Baaghi TV

انگلینڈ کی پہلی اننگز 453 رنز پر ختم، پاکستان پر بڑی برتری حاصل

انگلینڈ نے تیسرے ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں 453 رنز بنا کر 320 رنز کی بھاری برتری حاصل کرلی، جس کے بعد میزبان ٹیم نے میچ پر اپنی گرفت مزید مضبوط کرلی ہے۔

ایجبسٹن میں کھیلے جارہے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے دوسرے روز دوسرے سیشن کے اختتام تک انگلینڈ نے پاکستان کی پہلی اننگز کے 133 رنز کے جواب میں 453 رنز بنائے۔ اس طرح انگلینڈ کو پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں 320 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی ہے اور پاکستان کے لیے میچ میں واپسی ایک بڑا چیلنج بن گئی ہے۔

پاکستان کی جانب سے سعود شکیل 43 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ محمد عباس نے 21، رضوان اللہ نے 11، اذان اویس نے 9، بابر اعظم نے 7، شان مسعود اور محمد عمران نے 5،5، غازی غوری نے 4 جبکہ عبداللہ شفیق نے 3 رنز بنائے۔ صائم ایوب بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کی جانب سے جوش ٹنگ نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی چار وکٹیں حاصل کیں، جبکہ اولی رابنسن اور جوفرا آرچر نے 3،3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

پہلی اننگز میں انگلینڈ کے بلے بازوں نے بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ہیری بروک نے 75، جیمی اسمتھ نے 69، ڈین لارنس نے 65، ایمیلیو گے نے 60 اور اولی رابنسن نے 50 رنز کی اننگز کھیلی۔ جوفرا آرچر 32 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ انگلینڈ نے 89 اوورز میں 453 رنز بنا کر اپنی پہلی اننگز مکمل کی۔

پاکستان کی جانب سے رضااللہ نے 23 اوورز میں 148 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد عمران اور محمد علی نے 2،2 انگلش کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے تیسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں چار تبدیلیاں کی ہیں۔ پیس آل راؤنڈر محمد عمران رندھاوا، فاسٹ بولر رضا اللہ اور وکٹ کیپر غازی غوری کو ٹیسٹ ڈیبیو کرایا گیا ہے، جبکہ صائم ایوب کی طویل عرصے بعد ٹیسٹ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ سیریز میں پاکستان کو وائٹ واش سے بچنے کا چیلنج درپیش ہے۔

More posts