Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • خدمت خلق مرکزی مسلم لیگ کا "مسلم ریسکیو مشن” کے قیام کا اعلان

    خدمت خلق مرکزی مسلم لیگ کا "مسلم ریسکیو مشن” کے قیام کا اعلان

    چیئرمین شعبہ خدمت خلق مرکزی مسلم لیگ چوہدری شفیق الرحمان وڑائچ کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا،اجلاس میں شعبہ ریسکیو کو قومی سطح پر مزید منظم و فعال بنانے کیلئے "مسلم ریسکیو مشن” کے قیام کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا، ماہر ریسکیو و ٹرینر ابرار وحید مسلم ریسکیو مشن کے انچارج مقررکر دیئے گئے

    خدمت خلق مرکزی مسلم لیگ کے اجلاس میں ملک بھر سے ضلعی ذمہ داران نے شرکت کی، اجلاس میں مسلم ریسکیو مشن کے تحت ملک بھر میں ریسکیو یونٹس کے قیام کا فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ واٹر، فائر، روڈ سمیت دیگر ریسکیو یونٹس قائم کئے جائیں گے ،چئرمین خدمت خلق مرکزی مسلم لیگ چوہدری شفیق الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم نوجوانوں کو جدید ریسکیو تربیت فراہم کریں گے، ہر ضلع میں تربیت یافتہ ایمرجنسی رسپانس ٹیم تشکیل دیں گے،ملک بھر میں عوام کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کی عملی تربیت دیں گے،مسلم ریسکیو مشن کے تحت کمیونٹی لیول پر سیفٹی اور ریسکیو تربیت دی جائے گی،مسلم ریسکیو مشن کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا قدرتی آفات اور حادثات میں شعبہ خدمت خلق مرکزی مسلم لیگ کے رضاکار فوری رسپانس یقینی بنائیں گے.

  • پاکستان کی امن کوششیں جاری،عالمی رہنماؤں سے مسلسل رابطے ہیں، ترجمان دفترِ خارجہ

    پاکستان کی امن کوششیں جاری،عالمی رہنماؤں سے مسلسل رابطے ہیں، ترجمان دفترِ خارجہ

    اسلام آباد: دفترِ خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں بھرپور انداز میں جاری رکھے ہوئے ہے اور اس سلسلے میں اہم علاقائی و عالمی رہنماؤں سے مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے۔

    ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے جاری تنازعات کے اہم فریقین کے ساتھ رابطے برقرار رکھے ہیں تاکہ کشیدگی میں کمی لائی جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ ایران کے صدر نے پاکستان کی امن کوششوں کو سراہا ہے، جبکہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ایران کی جانب سے وفد اسلام آباد بھیجنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ترجمان کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ایران اور سعودی عرب کی قیادت سے بھی رابطہ کیا، جبکہ یورپی کونسل کے صدر سے ہونے والی گفتگو میں مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا گیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ ترکیہ کے صدر نے بھی پاکستان کی امن کوششوں کو سراہا، جبکہ وزیرِ اعظم نے محمد بن سلمان کی پاکستان کے لیے مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ ترجمان کے مطابق سعودی عرب نے پاکستان کے معاشی استحکام میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

    سرحدی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ جنوبی وزیرستان میں افغانستان کی جانب سے 26 اور 29 اپریل کو بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی گئی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے اور گھروں کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی اس علاقے میں سرحد پار فائرنگ کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے تاہم اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔

  • ایران کی نظرثانی شدہ امن تجویز کل پاکستان پہنچنے کا امکان

    ایران کی نظرثانی شدہ امن تجویز کل پاکستان پہنچنے کا امکان

    عالمی سطح پر بڑھتی کشیدگی کے درمیان ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات تعطل کا شکار ہو گئے ہیں، تاہم ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جس کے مطابق ایران اپنی نظرثانی شدہ امن تجویز کل پاکستان کو فراہم کر سکتا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کو ایران کی نئی امن پیشکش جلد موصول ہونے کا امکان ہے، جبکہ امریکا اس حوالے سے تہران کے جواب کا منتظر ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان اس پورے معاملے میں ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے۔ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز بیان دیا کہ اب ایرانی حکام سے براہِ راست ملاقات کے لیے "ہم مزید پرواز نہیں کر رہے”، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات میں پیش رفت رک گئی ہے۔ ابتدائی مذاکرات کے بعد نہ تو کوئی معاہدہ طے پا سکا اور نہ ہی دوسرا دور منعقد ہو سکا۔

    مذاکرات میں دو بڑے نکات تنازع کا باعث بنے ہوئے ہیں، جن میں ایران کا جوہری پروگرام شامل ہے، جسے امریکا مکمل طور پر ختم کروانا چاہتا ہے، جبکہ دوسرا اہم مسئلہ آبنائے ہرمز ہے۔

    ایرانی حکام کی جانب سے بھی سخت بیانات سامنے آئے ہیں۔ ایران کے سمندری معیشت کے خصوصی نمائندے نے آبنائے ہرمز کو ملک کا "پوشیدہ خزانہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ جاری تنازع نے اس کی اہمیت کو دنیا پر واضح کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران کی بحری طاقت اور آبنائے ہرمز کی ممکنہ بندش نے ثابت کر دیا ہے کہ خلیج فارس محض ایک سمندر نہیں بلکہ عالمی معیشت میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق یہ لڑائی دراصل "توانائی کی جنگ” ہے اور ایران عالمی معیشت میں رہنمائی کا کردار ادا کر سکتا ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان اس سے قبل بھی ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں کرتا رہا ہے، اور موجودہ صورتحال میں بھی اس کا کردار انتہائی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

  • اپیل سننے پر اعتراض نہیں لیکن پہلے سزا معطلی پر فیصلہ کردیں،وکیل عمران خان

    اپیل سننے پر اعتراض نہیں لیکن پہلے سزا معطلی پر فیصلہ کردیں،وکیل عمران خان

    اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان، بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستو ں پر سماعت ہوئی،

    دوران سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے استفسار کیا کہ آپ اپیل پر دلائل کیوں نہیں دے رہے؟بیرسٹر سلمان صفدر نے کہاکہ اپیل سننے پر کوئی اعتراض نہیں لیکن اس سے پہلے سزا معطلی پر فیصلہ کردیں،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نےا ستفسار کیا کہ کیا آپ کو اپیل پر دلائل کیلئے نہیں رکھاگیا، سلمان صفدر نے کہاکہ میرے کلائنٹ نے کہا ہے پہلے سزا معطلی کی درخواستوں پر دلائل دیں۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190ملین پاؤنڈ کیس میں سزا معطلی کی درخواستو ں پر سماعت ہوئی،دوران سماعت بیرسٹر سلمان صفدر نے کہاکہ عدالتی حکم پر 8اپریل کو میری بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی،میری بشریٰ بی بی سے ملاقات نہیں کرائی گئی تھی،بانی نے بتایا کہ وہ ایک آنکھ سے نہیں دیکھ پا رہے،ڈاکٹرز نے کہاآنکھ ٹھیک نہیں ہوسکتی،بانی پی ٹی آئی کو قید تنہائی میں رکھا جارہا ہے،16اپریل کو اڈیالہ جیل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ نے مجھے کال کی، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ نے کہاکہ بشریٰ بی بی کے حوالے سے ایمرجنسی ہے،بشریٰ بی بی کی دائیں آنکھ کی سرجری کی گئی ، ان کی فیملی سے ملاقات ہوئی،بشریٰ بی بی کو دو، تین دن ہسپتال میں رکھا جانا چاہئے تھا لیکن نہیں رکھا گیا، بشریٰ بی بی کو پہلے بھی قید تنہائی میں رکھا گیا تھا، کئی ماہ ہو گئے بشریٰ بی بی کی ضمانت کی استدعا کررہے ہیں

    بیرسٹر سلمان صفدر نے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں دو رکنی بنچ کو بتایا کہ میری 9 اپریل کو عمران خان سے 65 منٹ کی ملاقات ہوئی لیکن سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے میرے کہنے کے باوجود بشریٰ بی بی سے میری ملاقات نہیں کرائی، بشریٰ بی بی سے میری آخری ملاقات دسمبر 2025 میں ہوئی تھی اُس کے بعد ملنے نہیں دیا گیا

    اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے استفسار کیا کہ آپ اپیل پر دلائل کیوں نہیں دے رہے؟اپیل سننے کیلئے تیار ہیں، جلد از جلد اس پر فیصلہ کر دیں گے،روزانہ کی بنیاد پر اپیل سننا شروع کرتے اور اس کا فیصلہ کر دیتے ہیں، بیرسٹر سلمان صفدر نے کہاکہ اپیل سننے پر کوئی اعتراض نہیں لیکن اس سے پہلے سزا معطلی پر فیصلہ کردیں،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ کیا آپ کو اپیل پر دلائل کیلئے نہیں رکھاگیا، سلمان صفدر نے کہاکہ میرے کلائنٹ نے کہا ہے پہلے سزا معطلی کی درخواستوں پر دلائل دیں،عدالت نے کہاکہ طے شدہ اصول ہے اپیل مقرر ہو جائے تو سزا معطلی غیرموثرہو جاتی ہے۔

  • چمن بارڈر،افغانستان کی جانب سے شہری آبادی پر گولہ باری

    چمن بارڈر،افغانستان کی جانب سے شہری آبادی پر گولہ باری

    پاک افغان چمن بارڈر پر کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جہاں افغانستان کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔

    ذرائع کے مطابق افغان طالبان کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں مقامی نوجوان رفیع اللّٰہ شہید ہو گئے، جبکہ متعدد افراد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔عینی شاہدین اور مقامی افراد کا کہنا ہے کہ جس علاقے پر فائرنگ کی گئی وہ مکمل طور پر سول آبادی پر مشتمل ہے، جہاں عام شہری رہائش پذیر ہیں اور وہاں کسی قسم کی عسکری یا سیکیورٹی تنصیب موجود نہیں۔زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر قریبی طبی مراکز منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

    مقامی انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے، جبکہ بارڈر کے اطراف سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکام کی جانب سے اس واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے اور اسے بلا اشتعال کارروائی قرار دیا جا رہا ہے۔ماہرین کے مطابق شہری آبادی کو نشانہ بنانا نہ صرف بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ یہ بین الاقوامی انسانی قوانین کے بھی منافی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعے کا نوٹس لے کر ذمہ داران کے خلاف کارروائی یقینی بنائی جائے،

  • افغانستان کی جانب سے انگوراڈہ سے ملحقہ علاقوں پر گولہ باری،3 بچوں سمیت 5 زخمی

    افغانستان کی جانب سے انگوراڈہ سے ملحقہ علاقوں پر گولہ باری،3 بچوں سمیت 5 زخمی

    افغانستان کی جانب سے ایک بار پھر جنوبی وزیرستان کے انگور اڈہ سے ملحقہ سرحدی علاقوں میں پاکستان کی سول آبادی پر گولہ باری – ڈاکٹرز اور متاثرہ افراد کے اہم بیانات سامنے آگئے

    افغان طالبان رجیم نے جنوبی وزیرستان کے علاقے انگور اڈہ میں شہری آبادی پر حملہ کردیا.سکیورٹی ذرائع کے مطابق 29 اپریل کو افغان طالبان نے انگور اڈہ سے ملحقہ سرحدی علاقے میں شہری آبادی پرگولہ باری کی،افغان طالبان کی جانب سے فائر کیا گیا مارٹر گولہ شہری کریم خان اور رحمت اللہ کے گھر پر گرا جس کے نتیجے میں ان کے خاندان کے 5 افراد زخمی ہوگئے،سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیکل آفیسر ڈاکٹراشفاق کے مطابق اسپتال میں3 بچوں سمیت 5 زخمی اسپتال لائے گئے ہیں جو بلاسٹ انجری کا شکار ہیں، متاثرہ بچوں کو فوری طور پر ایڈمٹ کر کے علاج شروع کر دیا گیا ہے،

    ڈاکٹر کے مطابق ایک مریض کا فریکچر ہے اور اس کے ایلبو جوائنٹ کی بیک سلیب کے ذریعے اسٹیبلائزیشن کر دی گئی ہے، ڈاکٹر کے مطابق تینوں بچوں کی حالت اس وقت زیرِ نگرانی ہے اور انہیں مکمل طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں

    متاثرہ شخص نور علی کے مطابق گولہ اچانک گھر پر آ گرا، جس کے نتیجے میں زور دار دھماکہ ہوا اور ہر طرف چیخ و پکار مچ گئی،ایک اور متاثرہ شخص کا کہنا تھا کہ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ پورا گھر لرز اٹھا اور کچھ سمجھنے کا موقع ہی نہیں ملا،اہلِ علاقہ نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرحد پار سے ہونے والی اس نوعیت کی گولہ باری میں عام شہری، خصوصاً بچے، بار بار نشانہ بن رہے ہیں جس سے علاقے میں خوف و غیر یقینی کی صورتحال برقرار ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی اسی علاقے میں سرحد پار سے فائرنگ اور گولہ باری کے واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں عام شہری زخمی ہوئے تھے

  • پاک بحریہ کی پہلی جدید ترین ہنگور کلاس آبدوز   کی کمیشننگ

    پاک بحریہ کی پہلی جدید ترین ہنگور کلاس آبدوز کی کمیشننگ

    بحری دفاع میں ایک اہم سنگ میل، پاک بحریہ کی پہلی جدید ترین ہنگور کلاس آبدوز کی کمیشننگ کی تقریب چین میں منعقد ہوئی جس کے بعد اسے بحریہ میں شامل کرلیا گیا ۔صدر آصف علی زرداری نے بطور مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف بھی موجود تھے۔

    صدر زرداری نے ہنگور کی کمیشننگ کو پاک بحریہ کی جدت کے سفر میں ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا۔ انہوں نے اس موقع پر پاکستان کے ایک مضبوط، متوازن اور قابلِ اعتماد دفاعی پالیسی برقرار رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری کے دفاع، بحری مفادات کے تحفظ اور تجارتی گزرگاہوں کی سلامتی یقینی بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

    اس موقع پر سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے اس بات پر زور دیا کہ اہم بحری گزرگاہوں کا تعطل عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے بڑا خطرہ ہے ۔ اس تناظر میں ایک مستحکم اور عالمی قوانین پر مبنی بحری نظام کو برقرار رکھنے کے لیے جدید ترین بحری افواج ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہنگور کلاس آبدوزیں جو جدید ترین ہتھیاروں، سینسرز اور ایئر انڈیپینڈنٹ پروپلشن سے لیس ہیں، خطے میں بحری استحکام کو برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کریں گی ۔ یہ آبدوزیں جارحیت کو روکنے اور بحیرہ عرب میں اہم سمندری تجارتی گزرگاہوں کی سلامتی یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔

    نیول چیف نے کہا کہ ہنگور کا نام ہماری قومی تاریخ میں خاص اہمیت رکھتا ہے۔ 1971 کی پاک بھارت جنگ میں، سابقہ ‘ہنگور’ دوسری عالمی جنگ کے بعد کسی بحری جہاز کو تباہ کرنے والی پہلی آبدوز تھی ۔ آبدوز ‘ہنگور’ اس شاندار ورثہ کو آگے بڑھائے گی کیونکہ یہ پاک بحریہ کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے جو ہمارے بحری دفاع کو مضبوط اور ہمارے بیڑے کو جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس کرے گی۔پہلی ہنگور کلاس آبدوز کی کمیشننگ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ اور گہری دوستی کا ایک نیا باب ہے۔ تقریب میں پاک بحریہ اور پی ایل اے (نیوی) کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

  • مرنے کے بعد لاش کے سامنے رقص،موت کے بعد کی خواہش اہلخانہ نے کی پوری

    مرنے کے بعد لاش کے سامنے رقص،موت کے بعد کی خواہش اہلخانہ نے کی پوری

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک غیر معمولی واقعہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، جہاں ایک شخص کی آخری رسومات اس کی اپنی انوکھی خواہش کے مطابق ادا کی گئیں، جس نے دیکھنے والوں کو حیرت میں ڈال دیا۔

    رپورٹس کے مطابق تھائی لینڈ کے صوبے نکھون سی تھمارات میں 59 سالہ شخص ونیت ووراپورن طویل عرصے سے بیماری کا شکار تھا۔ زندگی کے آخری ایام میں اس نے اپنے اہلِ خانہ سے ایک غیر روایتی خواہش کا اظہار کیا کہ اس کی موت پر کوئی سوگ یا ماتم نہ کیا جائے بلکہ اس کی آخری رسومات کو ایک جشن کے طور پر منایا جائے۔مرحوم کی خواہش کے مطابق بدھ مت کے مندر میں مذہبی رسومات کی ادائیگی کے بعد تین “کوایوٹ ڈانسرز” کو مدعو کیا گیا، جنہوں نے تابوت کے سامنے موسیقی پر رقص پیش کیا۔ اس دوران اہلِ خانہ اور دیگر شرکاء موجود رہے اور اس غیر معمولی منظر کو دیکھتے رہے۔

    اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ ونیت ایک خوش مزاج اور زندہ دل انسان تھا، جو اپنی موت کے بعد بھی لوگوں کو غمزدہ نہیں دیکھنا چاہتا تھا، اسی لیے اس نے یہ منفرد خواہش ظاہر کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وہ مرحوم کی آخری خواہش کا احترام کرتے ہوئے اسے پورا کرنے کے پابند تھے۔

    یہ واقعہ 20 اپریل 2026 کو پیش آیا، جس کی ویڈیوز کو لائیو اسٹریم بھی کیا گیا۔ بعد ازاں یہ مناظر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئے، جہاں صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ کچھ افراد اسے زندگی کا جشن قرار دے رہے ہیں اور مرحوم کی خواہش کا احترام کرنے کو سراہ رہے ہیں، جبکہ دیگر اسے روایات اور اخلاقی اقدار کے منافی قرار دے رہے ہیں۔

  • وزیراعظم نےکیا اپنا گھر اسکیم کا افتتاح،گھر بنانے کیلئے ملے گا قرض

    وزیراعظم نےکیا اپنا گھر اسکیم کا افتتاح،گھر بنانے کیلئے ملے گا قرض

    وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجٹ میں ہم بڑی چیزیں لے کر آئیں گے، وزیرِ اعظم اپنا گھر اسکیم کے لیے قرض کا حصول آسان بنایا گیا ہے۔

    اسلام آباد میں وزیرِ اعظم اپنا گھر اسکیم کے اجراء کی تقریب میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بھی شرکت کی، اس اسکیم کے تحت ایک کروڑ تک قرض آسان شرائط پر دستیاب ہوگا،اس اسکیم کا اطلاق چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزادکشمیر میں ہوگا،وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اسکیم کا باقاعدہ اجرا کیا اور اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد اپنے گھر سے محروم ہے، لوگوں کو چھت کی فراہمی مقدس فریضہ ہے، گھر کے لیے قرض حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دیتا ہوں، عام آدمی کو چھت کی فراہمی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، یہ اسکیم چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے لیے بھی ہے،
    اپنا گھر سکیم ریاست کا مقدس فریضہ ہے۔،پاکستان میں آج بھی لاکھوں لوگ اپنی چھت سے محروم ہیں، کئی کے لیے نیلا آسمان ہی چھت اور زمین ہی فرش ہے۔ یہ منصوبہ بے پناہ محنت، مشاورت اور عزم سے ممکن ہوا، جس میں اسحاق ڈار، وزیر خزانہ، گورنر اسٹیٹ بینک و دیگر کا اہم کردار رہا،اسکیم کے تحت پہلا ہدف 50 ہزار گھروں کے لیے قرض ہے، اس اسکیم کے لیے 321 ارب روپے کی فنانسنگ مختص کی گئی ہے، آئندہ 4 برس میں ہمارا ہدف 5 لاکھ گھروں کا ہے، اس اسکیم کا حجم 3.2 کھرب روپے کا ہے، 10 مرلے کی زمین تک گھر بنایا جا سکے گا،اس قرضے کی مدت 20 سال ہے، مارک اپ 5 فیصد ہوگا اور ایک کروڑ روپے تک قرضہ دیا جائے گا، میں اس اسکیم کا ہر مہینے خود جائزہ لوں گا، جو بینکس اس اسکیم میں لیڈ لیں گے وہ ہمارے سروں کے تاج ہوں گے، ان بینکوں کو ہم 14 اگست کو ایوارڈ دیں گے، اس سے انڈسٹری اور کامرس چلے گی اور ملک میں خوشحالی کے دروازے کھلیں گے

  • نارمل پاسپورٹ اب 21 دن کی بجائے 14 دن میں ملے گا، محسن نقوی

    نارمل پاسپورٹ اب 21 دن کی بجائے 14 دن میں ملے گا، محسن نقوی

    وفاقی حکومت نے عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لیے نارمل پاسپورٹ کے اجرا کی مدت میں نمایاں کمی کر دی ہے، جس کے تحت اب پاسپورٹ 21 دن کے بجائے 14 دن میں تیار ہوگا۔

    یہ اہم فیصلہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری کی زیر صدارت ہونے والے اعلیٰ سطح اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں پاسپورٹ کے اجرا کے نظام کو جدید اور شفاف بنانے سے متعلق متعدد اقدامات کی منظوری دی گئی،وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا کہ نارمل پاسپورٹ کے حصول کا دورانیہ کم کر کے 14 دن کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو بروقت سہولت میسر آ سکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پاسپورٹ دفاتر میں مکمل کیش لیس نظام رائج کیا جائے، جس کے لیے متعلقہ حکام کو 15 روز کا ٹاسک دے دیا گیا ہے،اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پاسپورٹ کی گھروں تک فراہمی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا، تاکہ شہریوں کو دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔ اس کے علاوہ وزیر داخلہ نے بزنس پاسپورٹ کے اجرا کے نئے نظام کو جلد حتمی شکل دینے کی بھی ہدایت کی،محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کیش لیس ادائیگی کے نظام سے نہ صرف شفافیت بڑھے گی بلکہ ایجنٹ مافیا کا خاتمہ بھی ممکن ہو سکے گا، جو شہریوں سے اضافی رقم وصول کرتے ہیں