اسلام آباد: دفترِ خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں بھرپور انداز میں جاری رکھے ہوئے ہے اور اس سلسلے میں اہم علاقائی و عالمی رہنماؤں سے مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے۔
ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے جاری تنازعات کے اہم فریقین کے ساتھ رابطے برقرار رکھے ہیں تاکہ کشیدگی میں کمی لائی جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ ایران کے صدر نے پاکستان کی امن کوششوں کو سراہا ہے، جبکہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ایران کی جانب سے وفد اسلام آباد بھیجنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ترجمان کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ایران اور سعودی عرب کی قیادت سے بھی رابطہ کیا، جبکہ یورپی کونسل کے صدر سے ہونے والی گفتگو میں مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا گیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ ترکیہ کے صدر نے بھی پاکستان کی امن کوششوں کو سراہا، جبکہ وزیرِ اعظم نے محمد بن سلمان کی پاکستان کے لیے مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ ترجمان کے مطابق سعودی عرب نے پاکستان کے معاشی استحکام میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
سرحدی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ جنوبی وزیرستان میں افغانستان کی جانب سے 26 اور 29 اپریل کو بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی گئی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے اور گھروں کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی اس علاقے میں سرحد پار فائرنگ کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے تاہم اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔
