Baaghi TV

Category: کھیل

  • بین الاقوامی ٹیسٹ میچز:جنوبی کوریا کی قومی ہاکی ٹیم آج پاکستان پہنچے گی

    بین الاقوامی ٹیسٹ میچز:جنوبی کوریا کی قومی ہاکی ٹیم آج پاکستان پہنچے گی

    جنوبی کوریا کی قومی ہاکی ٹیم 27 جولائی سے 8 اگست تک پاکستان کا تاریخی دورہ کرے گی، جس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان 4 بین الاقوامی ٹیسٹ میچز اسلام آباد کے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

    وزارت بین الصوبائی رابطہ کے مطابق جنوبی کوریا کی ٹیم کے دورے سے پاکستان میں بین الاقوامی ہاکی سرگرمیوں کی بحالی کو نئی تقویت ملے گی اور قومی کھیل کے فروغ میں اہم پیشرفت ہوگی-

    وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جنوبی کوریا کی ٹیم کا دورہ پاکستان میں قومی کھیل کی بحالی کی جانب ایک تاریخی پیشرفت ہے اس دورے سے پاکستان کے پرامن اور محفوظ تشخص کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

    وفاقی سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین وانی کے مطابق جنوبی کوریا کی ٹیم کا دورہ پاکستان کی اسپورٹس سفارتکاری اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا، حکومت پاکستان کی جانب سے جنوبی کوریا کی قومی ہاکی ٹیم کو اعلیٰ سطح کی سیکیورٹی، پروٹوکول اور دیگر انتظامی سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ دورہ کامیاب اور خوش اسلوبی سے مکمل ہو سکے۔

    واضح رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم 15 سے 30 اگست تک ہونے والے ہاکی ورلڈ کپ میں روانگی سے قبل کوریا کے ساتھ 4 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی،عالمی درجہ بندی میں پاکستان 12ویں اور کوریا 20ویں نمبر پر ہے،انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے ہاکی ورلڈکپ 2026 کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کردیا ہے میگا ایونٹ میں پاکستان ٹیم 8 سال بعد شرکت کر رہی ہے۔

    شیڈول کے مطابق ہاکی کا عالمی کپ 15 سے 30 اگست تک نیدرلینڈز میں منعقد ہوگا۔ جس میں پاکستان اور بھارت سمیت ہاکی کی بہترین ٹیموں کے درمیان ایک ٹرافی کے لیے 15 روز تک میدانوں میں جنگ جاری رہے گی،گرین شرٹس ٹورنامنٹ میں اپنے سفر کا آغاز ہفتہ 15 اگست کو انگلینڈ کے خلاف میچ سے کریں گے یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجے شروع ہوگا،قومی ٹیم اپنا دوسرا میچ پیر 17 اگست کو ویلز کے خلاف کھیلے گی یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر ساڑھے 3 بجے شروع ہوگا،روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا میچ بدھ 19 اگست کو کھیلا جائے گا، جو پاکستانی وقت کے مطابق شام 6 بجے شروع ہوگا۔

  • 
پاکستان کے تیز ترین تیراک حمزہ آصف کامن ویلتھ گیمز 2026 میں ملک کی نمائندگی کریں گے

    
پاکستان کے تیز ترین تیراک حمزہ آصف کامن ویلتھ گیمز 2026 میں ملک کی نمائندگی کریں گے

    ‎پاکستان کے قومی چیمپئن اور ملک کے تیز ترین تیراک حمزہ آصف 2026 کے کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں ہونے والے اس بڑے بین الاقوامی مقابلے میں حمزہ آصف کی شرکت پاکستانی کھیلوں کے لیے ایک اہم اعزاز سمجھی جا رہی ہے، جہاں وہ عالمی معیار کے تیراکوں کے مقابل اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔
    ‎حمزہ آصف کو پاکستان کے بہترین فری اسٹائل تیراکوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے مسلسل محنت، نظم و ضبط اور شاندار کارکردگی کے ذریعے قومی سطح پر اپنی الگ شناخت بنائی۔ ان کا کامن ویلتھ گیمز کے لیے انتخاب اس کامیاب سفر کا ایک اور اہم سنگ میل ہے، جو برسوں کی لگن اور کھیل سے بے پناہ محبت کا نتیجہ ہے۔
    ‎اپنے سفر کو یاد کرتے ہوئے حمزہ آصف نے بتایا کہ ان کے کیریئر کا سب سے اہم موڑ 2023 کی سینئر نیشنل سوئمنگ چیمپئن شپ تھی، جہاں انہوں نے 50 میٹر فری اسٹائل میں طلائی تمغہ جیت کر پاکستان کے تیز ترین تیراک کا اعزاز حاصل کیا۔
    ‎حمزہ آصف نے کہا کہ انہیں بچپن ہی سے تیراکی کا شوق تھا اور انہوں نے صرف چھ برس کی عمر میں اس کھیل کا آغاز کیا۔ ان کے مطابق اس وقت ملک میں عالمی معیار کی سہولیات یا جدید تربیتی نظام موجود نہیں تھا، لیکن کھیل سے محبت نے انہیں کبھی ہمت ہارنے نہیں دی۔ انہوں نے ہر روز خود کو بہتر بنانے کی کوشش کی اور اپنے کوچز و رہنماؤں سے مسلسل سیکھتے رہے۔
    ‎انہوں نے بتایا کہ ابتدائی دور میں محدود وسائل کے باوجود ان کا عزم کمزور نہیں ہوا۔ سخت محنت، روزانہ طویل دورانیے کی ٹریننگ اور مستقل مزاجی نے انہیں قومی درجہ بندی میں اوپر پہنچایا، یہاں تک کہ وہ پاکستان کے نمایاں فری اسٹائل تیراک بن گئے۔
    ‎حمزہ آصف کی غیر معمولی رفتار اور مسلسل بہترین کارکردگی کے باعث انہیں "دی راکٹ” کا لقب بھی دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کے لیے باعث فخر ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ نوجوان کھلاڑی ان کی کامیابی سے حوصلہ حاصل کریں۔
    ‎انہوں نے کہا کہ کوئی بھی خواب ناممکن نہیں ہوتا، اگر انسان محنت، نظم و ضبط اور خود اعتمادی کو اپنا شعار بنا لے تو ہر رکاوٹ کو عبور کیا جا سکتا ہے۔ حمزہ آصف نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ وہ قومی سطح پر حاصل کی گئی کامیابیوں کو عالمی میدان میں بھی دہرا کر پاکستان کے لیے اعزازات جیتنے میں کامیاب ہوں گے۔
    ‎آخر میں حمزہ آصف نے اپنے ادارے، کوچز، اہل خانہ اور ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے کھیل کے سفر میں ہر قدم پر ان کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی کی۔

  • 
ٹاروبا ٹیسٹ: محمد علی کی شاندار بولنگ، ویسٹ انڈیز پہلی اننگز میں 311 رنز پر ڈھیر

    
ٹاروبا ٹیسٹ: محمد علی کی شاندار بولنگ، ویسٹ انڈیز پہلی اننگز میں 311 رنز پر ڈھیر

    ‎ٹاروبا میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان کے بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم کو پہلی اننگز میں 311 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ میزبان ٹیم نے دوسرے دن اپنی نامکمل اننگز 194 رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی، تاہم پاکستانی فاسٹ بولرز نے ابتدا ہی سے نپی تلی بولنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔
    ‎دوسرے روز ویسٹ انڈیز نے صرف 117 رنز کا اضافہ کیا اور اپنی باقی سات وکٹیں گنوا بیٹھے۔ پاکستانی بولرز نے مسلسل درست لائن اور لینتھ کے ساتھ گیند بازی کی، جس کے باعث میزبان ٹیم کا مڈل آرڈر اور لوئر آرڈر زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکا۔
    ‎ویسٹ انڈیز کی جانب سے شائی ہوپ سب سے نمایاں بلے باز رہے جنہوں نے 92 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، تاہم وہ سنچری مکمل کرنے سے صرف آٹھ رنز پہلے آؤٹ ہوگئے۔ کیوم ہوج نے بھی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 84 رنز بنائے اور ٹیم کی مجموعی اسکور میں اہم کردار ادا کیا۔
    ‎دیگر بلے بازوں میں شمار جوزف نے 23 رنز اسکور کیے جبکہ تیجنارائن چندرپال اور جینگو نے 21، 21 رنز بنائے۔ جسٹن گریوز 15، برینڈن کنگ 12 اور روسٹن چیز 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ پاکستانی بولرز کی منظم بولنگ کے سامنے ویسٹ انڈیز کا کوئی بھی بلے باز بڑی شراکت قائم نہ کر سکا۔
    ‎پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر محمد علی نے سب سے کامیاب بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 50 رنز کے عوض چار اہم وکٹیں حاصل کیں اور ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ لائن کو شدید نقصان پہنچایا۔ محمد عباس نے اپنے تجربے کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ خرم شہزاد نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ آل راؤنڈر عامر جمال نے بھی ایک وکٹ اپنے نام کی۔
    ‎پاکستانی ٹیم کی عمدہ بولنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز کو بڑی برتری حاصل کرنے کا موقع نہ مل سکا، جس سے میچ میں مہمان ٹیم کی پوزیشن مضبوط ہوئی ہے۔ اب تمام نظریں پاکستان کی پہلی اننگز پر مرکوز ہیں کہ قومی بیٹنگ لائن میزبان ٹیم کے مجموعے کا کس انداز میں جواب دیتی ہے۔

  • سابق بھارتی کرکٹر کے خلاف فراڈ کا مقدمہ درج

    سابق بھارتی کرکٹر کے خلاف فراڈ کا مقدمہ درج

    سابق بھارتی کرکٹر راجیش چوہان مبینہ فراڈ کے الزام میں قانونی مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔

    پولیس کے مطابق راجیش چوہان پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک شخص کو اسٹیل کمپنی میں ٹرانسپورٹ کا ٹھیکہ دلوانے کا وعدہ کرکے اس سے 15 لاکھ روپے سے زائد رقم وصول کی،یہ پورا معاملہ گووند ٹرانسپورٹ کمپنی کے نام پر کیے گئے ایک معاہدے سے جڑا ہوا ہے دنکر وشوامترا نامی ایک شخص نے الزام لگایا ہے کہ راجیش چوہان نے خود کو ایک معروف بین الاقوامی کرکٹر بتا کر اور بڑے صنعت کاروں سے تعلقات کا حوالہ دے کر ان سے رابطہ کیا۔

    انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی ٹرانسپورٹ کمپنی کو ایک بڑی اسٹیل کمپنی سے لوہا اور دیگر سامان منتقل کرنے کا ٹھیکہ ملا ہوا ہے۔ انہوں نے اچھے منافع کا لالچ دے کر متاثرہ شخص کو کاروبار میں ٹرک لگانے اور شراکت دار بننے کی ترغیب دی۔

    متاثرہ شخص کا کہنا ہے کہ راجیش چوہان نے انہیں کچھ دستاویزات دکھائیں جنہیں سچا سمجھ کر انہوں نے جولائی 2021 میں معاہدہ کر لیا اور 15 لاکھ روپے سے زیادہ کی رقم دو قسطوں میں بینک کے ذریعے منتقل کر دی،کچھ عرصے بعد جب راجیش چوہان نے تسلی بخش جواب دینا بند کر دیا تو متاثرہ شخص نے خود اسٹیل کمپنی سے رابطہ کیا، وہاں معلوم ہوا کہ راجیش چوہان یا ان کی کمپنی کو ایسا کوئی ٹھیکہ دیا ہی نہیں گیا تھا اور دکھائی گئی تمام دستاویزات جعلی تھیں۔

    عدالتی ریکارڈ کے مطابق دنکر وشوامترا نے پہلے موہن نگر پولیس اسٹیشن اور بعد ازاں ضلع درگ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو تحریری شکایات بھی دیں، تاہم مقدمہ درج نہ ہونے پر انہوں نے عدالت سے رجوع کیا16 جولائی کو جوڈیشل مجسٹریٹ فرسٹ کلاس ایشوریہ دیوان نے پولیس کو معاملے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے حتمی رپورٹ عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔

    عدالت نے اپنے ابتدائی مشاہدے میں کہا کہ دستیاب مواد سے قابلِ دست اندازی جرم کا اشارہ ملتا ہے اور شکایات کے باوجود پولیس کی جانب سے کارروائی نہیں کی گئی۔ عدالت کے مطابق بظاہر ایسے شواہد موجود ہیں جن سے معلوم ہوتا ہے کہ شکایت کنندہ سے دھوکے سے رقم حاصل کی گئی، جس کی مکمل تفتیش ضروری ہے۔

    دوسری جانب راجیش چوہان اس معاملے کو کاروباری تنازع قرار دے چکے ہیں انہوں نے اس سے قبل پی ٹی آئی سے گفتگو میں کہا تھا، ”شکایت کنندہ کی کچھ رقم پہلے ہی واپس کی جا چکی ہے، جبکہ باقی رقم کی ادائیگی ذاتی حالات کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوئی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے کی تفتیش جاری ہے اور اس مرحلے پر کسی بھی فریق کو قصوروار قرار نہیں دیا جا سکتا حتمی حقائق تحقیقات مکمل ہونے اور عدالت میں رپورٹ پیش کیے جانے کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔

  • کامن ویلتھ گیمز،پاکستانی باکسر فاطمہ زاہرہ کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں

    کامن ویلتھ گیمز،پاکستانی باکسر فاطمہ زاہرہ کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں

    اسکاٹ لینڈ میں جاری کامن ویلتھ گیمز 2026 میں پاکستان کی خاتون باکسر فاطمہ زاہرہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویمنز 60 کلوگرام کیٹیگری کے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

    فاطمہ زاہرہ نے پری کوارٹر فائنل مقابلے میں لیسوتھو کی باکسر ریئل ایبوہا کے خلاف آغاز ہی سے بھرپور برتری قائم رکھی۔ پاکستانی باکسر کے مسلسل مؤثر حملوں کے باعث حریف دفاع میں ناکام رہی، جس پر ریفری نے مقابلہ قبل از وقت روک کر فاطمہ زاہرہ کو ناک آؤٹ کے ذریعے فاتح قرار دے دیا۔اس شاندار کامیابی کے بعد فاطمہ زاہرہ نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے، جہاں ان کا مقابلہ نیوزی لینڈ کی باکسر جارڈن ولسن سے ہوگا۔پاکستانی شائقین کو امید ہے کہ فاطمہ زاہرہ اپنی عمدہ فارم برقرار رکھتے ہوئے اگلے مرحلے میں بھی کامیابی حاصل کریں گی اور کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے لیے میڈل جیتنے کی دوڑ میں اپنی پوزیشن مزید مضبوط بنائیں گی۔

  • ٹیسٹ سیریز: ویسٹ انڈیز نے اسکواڈ کا اعلان کردیا

    ٹیسٹ سیریز: ویسٹ انڈیز نے اسکواڈ کا اعلان کردیا

    ویسٹ انڈیز نے پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ۔

    ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے مطابق ر وسٹن چئیز ویسٹ انڈیز کے کپتان برقرار رکھے گئے ہیں جبکہ جومیل واریکن نائب کپتان ہوں گے،دیگر کھلاڑیوں میں جوشعوا بشپ، ٹیگنارائن چندرپال، جوشعوا ڈی سلوا شامل ہیں ، جسٹن گریوز، کیوم ہوج، شے ہاپ، عامر جنگو، شیمار جوزف بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں برینڈن کنگ، کرک میکینزی، کیمو پال، کیمار روچ اور جیڈن سیلز بھی شامل ہیں،پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں 25 جولائی سے شروع ہوگا۔

    دوسری جانب قومی ٹیسٹ سکواڈ کا برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں پریکٹس سیشن ہوا،قومی کھلاڑیوں نے وارم اپ اور فیلڈنگ سیشن میں حصہ لیا ،کوچز نے کھلاڑیوں کو سلپ کیچز کی ڈرلز کروائیں،کوچز کے زیر نگرانی کھلاڑیوں نے بیٹنگ اور باؤلنگ کی نیٹ پریکٹس بھی کی ۔

  • ‎پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 2027 میں پانچ ون ڈے میچز کی سیریز شیڈول

    ‎پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 2027 میں پانچ ون ڈے میچز کی سیریز شیڈول

    پاکستان کرکٹ ٹیم آئندہ سال مئی 2027 میں پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے انگلینڈ کا دورہ کرے گی۔ دونوں کے درمیان یہ سیریز 15 مئی سے 26 مئی 2027 تک کھیلی جائے گی اور اسے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کی تیاری کے لیے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
    سیریز کا پہلا ون ڈے 15 مئی کو ساؤتھمپٹن میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا میچ 19 مئی کو مانچسٹر، تیسرا 21 مئی کو لیڈز، چوتھا 23 مئی کو چیسٹر لی اسٹریٹ جبکہ پانچواں اور آخری ون ڈے 26 مئی کو کارڈف میں منعقد ہوگا۔
    ‎پاکستانی ٹیم اس وقت ویسٹ انڈیز کے دورے پر دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیل رہی ہے۔ اس کے بعد قومی ٹیم اگلے ماہ انگلینڈ کا رخ کرے گی، جہاں 19 اگست سے 13 ستمبر تک میزبان ٹیم کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز شیڈول ہے۔
    ‎2027 کی پانچ میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز دونوں ٹیموں کے لیے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کی تیاری کا اہم موقع ہوگی۔ ورلڈ کپ 4 اکتوبر سے 21 نومبر 2027 تک جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا میں کھیلا جائے گا۔
    ‎آئی سی سی کی تازہ ون ڈے ٹیم رینکنگ کے مطابق پاکستان پانچویں جبکہ انگلینڈ ساتویں نمبر پر موجود ہے، جس کے باعث دونوں ٹیموں کے درمیان یہ سیریز شائقین کرکٹ کی بھرپور توجہ کا مرکز بننے کی توقع ہے۔
    پاکستان نے آخری مرتبہ 2021 میں انگلینڈ کا ون ڈے دورہ کیا تھا۔ اس سیریز میں سابق کپتان بابر اعظم سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز رہے تھے۔ انہوں نے تین میچوں میں 177 رنز اسکور کیے تھے، جن میں تیسرے ون ڈے میں کھیلی گئی 158 رنز کی شاندار اننگز بھی شامل تھی۔
    سیریز کا آغاز 15 مئی 2027 کو ساؤتھمپٹن میں پہلے ون ڈے سے ہوگا۔ دوسرا میچ 19 مئی کو مانچسٹر میں کھیلا جائے گا، جبکہ تیسرا ون ڈے 21 مئی کو لیڈز میں ہوگا۔ اس کے بعد چوتھا میچ 23 مئی کو چیسٹر لی اسٹریٹ میں منعقد کیا جائے گا، جبکہ پانچ میچوں کی سیریز کا آخری اور فیصلہ کن مقابلہ 26 مئی کو کارڈف میں کھیلا جائے گا۔

  • اسلام آباد میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر،مشترکہ کنسورشیم نےبولی جیت لی

    اسلام آباد میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر،مشترکہ کنسورشیم نےبولی جیت لی

    جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد ً میں ​سی ڈی اے نے اسلام آباد میں ملک کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم کی مالیاتی بولی اوپن کردی۔

    سی ڈی اے کے مطابق ​حبیب، زیڈ کے بی اور ای اے کا مشترکہ کنسورشیم کرکٹ اسٹیڈیم کا کامیاب بولی دہندہ قرار پایا، کامیاب کنسورشیم نے اسٹیڈیم کی تعمیر اور بیرونی کاموں کے لیے 8 ارب 90 کروڑ کی بولی دی،نیسپاک کی جانب سے بولی مناسب قرار دیے جانے کے بعد ٹھیکہ باضابطہ طور پر دیا جائے گا،​اسلام آباد میں کرکٹ اسٹیڈیم کا کام شروع ہونے کے بعد ایک سال میں مکمل کرنے کی کوشش ہوگی،​وفاقی وزیر داخلہ، چیئرمین سی ڈی اے اور ممبر ماحولیات کرکٹ اسٹیڈیم منصوبے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔

    ​حبیب کنسورشیم کو قذافی اسٹیڈیم کی تعمیر و تزئین کا کام کرنے کا وسیع تجربہ حاصل ہے،​اسلام آباد میں نیا کرکٹ اسٹیڈیم سیکٹر ڈی 12 کے قریب مارگلہ ہلز کے دامن میں تعمیر ہوگا ​نیا کرکٹ اسٹیڈیم دبئی اسٹیڈیم کی طرز پر بنایا جائے گا، 35 ہزار تماشائیوں کی گنجائش ہوگی،​اسٹیڈیم کے ساتھ 3 کلومیٹر طویل 3 رویہ سڑکیں اور دیگر متعلقہ انفراسٹرکچر بھی تعمیر کیا جائے گا۔

    ​سی ڈی اے نے تمام قانونی اور پیپرا مراحل مکمل کرنے کے بعد حبیب کنسورشیم کی بولی اوپن کی،​حتمی منظوری سے قبل پیش کردہ نرخوں کی معقولیت کا جائزہ کنسلٹنٹ لے گا۔

  • فیفا ورلڈ کپ 2026ء تاریخ کا سب سے بڑا ایونٹ بن گیا،کئی ریکارڈ ٹوٹ گئے

    فیفا ورلڈ کپ 2026ء تاریخ کا سب سے بڑا ایونٹ بن گیا،کئی ریکارڈ ٹوٹ گئے

    فیفا ورلڈ کپ 2026ء نے 48 ٹیموں کے نئے فارمیٹ کی بدولت اسٹیڈیم میں شائقین کی حاضری اور ٹی وی ناظرین کے تمام سابقہ ریکارڈز توڑ دیے۔

    فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے کہا کہ 2026ء کا ورلڈ کپ توقعات سے کہیں بڑھ کر کامیاب رہا اور ٹی وی ویوورشپ نے گزشتہ تمام ریکارڈز کو کئی گنا پیچھے چھوڑ دیا۔انہوں نے کہا کہ 16 اضافی ٹیموں کی شمولیت کے باعث یہ تاریخ کا سب سے بڑا ورلڈ کپ تھا، تاہم اس کی کامیابی صرف فارمیٹ کی توسیع تک محدود نہیں رہی بلکہ ایونٹ نے ہر لحاظ سے توقعات سے بڑھ کر نتائج دیے،فیفا کے مطابق ورلڈ کپ 2026ء سے حاصل ہونے والی آمدن 7 ارب یورو (تقریباً 8 ارب ڈالر) سے تجاوز کرنے کی توقع ہے، جو قطر میں ہونے والے 2022ء ورلڈ کپ کے مقابلے میں 56 فیصد زیادہ ہے،امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ کے 104 میچز میں مجموعی طور پر تقریباً 68 لاکھ 10 ہزار شائقین نے اسٹیڈیمز کا رخ کیا، جبکہ اس سے قبل 1994ء میں امریکا میں ہوئے ورلڈ کپ میں 35 لاکھ 87 ہزار 538 تماشائیوں کی آمد کا ریکارڈ قائم ہوا تھا،اس بار اسٹیڈیمز میں نشستیں اوسطاً 99.7 فیصد بھری رہیں، جبکہ فی میچ اوسط حاضری 65 ہزار 351 شائقین ریکارڈ کی گئی، حالانکہ ٹکٹوں کی بلند قیمتوں پر تنقید بھی سامنے آئی۔

    فیفا کا کہنا ہے کہ میزبان ممالک اور دنیا بھر میں ٹی وی ویوورشپ کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے، اگرچہ ادارے نے ابھی تفصیلی اعداد و شمار جاری نہیں کیے، تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا کہ ورلڈ کپ کو دنیا بھر میں تقریباً 6 ارب افراد نے دیکھا۔اس سے قبل قطر میں 2022ء کے فائنل، جس میں ارجنٹینا نے فرانس کو شکست دی تھی، کو 1.5 ارب افراد نے دیکھا تھا، جو اس وقت تک ورلڈ کپ کی تاریخ کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا میچ تھا۔فیفا نے یہ بھی بتایا کہ سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ پر بھی ورلڈ کپ کو غیرمعمولی پذیرائی ملی اور ایک اندازے کے مطابق راؤنڈ آف 16 کے اختتام تک 5.2 ارب افراد کم از کم ایک مرتبہ اس ٹورنامنٹ سے آن لائن منسلک ہوئے۔ورلڈ کپ 2026ء کے مجموعی انعامی فنڈ میں بھی 15 فیصد اضافہ کیا گیا، جس کے بعد یہ 871 ملین ڈالر تک پہنچ گیا، جبکہ 2022ء ورلڈ کپ میں یہ رقم 440 ملین ڈالر تھی۔جیانی انفانٹینو نے انکشاف کیا کہ 2030ء کے ورلڈ کپ کو 64 ٹیموں تک توسیع دینے کی تجویز پر بھی غور کیا جا رہا ہے، یہ معاملہ فیفا کونسل کے سامنے پیش کر دیا گیا ہے۔2030ء کا فیفا ورلڈ کپ اسپین، پرتگال، مراکش، پیراگوئے، یوراگوئے اور ارجنٹینا کی مشترکہ میزبانی میں منعقد ہوگا۔

  • 
ورلڈ کپ جیتنے والی اسپینش ٹیم ٹرافی کے ساتھ وطن پہنچ گئی

    
ورلڈ کپ جیتنے والی اسپینش ٹیم ٹرافی کے ساتھ وطن پہنچ گئی

    ‎ورلڈ کپ 2026 کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کے بعد اسپین کی قومی فٹبال ٹیم ٹرافی کے ہمراہ اپنے وطن پہنچ گئی، جہاں کھلاڑیوں کا شاندار استقبال کیا گیا۔ ایئرپورٹ پر ٹیم کے ارکان نے ورلڈ کپ ٹرافی کے ساتھ یادگار تصاویر بنوائیں، جبکہ شائقین کی بڑی تعداد نے اپنی چیمپئن ٹیم کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔
    ‎اسپین نے ورلڈ کپ کے سنسنی خیز فائنل میں دفاعی چیمپئن ارجنٹائن کو ایک سخت مقابلے کے بعد ایک صفر سے شکست دے کر عالمی فٹبال کا سب سے بڑا اعزاز اپنے نام کیا۔ میچ کے اختتام پر اسپینش کھلاڑیوں نے تاریخی کامیابی کا بھرپور جشن منایا، جبکہ دنیا بھر میں موجود ان کے مداح بھی خوشی سے جھوم اٹھے۔
    ‎وطن واپسی پر اسپینش ٹیم کے کھلاڑی طیارے سے اترتے ہی ورلڈ کپ ٹرافی کے ساتھ میڈیا کے سامنے آئے اور یادگاری تصاویر بنوائیں۔ ایئرپورٹ پر موجود شائقین نے قومی پرچم لہرا کر اور نعرے لگا کر ٹیم کا استقبال کیا۔ کئی مداح اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کی ایک جھلک دیکھنے اور ان کے ساتھ تصاویر بنانے کے لیے گھنٹوں پہلے سے ایئرپورٹ پر موجود تھے۔
    ‎اس تاریخی فتح کو اسپین کی فٹبال تاریخ کی ایک اور بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ کے دوران شاندار کھیل، بہترین حکمت عملی اور مضبوط دفاع کا مظاہرہ کیا، جس کے باعث وہ مسلسل کامیابیاں سمیٹتے ہوئے فائنل تک پہنچی اور بالآخر ٹرافی اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی۔
    ‎ورلڈ کپ جیتنے کے بعد اسپین میں جشن کا سلسلہ بھی جاری ہے، جہاں مختلف شہروں میں ہزاروں افراد نے سڑکوں پر نکل کر قومی ٹیم کی کامیابی کا جشن منایا۔ توقع ہے کہ آنے والے دنوں میں حکومت اور فٹبال فیڈریشن کی جانب سے بھی قومی ٹیم کے اعزاز میں خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی، جن میں کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کو ان کی شاندار کارکردگی پر خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔