Baaghi TV

‎پاکستان کی خودمختاری اور قومی مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنایا جائے، فیلڈ مارشل

‎راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز کی زیر صدارت 276ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں ملکی سلامتی، دہشت گردی، علاقائی صورتحال اور قومی دفاع سے متعلق اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
‎کانفرنس کے آغاز میں وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ فورم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کی لازوال قربانیاں ہمیشہ پاکستان کی سلامتی، اتحاد اور استحکام کی بنیاد رہیں گی اور قوم ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
‎شرکاء نے افغان طالبان کے زیرِ تسلط علاقوں سے پاکستان کے خلاف بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد گروہوں کی مبینہ منصوبہ بندی اور حملوں کے لیے ان علاقوں کے مسلسل استعمال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ فورم کا کہنا تھا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام اسی وقت ممکن ہے جب افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکا جائے۔
‎کور کمانڈرز کانفرنس نے کہا کہ افغان طالبان کی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ ان کے زیرِ انتظام علاقوں کو دہشت گرد عناصر کے لیے استعمال نہ ہونے دیا جائے۔ فورم نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی عوام کے تحفظ اور دہشت گردی کے خلاف دفاع کا مکمل حق رکھتا ہے۔
‎شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ افواجِ پاکستان آپریشن "غضب للحق” کے تحت انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں جاری رکھیں گی تاکہ دہشت گردی کے خطرے کا مؤثر انداز میں خاتمہ کیا جا سکے۔
‎کانفرنس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں مؤثر طرزِ حکمرانی، عوامی فلاح، بہتر انتظامی ڈھانچے اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا ناگزیر ہے تاکہ دہشت گردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کو ختم کیا جا سکے۔
‎فورم نے کہا کہ معرکۂ حق میں ناکامی کے بعد دشمن ہائبرڈ وارفیئر، جھوٹے بیانیے اور بیرونی معاونت سے ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم ایسی ہر کوشش کو پوری قوت کے ساتھ ناکام بنایا جائے گا۔
‎کانفرنس میں پاکستان کے علاقائی امن، کشیدگی میں کمی اور سفارتی کردار کو سراہا گیا۔ سندھ طاس معاہدے سے متعلق بھارت کے حالیہ بیانات کا بھی جائزہ لیا گیا اور واضح کیا گیا کہ قومی سلامتی کمیٹی کی 24 اپریل 2025 کی ہدایات اس حوالے سے مکمل رہنمائی فراہم کرتی ہیں۔ فورم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ افواجِ پاکستان حکومت کی پالیسی اور عوام کی خواہشات کے مطابق پاکستان کے جائز آبی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام کرے گی۔
‎شرکاء نے ایک بار پھر اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور خطے میں دیرپا امن کا انحصار اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دینے پر ہے۔
‎کانفرنس کے اختتام پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تمام کمانڈرز کو ہدایت کی کہ جنگ کے بدلتے ہوئے تقاضوں کے مطابق ملٹی ڈومین ٹرانسفارمیشن پلان پر تیزی سے عملدرآمد کیا جائے اور ہر قیمت پر پاکستان کی خودمختاری، قومی سلامتی اور قومی مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

More posts