اسلام آباد میں سیف گیمز کی تیاریوں کے لیے 5 ارب 70 کروڑ روپے کے اسپورٹس انفرااسٹرکچر پیکج کی منظوری دے دی گئی، جس کے بعد کھیلوں کی مختلف سہولیات کو عالمی معیار کے مطابق اپ گریڈ کرنے کا عمل تیز کردیا گیا ہے۔
سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے سیف گیمز کی تیاریوں کے سلسلے میں 5 ارب 70 کروڑ روپے کے اسپورٹس انفرااسٹرکچر پیکج کی منظوری دی۔ اس پیکج کی منظوری وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت اجلاس میں دی گئی۔
منظور شدہ رقم سے اسلام آباد میں پاکستان اسپورٹس کمپلیکس سمیت دیگر شہروں میں کھیلوں کی سہولیات کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ مختلف کھیلوں کے مراکز کو سیف گیمز کے مقررہ معیار کے مطابق تیار کرنے کے لیے انفرااسٹرکچر میں بہتری لائی جائے گی، تاکہ کھیلوں کے مقابلوں کے لیے ضروری سہولیات دستیاب ہوسکیں۔
وزارت بین الصوبائی رابطہ کے سیکریٹری محی الدین احمد وانی نے اسپورٹس انفرااسٹرکچر پیکج کی منظوری کو اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیف گیمز سے متعلق منصوبوں پر بروقت عملدرآمد اور ان کی مقررہ وقت پر تکمیل یقینی بنائی جائے گی۔
حکام کے مطابق پیکج کے تحت کھیلوں کے مراکز کی اپ گریڈیشن سے نہ صرف سیف گیمز کی میزبانی کے لیے مطلوبہ سہولیات بہتر ہوں گی بلکہ ملک میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو بھی مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
