Baaghi TV

Category: لاہور

  • پاکستان کو تنہا کرنے کے خواب دیکھنے والوں کو ناکامی اور رسوائی کا سامنا کرنا پڑا، اسحاق ڈار

    پاکستان کو تنہا کرنے کے خواب دیکھنے والوں کو ناکامی اور رسوائی کا سامنا کرنا پڑا، اسحاق ڈار

    نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور اسے عالمی سطح پر ایک اہم اور ذمہ دار ریاست کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کو تنہا کرنے کے خواب دیکھنے والوں کو ناکامی اور رسوائی کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ آج دنیا کا ہر ملک پاکستان کی اہمیت اور کردار سے واقف ہے۔

    لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ اگر کسی نے پاکستان کی جانب بری نظر سے دیکھنے کی کوشش کی تو ملک اپنے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آج خطے اور دنیا میں امن کے فروغ کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے اور عالمی سطح پر ’’پیس میکر‘‘ کے طور پر اپنی شناخت بنا چکا ہے۔وزیرِ خارجہ نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے دوران پاکستان نے امن کے قیام کے لیے مثبت کردار ادا کیا اور اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو اس حوالے سے ایک اہم ذمہ داری نبھانے کا موقع دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے سفارتی محاذ پر مؤثر اقدامات کیے، جس کے نتیجے میں پاکستان کا نام دنیا بھر میں عزت اور وقار کے ساتھ لیا جا رہا ہے۔

    اسحاق ڈار نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی امن کے قیام اور علاقائی استحکام کے لیے انتھک کوششیں کیں، جس کے باعث پاکستان کو عالمی سطح پر ایک امن دوست ملک کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ثالثی اور سفارتی رابطوں کے ذریعے خطے میں امن کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
    انہوں نے اس تاثر کو بھی مسترد کیا کہ کسی قسم کی خفیہ ڈیل کی گئی ہے اور کہا کہ تمام معاملات باقاعدہ معاہدوں اور اصولوں کے تحت طے پائے ہیں۔ ان کے بقول پاکستان کا ان معاملات میں کوئی ذاتی مفاد نہیں بلکہ اس کا مقصد صرف خطے میں امن اور استحکام کو یقینی بنانا ہے۔نائب وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو دنیا میں ایک منفرد مقام عطا کیا ہے اور حالیہ عرصے میں ملک کو جو عزت و وقار حاصل ہوا ہے، اس پر پوری قوم شکر گزار ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی قوت ہے اور اس کی قیادت امن، استحکام اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے

  • پنجاب،صحت کے شعبے میں تین بڑے منصوبے افتتاح کے لیے تیار

    پنجاب،صحت کے شعبے میں تین بڑے منصوبے افتتاح کے لیے تیار

    پنجاب کے عوام کے لیے صحت کے شعبے میں تین بڑے منصوبے افتتاح کے لیے تیار ہیں۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کے اجلاس میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا، نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ اور جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کا تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے اور اس کا افتتاح 15 جولائی کو متوقع ہے۔ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کا افتتاح 31 جولائی جبکہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور کا افتتاح 15 اگست کو کیا جائے گا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں 22 ملین مریضوں کو مفت علاج فراہم کیا گیا، جبکہ چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت بچوں کے دل کی 13 ہزار 550 مفت سرجریاں مکمل کی گئیں۔ ادویات کی فراہمی کے پروگرام کے تحت 7 لاکھ 28 ہزار مریضوں کو ان کی دہلیز پر مفت ادویات فراہم کی گئیں۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں بہترین ہیومن ریسورس لانا ان کا مشن ہے۔ اجلاس میں ڈائیسپورا ڈاکٹر لوکم پروگرام کی منظوری بھی دی گئی، جس کے تحت بیرون ملک پاکستانی اور غیر ملکی ماہر ڈاکٹرز کو پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں شارٹ ٹرم سروس کے لیے شامل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک سے آنے والے ماہر ڈاکٹرز اور نرسز کو بہترین پیکیج دیا جائے گا جبکہ نرسنگ کیئر کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے گا

  • محرم الحرام کے موقع پر پنجاب بھر میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات

    محرم الحرام کے موقع پر پنجاب بھر میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات

    عاشورۂ محرم الحرام کے موقع پر پنجاب بھر میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور پنجاب پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب نے 9ویں محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے پرامن انعقاد کے لیے صوبہ بھر میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

    ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق عاشورۂ محرم کے دوران صوبے بھر میں ایک لاکھ 52 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں، جبکہ 9ویں محرم کو لاہور سمیت پورے پنجاب میں 70 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔پنجاب بھر میں 1697 عزاداری جلوس برآمد ہوں گے جبکہ 3869 مجالس منعقد کی جائیں گی۔ ان میں اے کیٹیگری کے 208 جلوس اور 337 مجالس شامل ہیں۔ لاہور میں 81 عزاداری جلوس اور 386 مجالس منعقد ہو رہی ہیں، جن میں اے کیٹیگری کے 26 جلوس اور 46 مجالس شامل ہیں۔

    آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ شرپسند عناصر، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے اور دفعہ 144 پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی لیڈرز، ضلعی انتظامیہ اور سکیورٹی اداروں کے تعاون سے 9ویں محرم کا پرامن انعقاد یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے علما کرام اور کمیونٹی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ بین المسالک ہم آہنگی، رواداری اور برداشت کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔ آئی جی پنجاب کے مطابق آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز اور ٹریفک افسران خود سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔

    محکمہ داخلہ، سیف سٹیز اتھارٹی اور مختلف کنٹرول رومز سے سکیورٹی انتظامات کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے، جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈٹیکٹرز اور جدید سکیورٹی آلات کے ذریعے چیکنگ کا عمل بھی جاری رکھا گیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق عزاداری جلوسوں کے راستوں پر واقع عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز تعینات ہیں جبکہ جلوسوں کے ساتھ سادہ لباس میں کمانڈوز بھی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ صوبائی وزرا، علما کرام، پاک فوج، رینجرز اور دیگر سکیورٹی اداروں کا بھرپور تعاون حاصل ہے، جس کی بدولت محرم الحرام کے تمام پروگراموں کے پرامن انعقاد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

  • ‎لاہور: گاڑی سے ملنے والی لاش کا معمہ حل، واقعہ خودکشی نکلا

    ‎لاہور: گاڑی سے ملنے والی لاش کا معمہ حل، واقعہ خودکشی نکلا

    ‎لاہور: لاہور کے علاقے ڈیفنس میں دو روز قبل سڑک کنارے کھڑی گاڑی سے ملنے والی لاش کے معاملے کو پولیس نے حل کر لیا ہے۔ تحقیقات کے بعد پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی عادل کو قتل نہیں کیا گیا بلکہ اس نے خودکشی کی تھی۔
    ‎پولیس حکام کے مطابق ابتدائی طور پر واقعے کو مشکوک قرار دے کر مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی گئی تھیں، تاہم شواہد اور تفتیش کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ متوفی خاندانی تنازعات اور شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔
    ‎پولیس نے بتایا کہ گاڑی سے ایک پولیس وردی بھی برآمد ہوئی تھی، جس کے باعث کیس نے مزید توجہ حاصل کی۔ تحقیقات میں معلوم ہوا کہ برآمد ہونے والی وردی سب انسپکٹر طاہر کی تھی اور متوفی عادل اور سب انسپکٹر طاہر آپس میں دوست تھے۔
    ‎یاد رہے کہ دو روز قبل ڈیفنس کے علاقے میں سڑک کنارے کھڑی ایک گاڑی سے لاش ملنے پر پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔ اب تفتیش مکمل ہونے کے بعد پولیس نے واقعے کو خودکشی قرار دیتے ہوئے کیس نمٹا دیا ہے۔

  • لاہور میں خواتین کو بلیک میل کرنے والا جعلی عامل گرفتار

    لاہور میں خواتین کو بلیک میل کرنے والا جعلی عامل گرفتار

    ‎لاہور: لاہور میں خواتین کو بلیک میل کرنے اور جعلی روحانی عملیات کے ذریعے دھوکہ دہی میں ملوث ایک مبینہ جعلی عامل کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق ملزم کے خلاف تحقیقات کے دوران اہم شواہد بھی حاصل ہوئے ہیں۔
    ‎ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم خواتین کو مختلف مسائل کے حل، روحانی علاج اور عملیات کے نام پر اپنے جال میں پھنساتا تھا، جس کے بعد انہیں بلیک میل کیا جاتا تھا۔
    ‎حکام کے مطابق ملزم کے موبائل فون اور دیگر ڈیجیٹل آلات سے 40 خواتین کا ذاتی ڈیٹا برآمد ہوا ہے، جبکہ 763 قابل اعتراض ویڈیوزاور 1338 تصاویر بھی قبضے میں لی گئی ہیں۔ ان تمام مواد کا فرانزک تجزیہ کیا جا رہا ہے۔
    ‎تحقیقاتی اداروں کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف سائبر کرائم، بلیک میلنگ اور دھوکہ دہی سمیت مختلف دفعات کے تحت کارروائی جاری ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ متاثرین کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔
    ‎حکام نے شہریوں، خصوصاً خواتین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ نام نہاد عاملوں، جعلی پیروں اور روحانی علاج کے دعویدار افراد سے محتاط رہیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں۔
    ‎پولیس کے مطابق کیس کی مزید تفتیش جاری ہے اور متاثرہ خواتین کی شناخت اور تحفظ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

  • سینئر صحافی افتخار احمد کے بھائی آغا اقبال احمد خان انتقال کر گئے

    سینئر صحافی افتخار احمد کے بھائی آغا اقبال احمد خان انتقال کر گئے

    سینئر صحافی اور اینکر افتخار احمد کے بھائی آغا اقبال احمد خان انتقال کر گئے ہیں۔

    خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم ہیٹ اسٹروک کے باعث اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں وہ وفات پا گئے مرحوم کی نماز جنازہ اور تدفین آج شام 6بجے وینس ہاؤسنگ سکیم فیروز پورروڈپرادا کی جائے گی،جنازہ ان کی رہائش گاہ بارون روڈ سروبا گارڈن سے اٹھایا جائے گا –

    گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جنگ اور جیو سے وابستہ صحافی اور اینکر افتخار احمد کے بھائی آغا اقبال احمد خان کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا ہے ترجمان گورنر ہاؤس پشاور کے مطابق گورنرخیبر پختونخوا نے اپنی تعزیتی پیغام میں مرحوم کی مغفرت، بلندی درجات اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

  • رخصتی نہ ہونے یا ازدواجی تعلق قائم نہ ہونے سے بھی مہر کا قانون ختم نہیں ہوتا،عدالت

    رخصتی نہ ہونے یا ازدواجی تعلق قائم نہ ہونے سے بھی مہر کا قانون ختم نہیں ہوتا،عدالت

    لاہورہائیکورٹ کے جسٹس مرزا وقاص روف کا خلع کی صورت میں حق مہر کی واپسی سے متعلق بڑا فیصلہ سامنے آیا ہے

    جسٹس مرزا وقاص روف نے حق مہر سے متعلق نیا قانونی نکتی طے کردیا،لاہور ہائیکورٹ کے مطابق رخصتی نہ ہونے یا میاں بیوی کے ساتھ نہ رہنے کے باوجود بھی خاتون حق مہر کی حقدار ہے، رخصتی نہ ہونے یا ازدواجی تعلق قائم نہ ہونے سے بھی مہر کا قانون ختم نہیں ہوتا، لاہورہائیکورٹ کے جسٹس مرزا وقاص روف نے اذکا آفرین کی درخواست پر 9صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا،فیصلے میں کہا گیا کہ اگر نکاح نامے میں مہر کی ادائیگی کا وقت نہ لکھا ہو تو پورا مہر فوری طور پر دیناہو گا،مہر کی تفصیل واضح نہ ہونے پر قانون کے مطابق سارا مہر جب مانگا جائے تب ہی واجب الادامانا جائے گا،نکاح نامے میں لکھا گیا 10 تولہ سونا، ایک کنال زمین اور مکان فوری ادائیگی والا مہر ہے،خلع یعنی عورت کی طرف سےشادی ختم کرنے پر وہ مہر کا 25 فیصد حصہ شوہر کو واپس کرنے کی پابند ہے،خلع کی بنیاد پر شادی اس صورت میں فوری ختم ہوگی بشرطیکہ خاتون مہر کا 25 فیصد حصہ شوہر کو واپس کرے،ہائیکورٹ نے ماتحت عدالتوں کی غلطی دور کرتے ہوئے ازکا افرین کی درخواست منظور کر لی

  • اٹھارہویں ترمیم ، باریاں لگانے کا منصوبہ تھا ،ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی

    اٹھارہویں ترمیم ، باریاں لگانے کا منصوبہ تھا ،ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی

    مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ اٹھارہویں ترمیم حکومتوں کو طوالت دینے، باریاں لگانے کا منصوبہ تھا اسکے ساتھ وفاق کو بھی کمزور کیا گیا صوبے بھی عوام کو حق دینے میں ناکام رہے، غلطیوں کی اصلاح ہونی چاہئے ،اتفاق رائے سے مسائل حل ہو سکتے ہیں، کسی بھی سیاسی جماعت نے بلدیاتی نظام کو مضبوط نہیں کیا، سڑکوں پر آنے، توڑ پھوڑ سے مسائل حل کرنے کی بجائے ہمیشہ ڈائیلاگ کا راستہ اختیار کرنا چاہئے،

    ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی کا کہنا تھا کہ اٹھارہویں ترمیم میں غلطیاں ہوئیں، یہ ایسی ہڈی ہے جو نہ نگلی جا رہی ہے نہ اگلی جا رہی، جو غلطیاں ہیں،سب مل بیٹھ کر اسکی اصلاح کریں، پیپلز پارٹی پنجاب کے حصے بخرے چاہتی ہے لیکن سندھ میں نئے صوبے بنانے کی اجازت نہیں دیتی، جذباتی باتیں،سڑکوں‌پر آنے کی، توڑ پھوڑ یہ نہیں ہونا چاہئے، اٹھارہویں ترمیم میں تبدیلی کے لئے ڈائیلاگ ہونا چاہئے، صوبوں میں دس دس طرح کے نظام تعلیم ہونے کی بجائے یکساں نصاب تعلیم ہوناچاہئے،پورے ملک میں تعلیم وصحت کی سہولیات کی ایک جیسی فراہمی ہونی چاہئے، ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں کوئی ایک ایسی سیاسی جماعت نہیں جس نے مقامی حکومتوں کو مضبوط اور بااختیار بنایا ہو،بلدیاتی انتخابات صوبوں میں نہیں ہو رہے، ضلع کی سطح پر میئر، ضلع ناظم کو عوامی ووٹوں سے منتخب ہونا چاہئے، گٹروں کے ڈھکن لگوانا یہ وزیراعلیٰ کا کام نہیں،وزیراعلیٰ عوام کوریلیف دیں، مہنگائی ،بے روزگاری کے خاتمے کے لئے کام کریں، مرکزی مسلم لیگ خدمت کی سیاست کر رہی ہے،

  • لاہور ہائیکورٹ،آٹھویں جماعت کی طالبہ سے مبینہ زیادتی ،گرفتار استاد کی ضمانت مسترد

    لاہور ہائیکورٹ،آٹھویں جماعت کی طالبہ سے مبینہ زیادتی ،گرفتار استاد کی ضمانت مسترد

    لاہور ہائیکورٹ کے بہاولپور بینچ نے آٹھویں جماعت کی طالبہ سے مبینہ زیادتی کے مقدمے میں گرفتار اسکول ٹیچر کی ضمانت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اہم ریمارکس دیے ہیں۔

    عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ ایسے سنگین نوعیت کے مقدمات میں ملزم کی رہائی نہ صرف متاثرہ طالبہ بلکہ دیگر طلبہ و طالبات کے لیے بھی خطرے کا باعث بن سکتی ہے۔ عدالت نے کہا کہ اگر ملزم کو ضمانت پر رہا کیا گیا تو وہ مستقبل میں دیگر بچوں کی سلامتی کے لیے بھی خطرہ بن سکتا ہے۔عدالتی فیصلے میں تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی بھرتی کے طریقہ کار پر بھی زور دیا گیا۔ عدالت نے ہدایت کی کہ اساتذہ کی تقرری سے قبل ان کا پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ اور نادرا ریکارڈ لازمی طور پر چیک کیا جائے تاکہ ماضی میں جرائم میں ملوث افراد کو تعلیمی اداروں میں ذمہ داریاں نہ سونپی جائیں۔

    لاہور ہائیکورٹ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ اگر ماضی کے مجرموں کو تعلیمی اداروں میں ملازمت دی جاتی رہی تو اسکول اور دیگر تعلیمی مراکز بچوں کے لیے غیر محفوظ ہو جائیں گے۔ عدالت نے بچوں کے تحفظ کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو احتیاطی اقدامات یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔عدالت کے فیصلے کے بعد ملزم بدستور عدالتی تحویل میں رہے گا جبکہ مقدمے کی مزید کارروائی قانون کے مطابق جاری رہے گی۔

  • کیمرے کی آنکھ دیکھے گی اور ڈیجیٹل سسٹم ٹیکس چوری کو پکڑے گا،وزیراعلیٰ پنجاب

    کیمرے کی آنکھ دیکھے گی اور ڈیجیٹل سسٹم ٹیکس چوری کو پکڑے گا،وزیراعلیٰ پنجاب

    لاہور: پنجاب حکومت نے ٹیکس چوری اور مالی بے ضابطگیوں کے خاتمے کیلئے اہم اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے میرج ہالز، مارکیز، فارم ہاؤسز اور بڑی فوڈ چینز کی مؤثر مانیٹرنگ کیلئے جدید کیمروں کی تنصیب کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    حکومتی ذرائع کے مطابق جعلی رسیدیں جاری کرنے، سیلز چھپانے اور ٹیکس فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ بڑے ریسٹورنٹس میں نقد ادائیگی کے بجائے ڈیجیٹل پیمنٹ کو لازمی قرار دینے کی تجویز پر بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ مالی لین دین کو شفاف بنایا جا سکے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ٹیکس نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر دنیا نقد ادائیگیوں سے ڈیجیٹل نظام کی جانب منتقل ہو سکتی ہے تو پاکستان بھی یہ تبدیلی اپنا سکتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹیکس چوری کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ہر قسم کی بے ضابطگی پر نظر رکھی جائے گی۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ "کیمرے کی آنکھ دیکھے گی اور ڈیجیٹل سسٹم ٹیکس چوری کو پکڑے گا”، جبکہ متعلقہ اداروں کو ٹیکس وصولیوں اور مختلف شعبوں کی سیکٹرل میپنگ سے متعلق ہر ہفتے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔