Baaghi TV


وینزویلا میں تباہ کن زلزلوں سے ہلاکتیں 3,342 تک پہنچ گئیں

‎وینزویلا میں گزشتہ ماہ آنے والے تباہ کن جڑواں زلزلوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 3,342 ہو گئی ہے، جبکہ زخمیوں اور بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
‎وینزویلا کی وزارت اطلاعات کی جانب سے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق زلزلوں میں 16,470 افراد زخمی ہوئے ہیں، جبکہ 17,345 شہری بے گھر ہو چکے ہیں۔ امدادی ادارے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، تاہم کئی علاقوں میں تباہی کے باعث امدادی کارروائیوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
‎24 جون کو آنے والے طاقتور جڑواں زلزلوں نے ملک کے ساحلی علاقوں، خصوصاً لا گوائرا کو شدید متاثر کیا، جہاں متعدد عمارتیں زمین بوس ہو گئیں اور ہزاروں افراد ملبے تلے دب گئے۔ ریسکیو ٹیمیں اب بھی ملبہ ہٹانے اور لاپتا افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔
‎ادھر وینزویلا کے 215 ویں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگیز نے حکومت کی امدادی کارروائیوں کا دفاع کیا۔ انہوں نے کہا کہ زلزلوں کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز کو متاثرہ علاقوں میں تعینات کر دیا گیا تھا اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ایک نئی فوجی یونٹ بھی قائم کی جا رہی ہے۔
‎تاہم حکومت کو عوام کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔ متاثرہ شہریوں اور بعض حلقوں کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیاں تاخیر سے شروع ہوئیں اور متاثرین کی ضروریات پوری کرنے کے لیے اقدامات ناکافی ثابت ہوئے، جس کے باعث مشکلات میں اضافہ ہوا۔
‎حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کی بحالی، عارضی رہائش، طبی سہولیات اور بنیادی انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے، جبکہ بین الاقوامی امدادی اداروں سے بھی تعاون حاصل کیا جا رہا ہے۔

More posts