Baaghi TV

Blog

  • بل گیٹس کا بڑا اعتراف، جیفری ایپسٹن مجھے بلیک میل کرنا چاہتا تھا

    بل گیٹس کا بڑا اعتراف، جیفری ایپسٹن مجھے بلیک میل کرنا چاہتا تھا

    ‎واشنگٹن: مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے امریکی کانگریس کی ایک کمیٹی کے سامنے اہم انکشافات کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ بدنام زمانہ مجرم جیفری ایپسٹن انہیں ان کے ماضی کے ذاتی تعلقات کی بنیاد پر بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔
    ‎غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی کانگریس کی کمیٹی نے بند کمرے میں دیے گئے بل گیٹس کے بیان کا متن جاری کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ جیفری ایپسٹن ان کے ماضی کے غیر ازدواجی تعلقات سے متعلق معلومات کو استعمال کرتے ہوئے انہیں دباؤ میں لانا چاہتا تھا۔ بل گیٹس کے مطابق ایپسٹن کے تیار کردہ ای میل مسودوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ انہیں دھمکانے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔
    ‎بل گیٹس نے اعتراف کیا کہ ماضی میں ان کے تین خواتین کے ساتھ تعلقات رہے، جبکہ جیفری ایپسٹن کو ان میں سے دو تعلقات کے بارے میں معلومات حاصل تھیں۔
    ‎انہوں نے واضح کیا کہ ان کا ایپسٹن کے مجرمانہ سرگرمیوں سے کسی قسم کا تعلق نہیں تھا۔ بل گیٹس کے مطابق چار برس کے دوران ان کی ایپسٹن سے تقریباً 12 سے 14 ملاقاتیں اور دو ویڈیو کالز ہوئیں، جن کا مقصد زیادہ تر فلاحی منصوبوں اور ممکنہ عطیہ دہندگان کے حوالے سے بات چیت تھا۔
    ‎بل گیٹس نے کمیٹی کو بتایا کہ وہ اس وقت جیفری ایپسٹن کے مجرمانہ ماضی سے لاعلم تھے اور بعد میں انہیں احساس ہوا کہ اس سے ملاقات کرنا ان کی زندگی کی سب سے بڑی غلطی تھی۔
    ‎واضح رہے کہ امریکی کانگریس کی کمیٹی اس وقت جیفری ایپسٹن کے بااثر عالمی شخصیات سے روابط اور ممکنہ نیٹ ورک کی تحقیقات کر رہی ہے، جس کے دوران متعدد اہم شخصیات کے بیانات ریکارڈ کیے جا رہے ہیں۔

  • امریکا اور ایران کے تکنیکی مذاکرات 30 جون سے دوبارہ شروع ہوں گے، مارکو روبیو

    امریکا اور ایران کے تکنیکی مذاکرات 30 جون سے دوبارہ شروع ہوں گے، مارکو روبیو

    ‎منامہ: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جوہری پروگرام اور پابندیوں سے متعلق تکنیکی مذاکرات کا اگلا دور 30 جون کو سوئٹزرلینڈ میں منعقد ہوگا، جہاں دونوں ممالک کی تکنیکی ٹیمیں مذاکرات کو آگے بڑھائیں گی۔
    ‎بحرین میں خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے وزرائے خارجہ سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ امریکا ایک ایسا پائیدار اور حقیقی امن چاہتا ہے جو نہ صرف خطے بلکہ امریکا اور اس کے اتحادیوں کی سلامتی اور خوشحالی کو بھی یقینی بنائے۔
    ‎انہوں نے کہا کہ واشنگٹن اس بات کو یقینی بنائے گا کہ ایران کے ساتھ ہونے والے کسی بھی ممکنہ معاہدے میں اتحادی ممالک کے مفادات کو مکمل طور پر مدنظر رکھا جائے اور کوئی ایسا فیصلہ نہ کیا جائے جو ان کی سلامتی یا مفادات کے خلاف ہو۔
    ‎امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا ایران کے ساتھ مذاکرات کو کامیاب بنانا چاہتا ہے اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن سفارتی کوشش جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ جوہری پروگرام اور پابندیوں سے متعلق معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کیے جائیں گے۔
    ‎مارکو روبیو نے آبنائے ہرمز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکا یہ مؤقف قبول نہیں کرے گا کہ اس اہم عالمی آبی گزرگاہ پر کسی ایک ملک کی اجارہ داری ہو۔ ان کے مطابق آبنائے ہرمز بین الاقوامی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم راستہ ہے اور اس میں آزادانہ جہاز رانی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
    ‎امریکی وزیر خارجہ کے بیان کو ایران اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی عمل میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ عالمی برادری بھی ان مذاکرات کے نتائج پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

  • فلپ لاہم کا فیفا پر ورلڈ کپ کو ‘فروخت’ کرنے کا الزام

    فلپ لاہم کا فیفا پر ورلڈ کپ کو ‘فروخت’ کرنے کا الزام

    ‎برلن: جرمنی کے سابق کپتان اور ورلڈ کپ فاتح لیجنڈری فٹبالر فلپ لاہم نے فیفا پر شدید تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ عالمی فٹبال کا سب سے بڑا ایونٹ اب کھیل کے بجائے تجارتی مفادات کا شکار ہو چکا ہے۔
    ‎فیفا ورلڈ کپ 2026 امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کی مشترکہ میزبانی میں جاری ہے۔ اسی دوران فلپ لاہم نے اپنے ایک اخباری کالم میں فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو اور عالمی فٹبال تنظیم کی پالیسیوں پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ "ورلڈ کپ فروخت کر دیا گیا ہے” کیونکہ اب شائقین اور کھلاڑیوں کے مفادات پر منافع کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
    ‎فلپ لاہم نے میچوں کے ٹکٹوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں، ٹورنامنٹ کے مسلسل پھیلاؤ اور کھیل میں بڑھتے ہوئے تجارتی رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ مالی فائدہ حاصل کرنے کی دوڑ فٹبال کی اصل روح کو نقصان پہنچا رہی ہے اور شائقین میں مایوسی پیدا کر رہی ہے۔
    ‎انہوں نے ورلڈ کپ میں ٹیموں کی تعداد بڑھانے کے فیصلے پر بھی تنقید کی۔ ان کے مطابق ماضی میں محدود ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ اب 48 ٹیموں تک پہنچ چکا ہے، جس سے کھلاڑیوں پر غیر ضروری جسمانی اور ذہنی دباؤ بڑھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے ہی مصروف شیڈول اور طویل سفری مصروفیات کے باعث فٹبالرز شدید دباؤ کا شکار ہیں، جبکہ مزید میچز ان کی فٹنس اور کارکردگی پر منفی اثر ڈال سکتے ہیں۔
    ‎سابق جرمن کپتان نے خبردار کیا کہ اگر کھیل سے زیادہ مالی مفادات کو ترجیح دی جاتی رہی تو اس کے طویل المدتی اثرات عالمی فٹبال پر مرتب ہوں گے۔ تاہم انہوں نے رواں ورلڈ کپ میں ابھرنے والے نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کا ٹیلنٹ اس کھیل کے روشن مستقبل کی امید ہے۔

  • ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس اپنے مقررہ راستوں پر گامزن

    ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس اپنے مقررہ راستوں پر گامزن

    کراچی: نواسۂ رسول حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کی یاد میں ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے ماتمی جلوس اور مجالسِ عزا عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد کیے جا رہے ہیں، جبکہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
    ‎کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا اور اپنے روایتی راستوں پر گامزن ہے۔ جلوس کے باعث ایم اے جناح روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے جبکہ ٹریفک پولیس نے شہریوں کے لیے متبادل راستے مختص کیے ہیں۔
    ‎لاہور میں امام بارگاہ قصرِ بتول شادمان سے شبیہہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس روایتی راستوں پر رواں دواں ہے۔ جلوس میں عزاداروں کی بڑی تعداد شریک ہے اور سیکیورٹی کے لیے پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے تعینات ہیں۔
    ‎اسلام آباد میں 9 محرم کے مرکزی جلوس کے لیے غیر معمولی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے بتایا کہ جلوس کی حفاظت کے لیے تقریباً 16 ہزار اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ پولیس، رینجرز اور پاک فوج کے دستے بھی سیکیورٹی فرائض انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سطحی سیکیورٹی حصار قائم کیا گیا ہے، جلوس کے راستوں پر کنٹینرز نصب کیے گئے ہیں اور نگرانی کے لیے خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کیے گئے ہیں۔
    ‎پشاور میں مختلف امام بارگاہوں میں مجالسِ عزا کا سلسلہ جاری ہے۔ شہر میں سیکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے اور اندرون شہر کے حساس علاقوں کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے تاکہ عزاداروں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
    ‎ادھر کوئٹہ میں میکانگی روڈ پر امام بارگاہ ناصر العزا سے برآمد ہونے والا نویں محرم الحرام کا جلوس اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔ جلوس کے دوران تمام داخلی راستے بند رکھے گئے جبکہ دکانیں اور کاروباری مراکز بھی حفاظتی اقدامات کے تحت بند رہے۔
    ‎ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے ادارے جلوسوں اور مجالس کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں تاکہ محرم الحرام کے اجتماعات پُرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوں۔

  • کھڈیاں خاص،بلیک میلنگ،نازیبا ویڈیو،جنسی سیکنڈل کا ماسٹر مائنڈ کون؟

    کھڈیاں خاص،بلیک میلنگ،نازیبا ویڈیو،جنسی سیکنڈل کا ماسٹر مائنڈ کون؟

    رپورٹ،طارق نوید سندھو،بیوروچیف باغی ٹی وی قصور
    ضلع قصور کے علاقے کھڈیاں خاص کے نواحی گاؤں قبر کوٹ میں مبینہ طور پر بلیک میلنگ، ہنی ٹریپ اور نازیبا ویڈیوز بنانے کا ایک بڑا سکینڈل سامنے آنے کا دعویٰ کیا گیا ہے، جس کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

    دستیاب اطلاعات کے مطابق قبر کوٹ کے علاقے میں چار سے پانچ نوجوان گزشتہ کئی برسوں سے لڑکیوں کو مختلف حربوں کے ذریعے اپنے جال میں پھنساتے رہے اور بعد ازاں ان کی آڈیوز، تصاویر اور ویڈیوز بنا کر مبینہ طور پر بلیک میل کرتے رہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ لڑکیوں کی تعداد درجنوں میں ہو سکتی ہے جبکہ ہزاروں تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے دباؤ ڈالنے کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق متاثرہ افراد میں شامل ایک لڑکی نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ملزمان پہلے سوشل رابطوں یا دوستی کے ذریعے اعتماد حاصل کرتے، پھر گفتگو کی ریکارڈنگ کرتے تھے۔ بعد ازاں اسی مواد کو استعمال کرتے ہوئے مبینہ طور پر لڑکیوں کو ہراساں اور بلیک میل کیا جاتا تھا۔

    ذرائع کے مطابق ملزمان میں محمد صدیق، محمد افتخار اور دیگر افراد شامل ہیں۔ الزام ہے کہ ایک ملزم محمد صدیق نے اپنے گھر میں کیمرے نصب کر رکھے تھے جبکہ موبائل فون کے ذریعے اسکرین ریکارڈنگ کرکے بھی مواد جمع کیا جاتا رہا۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ کئی خاندان عزت اور سماجی دباؤ کے باعث خاموش رہے، جس کے نتیجے میں یہ معاملہ طویل عرصے تک منظر عام پر نہ آ سکا۔

  • آزادکشمیر کے اینٹری پوائنٹس بند ہونے کا شرپسند عناصر کا جھوٹا پروپیگنڈا دم توڑ گیا

    آزادکشمیر کے اینٹری پوائنٹس بند ہونے کا شرپسند عناصر کا جھوٹا پروپیگنڈا دم توڑ گیا

    آزادکشمیر کے اینٹری پوائنٹس بند ہونے کا شرپسند عناصر کا جھوٹا پروپیگنڈا دم توڑ گیا

    آزادکشمیرسے پاکستان کے اینٹری پوائنٹس مکمل فعال،گاڑیوں اورعوام کی آمدورفت معمول کے مطابق جاری ہے،مانسہرہ کےعلاقہ برارکوٹ کی چوکی سے آزاد کشمیر اور کے پی کے عوام کی بلا روک ٹوک نقل وحرکت دیکھی جاسکتی ہے،پولیس چوکی برارکوٹ کے انچارج کے مطابق؛ضروری دستاویزی اور سیکیورٹی چیکنگ کے بعد دونوں اطراف کے شہریوں کو نقل وحرکت کی مکمل آزادی ہےمال بردار گاڑیوں بھی حسب معمول اشیائے خورونوش کی ترسیل میں مصروف ہیں،دوسری جانب ڈپٹی کمشنرمظفرآباد منیرقریشی کا کہنا ہے کہ؛ مظفرآباد میں اشیائے خورونوش کی نہ تو کوئی کمی ہے اور نہ ہی ان کی ترسیل میں کوئی رکاوٹ ہے،ایس ایس پی مظفرآباد ریاض مغل کے مطابق: اینٹری پوائنٹس پر تعینات نفری صرف معمول کی سیکیورٹی چیکنگ کیلئے ہے،عوام یا گاڑیوں کی آمدورفت پر کوئی پابندی نہیں ،اس موقع پر ڈرائیورز اور اشیائے خورونوش کی ترسیل سے منسلک تاجروں نے بھی سپلائی کی بلاتعطل آمدورفت پر مکمل اطمینان کا اظہارکیا۔

  • وینزویلا میں زلزلے سے تباہی،ہلاکتیں 167 ہو گئیں

    وینزویلا میں زلزلے سے تباہی،ہلاکتیں 167 ہو گئیں

    کراکس: وینزویلا میں پے در پے آنے والے طاقتور زلزلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جبکہ حکام اور ماہرین نے ہزاروں افراد کے جاں بحق ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

    امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) کے مطابق وینزویلا میں پہلے 7.1 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے چند ہی منٹ بعد 7.5 شدت کا ایک اور طاقتور زلزلہ آیا۔ مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجے آنے والے ان شدید جھٹکوں سے عمارتیں لرز اٹھیں اور متعدد علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔رپورٹس کے مطابق دارالحکومت کراکس سمیت ملک کے مختلف شہروں میں درجنوں عمارتیں منہدم ہو گئی ہیں، جبکہ بڑی تعداد میں افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔وینزویلا کی قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگز نے زلزلے کو قومی سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قدرتی آفت کے نتیجے میں کئی رہائشی اور تجارتی عمارتیں تباہ ہو گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کراکس کے مرکزی مائی کیٹیا ایئرپورٹ کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

    حکام کے مطابق اب تک 167 افراد کی ہلاکت اور 970 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے، تاہم ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے کیونکہ متعدد علاقے اب بھی متاثر ہیں اور ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔حکومت نے ملک بھر میں ہنگامی صورتحال نافذ کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ فوج، سول ڈیفنس اور طبی ٹیموں کو متاثرہ علاقوں میں تعینات کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب امریکا کی ریاست کیلیفورنیا کے شمالی علاقوں میں بھی 5.6 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا، جس کے بعد تقریباً 10 لاکھ افراد کے لیے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق وہاں کسی بڑے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔امریکی جیولوجیکل سروے نے خبردار کیا ہے کہ وینزویلا میں آنے والے تباہ کن زلزلوں کے باعث اموات کی تعداد 10 ہزار سے ایک لاکھ تک پہنچنے کا خدشہ موجود ہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابتدائی رپورٹس حوصلہ افزا نہیں ہیں اور بڑی تعداد میں جانی نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے متعلقہ امریکی اداروں کو فوری انسانی امداد فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔

    ماہرین کے مطابق آنے والے دنوں میں آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، جس کے باعث متاثرہ علاقوں میں مزید احتیاطی اقدامات کی ضرورت ہے۔

  • افغان طالبان رجیم کی جانب سے فتنہ الخوارج کی پشت پناہی کا عالمی اعتراف

    افغان طالبان رجیم کی جانب سے فتنہ الخوارج کی پشت پناہی کا عالمی اعتراف

    افغان طالبان رجیم کی جانب سے فتنہ الخوارج کی پشت پناہی کا عالمی اعتراف سامنے آیا ہے

    پاکستان کیخلاف دہشتگردی میں فتنہ الخوارج کو افغان طالبان رجیم کی سرپرستی حاصل ہے،افغانستان میں برطانیہ کے خصوصی نمائندے رچرڈ لنڈسے نےافغان ٹی وی کو انٹرویو دیا ہے جس میں کہا ہے کہ فتنہ الخوارج دہشت گرد گروہ ،اسےافغانستان سے حمایت مل رہی ہے،فتنہ الخوارج کے قبائلی سرحدی علاقے میں خاندانی روابط اور حمایت بھی موجود ہے، کابل اورقندھارمیں طالبان رجیم کو فتنہ الخوارج کیخلاف فیصلہ کن اقدامات کی ضرورت ہے،فتنہ الخوارج کی سپورٹ سے متعلق سوال افغان طالبان سے پوچھنا چاہیے ، افغانستان میں فتنہ الخوارج کیلئے تربیتی کیمپس موجود ہیں، ہتھیاراستعمال ہو رہے ہیں اورمالی مدد فراہم کی جارہی ہے،پاکستان میں سکیورٹی آپریشنزسے بچنے والےدہشتگردوں کیلئے افغانستان محفوظ پناہ گاہ بنا ہوا ہے،فتنہ الخوارج کی جانب سے خطے میں عدم استحکام پر پاکستان کا فوجی ردعمل سامنے آرہا ہے،

    دفاعی تجزیہ کار وں کا کہنا ہے کہ افغانستان میں دہشتگردگروہوں کی موجودگی اورنیٹ ورکس خطے کی سکیورٹی کیلئے خطرہ ہیں،دہشتگردوں کی مالی معاونت، تربیت واسلحہ فراہمی کا نتیجہ آپریشن غضب للحق کی صورت میں سامنے آتا ہے،

  • مسلم ممالک کے اتحاد کے لیے طاقتور بلاک کی ضرورت، ایرانی صدر مسعود پزشکیان

    مسلم ممالک کے اتحاد کے لیے طاقتور بلاک کی ضرورت، ایرانی صدر مسعود پزشکیان

    ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینے کے لیے ایک مضبوط اور مؤثر مسلم بلاک کے قیام کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا پلیٹ فارم مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے، علاقائی بحرانوں کے حل اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق صدر مسعود پزشکیان نے اسلام آباد میں فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کے دوران پاکستان کی حکومت، عوام اور عسکری قیادت کی خطے میں امن کے قیام اور ثالثی کے لیے کی جانے والی تعمیری کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سفارتی اقدامات مسلم ممالک کے درمیان یکجہتی اور تعاون کے حوالے سے اس کے مضبوط مؤقف کی عکاسی کرتے ہیں۔ایرانی صدر نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات سیاسی، اقتصادی اور اسٹریٹجک شعبوں میں تعاون کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلامی دنیا بے پناہ سیاسی، اقتصادی اور انسانی صلاحیتوں کی حامل ہے، لہٰذا مسلم ممالک کے درمیان زیادہ سے زیادہ ہم آہنگی علاقائی مسائل کے حل اور درپیش مشکلات سے نمٹنے کی صلاحیت کو مزید مضبوط بنا سکتی ہے۔

    ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی صدر کو حالیہ مذاکرات اور ایک اہم معاہدے پر دستخط کے حوالے سے آگاہ کیا اور ایران کی اعلیٰ قیادت، بالخصوص صدر مسعود پزشکیان کی حمایت کو سراہا۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے عالم اسلام میں امن کے قیام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس اصول پر یقین رکھتا ہے کہ کسی بھی مسلمان قوم کو مشکلات اور مصائب کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران نے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسرائیل کو ایک اہم پیغام دیا ہے اور اپنے حقوق کے دفاع میں کامیابی حاصل کی ہے۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون، علاقائی امن اور مسلم دنیا کے اتحاد کے فروغ سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

  • پاکستان کو تنہا کرنے کے خواب دیکھنے والوں کو ناکامی اور رسوائی کا سامنا کرنا پڑا، اسحاق ڈار

    پاکستان کو تنہا کرنے کے خواب دیکھنے والوں کو ناکامی اور رسوائی کا سامنا کرنا پڑا، اسحاق ڈار

    نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور اسے عالمی سطح پر ایک اہم اور ذمہ دار ریاست کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کو تنہا کرنے کے خواب دیکھنے والوں کو ناکامی اور رسوائی کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ آج دنیا کا ہر ملک پاکستان کی اہمیت اور کردار سے واقف ہے۔

    لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ اگر کسی نے پاکستان کی جانب بری نظر سے دیکھنے کی کوشش کی تو ملک اپنے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آج خطے اور دنیا میں امن کے فروغ کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے اور عالمی سطح پر ’’پیس میکر‘‘ کے طور پر اپنی شناخت بنا چکا ہے۔وزیرِ خارجہ نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے دوران پاکستان نے امن کے قیام کے لیے مثبت کردار ادا کیا اور اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو اس حوالے سے ایک اہم ذمہ داری نبھانے کا موقع دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے سفارتی محاذ پر مؤثر اقدامات کیے، جس کے نتیجے میں پاکستان کا نام دنیا بھر میں عزت اور وقار کے ساتھ لیا جا رہا ہے۔

    اسحاق ڈار نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی امن کے قیام اور علاقائی استحکام کے لیے انتھک کوششیں کیں، جس کے باعث پاکستان کو عالمی سطح پر ایک امن دوست ملک کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ثالثی اور سفارتی رابطوں کے ذریعے خطے میں امن کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
    انہوں نے اس تاثر کو بھی مسترد کیا کہ کسی قسم کی خفیہ ڈیل کی گئی ہے اور کہا کہ تمام معاملات باقاعدہ معاہدوں اور اصولوں کے تحت طے پائے ہیں۔ ان کے بقول پاکستان کا ان معاملات میں کوئی ذاتی مفاد نہیں بلکہ اس کا مقصد صرف خطے میں امن اور استحکام کو یقینی بنانا ہے۔نائب وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو دنیا میں ایک منفرد مقام عطا کیا ہے اور حالیہ عرصے میں ملک کو جو عزت و وقار حاصل ہوا ہے، اس پر پوری قوم شکر گزار ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی قوت ہے اور اس کی قیادت امن، استحکام اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے