Baaghi TV

مسلم ممالک کے اتحاد کے لیے طاقتور بلاک کی ضرورت، ایرانی صدر مسعود پزشکیان

ispr

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینے کے لیے ایک مضبوط اور مؤثر مسلم بلاک کے قیام کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا پلیٹ فارم مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے، علاقائی بحرانوں کے حل اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق صدر مسعود پزشکیان نے اسلام آباد میں فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کے دوران پاکستان کی حکومت، عوام اور عسکری قیادت کی خطے میں امن کے قیام اور ثالثی کے لیے کی جانے والی تعمیری کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سفارتی اقدامات مسلم ممالک کے درمیان یکجہتی اور تعاون کے حوالے سے اس کے مضبوط مؤقف کی عکاسی کرتے ہیں۔ایرانی صدر نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات سیاسی، اقتصادی اور اسٹریٹجک شعبوں میں تعاون کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلامی دنیا بے پناہ سیاسی، اقتصادی اور انسانی صلاحیتوں کی حامل ہے، لہٰذا مسلم ممالک کے درمیان زیادہ سے زیادہ ہم آہنگی علاقائی مسائل کے حل اور درپیش مشکلات سے نمٹنے کی صلاحیت کو مزید مضبوط بنا سکتی ہے۔

ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی صدر کو حالیہ مذاکرات اور ایک اہم معاہدے پر دستخط کے حوالے سے آگاہ کیا اور ایران کی اعلیٰ قیادت، بالخصوص صدر مسعود پزشکیان کی حمایت کو سراہا۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے عالم اسلام میں امن کے قیام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس اصول پر یقین رکھتا ہے کہ کسی بھی مسلمان قوم کو مشکلات اور مصائب کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران نے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسرائیل کو ایک اہم پیغام دیا ہے اور اپنے حقوق کے دفاع میں کامیابی حاصل کی ہے۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون، علاقائی امن اور مسلم دنیا کے اتحاد کے فروغ سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

More posts