اوکاڑہ (نامہ نگار)ڈی پی او اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے پہلے چھ ماہ 2026 کی کارکردگی کا گزشتہ سال کے اسی عرصہ (01 جنوری 2025 تا 30 جون 2025) سے تقابلی جائزہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اوکاڑہ پولیس نے مؤثر حکمت عملی، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، سخت قانونی کارروائی اور عوامی تعاون کے ذریعے سنگین جرائم میں نمایاں کمی لانے میں کامیابی حاصل کی۔
انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر سنگین جرائم میں 56 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ قتل کے مقدمات گزشتہ سال کے 43 کے مقابلے میں رواں سال 36 رہے، جو 20 فیصد کمی کو ظاہر کرتے ہیں۔ اسی طرح اقدام قتل کے مقدمات میں 58 فیصد، ڈکیتی و رابری میں 59 فیصد، وہیکل سنیچنگ میں 64 فیصد، موٹر سائیکل چوری میں 49.6 فیصد جبکہ نقب زنی کے مقدمات میں 48 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
ڈی پی او اوکاڑہ نے بتایا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیوں کے نتیجے میں 2041 اشتہاری ملزمان، 395 عدالتی مفروران اور 498 ٹارگیٹڈ آفینڈرز کو گرفتار کیا گیا۔
اسی طرح 70 خطرناک گینگز کا خاتمہ کر کے 195 ملزمان گرفتار کیے گئے ، گینگز کے قبضہ سے 6 کروڑ 34 لاکھ روپے مالیت کا مال مسروقہ برآمد کر کے معزز شہریوں کے حوالے کیا گیا۔
منشیات فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران 197 کلو گرام چرس، 8.32 کلو گرام آئس، 2.8 کلو گرام افیون، 1.1 کلو گرام ہیروئن اور 11,271 لیٹر شراب برآمد کی گئی۔ اسلحہ کی برآمدگی کے حوالے سے بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کی گئیں۔
ڈی پی او اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے کہا کہ اوکاڑہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ، جرائم کے خاتمے اور قانون کی بالادستی کے لیے بھرپور عزم کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی اسی جذبے اور پیشہ ورانہ انداز میں جاری رہیں گی تاکہ ضلع اوکاڑہ کو مزید پرامن بنایا جا سکے۔
Blog
-

اوکاڑہ،پولیس کی چھ ماہ کی کارکردگی سامنے آ گئی
-

اوکاڑہ،حکام تجاوزات کے خاتمے کے لیے متحرک
اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)سب ڈویژنل انفورسمنٹ محمد بن علی تجاوزات کے خاتمے کے لیے متحرک، گول چوک اور 7 نمبر چونگی کے اطراف انسپکشن کے دوران دکانداروں کو مقررہ حدود تک کاروباری سرگرمیوں کی ہدایات، شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر محمد بن علی نے انفورسمنٹ ٹیم کے ہمراہ شہر کے مصروف ترین تجارتی مراکز گول چوک اور 7 نمبر چونگی کا دورہ کیا اور انسدادِ تجاوزات مہم کے تحت سخت چیکنگ کی۔ سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر محمد بن علی نے دکانداروں اور ریڑھی بانوں کو سخت ہدایات جاری کیں کہ وہ اپنی کاروباری سرگرمیاں صرف اور صرف مقررہ حدود کے اندر ہی محدود رکھیں۔ انہوں نے سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر سامان سجانے اور ریڑھیاں کھڑی کر کے پیدل چلنے والوں اور ٹریفک کے بہاؤ میں رکاوٹ بننے والے عناصر کو موقع پر وارننگ دی۔ محمد بن علی نے کہا کہ گول چوک اور 7 نمبر چونگی شہر کے اہم ترین مقامات ہیں جہاں تجاوزات کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انتظامیہ کاروباری طبقے کے روزگار کو متاثر نہیں کرنا چاہتی، لیکن عوامی راستوں کو بلاک کرنے کی اجازت کسی صورت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ دکاندار رضا کارانہ طور پر اپنی حدود سے باہر رکھا سامان ہٹا لیں، بصورتِ دیگر سامان بحق سرکار ضبط کرنے کے ساتھ ساتھ بھاری جرمانے اور دکانیں سیل کرنے کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس موقع پر انہوں نے انفورسمنٹ اسٹاف کو ہدایت کی کہ ان علاقوں کی مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھیں تاکہ دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہو سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر کی خوبصورتی اور ٹریفک کا پہیہ بحال رکھنا بھی از حد ضروری ہے۔ گول چوک اور 7 نمبر چونگی پر دکانداروں اور ریڑھی بانوں کو وارننگ دی گئی ہے کہ وہ اپنی کاروباری سرگرمیاں مقررہ حدود میں رکھیں۔ عوامی راستے شہریوں کا حق ہیں اور ان پر کسی کو قابض ہونے نہیں دیا جائے گا۔ وارننگ کے بعد خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی ایکشن لیا جائے گا۔
-

وینزویلا زلزلہ: ہلاکتیں 2,595 تک پہنچ گئیں، امدادی کارروائیاں لاشوں کی تلاش میں تبدیل
وینزویلا میں 24 جون کو آنے والے دو طاقتور زلزلوں کے بعد ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 2 ہزار 595 ہو گئی ہے، جبکہ امدادی کارروائیاں اب زندہ بچ جانے والوں کی تلاش سے زیادہ ملبے تلے دبے افراد کی لاشیں نکالنے پر مرکوز ہو گئی ہیں۔
عبوری صدر ڈیلسی روڈریگیز نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ہزاروں افراد تاحال لاپتا ہیں، تاہم حکومت اجتماعی قبریں بنانے کا کوئی منصوبہ نہیں رکھتی۔ ان کے مطابق ہر متاثرہ شخص کی شناخت اور تدفین باقاعدہ طریقہ کار کے مطابق کی جائے گی۔
حکومتی اعداد و شمار کے مطابق زلزلوں کے باعث 189 عمارتیں مکمل طور پر زمین بوس ہو چکی ہیں، جبکہ ساحلی ریاست لا گوائیرا میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ اس قدرتی آفت میں 11 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں اور لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں۔
حکومت نے بتایا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور عالمی بینک نے وینزویلا کی بحالی کے لیے مالی امداد اور قرضوں کی پیشکش کی ہے۔ اس سلسلے میں آئی ایم ایف کے تعاون سے 20 کروڑ ڈالر کا خصوصی تعمیر نو فنڈ قائم کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے تباہ شدہ گھروں کی دوبارہ تعمیر کے منصوبوں کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔
عبوری صدر کے مطابق سابق صدر نکولس مادورو کی برطرفی کے بعد امریکی نگرانی میں موجود وینزویلا کی تیل آمدنی کا ایک حصہ بھی تعمیر نو اور انسانی امداد کے لیے مختص کیا جائے گا۔
امریکا نے بھی وینزویلا کے لیے 30 کروڑ ڈالر سے زائد امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ تقریباً 900 فوجی اہلکار امدادی اور ریسکیو کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ امریکی ناظم الامور جان ایم بیریٹ کے مطابق یہ امداد رہائش، صحت، صفائی، توانائی اور دیگر بنیادی ضروریات پر خرچ کی جائے گی۔
زلزلے سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کی امیدیں مدھم پڑتی جا رہی ہیں، تاہم بین الاقوامی امدادی ٹیمیں اب بھی ملبے میں ممکنہ زندہ افراد کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ادھر ایک امید افزا واقعے میں 43 سالہ سیکیورٹی گارڈ ہرنان البرٹو گل فلورس کو تقریباً آٹھ روز بعد ایک منہدم شاپنگ مال کے ملبے سے زندہ نکال لیا گیا، جس پر امدادی کارکنوں اور متاثرہ خاندانوں نے خوشی اور حیرت کا اظہار کیا۔ -

عظیم لوک گلوکار عالم لوہار کی 47ویں برسی آج منائی جا رہی ہے
پاکستان کے عظیم لوک گلوکار عالم لوہار کی 47ویں برسی آج 3 جولائی کو عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ تقریباً نصف صدی گزر جانے کے باوجود ان کی دلکش آواز، چمٹے کی منفرد تھاپ اور پنجابی لوک موسیقی کا منفرد انداز آج بھی موسیقی کے شائقین کے دلوں میں زندہ ہے۔
یکم مارچ 1928 کو ضلع گجرات میں پیدا ہونے والے عالم لوہار نے کم عمری میں ہی گلوکاری کا آغاز کیا۔ اپنی سادہ مگر منفرد شخصیت، رنگ برنگے لباس، ہاتھ میں چمٹا اور روایتی پنجابی انداز نے انہیں برصغیر کے مقبول ترین لوک فنکاروں میں شامل کر دیا۔ میلوں، عرسوں اور ثقافتی تقریبات میں ان کی پرفارمنس ہزاروں لوگوں کی توجہ کا مرکز بنتی تھی۔
عالم لوہار نے پنجابی لوک موسیقی کو نئی زندگی بخشی اور اسے عالمی سطح پر متعارف کرانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کے گائے ہوئے لازوال گیت "جگنی”، "بول مٹی دیا باویا”، "واجاں ماریاں” اور دیگر شاہکار آج بھی موسیقی کے چاہنے والوں میں یکساں مقبول ہیں۔
انہوں نے صوفی شعرا، خصوصاً میاں محمد بخش، سلطان باہو، بابا بلھے شاہ اور دیگر بزرگوں کے کلام کو اپنی منفرد آواز میں پیش کیا، جس سے نئی نسل کو صوفیانہ شاعری اور پنجابی ثقافت سے روشناس کرانے میں اہم مدد ملی۔ ان کی گائیکی میں روحانیت، محبت، انسان دوستی اور دیہی زندگی کی خوبصورتی نمایاں نظر آتی تھی۔
عالم لوہار نے دنیا کے مختلف ممالک میں بھی اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور پاکستانی ثقافت و لوک موسیقی کو بین الاقوامی سطح پر پہچان دلائی۔ ان کا فن آج بھی نئی نسل کے گلوکاروں کے لیے مشعلِ راہ سمجھا جاتا ہے۔
ان کی برسی کے موقع پر ملک بھر میں موسیقی سے وابستہ شخصیات، ثقافتی تنظیمیں اور مداح انہیں خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ ماہرینِ موسیقی کا کہنا ہے کہ عالم لوہار کا نام ہمیشہ پاکستانی لوک موسیقی کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ -

چین میں شیشے کے پلیٹ فارم پر دراڑ، نوعمر کی حرکت سے سیاحوں میں خوف و ہراس
چین کے صوبہ ہینان میں واقع باؤچوان کلف ورلڈ سیاحتی مقام پر شیشے سے بنے مشاہداتی پلیٹ فارم پر اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب ایک نوعمر لڑکے نے اپنی چھتری کی نوک شیشے پر ماری، جس سے حفاظتی شیشے کی اوپری تہہ میں دراڑ پڑ گئی۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے کے فوراً بعد انتظامیہ نے احتیاطی اقدام کے طور پر پلیٹ فارم پر موجود تمام سیاحوں کو بحفاظت وہاں سے نکال لیا تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔
سیاحتی مقام کی انتظامیہ نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ پلیٹ فارم تین تہوں پر مشتمل مضبوط حفاظتی شیشے سے تیار کیا گیا ہے۔ چھتری کی نوک سے صرف اوپری حفاظتی تہہ متاثر ہوئی، جبکہ نیچے موجود دونوں مضبوط تہیں مکمل طور پر محفوظ رہیں اور پلیٹ فارم کی ساخت یا وزن برداشت کرنے کی صلاحیت پر کوئی اثر نہیں پڑا۔
انتظامیہ کے مطابق اس واقعے میں کوئی جانی نقصان یا زخمی ہونے کا واقعہ پیش نہیں آیا۔ متاثرہ شیشے کے پینل کو تبدیل کرنے کے لیے اصل تیار کنندہ کمپنی سے نیا پینل منگوایا جا رہا ہے، جس کے بعد پلیٹ فارم کو دوبارہ مکمل طور پر محفوظ حالت میں بحال کیا جائے گا۔
حکام نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ شیشے کی سطح پر کسی بھی نوک دار چیز سے ضرب لگانے یا جان بوجھ کر نقصان پہنچانے سے گریز کریں تاکہ ایسے واقعات دوبارہ پیش نہ آئیں۔
واضح رہے کہ باؤچوان کلف ورلڈ سیاحتی مقام کو 2024 میں چین کے اعلیٰ ترین 5A سیاحتی درجے سے نوازا گیا تھا۔ بلند پہاڑی پر قائم یہ شیشے کا مشاہداتی پلیٹ فارم ہر سال لاکھوں سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنتا ہے اور -

امریکا نے ایران کو اسرائیل کے مبینہ قاتلانہ منصوبے سے خبردار کر دیا
امریکی حکام نے ایران کو خبردار کیا تھا کہ اسرائیل مبینہ طور پر ایرانی مذاکرات کاروں اور اعلیٰ سیاسی شخصیات کو نشانہ بنانے پر غور کر رہا ہے، تاکہ جاری سفارتی عمل متاثر ہو سکے۔
امریکی اخبارات واشنگٹن پوسٹ اور نیویارک ٹائمز کی رپورٹس کے مطابق، رواں سال موسمِ بہار میں امریکی اعلیٰ حکام نے ثالثوں کے ذریعے ایرانی حکام تک یہ پیغام پہنچایا تھا کہ اسرائیل ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی اور پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف سمیت بعض اہم سیاسی رہنماؤں کو قتل کرنے کا منصوبہ بنا سکتا ہے۔
رپورٹس میں موجودہ اور سابق امریکی حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ انتباہ ایسے وقت میں دیا گیا جب ٹرمپ انتظامیہ ایران کے ساتھ کشیدگی کم کرنے، سفارتی روابط بحال کرنے اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کی کوششوں میں مصروف تھی۔
ذرائع کے مطابق امریکی حکام کو خدشہ تھا کہ اگر ایران کی سیاسی قیادت کو نشانہ بنایا گیا تو جاری سفارتی کوششیں شدید متاثر ہوں گی اور ایسے رہنما بھی ختم ہو سکتے ہیں جنہیں مذاکراتی عمل کے لیے اہم رابطہ کار سمجھا جا رہا تھا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ واشنگٹن نے اسرائیلی حکام پر زور دیا تھا کہ وہ ایران کی سیاسی قیادت کو نشانہ بنانے سے گریز کریں، کیونکہ اس طرح کے اقدامات خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھانے کے ساتھ ساتھ سفارتی پیش رفت کو بھی نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ -

تجارتی خسارہ 39.5 ارب ڈالر تک پہنچ گیا، برآمدات بڑھائے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں: ایس ایم تنویر
یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے رہنما اور معروف صنعتکار ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ پاکستان کا تجارتی خسارہ بڑھ کر 39.5 ارب ڈالر کی تشویشناک سطح پر پہنچ گیا ہے، جو گزشتہ چار برسوں کی بلند ترین سطح ہے۔
ایس ایم تنویر نے ملکی تجارتی اعداد و شمار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مالی سال کے دوران درآمدات میں 8 فیصد اضافہ جبکہ برآمدات میں 6 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جو معیشت کے لیے خطرے کی علامت ہے۔ ان کے مطابق اگر یہ رجحان برقرار رہا تو بیرونی ادائیگیوں کا دباؤ مزید بڑھ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشی خودمختاری قرضوں یا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلاتِ زر پر انحصار سے حاصل نہیں کی جا سکتی۔ پائیدار اور مضبوط معیشت کے لیے ضروری ہے کہ ملکی برآمدات میں نمایاں اضافہ کیا جائے اور صنعتی شعبے کو عالمی منڈی میں مسابقت کے قابل بنایا جائے۔
ایس ایم تنویر کا کہنا تھا کہ حکومت کو برآمدی صنعتوں کو سستی توانائی، جدید ٹیکنالوجی، آسان مالی سہولیات اور کاروبار دوست پالیسیوں کی فراہمی کو یقینی بنانا چاہیے تاکہ ملکی مصنوعات عالمی منڈی میں بہتر انداز سے مقابلہ کر سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صنعتکاروں کو درپیش مسائل کے فوری حل، پیداواری لاگت میں کمی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے بغیر برآمدات میں مطلوبہ اضافہ ممکن نہیں۔ ان کے مطابق برآمدات میں اضافہ نہ صرف تجارتی خسارہ کم کرے گا بلکہ زرمبادلہ کے ذخائر، روزگار کے مواقع اور مجموعی معاشی استحکام میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
ایس ایم تنویر نے حکومت پر زور دیا کہ وہ صنعت اور برآمدات کو قومی اقتصادی پالیسی کا مرکزی ستون بنائے تاکہ پاکستان دیرپا معاشی ترقی اور مالی خودمختاری کی جانب بڑھ سکے۔ -

لاہور آنا چاہتا ہوں مگر سیاسی حالات رکاوٹ بن رہے ہیں: دلجیت دوسانجھ
بھارتی گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ نے کہا ہے کہ وہ لاہور آنا چاہتے ہیں، لیکن بھارت اور پاکستان کے درمیان موجود سیاسی کشیدگی ان کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
پنجابی موسیقی کے عالمی شہرت یافتہ گلوکار دلجیت دوسانجھ دنیا بھر میں کروڑوں مداح رکھتے ہیں، جن میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے مداح بھی بڑی تعداد میں شامل ہیں۔ وہ ماضی میں بھی پاکستانی عوام کے لیے اپنی محبت اور احترام کا اظہار کرتے رہے ہیں۔
حال ہی میں ایک سوشل میڈیا لائیو سیشن کے دوران ایک پاکستانی مداح نے انہیں لاہور آنے کی دعوت دی، جس پر دلجیت دوسانجھ نے کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ دل سے لاہور آنا چاہتے ہیں، تاہم موجودہ سیاسی حالات کے باعث ایسا کرنا آسان نہیں۔ ان کے مطابق اگر وہ پاکستان کا دورہ کرتے ہیں تو بعد میں دیگر ممالک کے سفر کے دوران مختلف مشکلات اور پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
دلجیت دوسانجھ نے کہا کہ دنیا بھر میں سیاست کے اثرات ہر جگہ محسوس کیے جا سکتے ہیں، لیکن وہ خود ہمیشہ سیاست سے دور رہنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بعض معاملات ایسے ہوتے ہیں جنہیں ایک فنکار اپنے طور پر تبدیل نہیں کر سکتا۔
یاد رہے کہ دلجیت دوسانجھ اس سے قبل پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کے ساتھ ایک فلم میں کام کرنے پر بھی بھارت میں تنقید کی زد میں آئے تھے، تاہم انہوں نے تمام دباؤ کے باوجود فلم کی ریلیز کا فیصلہ برقرار رکھا۔
حال ہی میں ایک بین الاقوامی کنسرٹ کے دوران پاکستانی مداحوں کی جانب سے دیا گیا تحفہ بھی دلجیت دوسانجھ نے خوش دلی سے قبول کیا تھا، جسے دونوں ممالک کے مداحوں نے خوب سراہا۔ -

شکارپور: تین افراد کے قتل کیس میں 4 مجرموں کو تین، تین بار سزائے موت
شکارپور کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے تین افراد کے قتل کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے چار مجرموں کو تین، تین بار سزائے موت سنا دی، جبکہ دو ملزمان کو شواہد ناکافی ہونے کی بنیاد پر بری کر دیا۔
عدالت نے سزا یافتہ مجرموں پر مجموعی طور پر 15 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔ فیصلے کے مطابق جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں انہیں قانون کے مطابق مزید سزا کا سامنا کرنا ہوگا۔
عدالت نے غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے جرم میں بھی چاروں مجرموں کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی اور ہر مجرم پر 30 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔
علاوہ ازیں، ایک شخص کو زخمی کرنے کے جرم میں بھی عدالت نے مجرموں پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کرنے کا حکم دیا۔
پولیس حکام کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ تقریباً ساڑھے پانچ سال قبل پیش آیا تھا، جب ملزمان نے دو سگے بھائیوں اور ان کے ایک رشتہ دار کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا، جبکہ ایک شخص زخمی بھی ہوا تھا۔ واقعے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش مکمل کی، جس کے نتیجے میں ملزمان کے خلاف عدالت میں چالان پیش کیا گیا۔
عدالتی فیصلے کو مقتولین کے اہل خانہ نے انصاف کی فراہمی قرار دیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا، جبکہ پراسیکیوشن حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے میں پیش کیے گئے شواہد اور گواہوں کی بنیاد پر جرم ثابت ہونے کے بعد عدالت نے یہ فیصلہ سنایا۔ -

صرف 11 دن میں 2 لاکھ سے زائد عازمین حج کی رجسٹریشن مکمل
پاکستان میں آن لائن حج رجسٹریشن نظام کو عازمینِ حج کی جانب سے غیر معمولی پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ وزارتِ مذہبی امور کے مطابق صرف 11 دنوں میں 2 لاکھ سے زائد افراد نے گھر بیٹھے کامیابی کے ساتھ اپنی حج رجسٹریشن مکمل کر لی۔
وزارت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ابتدائی 11 روز کے دوران مجموعی طور پر 2 لاکھ 3 ہزار 722 عازمین نے رجسٹریشن کرائی۔ ان میں سے ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد نے ویب پورٹل کے ذریعے جبکہ تقریباً 24 ہزار عازمین نے موبائل ایپلی کیشن استعمال کرتے ہوئے رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا۔
اعداد و شمار کے مطابق ایک لاکھ 54 ہزار سے زائد افراد نے سرکاری حج اسکیم کا انتخاب کیا، جبکہ 49 ہزار کے قریب عازمین نے پرائیویٹ حج اسکیم میں رجسٹریشن کرائی۔ رجسٹرڈ عازمین میں ایک لاکھ 19 ہزار مرد اور 84 ہزار 500 خواتین شامل ہیں۔
صوبہ وار رجسٹریشن میں پنجاب پہلے نمبر پر رہا، جہاں سے تقریباً 95 ہزار افراد نے رجسٹریشن کرائی۔ سندھ سے 63 ہزار، خیبرپختونخوا سے 28 ہزار، اسلام آباد سے 9 ہزار، بلوچستان سے ساڑھے 5 ہزار، آزاد کشمیر سے 1 ہزار 200 اور گلگت بلتستان سے 600 عازمین نے آن لائن اندراج مکمل کیا۔
وزارتِ مذہبی امور کے مطابق نئے نظام کے تحت آئندہ برسوں کے لیے بھی رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ اس کے تحت سال 2028 کے حج کے لیے 1,400، سال 2029 کے لیے 250 جبکہ سال 2030 کے لیے 350 افراد نے پہلے ہی اپنی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے رجسٹریشن کروا دی ہے۔
وزارت نے کہا ہے کہ آن لائن حج رجسٹریشن نظام کا مقصد حج کے عمل کو مزید شفاف، آسان اور جدید بنانا ہے تاکہ عازمین کو گھر بیٹھے محفوظ اور تیز رفتار سہولت میسر آ سکے۔