Baaghi TV

Category: لاہور

  • لاہور ہائیکورٹ،آٹھویں جماعت کی طالبہ سے مبینہ زیادتی ،گرفتار استاد کی ضمانت مسترد

    لاہور ہائیکورٹ،آٹھویں جماعت کی طالبہ سے مبینہ زیادتی ،گرفتار استاد کی ضمانت مسترد

    لاہور ہائیکورٹ کے بہاولپور بینچ نے آٹھویں جماعت کی طالبہ سے مبینہ زیادتی کے مقدمے میں گرفتار اسکول ٹیچر کی ضمانت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اہم ریمارکس دیے ہیں۔

    عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ ایسے سنگین نوعیت کے مقدمات میں ملزم کی رہائی نہ صرف متاثرہ طالبہ بلکہ دیگر طلبہ و طالبات کے لیے بھی خطرے کا باعث بن سکتی ہے۔ عدالت نے کہا کہ اگر ملزم کو ضمانت پر رہا کیا گیا تو وہ مستقبل میں دیگر بچوں کی سلامتی کے لیے بھی خطرہ بن سکتا ہے۔عدالتی فیصلے میں تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی بھرتی کے طریقہ کار پر بھی زور دیا گیا۔ عدالت نے ہدایت کی کہ اساتذہ کی تقرری سے قبل ان کا پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ اور نادرا ریکارڈ لازمی طور پر چیک کیا جائے تاکہ ماضی میں جرائم میں ملوث افراد کو تعلیمی اداروں میں ذمہ داریاں نہ سونپی جائیں۔

    لاہور ہائیکورٹ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ اگر ماضی کے مجرموں کو تعلیمی اداروں میں ملازمت دی جاتی رہی تو اسکول اور دیگر تعلیمی مراکز بچوں کے لیے غیر محفوظ ہو جائیں گے۔ عدالت نے بچوں کے تحفظ کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو احتیاطی اقدامات یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔عدالت کے فیصلے کے بعد ملزم بدستور عدالتی تحویل میں رہے گا جبکہ مقدمے کی مزید کارروائی قانون کے مطابق جاری رہے گی۔

  • کیمرے کی آنکھ دیکھے گی اور ڈیجیٹل سسٹم ٹیکس چوری کو پکڑے گا،وزیراعلیٰ پنجاب

    کیمرے کی آنکھ دیکھے گی اور ڈیجیٹل سسٹم ٹیکس چوری کو پکڑے گا،وزیراعلیٰ پنجاب

    لاہور: پنجاب حکومت نے ٹیکس چوری اور مالی بے ضابطگیوں کے خاتمے کیلئے اہم اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے میرج ہالز، مارکیز، فارم ہاؤسز اور بڑی فوڈ چینز کی مؤثر مانیٹرنگ کیلئے جدید کیمروں کی تنصیب کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    حکومتی ذرائع کے مطابق جعلی رسیدیں جاری کرنے، سیلز چھپانے اور ٹیکس فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ بڑے ریسٹورنٹس میں نقد ادائیگی کے بجائے ڈیجیٹل پیمنٹ کو لازمی قرار دینے کی تجویز پر بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ مالی لین دین کو شفاف بنایا جا سکے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ٹیکس نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر دنیا نقد ادائیگیوں سے ڈیجیٹل نظام کی جانب منتقل ہو سکتی ہے تو پاکستان بھی یہ تبدیلی اپنا سکتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹیکس چوری کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ہر قسم کی بے ضابطگی پر نظر رکھی جائے گی۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ "کیمرے کی آنکھ دیکھے گی اور ڈیجیٹل سسٹم ٹیکس چوری کو پکڑے گا”، جبکہ متعلقہ اداروں کو ٹیکس وصولیوں اور مختلف شعبوں کی سیکٹرل میپنگ سے متعلق ہر ہفتے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔

  • ثریا عظیم ہسپتال،علاج کیلیے سارا سال چندہ مانگ کر بھی شہریوں کو لوٹا جانے لگا

    ثریا عظیم ہسپتال،علاج کیلیے سارا سال چندہ مانگ کر بھی شہریوں کو لوٹا جانے لگا

    لاہور کے علاقے چوبرجی چوک میں واقع ثریا عظیم ہسپتال کے بارے میں ایک شہری نے سوشل میڈیا پر اپنے تجربے کی بنیاد پر ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے کیے جانے والے علاج کے دعووں پر سوالات اٹھائے ہیں۔

    شہری کے مطابق ہسپتال کی عمارت پر نصب بورڈز اور تشہیری مہم میں زکوٰۃ، صدقات اور فطرانے کی اپیل کے ساتھ فری علاج کی بات کی جاتی ہے، تاہم عملی طور پر مریضوں سے مختلف مدات میں فیس وصول کی جاتی ہے۔ثریا عظیم ہسپتال میں داخل ہونے سے قبل ہسپتال میں موٹر سائیکل پارکنگ فیس 30 روپے ، ایمرجنسی پرچی فیس 100 روپے، معمولی پٹی کی فیس 300 روپے اور درد کا انجیکشن لگانے کی فیس 500 روپے وصول کی گئی،اس طرح ایک عام مریض کو علاج کے لیے قابلِ ذکر رقم ادا کرنا پڑتی ہے۔ ڈاکٹر کی تجویز کردہ ادویات قریبی مارکیٹ یا دیگر فارمیسیوں سے دستیاب نہیں ہوتیں اور مریضوں کو ہسپتال کی فارمیسی سے ہی ادویات خریدنے کا کہا جاتا ہے،ثریاعظیم کی انتظامیہ ایک طرف سارا سال صدقات ، زکواۃ مانگتی رہتی لیکن علاج کے لئے شہریوں کو لوٹ رہی ہے

    شہری نے مطالبہ کیا ہے کہ ثریا عظیم ہسپتال کاسالانہ آڈٹ کروایا جائے،آمدن و اخراجات کا حساب قوم کے سامنے رکھا جائے، قوم سے چندہ بھی اور پھر شہریوں کے جیبوں پر ڈاکہ،اگر اتنی بھاری فیسیں لینی ہیں تو پھر سارا سال چندہ کیوں مانگا جاتا ہے، اگر ہسپتال واقعی فلاحی بنیادوں پر کام کر رہا ہے تو فیسوں اور چارجز کی مکمل تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں تاکہ فری علاج کے دعووں اور عملی صورتحال کے درمیان فرق واضح ہو سکے۔

    اس حوالے سے ثریا عظیم ہسپتال انتظامیہ کا مؤقف لینے کے لئے ہسپتال کی ویب سائٹ پر دیئے گئے نمبر +92 321 888 0 755 پر رابطہ کیا گیا لیکن کوئی جواب نہیں ملا، ہسپتال انتظامیہ اگر مؤقف دینا چاہے تو خبر کو اپڈیٹ کر دیا جائے گا

  • سودی نظام کے خاتمے کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں،حافظ مسعود اظہر

    سودی نظام کے خاتمے کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں،حافظ مسعود اظہر

    پاکستان اسلامک کونسل کے چئیرمین اور جامعہ سعیدیہ سلفیہ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حافظ مسعود اظہر نے بجٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ کا تقریباََ آدھا حصہ سود پر لیے گئے قرضوں کی ادائیگی میں چلے جانا ملک کی سالمیت پر سوالیہ نشان ہے ۔ سودی نظام کے خاتمے کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں اور نہ ہی ملک کے معاشی حالات میں بہتری لائی جا سکتی ہے ۔ سود معیشت کے لیے تباہ کن زہر ، اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے ساتھ کھلی جنگ ہے۔ کلمہ طیبہ کے نام پر قائم ہونے ملک پاکستان میں سودی نظام کا تسلسل ملک کی سالمیت پر سوالیہ نشان ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ آج ملک کو جن سنگین معاشی مشکلات، مہنگائی، بے روزگاری اور مالی بحرانوں کا سامنا ہے، ان کی بنیادی وجوہات میں سود پر مبنی معاشی ڈھانچہ بھی شامل ہے۔ قومی بجٹ کا ایک بڑا حصہ سودی قرضوں اور ان پر واجب الادا سود کی ادائیگی میں صرف ہو رہا ہے، جس کے باعث تعلیم، صحت، بنیادی سہولتوں اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے لیے وسائل محدود ہوتے جا رہے ہیں۔ یہ صورتحال نہ صرف معاشی ترقی کی رفتار کو سست کر رہی ہے بلکہ آنے والی نسلوں پر بھی قرضوں کا بوجھ منتقل کر رہی ہے۔ اگر سودی نظام سے نجات حاصل نہ کی گئی تو وہ وقت دور نہیں جب قومی بجٹ کا سارا حصہ صرف سود کی ادائیگی میں خرچ ہو جائے گا اور عوامی خدمت کے شعبوں کے لیے خاطر خواہ وسائل دستیاب نہیں رہیں گے۔ ڈاکٹر حافظ مسعود اظہر نے حکومت، معاشی ماہرین اور پالیسی ساز اداروں پر زور دیا کہ وہ سود سے پاک اسلامی معاشی نظام کے نفاذ کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کریں۔ ملکی خودمختاری، معاشی استحکام اور عوامی خوشحالی کا راستہ سودی قرضوں پر انحصار کم کرنے، پیداواری شعبوں کو مضبوط بنانے اور اسلامی مالیاتی اصولوں کو فروغ دینے میں مضمر ہے۔ ا نہوں نے مزید کہا کہ قوم کو قرض اور سود کے اس تباہ کن چکر سے نکالنے کے لیے فوری اور جرات مندانہ فیصلوں کی ضرورت ہے، کیونکہ یہی راستہ ملک کو پائیدار ترقی، معاشی آزادی اور حقیقی عوامی خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کر سکتا ہے۔

  • قومی پیغام امن کمیٹی کا محرم  میں بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کا عزم

    قومی پیغام امن کمیٹی کا محرم میں بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کا عزم

    اسلام آباد: قومی پیغام امن کمیٹی حکومتِ پاکستان نے محرم الحرام کے دوران ملک بھر میں امن و امان کے قیام، بین المسالک ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے فروغ کے لیے اپنی کاوشوں کو مزید مؤثر بنانے کا اعلان کیا ہے۔

    قومی پیغام امن کمیٹی کے مطابق حکومتِ پاکستان کی اپیل پر "قافلہ امن، محبت اور رواداری” ملک بھر میں سرگرم عمل ہے، جس کا مقصد محرم الحرام کے دوران بھائی چارے، یکجہتی اور قومی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔کمیٹی کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں علماء کرام، مشائخ عظام، ذاکرین، واعظین اور خطباء کے ساتھ مضبوط روابط قائم ہیں، جبکہ "پیغام پاکستان” کے ضابطۂ اخلاق پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ مذہبی ہم آہنگی اور امن کی فضا برقرار رہے۔بیان میں واضح کیا گیا کہ ضابطۂ اخلاق کی کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کمیٹی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ محرم الحرام کے مقدس ایام میں بالخصوص اور سال بھر بالعموم امن، محبت، برداشت اور رواداری کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

    قومی پیغام امن کمیٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وطنِ عزیز پاکستان کو امن، محبت اور رواداری کا گہوارہ بنانے کے لیے تمام مکاتبِ فکر کے درمیان اتحاد، بھائی چارے اور باہمی احترام کو فروغ دیا جائے گا، جبکہ انتہاپسندانہ اور متشددانہ رویوں کے مقابلے میں برداشت، مکالمے اور قومی یکجہتی کو ترجیح دی جائے گی۔

  • نیوز چینل کے سی ای او سے لاہور ایئر پورٹ پر شراب کی32 بوتلیں برآمد

    نیوز چینل کے سی ای او سے لاہور ایئر پورٹ پر شراب کی32 بوتلیں برآمد

    بیرون ملک سے پاکستان لائی جانے والی لاکھوں روپے مالیت کی شراب کسٹم نے قبضہ میں لے لی شراب لانے والی شخصیت پاکستان کے ایک بڑے نیوز چینل کے سی ای او نکلے،

    علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر کسٹمز حکام نے دبئی سے آنے والے ایک مسافر ،نجی ٹی وی چینل کے سی ای او احمدکے سامان سے بڑی مقدار میں غیر ملکی شراب برآمد کر کے ضبط کر لی۔کسٹمز ذرائع کے مطابق 17 جون 2026 کو اے ایچ اے پی (ٹریفک) لاہور کے عملے نے دبئی سے آنے والی پرواز کے ایک پاکستانی مسافر کے سامان کی اسکیننگ کے دوران مشتبہ اشیاء کی نشاندہی کی۔ مسافر سے کسٹمز ایکٹ 1969 کے سیکشن 139 کے تحت سامان میں موجود ممنوعہ اشیاء کے بارے میں پوچھا گیا تاہم اس نے کسی بھی ایسی چیز کی موجودگی سے انکار کیا۔بعد ازاں سامان کی تفصیلی تلاشی لی گئی جس کے دوران مختلف برانڈز کی غیر ملکی شراب کی مجموعی طور پر 32 بوتلیں برآمد ہوئیں۔ ضبط شدہ بوتلوں میں بلیو لیبل، ڈیورز، بلیک لیبل، رائل سلیوٹ، گلین مورینجی، ٹیکیلا، بیلویڈیر ووڈکا اور دیگر معروف برانڈز شامل ہیں۔کسٹمز حکام کے مطابق برآمد ہونے والی شراب تجارتی مقدار میں تھی اور اسے ذاتی استعمال کے سامان (بونا فائیڈ لگیج) کے زمرے میں نہیں رکھا جا سکتا۔ نجی ٹی وی چینل کے سی ای اوقانونی درآمد یا ملکیت کے حوالے سے کوئی دستاویزی ثبوت پیش نہ کر سکا۔حکام نے کسٹمز ایکٹ 1969 کے مختلف سیکشنز کی خلاف ورزی پر تمام برآمد شدہ سامان کو سیکشن 168(1) کے تحت ضبط کرتے ہوئے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ احمد کو سیکشن 171 کے تحت نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

  • ‎خاتون سے مبینہ زیادتی کی کوشش، جعلی عامل گرفتار

    ‎خاتون سے مبینہ زیادتی کی کوشش، جعلی عامل گرفتار

    ‎پولیس نے ایک خاتون کے ساتھ مبینہ طور پر زیادتی کی کوشش کے الزام میں خود کو عامل ظاہر کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
    ‎پولیس کے مطابق مقدمہ متاثرہ خاتون کے بھائی کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں ملزم پر خاتون کے ساتھ مبینہ طور پر زیادتی کی کوشش کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
    ‎پولیس کا کہنا ہے کہ اطلاع ملنے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔
    ‎حکام کے مطابق تفتیشی ٹیم متاثرہ خاندان کے بیانات، جائے وقوعہ سے حاصل ہونے والے شواہد اور دیگر متعلقہ معلومات کی روشنی میں تحقیقات کو آگے بڑھا رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد قانون کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی۔
    ‎پولیس نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ ایسے افراد سے محتاط رہیں جو روحانی علاج یا عامل ہونے کے نام پر لوگوں کو دھوکا دینے کی کوشش کرتے ہیں، اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دیں۔

  • ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک جبکہ بعض مقامات پر بارش کا امکان

    ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک جبکہ بعض مقامات پر بارش کا امکان

    محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے تاہم ملک کے کچھ علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے ۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کے روز اسلام آباد اور گردونواح میں موسم گرم اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ بعد ازدوپہر تیز ہوائیں اور آندھی چلنے کے ساتھ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے،جنوبی پنجاب،جنوبی بلوچستان،کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے ۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے تاہم بعد ازدوپہر مری، گلیات، جہلم ، قصور،ملتان ، راجن پور، رحیم یار خان ، ڈی جی خان اور بہاولپورمیں تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان تاہم شمالی اور مغر بی اضلا ع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ بارکھان ، ڈیرہ بگٹی ، نصیر آباد اور خضدار میں تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے ۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا ۔ تاہم بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ کشمور، جیکب آباد، شکارپور، لاڑکا نہ اور دادو میں تیزہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے جبکہ کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقا ما ت پر بارش کی توقع ہے جبکہ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے ۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب کا  ٹرانسپورٹ اور گڈز کرایوں میں فوری کمی کے لیے اقدامات کا حکم

    وزیراعلیٰ پنجاب کا ٹرانسپورٹ اور گڈز کرایوں میں فوری کمی کے لیے اقدامات کا حکم

    وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کا خیر مقدم کرتے ہوئے صوبے بھر میں ٹرانسپورٹ اور گڈز کرایوں میں فوری کمی کے لیے اقدامات کا حکم دے دیا ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا مکمل فائدہ عوام تک پہنچایا جائے اور مسافروں کے ساتھ ساتھ اشیائے ضروریہ کی ترسیل کے کرایوں میں بھی مناسب کمی یقینی بنائی جائے۔وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات براہِ راست عوام تک منتقل ہوں تاکہ مہنگائی کے بوجھ میں کمی آسکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کرایوں میں کمی کے فیصلے پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

    مریم نواز نے پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں نمایاں کمی پر وزیرِ اعظم شہباز شریف اور ان کی معاشی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعظم نے عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کیا ہے۔ ان کے مطابق علاقائی صورتحال میں بہتری کے بعد حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے بروقت فیصلہ کیا۔وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ملک کو توانائی کے بحران سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر حکمتِ عملی اپنائی، جو ایک اہم کامیابی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مشکل حالات میں دانشمندانہ اقدامات کے ذریعے نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کو بھی ممکنہ توانائی اور معاشی بحران سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

  • پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ، پبلک ٹرانسپورٹرز کا کرایوں میں 15 فیصد کمی کا اعلان

    پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ، پبلک ٹرانسپورٹرز کا کرایوں میں 15 فیصد کمی کا اعلان

    پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد ملک بھر کے پبلک ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں 15 فیصد کمی کا اعلان کر دیا ہے۔

    صدر آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ اونرز فیڈریشن کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 15 فیصد کمی کا فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا، جس سے عوام کو سفری اخراجات میں ریلیف ملے گا۔انہوں نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی کمی کے بعد ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی ناگزیر تھی، اسی لیے تمام متعلقہ ٹرانسپورٹرز کو نئے کرایوں پر عملدرآمد کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا ریلیف دیتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 74 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا تھا۔حکومتی فیصلے کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 373 روپے سے کم ہو کر 299 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت 378 روپے سے کم ہو کر 311 روپے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔عوامی حلقوں نے ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملک بھر میں نئے کرایہ ناموں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ پیٹرولیم قیمتوں میں کمی کا حقیقی فائدہ مسافروں تک پہنچ سکے۔