو چھت کی فراہمی سے ان کی محرومیاں دور ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ کی بنیاد پر اہل افراد میں الارٹمنٹ لیٹرز تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ اپنی چھت اپنا گھر سکیم کے دفتر میں شفافیت کی بنیاد پر ریکارڈ مرتب کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔ درخواست گزاروں کے لیے سروس کے عمل کو سہل اور آسان بنایا جائے۔

  • ریاست ہمشہ پہلے ماں بن کے ڈیل کرتی ہے بعد میں باپ بنتی ہے۔سکیورٹی ذرائع

    ریاست ہمشہ پہلے ماں بن کے ڈیل کرتی ہے بعد میں باپ بنتی ہے۔سکیورٹی ذرائع

    سکیورٹی ذرائع نےکہا ہےکہ پاکستان امریکا ایران کے معاملے پر ایک ایسے ایشو کو ڈیل کر رہا ہے جو بہت پیچیدہ ہے۔

    اعلیٰ سکیورٹی حکام نے صحافیوں سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا اس میں کردار ثالث کا ہے، فیلڈ مارشل کا اس معاملے میں ایک ہی انٹرسٹ ہے، وہ ہے امن اور استحکام،سکیورٹی ذرائع نے بتایا اگر یہ جنگ نہ رکتی تو اس کے سنگین نتائج ہوتے، ہم ہیڈلائن ڈپلومیسی میں دلچسپی نہیں رکھتے، پاکستان نے ثالثی کے تمام تقاضے پورے کیے ہیں ، دنیا کو آہستہ آہستہ اس کا ادراک ہو رہا ہےکہ پاکستان نےکیا کیا ہے۔عظیم لڑائی وہ ہوتی ہے جہاں آپ بغیر لڑے جنگ جیتیں، ابھی بھی اس معاملے میں بگاڑ پیدا کرنے والے موجود ہیں، اسرائیل کا انٹرنیشنل میڈیا پر اثر و رسوخ ہے، قطر، سعودی عرب، ترکیے، مصر اور یو اے ای کو بھی اس کا کریڈٹ جاتا ہے، ان سب ممالک نے پاکستان کی امن کی خواہش پر لبیک کہا۔ پاکستان کے ایران، سعودی عرب امریکا سب ممالک کے ساتھ الگ الگ تعلقات ہیں، افغانستان کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔

    سکیورٹی ذرائع نے بتایاکہ ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کے بھارت کے دورے سے ہمیں فرق نہیں پڑتا، کون کس سے مل رہا ہے اس سے ہمیں فرق نہیں پڑتا، ہم اتنے تنگ نظریےکے ساتھ چیزوں کو نہیں دیکھتے، ہمارے ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات قائم ہیں۔

    سکیورٹی ذرائع کے مطابق 15 جون 2026 تک 32092 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیےگئے، دہشتگردی کی 2170 کارروائیاں ہوئیں، 64 فیصد خیبرپختونخواہ اور 34 فیصد بلوچستان میں ہوئیں، 1861 دہشتگردوں کو ہلاک کیاگیا، 640 پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اور شہری شہید ہوئے، 862 دہشتگرد غضب للحق آپریشن افغانستان میں مارےگئے باقی 999 پاکستان میں ہلاک ہوئے۔

    سیکورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کا پہلا نشان حیدر کشمیر سے ہے، ہمارا ایشو دہشتگرد رجیم سے ہے وہاں کی عوام سے نہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بی جے پی نے بھی پیسا لگایا، مقبوضہ کشمیر میں نقل و حرکت اور اظہار رائے کی آزادی نہیں ہے، سوال کیا کہ کیا وہ وہاں کے مسلمانوں کو خرید سکتے ہیں؟ کیا وہاں سے پاکستان کیلئے لوگوں کے جذبات سامنے نہیں آئے، بھارت مقبوضہ کشمیرکا ملٹری کے ذریعے بھی کچھ نہ کرسکا اس لیے آزاد کشمیر میں آگ لگائی ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر میں حقوق کی تحریک سے آغاز کیا گیا، ہماری ڈیفالٹ آپشن ہمیشہ بات چیت ہوتی ہے، اصل کہانی کیا ہے یہ سامنے آنے میں وقت لگا، ہمیں پتا تھا جے اے اے سی کا ایجنڈا کیا ہے، یہ کدھر سے آرہے ہیں، بی وائے سی کو جب دہشتگرد تنظیم کہا گیا تب بھی بہت شور مچا تھا، پھر بی وائے سی بھی کھل کر سامنے آگئی۔آزاد کشمیر حکومت نے لوگوں کو کہا ہے اپنی دکانیں کھولیں لیکن جے اے اے سی نے عوام کو کہا ہے جو دکانیں کھولے گا ہم آگ لگا دیں گے۔ آزاد کشمیر حکومت پولیٹیکل پراسیس فالو کررہی تھی، آزاد کشمیر میں بیٹھ کر ریاست مخالف نعرے لگائے جا رہے ہیں، ریاست پیار محبت سے ڈیل کررہی ہے، ریاست ہمشہ پہلے ماں بن کے ڈیل کرتی ہے بعد میں باپ بنتی ہے۔ ہر لمحے جے اے اے سی مزید کھل کر سامنے آرہی ہے، ان کو آئینی، قانونی طریقے سے ڈیل کیا جائے گا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہمارے اندرونی چیلنجز میں دہشتگردی بھی ہے، اب جنگ جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ہوچکی ہے، اس تناظر میں بجٹ کم ہے، ملٹری اور سیاسی لیڈر شپ کو بھی اس کا احساس ہے۔ فوج میں 40 فیصد کےقریب جوان کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں۔

    سیکورٹی ذرائع نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ کسی بھی ملاقات کی تردید کردی، بتایا گیا کہ 9 مئی کرنے اور کروانے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے، جو روپوش ہیں تو قانون اپنا راستہ لےگا

  • سوشل میڈیا سے 6 لاکھ سے 12 لاکھ روپے تک آمدن پر پانچ فیصد ٹیکس لاگو ہوگا

    سوشل میڈیا سے 6 لاکھ سے 12 لاکھ روپے تک آمدن پر پانچ فیصد ٹیکس لاگو ہوگا

    اسلام آباد:سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و محصولات نے چیئرمین سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت فنانس بل 2026 کا شق وار جائزہ جاری رکھتے ہوئے ٹیکس اصلاحات، صنعتی شعبے کے مسائل، ڈیجیٹل معیشت، محصولات میں اضافے اور دستاویز بندی سے متعلق متعدد اہم تجاویز پر غور کیا۔

    پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال، سینیٹر عبدالقادر، سینیٹر طلحہ محمود، سینیٹر شازیب درانی، سینیٹر انوشہ رحمان احمد خان، سینیٹر فیصل واوڈا، سینیٹر سید فیصل علی سبزواری، سینیٹر دلاور خان سمیت پاکستان اسٹیل ملز، ٹیلی کام، بڑی صنعتوں اور آٹو سیکٹر کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران اسٹیل، مینوفیکچرنگ اور آٹو سیکٹر کے نمائندوں نے صنعت کو درپیش چیلنجز، بجلی کے بڑھتے اخراجات، ریفنڈز اور ٹیکس نظام سے متعلق مسائل پر کمیٹی کو آگاہ کیا۔ ایف بی آر نے بتایا کہ ماہانہ تقریباً 55 ارب روپے کے ریفنڈز جاری کیے جا رہے ہیں جبکہ صنعتی شعبے کی نگرانی اور دستاویز بندی کے لیے جدید ڈیجیٹل مانیٹرنگ نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔کمیٹی نے سپر ٹیکس اور دیگر ٹیکس اصلاحات پر بھی غور کیا۔ ایف بی آر حکام نے بتایا کہ ٹیکس استثنیٰ کی حد 50 کروڑ روپے سے بڑھا کر ایک ارب روپے کرنے سے قومی خزانے کو تقریباً 250 ارب روپے کا نقصان ہو سکتا ہے۔

    اہم پیش رفت میں کمیٹی نے ٹیکس سال 2026 سے لائف انشورنس پالیسیوں کے منافع والے حصے پر ٹیکس عائد کرنے کی تجویز منظور کر لی، تاہم اصل سرمایہ، وفات یا معذوری کی صورت میں حاصل ہونے والی رقم اور سات سال بعد میچور ہونے والی پالیسیوں کو ٹیکس استثنیٰ حاصل رہے گا۔ کمیٹی نے وراثتی جائیداد کی تقسیم اور والدین کے انتقال کے بعد جائیداد کے تصفیے پر سیلز ٹیکس استثنیٰ برقرار رکھنے کی بھی منظوری دی۔ڈیجیٹل معیشت سے متعلق بحث میں کمیٹی نے سوشل میڈیا اور آن لائن پلیٹ فارمز سے حاصل ہونے والی آمدن پر پانچ فیصد ودہولڈنگ ٹیکس کی تجویز منظور کر لی۔ مجوزہ نظام کے تحت سالانہ 6 لاکھ روپے تک آمدن ٹیکس سے مستثنیٰ ہوگی جبکہ 6 لاکھ سے 12 لاکھ روپے تک آمدن پر پانچ فیصد ٹیکس لاگو ہوگا۔اجلاس میں معیشت کی دستاویز بندی اور ٹیکس نیٹ کے دائرہ کار میں اضافے پر بھی زور دیا گیا۔ ایف بی آر نے بتایا کہ تقریباً 8 ہزار 697 ایسے افراد کی نشاندہی کی گئی ہے جن کے بینک اکاؤنٹس میں لگ بھگ 750 ارب روپے کے ڈپازٹس موجود ہیں لیکن انہوں نے انکم ٹیکس ادا نہیں کیا۔کمیٹی نے فنانس بل 2026 پر غور آئندہ اجلاسوں میں بھی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا اور بجٹ تجاویز کو حتمی شکل دینے سے قبل مختلف شعبوں کے اسٹیک ہولڈرز سے مزید مشاورت پر زور دیا۔

  • کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کےسابق بانی رکن ایڈووکیٹ کرم دادخان کی احتجاج  کی مخالفت

    کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کےسابق بانی رکن ایڈووکیٹ کرم دادخان کی احتجاج کی مخالفت

    کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کےسابق بانی رکن ایڈووکیٹ کرم دادخان نے احتجاج کی مخالفت کی ہے

    ایڈووکیٹ کرم داد خان نےاحتجاج میں شرپسندعناصرکی وجہ سےہونیوالےجانی ومالی نقصان پر اظہارافسوس کیا اور کہا کہ بھارت موجودہ صورتحال کوپاکستان اورکشمیرکیخلاف پراپیگنڈےکیلئےاستعمال کررہاہے،آزاد کشمیرکے 99 فیصد عوام پاکستان کیساتھ کھڑے ہیں ،آئینی ترامیم اورسیاسی معاملات مذاکرات اورقانونی طریقےسےطےکیے جائیں ، ملک وقوم کےوسیع ترمفاد میں تمام فریقین مذاکرات کی میزپرآئیں ، بھارت کےعزائم ناکام بنانےکیلئےقومی اتفاق واتحاد وقت کی ضرورت ہے ، قومی مفاد اورکشمیر کاز کےتحفظ کیلئےاحتجاج موخر کیا جائے،ماہرین کا کہنا ہے کہ کالعدم ایکشن کمیٹی آزادکشمیرمیں عدم استحکام وانتشارپھیلانےکی کوشش کررہی ہے،

  • بھارتی فضائیہ کے اہلکار کی بیوی کے ساتھ زیادتی،2 ملزمان گرفتار

    بھارتی فضائیہ کے اہلکار کی بیوی کے ساتھ زیادتی،2 ملزمان گرفتار

    بھارتی شہر ناگپور میں ایک بھارتی فضائیہ کے اہلکار کی 24 سالہ بیوی نے اپنے ہم جماعت اور اس کے ساتھیوں پر زیادتی، بلیک میلنگ اور کالے جادو کے سنگین الزامات عائد کر دیے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ 1 ملزم کی گرفتاری کے لیے مدھیہ پردیش میں کارروائی جاری ہے۔متاثرہ خاتون کے مطابق 8 فروری 2025ء کو ہوٹل میں ملاقات کے دوران ملزم نے مبینہ طور پر اس کے مشروب میں نشہ آور چیز ملائی، بے ہوشی کی حالت میں اس کی قابلِ اعتراض تصاویر اور ویڈیوز بنائیں اور بعد میں انہیں وائرل کرنے کی دھمکی دے کر بلیک میل کیا،الزام ہے کہ اس دوران اسے بار بار زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور اس سے 4 لاکھ روپے بھی وصول کیے گئے،متاثرہ خاتون کا دعویٰ ہے کہ اس دوران اسے جادو ٹونے اور ذہنی اثر کے ذریعے قابو میں رکھا گیا تھا۔

    پولیس نے ملزمان کے خلاف زیادتی، بلیک میلنگ، کالے جادو اور بھتہ خوری سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ الیکٹرانک آلات کی فارنزک جانچ سے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

  • امریکا، ایران جنگ بندی معاہدہ، آئی ایم ایف کا خیر مقدم

    امریکا، ایران جنگ بندی معاہدہ، آئی ایم ایف کا خیر مقدم

    واشنگٹن: امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے پر عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے ردِعمل دیتے ہوئے معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے۔

    کرسٹالینا جارجیوا نے اپنے بیان میں کہا کہ اگرچہ جنگ بندی ایک مثبت پیش رفت ہے، تاہم توانائی کے شعبے میں پیدا ہونے والے بحران اور عالمی سپلائی چین میں آنے والی رکاوٹوں کے مکمل خاتمے میں وقت درکار ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصانات کے باعث توانائی اور دیگر ضروری اشیاء کی سپلائی کی فوری بحالی ممکن نہیں ہوگی۔ ان کے مطابق عالمی معیشت پر پڑنے والے اثرات کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ توانائی کی فراہمی کو پہنچنے والا جھٹکا کس حد تک شدید رہا۔

    دوسری جانب امریکی حکام کے مطابق جنگ بندی معاہدے کے سلسلے میں واشنگٹن میں اہم سیاسی سرگرمیاں جاری ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، نائب صدر جے ڈی وینس اور ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔تجزیہ کاروں کے مطابق جنگ بندی معاہدہ خطے میں استحکام کی جانب اہم قدم ثابت ہو سکتا ہے، تاہم اس کے معاشی اثرات اور توانائی کی منڈیوں پر مرتب ہونے والے نتائج کا جائزہ آنے والے دنوں میں واضح ہوگا۔

  • بنوں، ڈومیل کاشو پل کے قریب 4 افراد کی لاشیں برآمد

    بنوں، ڈومیل کاشو پل کے قریب 4 افراد کی لاشیں برآمد

    بنوں کے علاقے ڈومیل میں کاشو پل کے قریب سے چار افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جنہیں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔

    پولیس کے مطابق مقتولین میں باپ، اس کے دو بیٹے اور ایک بھتیجا شامل ہیں۔ ملزمان واردات کے بعد لاشیں کاشو پل کے قریب پھینک کر فرار ہوگئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو تحویل میں لے کر خلیفہ گلنواز ٹیچنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ضروری قانونی کارروائی مکمل کی جا رہی ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔ حکام کے مطابق ذمہ دار عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

    علاقے میں پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے پر مقامی آبادی میں تشویش پائی جاتی ہے جبکہ پولیس نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ واقعے سے متعلق کسی بھی معلومات کی صورت میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کیا جائے۔

  • فیفا ورلڈ کپ ، ایران اور نیوزی لینڈ کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ 2-2 گول سے برابر

    فیفا ورلڈ کپ ، ایران اور نیوزی لینڈ کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ 2-2 گول سے برابر

    لاس اینجلس: فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 میں ایران اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا گیا دلچسپ مقابلہ 2-2 گول سے برابر ہوگیا، جس کے بعد دونوں ٹیموں نے ایک، ایک پوائنٹ حاصل کر لیا۔

    لاس اینجلس میں کھیلے گئے گروپ میچ میں نیوزی لینڈ کے اسٹرائیکر ایلیجا جسٹ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو گول اسکور کیے اور اپنی ٹیم کو دو مرتبہ برتری دلائی۔ تاہم ایران نے بھرپور جواب دیتے ہوئے دونوں مواقع پر مقابلہ برابر کر دیا۔ایران کی جانب سے رامین رضائیان اور محمد موہبی نے ایک، ایک گول اسکور کیا اور اپنی ٹیم کو شکست سے بچا لیا۔

    میچ کے آغاز کے صرف ساتویں منٹ میں ایلیجا جسٹ نے نیوزی لینڈ کو برتری دلائی، تاہم پہلے ہاف کے اختتام سے قبل رامین رضائیان نے گول کر کے اسکور 1-1 کر دیا۔ دوسرے ہاف میں بھی نیوزی لینڈ نے دوبارہ برتری حاصل کی لیکن محمد موہبی نے گول کر کے ایران کو ایک اہم پوائنٹ دلا دیا۔

    یہ میچ اس لحاظ سے بھی اہم تھا کہ ایران کی ورلڈ کپ میں شرکت کئی ہفتوں تک غیر یقینی صورتحال کا شکار رہی۔ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کے بعد ٹیم کی شرکت پر سوالات اٹھائے جا رہے تھے، تاہم ایرانی ٹیم نے ٹورنامنٹ کا مثبت آغاز کیا۔

    میچ سے قبل انگل ووڈ اسٹیڈیم کے باہر ایرانی حکومت مخالف مظاہرے بھی دیکھنے میں آئے، جبکہ اسٹیڈیم کے اندر ایرانی قومی ترانے کے دوران تماشائیوں کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا۔لاس اینجلس دنیا میں ایران کے باہر سب سے بڑی ایرانی کمیونٹی کا مرکز سمجھا جاتا ہے، جس کے باعث اس میچ کو غیر معمولی توجہ حاصل رہی۔دوسری جانب نیوزی لینڈ، جو ٹورنامنٹ کی کم ترین درجہ بندی رکھنے والی ٹیم ہے، اب بھی ورلڈ کپ فائنلز میں اپنی پہلی تاریخی فتح کی تلاش میں ہے۔

  • مردان ،طیارہ حادثہ،شہدا کی نماز جنازہ ادا

    مردان ،طیارہ حادثہ،شہدا کی نماز جنازہ ادا

    مردان میں پاک فضائیہ کے تربیتی طیارے کے حادثے میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ محمد قاسم عبداللہ (پاکستان ایئر فورس) اور لیفٹیننٹ طہٰ عباسی (پاکستان نیوی) کی نمازِ جنازہ مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔

    نمازِ جنازہ میں اعلیٰ عسکری حکام، شہداء کے اہلِ خانہ، رشتہ داروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر شہداء کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جبکہ وطن کے دفاع کے لیے ان کی خدمات اور قربانیوں کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

    قوم اپنے ان بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر حب الوطنی، عزم اور پیشہ ورانہ وابستگی کی روشن مثال قائم کی۔ شہداء کی قربانیاں وطنِ عزیز کے دفاع اور سلامتی کے لیے ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ ترین مقام عطا فرمائے، ان کی قربانیوں کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور لواحقین کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کے لیے صبرِ جمیل، ہمت اور استقامت عطا فرمائے۔ آمین۔