Baaghi TV

سی پیک فیز ٹو کا آغاز ہو چکا، وزیراعظم جلد چین کا دورہ کریں گے: اسحاق ڈار

ishaq

‎نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان میں سی پیک فیز ٹو کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے۔
‎سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری، بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹیو کا فلیگ شپ منصوبہ ہے اور اب اس کے دوسرے مرحلے پر پیش رفت جاری ہے۔
‎انہوں نے کہا کہ پاکستان “ون چائنا پالیسی” پر مکمل طور پر کاربند ہے جبکہ چین نے ہمیشہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کی ہے۔
‎وزیر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف 23 سے 26 مئی تک چین کا اہم سرکاری دورہ کریں گے۔
‎انہوں نے بتایا کہ اس دورے کے دوران پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 75 برس مکمل ہونے کی تقریبات بھی منعقد کی جائیں گی۔
‎اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورہ چین کے دوران چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات بھی کریں گے جہاں دوطرفہ تعاون، اقتصادی شراکت داری اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔
‎انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات ہر آزمائش پر پورا اترے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، سفارتی اور اسٹریٹجک تعاون مسلسل مضبوط ہو رہا ہے۔

More posts