Baaghi TV

بل گیٹس کا بڑا اعتراف، جیفری ایپسٹن مجھے بلیک میل کرنا چاہتا تھا

‎واشنگٹن: مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے امریکی کانگریس کی ایک کمیٹی کے سامنے اہم انکشافات کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ بدنام زمانہ مجرم جیفری ایپسٹن انہیں ان کے ماضی کے ذاتی تعلقات کی بنیاد پر بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔
‎غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی کانگریس کی کمیٹی نے بند کمرے میں دیے گئے بل گیٹس کے بیان کا متن جاری کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ جیفری ایپسٹن ان کے ماضی کے غیر ازدواجی تعلقات سے متعلق معلومات کو استعمال کرتے ہوئے انہیں دباؤ میں لانا چاہتا تھا۔ بل گیٹس کے مطابق ایپسٹن کے تیار کردہ ای میل مسودوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ انہیں دھمکانے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔
‎بل گیٹس نے اعتراف کیا کہ ماضی میں ان کے تین خواتین کے ساتھ تعلقات رہے، جبکہ جیفری ایپسٹن کو ان میں سے دو تعلقات کے بارے میں معلومات حاصل تھیں۔
‎انہوں نے واضح کیا کہ ان کا ایپسٹن کے مجرمانہ سرگرمیوں سے کسی قسم کا تعلق نہیں تھا۔ بل گیٹس کے مطابق چار برس کے دوران ان کی ایپسٹن سے تقریباً 12 سے 14 ملاقاتیں اور دو ویڈیو کالز ہوئیں، جن کا مقصد زیادہ تر فلاحی منصوبوں اور ممکنہ عطیہ دہندگان کے حوالے سے بات چیت تھا۔
‎بل گیٹس نے کمیٹی کو بتایا کہ وہ اس وقت جیفری ایپسٹن کے مجرمانہ ماضی سے لاعلم تھے اور بعد میں انہیں احساس ہوا کہ اس سے ملاقات کرنا ان کی زندگی کی سب سے بڑی غلطی تھی۔
‎واضح رہے کہ امریکی کانگریس کی کمیٹی اس وقت جیفری ایپسٹن کے بااثر عالمی شخصیات سے روابط اور ممکنہ نیٹ ورک کی تحقیقات کر رہی ہے، جس کے دوران متعدد اہم شخصیات کے بیانات ریکارڈ کیے جا رہے ہیں۔

More posts