Baaghi TV

Blog

  • وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہو گا

    وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہو گا

    اسلام آباد: وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا گیا، وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس آج سہ پہر ہوگا۔

    ذرائع کےمطابق وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کااہم اجلاس آج سہ پہر 3 بجے وزیراعظم ہاؤس میں طلب کر لیا ہےاجلاس میں میں قومی اہمیت کے اہم معاملات پر غور کیا جائے گا اجلاس میں ملک کی مجموعی معاشی، سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ داخلی امن و امان اور سیکیورٹی انتظامات پر بھی کابینہ کو بریفنگ دی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں خطے کی مجموعی صورتحال اور قومی سلامتی سے متعلق امور بھی زیر غور آئیں گے، وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مختلف کابینہ کمیٹیوں کے فیصلے توثیق کے لیے پیش کیے جائیں گے جبکہ مختلف وزارتوں اور ڈویژنز کی سمریاں بھی منظوری کے لیے کابینہ کے سامنے رکھی جائیں گی، کابینہ ڈویژن نے اجلاس سے متعلق تمام وفاقی وزرا اور کابینہ ارکان کو آگاہ کر دیا ہے۔

  • 
غزہ پر اسرائیلی حملے جاری، مزید 6 فلسطینی شہید، 20 سے زائد زخمی

    
غزہ پر اسرائیلی حملے جاری، مزید 6 فلسطینی شہید، 20 سے زائد زخمی

    ‎غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فضائی حملوں کا سلسلہ ایک بار پھر شدت اختیار کر گیا ہے، جہاں تازہ حملوں میں کم از کم 6 فلسطینی شہیدجبکہ 20 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ یہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب کئی ماہ قبل جنگ بندی کا اعلان کیا جا چکا تھا، تاہم اس کے باوجود جانی نقصان کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔
    ‎طبی ذرائع کے مطابق پیر کے روز جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں الرشید اسٹریٹ پر ایک گاڑی کو اسرائیلی ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 2 فلسطینی شہید ہو گئے۔
    ‎اسی روز المواصی کے علاقے میں بے گھر فلسطینیوں کے خیمے پر ہونے والے ایک اور اسرائیلی حملے میں مزید 2 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اس حملے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے، جنہیں قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
    ‎دوسری جانب غزہ سٹی میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ پر ڈرون حملے کے نتیجے میں میاں بیوی شہید ہو گئے۔ الشفا اسپتال کے ذرائع نے دونوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملے میں دیگر افراد بھی زخمی ہوئے ہیں۔
    ‎طبی حکام کے مطابق حالیہ حملوں میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 20 سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
    ‎فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے دعوؤں کے باوجود اسرائیلی حملے مسلسل جاری ہیں، جس سے شہری آبادی، بے گھر خاندانوں اور رہائشی علاقوں کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ امدادی اداروں نے بھی غزہ میں انسانی صورتحال کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے فوری جنگ بندی اور متاثرین تک امداد کی بلا رکاوٹ رسائی کا مطالبہ کیا ہے۔

  • 
وینزویلا میں تباہ کن زلزلوں سے ہلاکتیں 3,342 تک پہنچ گئیں

    
وینزویلا میں تباہ کن زلزلوں سے ہلاکتیں 3,342 تک پہنچ گئیں

    ‎وینزویلا میں گزشتہ ماہ آنے والے تباہ کن جڑواں زلزلوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 3,342 ہو گئی ہے، جبکہ زخمیوں اور بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
    ‎وینزویلا کی وزارت اطلاعات کی جانب سے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق زلزلوں میں 16,470 افراد زخمی ہوئے ہیں، جبکہ 17,345 شہری بے گھر ہو چکے ہیں۔ امدادی ادارے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، تاہم کئی علاقوں میں تباہی کے باعث امدادی کارروائیوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
    ‎24 جون کو آنے والے طاقتور جڑواں زلزلوں نے ملک کے ساحلی علاقوں، خصوصاً لا گوائرا کو شدید متاثر کیا، جہاں متعدد عمارتیں زمین بوس ہو گئیں اور ہزاروں افراد ملبے تلے دب گئے۔ ریسکیو ٹیمیں اب بھی ملبہ ہٹانے اور لاپتا افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔
    ‎ادھر وینزویلا کے 215 ویں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگیز نے حکومت کی امدادی کارروائیوں کا دفاع کیا۔ انہوں نے کہا کہ زلزلوں کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز کو متاثرہ علاقوں میں تعینات کر دیا گیا تھا اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ایک نئی فوجی یونٹ بھی قائم کی جا رہی ہے۔
    ‎تاہم حکومت کو عوام کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔ متاثرہ شہریوں اور بعض حلقوں کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیاں تاخیر سے شروع ہوئیں اور متاثرین کی ضروریات پوری کرنے کے لیے اقدامات ناکافی ثابت ہوئے، جس کے باعث مشکلات میں اضافہ ہوا۔
    ‎حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کی بحالی، عارضی رہائش، طبی سہولیات اور بنیادی انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے، جبکہ بین الاقوامی امدادی اداروں سے بھی تعاون حاصل کیا جا رہا ہے۔

  • آرامکو نے ایشیائی خریداروں کے لیے خام تیل سستا کر دیا

    آرامکو نے ایشیائی خریداروں کے لیے خام تیل سستا کر دیا

    ‎سعودی عرب کی سرکاری آئل کمپنی آرامکو نے ایشیائی صارفین کے لیے خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا ہے، جسے خطے میں تیل کی طلب، عالمی منڈی کے رجحانات اور بڑھتے ہوئے مسابقتی دباؤ کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
    ‎بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق آرامکو آئندہ ماہ ایشیا کے لیے عرب لائٹ خام تیل کی سرکاری فروختی قیمت میں 1.1 ڈالر فی بیرل کمی کرے گی۔ اس فیصلے کے بعد ایشیائی خریداروں کو علاقائی بینچ مارک کے مقابلے میں 1.5 ڈالر فی بیرل رعایت پر تیل دستیاب ہوگا۔
    ‎رپورٹ کے مطابق کمپنی نے صرف عرب لائٹ خام تیل ہی نہیں بلکہ ایشیائی منڈی کے لیے خام تیل کے دیگر گریڈز کی قیمتوں میں بھی کمی کا فیصلہ کیا ہے تاکہ خطے کے بڑے درآمد کنندگان کو زیادہ مسابقتی نرخوں پر تیل فراہم کیا جا سکے۔
    ‎ماہرین کے مطابق آرامکو کا یہ اقدام ایشیائی منڈی میں اپنی مسابقت برقرار رکھنے اور بڑے خریدار ممالک کی طلب کو مستحکم رکھنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ چین، بھارت، جاپان اور جنوبی کوریا سمیت کئی ایشیائی ممالک سعودی عرب سے بڑی مقدار میں خام تیل درآمد کرتے ہیں۔
    ‎تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں یہ کمی عالمی توانائی مارکیٹ، ریفائنریوں کے منافع اور خطے کے درآمدی اخراجات پر بھی اثرانداز ہو سکتی ہے، جبکہ مستقبل میں اوپیک پلس کی پالیسیوں اور عالمی طلب و رسد کی صورتحال کے مطابق مزید فیصلے بھی سامنے آ سکتے ہیں۔

  • 
پانچ سال میں خیبرپختونخوا کو وفاق سے 34 کھرب 88 ارب روپے ملے

    
پانچ سال میں خیبرپختونخوا کو وفاق سے 34 کھرب 88 ارب روپے ملے

    ‎پشاور میں خیبرپختونخوا اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران وفاقی حکومت نے صوبے کو مجموعی طور پر 34 کھرب 88 ارب 67 کروڑ 50 لاکھ روپے فراہم کیے، جن میں این ایف سی ایوارڈ اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے دیے گئے فنڈز شامل ہیں۔
    ‎اسمبلی میں پیش کی گئی سرکاری دستاویزات کے مطابق مالی سال 2021 سے 2025 تک صوبے کو 31 کھرب 14 ارب 45 کروڑ روپے این ایف سی ایوارڈ کی مد میں جبکہ 3 کھرب 74 ارب 22 کروڑ 40 لاکھ روپے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے اخراجات کے لیے فراہم کیے گئے۔
    ‎دستاویز کے مطابق مالی سال 2024-25 کے دوران خیبرپختونخوا کو سب سے زیادہ فنڈز موصول ہوئے۔ اس سال وفاق نے مجموعی طور پر 10 کھرب 46 ارب 87 کروڑ 50 لاکھ روپے جاری کیے، جن میں 9 کھرب 34 ارب 57 کروڑ 90 لاکھ روپے این ایف سی ایوارڈ جبکہ 1 کھرب 12 ارب 22 کروڑ 96 لاکھ روپے وار آن ٹیرر فنڈز کی مد میں شامل تھے۔
    ‎ایوان میں اپوزیشن رکن احمد کریم کنڈی نے اعداد و شمار پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ پیش کی گئی تفصیلات اور حکومتی وائٹ پیپر میں تقریباً 60 ارب روپے کا فرق موجود ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واضح کیا جائے آیا وائٹ پیپر درست ہے یا بجٹ دستاویزات۔
    ‎اس پر صوبائی وزیر خزانہ آفتاب عالم نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ سوال کا مکمل جواب فراہم کیا جا چکا ہے۔ ان کے مطابق صوبے کو موصول ہونے والی رقم اور صوبے کے واجب الادا حصے میں مختلف انتظامی اور مالی وجوہات کی بنا پر فرق آ سکتا ہے، جبکہ تمام تفصیلات صوبائی اور وفاقی سطح پر دستیاب ہیں۔
    ‎وزیر خزانہ نے مزید بتایا کہ معاملے کا مزید جائزہ لینے اور سفارشات مرتب کرنے کے لیے اسے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے تاکہ تمام اختلافات اور اعداد و شمار کی وضاحت کی جا سکے۔

  • 
عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ

    
عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ

    ‎عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ ایشیائی اسٹاک مارکیٹوں میں ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا۔ دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کے باعث کاروباری ہفتے کے آغاز پر نمایاں تیزی ریکارڈ کی گئی اور مارکیٹ نئی بلند سطح پر بند ہوئی۔
    ‎غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت تقریباً 71 ڈالر فی بیرل رہی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 68 ڈالر فی بیرل کی سطح پر ٹریڈ کرتا رہا۔ اسی طرح متحدہ عرب امارات کے مربن خام تیل کی قیمت بھی تقریباً 66 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔
    ‎ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی تیل کی قیمتیں مختلف عوامل کے زیرِ اثر مسلسل تبدیل ہو رہی ہیں۔ تیل پیدا کرنے والے ممالک کی پالیسیوں، عالمی طلب و رسد، جغرافیائی سیاسی صورتحال اور بڑی معیشتوں کے اقتصادی اشاریے قیمتوں کے تعین میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، جس کے باعث مارکیٹ میں غیر یقینی کیفیت برقرار ہے۔
    ‎دوسری جانب ایشیائی اسٹاک مارکیٹوں میں سرمایہ کار محتاط رویہ اختیار کیے رہے۔ بعض مارکیٹوں میں خریداری کا رجحان غالب رہا، جبکہ کچھ مارکیٹوں میں سرمایہ کاروں نے منافع کے حصول کے لیے فروخت کو ترجیح دی، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا۔
    ‎پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں صورتحال اس کے برعکس رہی، جہاں سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے نے مارکیٹ کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 2 ہزار 82 پوائنٹس کے نمایاں اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 87 ہزار 454 پوائنٹس پر بند ہوا۔
    ‎مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق سرمایہ کاروں کا اعتماد بہتر معاشی توقعات، کاروباری سرگرمیوں میں اضافے اور مثبت سرمایہ کاری کے رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو آئندہ دنوں میں بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان جاری رہنے کا امکان ہے۔

  • 
ٹرمپ کی ایران کو نئی دھمکی، معاہدہ یا امریکا کارروائی مکمل کرے گا

    
ٹرمپ کی ایران کو نئی دھمکی، معاہدہ یا امریکا کارروائی مکمل کرے گا

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران کے حوالے سے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ تہران کے پاس امریکا کے ساتھ معاہدہ کرنے یا پھر امریکی کارروائی کا سامنا کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں۔
    ‎میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ یا تو ایک معاہدہ طے پائے گا، یا پھر امریکا اپنا کام مکمل کرے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران اس وقت معاہدہ کرنے کا خواہشمند ہے اور دونوں ممالک کے درمیان سفارتی پیش رفت کا امکان موجود ہے۔
    ‎ٹرمپ نے اس موقع پر یہ بھی واضح کیا کہ وہ ایران میں حکومت کی تبدیلی کے حامی نہیں ہیں۔ ان کے بقول امریکا کا مقصد ایران کے اندرونی سیاسی نظام کو تبدیل کرنا نہیں بلکہ ایسے معاملات کا حل تلاش کرنا ہے جو خطے کے امن اور عالمی سلامتی سے جڑے ہوئے ہیں۔
    ‎امریکی صدر کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے باوجود مختلف سفارتی ذرائع سے رابطے جاری ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی کوششیں بھی جاری ہیں۔ حالیہ ہفتوں میں دونوں فریقوں کی جانب سے ایک دوسرے کے بارے میں سخت بیانات بھی سامنے آئے ہیں، تاہم سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے دروازے مکمل طور پر بند نہیں ہوئے۔
    ‎تجزیہ کاروں کے مطابق صدر ٹرمپ کے حالیہ بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ واشنگٹن ایک جانب ایران پر دباؤ برقرار رکھنا چاہتا ہے، جبکہ دوسری جانب مذاکرات کے ذریعے کسی ممکنہ معاہدے کی گنجائش بھی موجود رکھنا چاہتا ہے۔ ایران کی جانب سے ابھی تک ٹرمپ کے تازہ بیان پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

  • ‎پاکستان کی خودمختاری اور قومی مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنایا جائے، فیلڈ مارشل

    ‎پاکستان کی خودمختاری اور قومی مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنایا جائے، فیلڈ مارشل

    ‎راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز کی زیر صدارت 276ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں ملکی سلامتی، دہشت گردی، علاقائی صورتحال اور قومی دفاع سے متعلق اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
    ‎کانفرنس کے آغاز میں وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ فورم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کی لازوال قربانیاں ہمیشہ پاکستان کی سلامتی، اتحاد اور استحکام کی بنیاد رہیں گی اور قوم ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
    ‎شرکاء نے افغان طالبان کے زیرِ تسلط علاقوں سے پاکستان کے خلاف بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد گروہوں کی مبینہ منصوبہ بندی اور حملوں کے لیے ان علاقوں کے مسلسل استعمال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ فورم کا کہنا تھا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام اسی وقت ممکن ہے جب افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکا جائے۔
    ‎کور کمانڈرز کانفرنس نے کہا کہ افغان طالبان کی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ ان کے زیرِ انتظام علاقوں کو دہشت گرد عناصر کے لیے استعمال نہ ہونے دیا جائے۔ فورم نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی عوام کے تحفظ اور دہشت گردی کے خلاف دفاع کا مکمل حق رکھتا ہے۔
    ‎شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ افواجِ پاکستان آپریشن "غضب للحق” کے تحت انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں جاری رکھیں گی تاکہ دہشت گردی کے خطرے کا مؤثر انداز میں خاتمہ کیا جا سکے۔
    ‎کانفرنس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں مؤثر طرزِ حکمرانی، عوامی فلاح، بہتر انتظامی ڈھانچے اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا ناگزیر ہے تاکہ دہشت گردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کو ختم کیا جا سکے۔
    ‎فورم نے کہا کہ معرکۂ حق میں ناکامی کے بعد دشمن ہائبرڈ وارفیئر، جھوٹے بیانیے اور بیرونی معاونت سے ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم ایسی ہر کوشش کو پوری قوت کے ساتھ ناکام بنایا جائے گا۔
    ‎کانفرنس میں پاکستان کے علاقائی امن، کشیدگی میں کمی اور سفارتی کردار کو سراہا گیا۔ سندھ طاس معاہدے سے متعلق بھارت کے حالیہ بیانات کا بھی جائزہ لیا گیا اور واضح کیا گیا کہ قومی سلامتی کمیٹی کی 24 اپریل 2025 کی ہدایات اس حوالے سے مکمل رہنمائی فراہم کرتی ہیں۔ فورم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ افواجِ پاکستان حکومت کی پالیسی اور عوام کی خواہشات کے مطابق پاکستان کے جائز آبی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام کرے گی۔
    ‎شرکاء نے ایک بار پھر اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور خطے میں دیرپا امن کا انحصار اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دینے پر ہے۔
    ‎کانفرنس کے اختتام پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تمام کمانڈرز کو ہدایت کی کہ جنگ کے بدلتے ہوئے تقاضوں کے مطابق ملٹی ڈومین ٹرانسفارمیشن پلان پر تیزی سے عملدرآمد کیا جائے اور ہر قیمت پر پاکستان کی خودمختاری، قومی سلامتی اور قومی مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

  • 
چین کا بحرالکاہل میں آبدوز سے بیلسٹک میزائل تجربہ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی تشویش

    
چین کا بحرالکاہل میں آبدوز سے بیلسٹک میزائل تجربہ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی تشویش

    ‎چین نے پیر کے روز بحرالکاہل میں ایک آبدوز سے بیلسٹک میزائل کا نایاب تجربہ کیا، جس کے بعد نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا نے اس اقدام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے خطے کے امن اور استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔
    ‎چینی بحریہ کے ترجمان سینئر کیپٹن وانگ شوئیمینگ کے مطابق پیپلز لبریشن آرمی نیوی کی ایک آبدوز نے بحرالکاہل کے مخصوص بین الاقوامی سمندری علاقے کی جانب ایک فرضی وارہیڈ سے لیس اسٹریٹجک میزائل فائر کیا، جو مقررہ مقام پر کامیابی سے گرا۔
    ‎چینی حکام کا کہنا ہے کہ یہ تجربہ سالانہ فوجی تربیتی پروگرام کا معمول کا حصہ تھا اور متعلقہ ممالک کو اس سے قبل آگاہ بھی کر دیا گیا تھا۔ ان کے مطابق یہ کارروائی بین الاقوامی قوانین اور ضابطوں کے مطابق کی گئی اور اس کا مقصد کسی مخصوص ملک کو نشانہ بنانا نہیں تھا۔
    ‎بیجنگ نے میزائل کی قسم ظاہر نہیں کی، تاہم دفاعی ماہرین کے مطابق چین کے پاس JL-2 اور JL-3 نامی آبدوز سے داغے جانے والے بیلسٹک میزائل موجود ہیں۔ ان میں سے JL-3 اتنی طویل مار رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے کہ جنوبی بحیرہ چین سے بھی امریکا کے بیشتر حصوں تک پہنچ سکتا ہے۔
    ‎چین کی بحریہ اس وقت ٹائپ 094 (جن کلاس) آبدوزوں کا بیڑا استعمال کر رہی ہے، جن کی تعداد چھ بتائی جاتی ہے۔ چین شاذ و نادر ہی اپنے میزائل تجربات کی تفصیلات جاری کرتا ہے، جبکہ دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق JL-3 کا پہلا تجربہ 2018 میں کیا گیا تھا۔
    ‎ادھر نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ ونسٹن پیٹرز نے کہا کہ یہ میزائل ایسے سمندری علاقے میں داغا گیا جو جنوبی بحرالکاہل نیوکلیئر فری زون کا حصہ ہے، جس پر انہیں شدید تشویش ہے۔ آسٹریلیا نے بھی اس تجربے پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات خطے میں کشیدگی بڑھا سکتے ہیں اور امن و استحکام کو متاثر کر سکتے ہیں۔

  • 
مقبوضہ کشمیر: گاڑی کی ٹکر سے 61 سالہ شہری جاں بحق

    
مقبوضہ کشمیر: گاڑی کی ٹکر سے 61 سالہ شہری جاں بحق

    ‎مقبوضہ کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے علاقے کوکرناگ میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 61 سالہ شخص جان کی بازی ہار گیا۔
    ‎مقامی حکام کے مطابق حادثہ ہفتے کے روز ہلر کوکرناگ کے علاقے باہی میں پیش آیا، جہاں ٹاویرا گاڑی نے سڑک عبور کرنے والے ایک پیدل شخص کو ٹکر مار دی۔
    جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت عبدالمجید کے نام سے ہوئی، جو غلام محمد کے بیٹے اور دہرونا کے رہائشی تھے۔
    حادثے کے فوری بعد زخمی شخص کو طبی امداد کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج (GMC) اننت ناگ منتقل کیا گیا، تاہم وہ دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
    ‎پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ گاڑی اور اس کے ڈرائیور سے متعلق قانونی کارروائی بھی جاری ہے۔