Baaghi TV

دہشتگردی کیلئےجدید ڈرون ٹیکنا لوجی،دھماکہ خیز مواد فراہم کرنے والے سپلائی چین کا اہم کردار گرفتار

سیکیورٹی فورسز نے ایک اہم کارروائی کے دوران دہشت گردوں کو جدید ڈرون ٹیکنالوجی، الیکٹرانکس آلات اور دھماکہ خیز مواد کی فراہمی میں ملوث ایک اہم سپلائی چین کے کردار کو گرفتار کر لیا ہے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق گرفتار ملزم کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے وابستہ عناصر کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور الیکٹرانک سامان کے حصول میں سرگرم تھا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گرفتار دہشت گرد کا رابطہ طلال عرف زید بلوچ سے تھا، جو مطلوب دہشت گرد طاہر کا بھائی اور خود بھی ٹی ٹی پی کا فعال رکن ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ طلال اس وقت افغانستان میں مقیم ہے اور اس نے گرفتار ملزم کو تنظیم کے لیے جدید ڈرونز، موبائل فون بیٹریاں، الیکٹرانک چپس، انورٹرز اور دیگر حساس آلات کی خریداری اور فراہمی کی ذمہ داری سونپ رکھی تھی۔تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم طلال کی ہدایات پر ڈرون موٹرز، فریم، پروپیلرز، بیٹریاں اور دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) تیار کرنے کے لیے استعمال ہونے والے مائیکرو کنٹرولر بورڈز، نٹ بولٹ، کلپ وائر، ہیٹ شرنک وائر اور دیگر الیکٹرانک اشیاء خریدتا تھا۔ اس کے علاوہ ملزم جدید ڈرونز اور مخصوص موبائل فونز کی خریداری میں بھی ملوث تھا۔ذرائع کے مطابق ملزم کراچی کی مختلف الیکٹرانکس مارکیٹوں، جن میں صدر، بولٹن مارکیٹ اور رنچھوڑ لائن شامل ہیں، سے سامان حاصل کرتا تھا جبکہ بعض اشیاء آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے بھی منگوائی جاتی تھیں۔

سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ ملزم کے اعترافات اور دستیاب شواہد سے ثابت ہوا ہے کہ حاصل کیا جانے والا سامان آئی ای ڈی دھماکوں، خودکش جیکٹس اور بالخصوص ڈرون حملوں میں استعمال ہونے والی جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے تقریباً 2 کلو گرام بارودی مواد، ایک ڈرون بمعہ بیٹری اور ایک ریموٹ کنٹرول بھی برآمد کیا گیا ہے۔ برآمد شدہ سامان کو فرانزک تجزیے کے لیے متعلقہ اداروں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔سیکیورٹی حکام کے مطابق گرفتار دہشت گرد سے حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر مزید کارروائیاں جاری ہیں اور اس نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ادھر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں کسی بھی مشکوک سرگرمی، غیر معمولی الیکٹرانکس سامان کی خرید و فروخت یا مشتبہ افراد کی موجودگی کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کا بروقت تدارک کیا جا سکے۔

More posts