کراچی: نواسۂ رسول حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کی یاد میں ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے ماتمی جلوس اور مجالسِ عزا عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد کیے جا رہے ہیں، جبکہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا اور اپنے روایتی راستوں پر گامزن ہے۔ جلوس کے باعث ایم اے جناح روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے جبکہ ٹریفک پولیس نے شہریوں کے لیے متبادل راستے مختص کیے ہیں۔
لاہور میں امام بارگاہ قصرِ بتول شادمان سے شبیہہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس روایتی راستوں پر رواں دواں ہے۔ جلوس میں عزاداروں کی بڑی تعداد شریک ہے اور سیکیورٹی کے لیے پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے تعینات ہیں۔
اسلام آباد میں 9 محرم کے مرکزی جلوس کے لیے غیر معمولی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے بتایا کہ جلوس کی حفاظت کے لیے تقریباً 16 ہزار اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ پولیس، رینجرز اور پاک فوج کے دستے بھی سیکیورٹی فرائض انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سطحی سیکیورٹی حصار قائم کیا گیا ہے، جلوس کے راستوں پر کنٹینرز نصب کیے گئے ہیں اور نگرانی کے لیے خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کیے گئے ہیں۔
پشاور میں مختلف امام بارگاہوں میں مجالسِ عزا کا سلسلہ جاری ہے۔ شہر میں سیکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے اور اندرون شہر کے حساس علاقوں کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے تاکہ عزاداروں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
ادھر کوئٹہ میں میکانگی روڈ پر امام بارگاہ ناصر العزا سے برآمد ہونے والا نویں محرم الحرام کا جلوس اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔ جلوس کے دوران تمام داخلی راستے بند رکھے گئے جبکہ دکانیں اور کاروباری مراکز بھی حفاظتی اقدامات کے تحت بند رہے۔
ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے ادارے جلوسوں اور مجالس کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں تاکہ محرم الحرام کے اجتماعات پُرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوں۔
ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس اپنے مقررہ راستوں پر گامزن
