Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • فتح کا اعلان کریں اور جنگ سے نکل جائیں،ٹرمپ کو مشیروں کا مشورہ

    فتح کا اعلان کریں اور جنگ سے نکل جائیں،ٹرمپ کو مشیروں کا مشورہ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ان کے مشیر جنگ ختم کرنے کا مشورہ دینے لگے۔

    امریکی اخبار فنانشل ٹائمز کے مطابق ٹرمپ کے مشیروں نے مشورہ دیا ہے کہ فتح کا اعلان کریں اور جنگ سے نکل جائیں۔رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ میں ایران جنگ کے حوالے سے سخت تشویش پائی جاتی ہے۔ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ طویل جنگ مہنگی ثابت ہوسکتی ہے۔

    دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ نے طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن غیر فعال ہونے کی تردید کردی۔سینٹ کام سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاسداران انقلاب بحری بیڑے کو ناکارہ بنانے کا دعویٰ کررہے ہیں، اس سے پہلے بھی وہ اس جہاز کو تباہ کرنے کا دعویٰ کرچکے ہیں، یہ دعویٰ غلط ہے۔سینٹ کام کا کہنا ہے کہ ابراہم لنکن کیریئر اسٹرائیک گروپ اب بھی ایران کے خلاف فعال ہے۔ سینٹ کام نے بحری جہاز پر طیاروں کی آمد و رفت کی ویڈیو بھی جاری کردی۔

    علاوہ ازیں یورپ کو تیل اور گیس کی شدید قلت کا سامنا ہے، فرانس اور اٹلی نے آبنائے ہرمز سے محفوظ راستے کے حصول کیلئے ایران سے مذاکرات شروع کردیے۔فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق دونوں ملک مشرق وسطیٰ سے تیل اور گیس درآمد کرنا چاہتے ہیں اور اپنے ٹینکرز کو بحفاظت آبنائے ہرمز سے گزارنے کیلئے ایران سے بات چیت کررہے ہیں۔

    خلیجی ممالک کو امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ کے آغاز سے اب تک توانائی کی آمدنی میں تقریباً 15.1 ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔ فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، ہرمز آبنائے کی تقریباً مکمل بندش کی وجہ سے لاکھوں بیرل خام تیل عالمی منڈیوں تک پہنچنے سے محروم ہو گئے ہیں، جس سے روزانہ تقریباً 1.2 ارب ڈالر مالیت کی تیل، ریفائنڈ پروڈکٹس اور مائع قدرتی گیس کی برآمدات متاثر ہوئی ہیں۔ سعودی عرب، جو دنیا کا سب سے بڑا تیل برآمد کنندہ ہے، کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا ہے اور اسے تقریباً 4.5 ارب ڈالر کا خسارہ ہوا ہے، جبکہ عراق جیسے ممالک میں جہاں حکومتی آمدنی کا 90 فیصد تیل پر منحصر ہے، معاشی دباؤ شدید ہے۔یہ اعداد و شمار تجزیاتی فرموں Wood Mackenzie اور Kpler کی تحقیق پر مبنی ہیں، جو بتاتے ہیں کہ خلیجی ممالک (سعودی عرب، عراق، متحدہ عرب امارات، کویت اور بحرین) کو مجموعی طور پر تیل کی فروخت اور ٹیکس آمدنی میں 13.3 ارب ڈالر کا تاخیر سے ادائیگی کا سامنا ہے۔ سعودی عرب بحر احمر کے راستے برآمدات بڑھانے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، جبکہ دیگر ممالک جیسے قطر اور کویت اپنے sovereign wealth funds سے مختصر مدت کے اثرات کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ جنگ خلیجی ریاستوں کے لیے معاشی طور پر انتہائی مہنگی ثابت ہو رہی ہے، جو توانائی کی برآمدات پر انحصار کر کے اپنی حکومتیں چلاتی ہیں۔

  • بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، کالعدم تنظیم کے 6 دہشتگرد ہلاک

    بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، کالعدم تنظیم کے 6 دہشتگرد ہلاک

    بلوچستان کے ضلع خاران میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 6 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

    سکیورٹی ذرائع کے مطابق خاران کے علاقے گروپ میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر فورسز نے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن (آئی بی او) کیا۔ آپریشن کے دوران فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق کارروائی میں فتنہ الہندوستان سے وابستہ 6 دہشتگرد مارے گئے۔ سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید دہشتگردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگرد سکیورٹی فورسز اور عوامی تنصیبات پر حملوں میں ملوث تھے۔ سکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ بلوچستان میں امن کو خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایا جائے گا اور دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

  • خوشاب ، سابق شوہر نے مبینہ طور پر خاتون کو پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی

    خوشاب ، سابق شوہر نے مبینہ طور پر خاتون کو پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی

    خوشاب میں سابق شوہر نے مبینہ طور پر خاتون کو پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی، 26 سالہ چمن بتول جان کی بازی ہار گئی

    افسوسناک واقعے پر چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ کا نوٹس، ڈی پی او خوشاب سے رپورٹ طلب کر لی،پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان بابر عباس اور طاہر عباس کو حراست میں لے لیا،دونوں ملزمان سے تفتیش جاری ہے، اصل حقائق مکمل تحقیقات کے بعد سامنے آئیں گے. حنا پرویز بٹ کا کہنا ہے کہ متوفیہ کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے لیے پی ایف ایس اے ٹیم بھی طلب کر لی گئی۔ خواتین کے خلاف اس نوعیت کے سنگین جرائم کسی صورت برداشت نہیں کیے جا سکتے۔ شفاف تفتیش کے ذریعے ذمہ دار عناصر کو قرار واقعی سزا دلائی جائے گی۔ متاثرہ خاندان کو قانونی اور ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت خواتین کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔خواتین کے لیے محفوظ پنجاب ہمارا عزم ہے۔

  • بچت عوامی ریلیف کے لیے ہی استعمال ہو گی۔وزیراعظم

    بچت عوامی ریلیف کے لیے ہی استعمال ہو گی۔وزیراعظم

    وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدا رت خطے میں صورتحال کے پیش نظر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر اثر اور حکومتی بچت اقدامات کے نفاذ کا جائزہ اجلاس ہوا

    اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام کیلئے پالیسی اقدامات اور حکومت کی جانب سے بچت اقدامات کے نفاذ پر پیش رفت و انکے اثرات پر گفتگو ہوئی. اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومتی بچت اقدامات سے حاصل شدہ رقوم کو موجودہ حالات میں عوامی ریلیف کیلئے استعمال کیا جائے گا. تمام کفایت شعاری کے اقدامات سے کی گئی بچت عوامی ریلیف کے لیے ہی استعمال ہو گی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری ملازمین کی طرح State owned enterprises اور حکومتی سرپرستی میں خودمختار اداروں کے ملازمین کی تنخواہوں میں سے درجہ بہ درجہ 5 سے 30 فیصد تک کٹوتی ہوگی جسے عوامی ریلیف کے لیے استعمال کیا جائے گا۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ کارپوریشنز اور دیگر ادارے جن کے بورڈز میں حکومتی نمائندے موجود ہیں، وہ حکومتی نمائندے بورڈ میں شرکت کی فیس نہیں لیں گے اور اس فیس کو بچت کی رقم میں شامل کیا جائےگا.

    وزیرِ اعظم نےدنیا بھر میں موجود تمام پاکستانی سفارتخانوں کو 23 مارچ کی تقریبات کو انتہائی سادگی سے منانے کی ہدایت کی،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ایف بی آر پر ہفتہ وار چار دنوں کا اطلاق نہیں ہوگا، بلکہ وہ اپنے پرانے طریقہ کار کے مطابق فرائض سرانجام دیں گے.آئندہ دو ماہ تمام محکموں کی سرکاری گاڑیوں کو ملنے والے تیل میں 50 فیصد کٹوتی اور سرکاری گاڑیوں کے 60 فیصد گراؤنڈ کئے جانے کے فیصلے کے حوالے سے 3rd party audit کروایا جائے گا۔ اجلاس کو حکومت کی جانب سے نئی گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی اور باقی تمام سرکاری خریداریوں پر پابندی پر عملدرآمد پر بھی بریفنگ دی گئی.اجلاس کو بتایا گیا کہ آئندہ دو ماہ کیلئے کابینہ ارکان، وزراء مشیران اور معاون خصوصی کی تنخواہیں کو بھی بچت کے طور پر عوامی فلاح کے لیے استعمال کیا جائے گا۔وزراء، مشیران اور معاونین خصوصی کے بیرونی دوروں پر بھی مکمل پابندی اور ٹیلی کانفرنسنگ اور آن لائن میٹنگز کو ترجیح دینے کے فیصلے کے اطلاق پر بھی اجلاس کو آگاہی دی گئی.

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سرکاری افسران، وزراء، وزرا مملکت اور معاون خصوصی کے بیرونی دوروں پر مکمل پابندی پر عائد رہے گی. ان تمام سادگی اور کفایت شعاری کے احکامات و اقدامات پر عمل درآمد اور نگرانی متعلقہ سیکریٹریز خود کریں گے اور روزانہ کی بنیاد پر جائزہ کمیٹی کو رپورٹ پیش کریں گے.اجلاس میں وفاقی وزراء عطاء اللہ تارڑ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، چیئرمین ایف بی آر اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی.

  • فیکٹ چیک: افغان طالبان کے پاک فوج سے متعلق دعوے بے بنیاد قرار

    فیکٹ چیک: افغان طالبان کے پاک فوج سے متعلق دعوے بے بنیاد قرار

    سوشل میڈیا اور بعض افغان طالبان سے منسلک میڈیا اکاؤنٹس کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا کہ پاکستانی فوجیوں کو شہید کیا گیا اور ایک پاکستانی چیک پوسٹ پر قبضہ کر لیا گیا۔ تاہم دستیاب معلومات اور زمینی حقائق کے مطابق یہ دعوے بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیے جا رہے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا جس میں پاکستانی فوج کی کسی چیک پوسٹ پر قبضہ کیا گیا ہو یا پاکستانی فوجیوں کی شہادت کی تصدیق ہو۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس قسم کی خبریں محض پروپیگنڈا ہیں جن کا مقصد غلط تاثر پیدا کرنا ہے۔

    دوسری جانب اطلاعات کے مطابق 13 مارچ تک آپریشن “غضب للحق” کے دوران افغان طالبان کو بھاری جانی اور عسکری نقصان اٹھانا پڑا۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق اس کارروائی میں طالبان کے 663 جنگجو ہلاک، 887 سے زائد زخمی ہوئے جبکہ 249 چوکیوں کو تباہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ 44 چوکیوں پر قبضہ کیا گیا اور 224 بکتر بند عسکری گاڑیاں بھی تباہ کر دی گئیں۔دفاعی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر طالبان کے دعوے درست ہوتے تو وہ اس حوالے سے کم از کم کوئی قابل تصدیق ویڈیو، تصاویر یا دیگر شواہد پیش کرتے، تاہم اب تک ایسا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا۔

    ماہرین کے مطابق موجودہ دور میں معلوماتی جنگ کا استعمال بڑھ گیا ہے، جہاں فریقین سوشل میڈیا کے ذریعے بیانیہ بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ اسی وجہ سے کسی بھی دعوے کو تسلیم کرنے سے پہلے اس کی آزادانہ تصدیق ضروری ہوتی ہے۔

  • ہمیں خطے میں پرامن اور اچھے ہمسایہ تعلقات کو فروغ دینا ہوگا،  مولانا فضل الرحمان

    ہمیں خطے میں پرامن اور اچھے ہمسایہ تعلقات کو فروغ دینا ہوگا، مولانا فضل الرحمان

    امیر جےیوآئی مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اس وقت پوری امتِ مسلمہ کو سر جوڑ کر بیٹھ کر اپنے مستقبل کا تعین کرنا ہوگا، امریکہ اور مغربی دنیا کی پالیسیوں کے نتائج آج پوری امتِ مسلمہ کے سامنے آ چکے ہیں،

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ فلسطین اور بیت المقدس صرف ایران نہیں بلکہ پوری امتِ مسلمہ کا مسئلہ ہیں، فلسطین اور القدس کے مسئلے پر امتِ مسلمہ کو متحد اور مضبوط مؤقف اختیار کرنا ہوگا، بدقسمتی سے اسلامی دنیا داخلی اختلافات اور لڑائیوں میں الجھ گئی ہے پاکستان اس وقت پیچیدہ علاقائی اور سفارتی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، بھارت کے ساتھ مشرقی سرحد اور افغانستان کی جانب مغربی سرحد کشیدہ صورتحال کا شکار ہے، موجودہ حالات میں پاکستان کے علاقائی اور عالمی تعلقات کا ازسرِ نو جائزہ ضروری ہے، الزام تراشی یا ایک دوسرے کو غلط قرار دینا مسائل کا حل نہیں، ہمیں سنجیدگی سے سوچنا ہوگا کہ موجودہ عالمی صورتحال میں پاکستان کہاں کھڑا ہے، پاکستان کے اہم سفارتی اور دفاعی معاملات پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اِن کیمرہ اجلاس بلایا جائے، قومی سلامتی کے معاملات پر عوامی نمائندوں کو کھل کر اظہارِ رائے کا موقع ملنا چاہیے، حکومت اور اسٹیبلشمنٹ قوم اور پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں، حساس قومی معاملات کو جلسوں اور گلی کوچوں کی سیاست کا موضوع نہیں بنانا چاہیے، پاکستان کے مستقبل کیلئے سیاسی اور سفارتی راستے اختیار کرنا ہوں گے، ہمیں خطے میں پرامن اور اچھے ہمسایہ تعلقات کو فروغ دینا ہوگا، جنگ سے امن پیدا نہیں ہوتا، جنگ مزید جنگ کو جنم دیتی ہے، خطے میں جنگ کی آگ بھڑکی تو اس کی لپیٹ میں سب آ جائیں گے، جمعیت علماء اسلام نے پارلیمنٹ کے فلور پر اِن کیمرہ اجلاس کی تجویز دی ہے،

  • وفاقی وزارتوں کے ای آفس سسٹم کو سائبر حملوں سے بچانے کیلئے اہم ایڈوائزری جاری

    وفاقی وزارتوں کے ای آفس سسٹم کو سائبر حملوں سے بچانے کیلئے اہم ایڈوائزری جاری

    وفاقی حکومت کی وزارتوں میں استعمال ہونے والے ای آفس سسٹم کو ممکنہ سائبر حملوں سے محفوظ بنانے کے لیے اہم سیکیورٹی ایڈوائزری جاری کی گئی ہے۔

    ایڈوائزری میں تمام وزارتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جدید سیکیورٹی اقدامات فوری طور پر نافذ کریں تاکہ حساس سرکاری ڈیٹا اور سرکاری نظام کو ہیکنگ یا سائبر خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔رپورٹ کے مطابق ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزارتوں کے نیٹ ورک کی مسلسل نگرانی کے لیے نیکسٹ جنریشن فائر وال نصب کیے جائیں اور ہر وزارت میں ڈائریکٹر سائبر سیکیورٹی کے عہدے پر ماہر افسر تعینات کیا جائے، جو ڈیجیٹل سیکیورٹی کے معاملات کی براہ راست نگرانی کرے۔ایڈوائزری میں مزید تجویز دی گئی ہے کہ نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ میں ایک خصوصی سائبر سیکیورٹی ٹیم قائم کی جائے، جو ای آفس سسٹم کی حفاظت، مانیٹرنگ اور ممکنہ سائبر حملوں کی بروقت نشاندہی اور روک تھام کے لیے کام کرے۔

    سیکیورٹی ہدایات کے مطابق تمام متعلقہ وزارتوں اور سرکاری اداروں کو 30 دن کے اندر اندر ان حفاظتی اقدامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ عالمی سائبر خطرات کے پیش نظر سرکاری ڈیجیٹل نظام کو محفوظ بنانا انتہائی ضروری ہے۔رپورٹ کے مطابق نیشنل سرٹ کے ڈائریکٹر جنرل نے سیکیورٹی سفارشات 43 وفاقی وزارتوں اور اہم سرکاری محکموں کو ارسال کر دی ہیں، جبکہ وزارتوں کے ساتھ رابطہ اور عملدرآمد کی نگرانی کی ذمہ داری ڈائریکٹر نیشنل سرٹ خرم جاوید کو سونپی گئی ہے۔حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد حکومتی ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانا اور سرکاری نظام کو ممکنہ سائبر حملوں سے محفوظ رکھنا ہے۔

  • پاکستان کا غیر ملکی مصنوعات پر انحصار بڑھنے لگا

    پاکستان کا غیر ملکی مصنوعات پر انحصار بڑھنے لگا

    پاکستان کا غیر ملکی مصنوعات پر انحصار بڑھنے لگا، گاڑیوں اور اسمارٹ موبائل فونز سمیت متعدد غیر ملکی لگژری اشیاء کی درآمدات میں نمایاں اضافہ ہوگیا، موجودہ مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران مجموعی درآمدات 45 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئیں۔

    آئی ایم ایف کی ایک قسط سے زیادہ مالیت کے تو صرف اسمارٹ موبائل فونز اور گاڑیاں امپورٹ کی گئیں، زرعی ملک ہونے کے باوجود پاکستان میں کھانے پینے کی اشیاء کی درآمد بھی بڑھ گئیں۔رپورٹ کے مطابق غیرملکی درآمدات میں 8.21 فیصد اضافہ ہوا، حجم 45 ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا، جولائی تا فروری امپورٹس میں 3 ارب 45 کروڑ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔زرعی ملک ہونے کے باوجود پاکستان کا امپورٹڈ خوراک پر انحصار بڑھنے لگا، غذائی اشیا کی درآمدات میں 18.42 فیصد اضافہ ہوا اور حجم 6.41 ارب ڈالر ہوگیا، گزشتہ سال کے مقابلے ایک ارب ڈالر کی اضافی غذائی اشیاء امپورٹ ہوئیں۔دستاویز کے مطابق مہنگی کاروں کی امپورٹ 126 فیصد اضافے سے 1.53 ارب ڈالر سے زائد رہی، چینی، خشک میوے، چائے، مصالحے، سویا بین اور پام آئل کی امپورٹ بھی بڑھی۔

  • ورلڈ کپ کیلئے بہت پرامید تھے، افسوس ہے نتائج نہیں آئے، سلیکشن کمیٹی پی سی بی

    ورلڈ کپ کیلئے بہت پرامید تھے، افسوس ہے نتائج نہیں آئے، سلیکشن کمیٹی پی سی بی

    پی سی بی کی نیشنل سلیکشن کمیٹی نے لاہور میں پریس کانفرنس کی، عاقب جاوید نے کہا کہ ورلڈ کپ میں توقعات کے مطابق نتائج نہیں آئے، ٹیم کو کم سے کم سیمی فائنل میں جانا چاہیے تھا، ورلڈ کپ کیلئے بہت پرامید تھے، افسوس ہے نتائج نہیں آئے، پاکستان کرکٹ ٹیم کسی کی ضد نہیں، سابق کرکٹرز ٹی وی پر بیٹھ کر باتیں کرتے ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی کے ساتھ مل کر کوچ فیصلہ کرتے تھے، پلئینگ الیون سلیکشن کمیٹی کے ساتھ مل کر ہوتی تھی، ہم نے پروفیشنل کوچ لانا تھا، ٹیم بنانے کیلئے آزادی ملنی چاہیے، ہمیشہ کوچ کو ساتھ بٹھاتے ہیں تاکہ مشاورت شامل ہو، مقصد ہے بہترین ٹیم کی سلیکشن ہو۔عاقب جاوید نے کہا کہ ہیڈ کوچ سے مل کر مستقبل کا پلان بنائیں گے، ٹیمیں متفقہ طور پر تشکیل دی جاتی ہیں، نوجوان کھلاڑی پرفارمنس کے بعد ٹیم میں آئے، کسی ایک پرفارمنس پر کسی کو کھلاسکتے ہیں نہ ہی نکال سکتے ہیں۔سلیکشن کمیٹی کے رکن کا کہنا ہے کہ بابراعظم فٹ نہ ہونے کی وجہ سے بنگلادیش سیریز، نیشنل ٹی 20 نہیں کھیل رہے، ورلڈکپ ختم ہونے کے بعد بابراعظم اور فخرزمان کی انجریز سامنے آئیں، بابراعظم اور فخرزمان کی انجریز کی انکوائری کرائیں گے، فخر زمان ابتدائی میچز کیوں نہیں کھیلے؟ یہ کوچ بتاسکتے ہیں۔

    سرفراز احمد نے کہا کہ تین سے چار وکٹ کیپر لائن میں ہیں، غازی غوری کو محمد رضوان کا متبادل دیکھ رہے ہیں، شامل حسین سے متعلق بہت لوگ بات کررہے ہیں، شامل حسین کی قائداعظم ٹرافی سمیت دیگر ٹورنامنٹس میں پرفامنس اچھی ہے۔

    قبل ازیں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے سلیکشن کمیٹی نے ملاقات کی، چیئرمین نے سلیکشن کمیٹی کو مکمل فری ہینڈ دیدیا۔محسن نقوی نے کہا کہ بغیر کسی دباؤ ایمانداری سے فرائض سرانجام دیں، سلیکشن کمیٹی کسی کی تنقید کی پرواہ نہ کرے، میری مکمل سپورٹ سلیکشن کمیٹی کے ساتھ ہے۔سلیکشن کمیٹی کے ممبران مصباح الحق، سرفراز احمد، اسد شفیق اور عاقب جاوید نے اعتماد کرنے پر چیئرمین پی سی بی سے اظہار تشکر کیا۔