Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • عرس داتا گنج بخشؒ کے فنڈز میں کروڑوں روپے کی بے ضابطگیاں، محکمہ اوقاف کا بڑا ایکشن

    عرس داتا گنج بخشؒ کے فنڈز میں کروڑوں روپے کی بے ضابطگیاں، محکمہ اوقاف کا بڑا ایکشن

    لاہور: محکمہ اوقاف پنجاب میں حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس اور عید میلاد النبیؐ کے فنڈز میں سنگین مالی بے ضابطگیوں اور کرپشن ثابت ہونے پر سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ نے تین سابق افسران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کے احکامات جاری کر دیے۔

    محکمانہ فیصلے کے مطابق سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر حافظ جاوید شوکت کو مالی بدعنوانی، قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی اور اوپن چیکس کے ذریعے من پسند سپلائرز کو ادائیگیاں کرنے کے الزامات ثابت ہونے پر ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے۔ ان سے 64 لاکھ روپے سے زائد کی ریکوری بھی کی جائے گی۔اسی طرح سابق ایڈمنسٹریٹر داتا دربار شیخ جمیل احمد کو پانچ سال کے لیے نچلے عہدے پر تنزلی کی سزا دیتے ہوئے 28 لاکھ روپے کی ریکوری کا حکم دیا گیا، جبکہ سابق منیجر داتا دربار طاہر مقصود کو تین سال کے لیے تنزلی اور 18 لاکھ روپے سے زائد کی ریکوری کا سامنا ہوگا۔

    محکمانہ انکوائری میں انکشاف ہوا کہ عرس انتظامات کے دوران مروجہ مانیٹرنگ سسٹم کو نظر انداز کیا گیا، وینڈر سبسٹی ٹیوشن کی گئی اور من پسند سپلائرز کو نوازا گیا۔ ان الزامات کے ثابت ہونے پر معاملہ مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ (ACE) کو ریفرنس بھیجنے کی بھی ہدایت کر دی گئی ہے۔دوسری جانب سابق خطیب داتا دربار مفتی رمضان سیالوی کے خلاف 26 لاکھ روپے فنڈز کی مبینہ وصولی کے معاملے پر فیکٹ فائنڈنگ انکوائری کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ سابق سیکرٹری و چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف اور سابق ڈی جی مذہبی امور کے کردار کے تعین کے لیے بھی الگ تحقیقات شروع کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

    سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق محکمہ اوقاف کو بدعنوان اور نااہل عناصر سے پاک کیا جا رہا ہے، اور میرٹ، شفافیت اور محکمانہ مفاد پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مالی بے ضابطگیوں میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔

  • قصور،بچی پڑھنے گئی،گھر واپس نہ آئی،مقدمہ درج

    قصور،بچی پڑھنے گئی،گھر واپس نہ آئی،مقدمہ درج

    قصور، تھانہ اے ڈویژن پولیس نے 13/14 سالہ بچی کے لاپتہ ہونے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے

    پولیس کے مطابق مدعی لیاقت ولد محمد صادق، قوم انصاری، سکنہ کوٹ امیر باز خالی، نزد دربار بھرپور شاہ، قصور نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ یکم جولائی 2026 کو شام تقریباً 4 بجے اس کی بیٹی نور فاطمہ گھر کے قریب والی گلی میں پڑھنے کے لیے گئی۔ شام ساڑھے چار بجے وہ واپس اپنی گلی میں آئی، تاہم گھر نہیں پہنچی۔درخواست گزار کے مطابق اہل خانہ نے بچی کو اپنے طور پر مختلف مقامات پر تلاش کیا لیکن اس کا کوئی سراغ نہ مل سکا، جس پر پولیس سے قانونی کارروائی کی درخواست کی گئی۔

    پولیس نے درخواست موصول ہونے پر گمشدگی کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ تفتیشی افسر کے سپرد تحقیقات کر دی گئی ہیں جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کی تلاش کے لیے مختلف پہلوؤں سے کارروائی جاری ہے اور جلد اسے بازیاب کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے

  • دکھی ماوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،آپ کے بچوں کا غم میرا اپنا غم ہے ،مریم کاہنہ پہنچ گئیں

    دکھی ماوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،آپ کے بچوں کا غم میرا اپنا غم ہے ،مریم کاہنہ پہنچ گئیں

    سانحہ کاہنہ،ایک ماں دکھی ماؤں کا درد بانٹنے کاہنہ پہنچ گئی

    وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی کاہنہ میں جاں بحق بچوں کے دکھی والدین سے ملاقات ہوئی ہے،وزیر اعلیٰ مریم نواز نے متاثرہ والدین کا درد بانٹا، پسماندہ ماوں کو گلے لگا کر دلاسہ دیا،وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور گفتگو کی،حکومتِ پنجاب کی جانب سے سانحہ کاہنہ کے دکھی خاندانوں کی داد رسی کے لئے ہر جاں بحق بچے کے لیے 20 لاکھ اور زخمیوں کے لیے 5 لاکھ روپے مقررکئے گئے ہیں،وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سانحہ کاہنہ کے دکھی خاندانوں کو چیکس سپرد کر دیے،زخمیوں کی بہترین دیکھ بھال کی ہدایت کی،
    وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے متاثرین کے زخموں پر مرہم رکھا، سوگوار خاندانوں کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا،وزیراعلیٰ کا کہناتھا کہ لفظ کم ہیں،غم بڑا ہے،دکھی ماؤں کے آنسوؤں کا مداوا کوئی رقم نہیں کر سکتی،ننھے پھولوں کا اس طرح بچھڑجانا دلخراش ہے،دکھی ماوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،آپ کے بچوں کا غم میرا اپنا غم ہے

  • وزیراعظم شہباز وفد کے ہمراہ ایران روانہ

    وزیراعظم شہباز وفد کے ہمراہ ایران روانہ

    وزیراعظم محمدشہبازشریف ایران کے ایک روزہ دورے پر اسلام آباد سے روانہ ہو گئے

    وزیراعظم سابق سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای شہید کے جنازے میں شرکت کرینگے،سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیراطلاعات عطاء اللہ تارڑ ہمراہ ہیں،چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، نئیر حسین بخاری اور وزیرِاعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہیں،وزیراعظم سابق ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای شہید کی آخری رسومات میں شرکت کرینگے،وزیراعظم پاکستانی قوم اور حکومت کی جانب سے ایرانی قیادت و سوگوار خاندانوں سے تعزیت کرینگے،وزیراعظم غم کی اس گھڑی میں برادر ایرانی قوم کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کریں گے،وزیراعظم دورہ ایران کے بعد دوطرفہ دورہ ترکیہ کیلئے تہران سے استنبول روانہ ہونگے

  • کالام کشتی حادثہ: خیبرپختونخوا حکومت نے دو رکنی انکوائری کمیٹی قائم کر دی

    کالام کشتی حادثہ: خیبرپختونخوا حکومت نے دو رکنی انکوائری کمیٹی قائم کر دی

    پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے کالام کی جھیل سیف اللہ میں پیش آنے والے کشتی حادثے کی شفاف تحقیقات کے لیے دو رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

    اس حوالے سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق اسپیشل سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ محمد ایاز کو کمیٹی کا سربراہ جبکہ اسپیشل سیکرٹری خزانہ زبیر احمد کو کمیٹی کا رکن مقرر کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق انکوائری کمیٹی حادثے کے تمام حقائق، واقعات کی ترتیب اور اس کی بنیادی وجوہات کا تفصیلی جائزہ لے گی۔ کمیٹی کشتی کی تکنیکی حالت، حادثے کے وقت موسم کی صورتحال، آپریشنل انتظامات اور دیگر متعلقہ عوامل کی بھی تحقیقات کرے گی۔کمیٹی اس امر کا بھی تعین کرے گی کہ کشتی آپریشن متعلقہ قوانین، اجازت ناموں اور حفاظتی تقاضوں کے مطابق چلایا جا رہا تھا یا نہیں۔ اس کے علاوہ کشتی چلانے والے کے لائسنس، پیشہ ورانہ اہلیت اور قانونی اجازت سے متعلق تمام پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

    حکومتی نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ حادثے کے وقت لائف جیکٹس، ریسکیو آلات اور دیگر حفاظتی انتظامات کی دستیابی اور ان کے مؤثر استعمال کا بھی تفصیلی معائنہ کیا جائے گا۔ کمیٹی انتظامی، قانونی اور ریگولیٹری خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے تدارک کے لیے اصلاحی اقدامات تجویز کرے گی۔مزید برآں، انکوائری کمیٹی مستقبل میں سیاحتی اور تفریحی مقامات پر اس نوعیت کے حادثات کی روک تھام کے لیے جامع سفارشات بھی مرتب کرے گی۔صوبائی حکومت نے کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی مکمل تحقیقاتی رپورٹ سات روز کے اندر حکومت کو پیش کرے۔

    واضح رہے کہ کالام کی جھیل سیف اللہ میں کشتی الٹنے کے المناک حادثے میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے تھے، جس کے بعد واقعے کی وجوہات جاننے اور ذمہ داروں کے تعین کے لیے تحقیقات کا آغاز کیا گیا ہے۔

  • چودہ معصوم کلیوں کی جدائی پر شہر سوگوار ہے،ڈاکٹر سبیل اکرام

    چودہ معصوم کلیوں کی جدائی پر شہر سوگوار ہے،ڈاکٹر سبیل اکرام

    لاہور ( ) چودہ معصوم کلیوں کی جدائی پر شہر سوگوار ہے، ہر آنکھ اشکبار اور ہر دل غم سے نڈھال کر دیا ہے۔چودہ معصوم بچوں کے جنازے ایک ایسا دردناک منظر ہے جسے الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔ اس غم نے صرف متاثرہ خاندانوں کو ہی نہیں بلکہ پوری قوم کو سوگوار کر دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار معروف سیاسی سماجی رہنما ڈاکٹر سبیل اکرام نے کیا ۔انھوں نے کہا یہ واقعہ ہم سب کیلئے ایک بڑی نصیحت ہے کہ والدین اپنے بچوں کو صبح وشام کے اذکار ضرور یاد کروائیں ۔ اس سے انسان اللہ کی حفاظت میں آجاتا ہے ۔انھوں نے کہا کہ اس المناک حادثہ پر ہر ماں کی آنکھ نم اور ہر باپ کا دل کانپ اٹھا ہے اور ہر حساس انسان اس سانحے پر رنجیدہ ہے۔ بچے جنت کے پھول ہوتے ہیں۔ ان کی مسکراہٹوں سے گھر کے آنگن مہکتے ہیں، ان کی معصوم باتوں سے زندگی میں خوشیاں بکھرتی ہیں اور ان کی موجودگی والدین کے لیے اللہ تعالی کی ایک عظیم نعمت ہوتی ہے۔ لیکن جب یہی ننھے پھول اچانک بچھڑ جائیں تو گھروں کی رونقیں ماتم میں بدل جاتی ہیں ۔دعا ہے کہ اللہ جان بحق ہونے والے تمام بچوں اور بچیوں کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے، ان کی قبروں کو نور سے بھر دے اور انہیں اپنے خاص رحم و کرم کے سائے میں جگہ عطا فرمائے۔ اللہ تعالی ان کے والدین، بہن بھائیوں اور تمام لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے اور اس عظیم سانحے کو برداشت کرنے کی ہمت نصیب فرمائے۔ ہم غمزدہ خاندانوں کے دکھ اور غم میں برابر کے شریک ہیں۔ اس افسوسناک واقعے میں زخمی ہونے والے بچوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعاگو ہیں۔ یہ سانحہ ہم سب کے لیے ایک بڑی نصیحت بھی ہے۔ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو صبح و شام کے مسنون اذکار اور دعائیں ضرور یاد کروائیں، کیونکہ جب بندہ اخلاص کے ساتھ اللہ کا ذکر کرتا اور صبح و شام کے اذکار پڑھتا ہے تو وہ اللہ تعالی کی حفاظت میں آ جاتا ہے۔زخمی بچوں کے علاج معالجہ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کی جائے ۔

  • غیر ملکی خواتین زیادتی کیس،چار ملزمان کا جسمانی ریمانڈ منظور،عدالت نے ماسک اتروا دیئے

    غیر ملکی خواتین زیادتی کیس،چار ملزمان کا جسمانی ریمانڈ منظور،عدالت نے ماسک اتروا دیئے

    لاہور: لاہور کی مقامی عدالت نے دو غیر ملکی خواتین کو مبینہ طور پر تاوان کے لیے اغوا کرنے اور ان سے زیادتی کے مقدمے میں گرفتار چار ملزمان کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں مزید تفتیش کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا۔

    پولیس نے مقدمے میں گرفتار ملزمان رضا ڈار، حسن رضا، سکندر خان اور ساجد علی کو کینٹ کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ اظہر محمود کی عدالت میں پیش کیا، جہاں کیس کی سماعت ہوئی۔سماعت کے دوران فاضل جج نے ملزمان کے چہروں سے ماسک اتروا کر ان کی حاضری مکمل کروائی۔ پراسیکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ متاثرہ خواتین غیر ملکی شہری ہیں اور انہوں نے مرکزی ملزم رضا ڈار کو نامزد کیا ہے۔پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ واقعے سے ملک کی ساکھ متاثر ہوئی ہے اور ملزمان سے مزید تفتیش ناگزیر ہے، لہٰذا ان کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا، جسے بعد ازاں سناتے ہوئے چاروں ملزمان کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔عدالت نے پولیس کو ہدایت کی کہ ملزمان کو 8 جولائی کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے تاکہ تفتیشی پیش رفت سے آگاہ کیا جا سکے۔

  • اسرائیلی  فوج کی فائرنگ، فلسطینی فٹبالر  شہید، فیفا کی خاموشی پر تنقید

    اسرائیلی فوج کی فائرنگ، فلسطینی فٹبالر شہید، فیفا کی خاموشی پر تنقید

    غزہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں فلسطینی فٹبالر اور گول کیپر سلیم الاشقر شہید ہو گئے، جبکہ ان کی شہادت پر عالمی فٹبال تنظیم فیفا کی خاموشی کو مختلف حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطینی فٹبال ایسوسی ایشن نے رواں ہفتے کے آغاز میں سلیم الاشقر کی شہادت کی تصدیق کی۔ رپورٹ کے مطابق 32 سالہ گول کیپر کو خان یونس کے شمال مشرق میں واقع قصبے القارا میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ کے دوران گولی لگی، جس سے وہ جانبر نہ ہو سکے۔سلیم الاشقر غزہ کے مختلف اسپورٹس کلبوں کی نمائندگی کر چکے تھے اور بطور گول کیپر اپنی خدمات انجام دیتے رہے۔ بتایا گیا ہے کہ ان کی شادی صرف پانچ ماہ قبل ہوئی تھی، جبکہ ان کی اہلیہ حاملہ ہیں اور اپنے پہلے بچے کی پیدائش کی منتظر ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق سلیم الاشقر کی شہادت کے بعد کھیلوں کے حلقوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے فیفا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینی کھلاڑیوں کی ہلاکتوں پر مؤثر مؤقف اختیار کرے۔فلسطینی فٹبال ایسوسی ایشن کے مطابق 7 اکتوبر 2023ء سے جاری جنگ کے دوران اب تک ایک ہزار سے زائد فلسطینی کھلاڑی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، جبکہ غزہ میں گزشتہ 22 ماہ کے دوران 662 فلسطینی کھلاڑیوں اور اسپورٹس عہدیداروں کی ہلاکت بھی رپورٹ کی گئی ہے۔

  • قومی کرکٹرز کو بیرونِ ملک لیگز کھیلنے کی اجازت، پی سی بی نے این او سیز جاری کر دیے

    قومی کرکٹرز کو بیرونِ ملک لیگز کھیلنے کی اجازت، پی سی بی نے این او سیز جاری کر دیے

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹرز کو مختلف بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی لیگز میں شرکت کے لیے این او سیز جاری کر دیے ہیں۔

    پی سی بی ذرائع کے مطابق محمد حارث، شاداب خان، محمد نعیم، عبداللہ شفیق اور فرحان یوسف سمیت متعدد کھلاڑیوں کو بیرونِ ملک لیگز کھیلنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔اس کے علاوہ شمائل حسین، مہران ممتاز، عثمان خان، علی شبیر، محمد فاروق، محمد عمران، محمد باسط اور خلیل احمد کو بھی این او سی جاری کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر 13 پاکستانی کرکٹرز کو گلوبل سپر لیگ 2026 میں شرکت کے لیے این او سیز دیے گئے ہیں، جبکہ معاذ صداقت کو کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) میں شرکت کے لیے بھی پی سی بی کی جانب سے این او سی جاری کیا گیا ہے۔

    پی سی بی کا کہنا ہے کہ این او سیز کا اجرا بورڈ کی پالیسی اور قومی و ڈومیسٹک مصروفیات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، تاکہ کھلاڑی بین الاقوامی لیگز میں شرکت کے ساتھ ساتھ قومی ذمہ داریوں کو بھی احسن انداز میں نبھا سکیں۔

  • آزاد کشمیر کی تاجر برادری کا کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے بیانیے سے لاتعلقی کا اعلان

    آزاد کشمیر کی تاجر برادری کا کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے بیانیے سے لاتعلقی کا اعلان

    آزاد کشمیر کی تاجر برادری نے کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے بیانیے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ شرپسند عناصر عوام میں انتشار پھیلانے میں ناکام رہے ہیں اور کاروباری طبقہ ریاست کے ساتھ کھڑا ہے۔

    تاجر برادری کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ دشمن معرکۂ حق میں ناکامی کے بعد مختلف حربے آزما کر بدامنی اور انتشار کو فروغ دینے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم آزاد کشمیر کے عوام نے ان سازشوں کو ناکام بنا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے دباؤ کے باوجود تاجروں نے اپنی دکانیں اور کاروبار معمول کے مطابق کھلے رکھے، جس سے یہ واضح پیغام گیا کہ کاروباری برادری کسی بھی قسم کے دباؤ یا خوف کو قبول نہیں کرتی۔تاجر رہنماؤں کے مطابق بعض عناصر نے نوجوانوں کے ذہنوں میں خوف و ہراس پیدا کرنے اور امن و امان کی صورتحال کو متاثر کرنے کی کوشش کی، لیکن عوام اور تاجروں کے اتحاد نے ان تمام کوششوں کو ناکام بنا دیا۔

    انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آزاد کشمیر کے غیور عوام اور تاجر برادری آئندہ بھی امن، استحکام اور ریاستی اداروں کے ساتھ تعاون کو ترجیح دیتے ہوئے ہر قسم کی انتشار انگیز سرگرمی کا مقابلہ کریں گے۔