Baaghi TV

اقتصادی رابطہ کمیٹی کا ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی اور قیمتوں میں استحکام پر اطمینان کا اظہار

Sindh Assembly

‎اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی اور قیمتوں میں استحکام پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ اجلاس وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں اہم معاشی امور کا جائزہ لیا گیا۔
‎اعلامیے کے مطابق ٹماٹر، پیاز، آٹا، لہسن اور چینی سمیت بنیادی اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار ہے۔ کمیٹی نے ہدایت کی کہ وفاقی اور صوبائی سطح پر قیمتوں کی نگرانی جاری رکھی جائے اور سپلائی چین کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ عوام کو ریلیف ملتا رہے۔
‎اجلاس میں متعدد اہم مالی فیصلے بھی کیے گئے۔ ای سی سی نے کینابس کنٹرول اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کے لیے 10 کروڑ روپے کی گرانٹ کی منظوری دی، جبکہ قومی ہاکی ٹیم کو ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر 3 کروڑ روپے انعام دینے کی بھی منظوری دی گئی۔
‎اس کے علاوہ نیب میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور مصنوعی ذہانت کے نظام کے لیے 37 کروڑ 20 لاکھ روپے مختص کرنے کی منظوری دی گئی۔ پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کے لیے تقریباً 6 ارب روپے کی منظوری بھی دی گئی جس سے ملازمین کی تنخواہیں اور پنشن ادا کی جائیں گی۔
‎بلوچستان میں تعینات افسران کے لیے خصوصی مراعاتی پیکج کے تحت 31 کروڑ روپے سے زائد کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں جبری مشقت کے ذریعے تیار کردہ اشیاء کی درآمد پر پابندی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
‎مزید برآں گاڑیوں اور آٹو پارٹس کی مرمت کے بعد دوبارہ برآمد کے پائلٹ منصوبے کی منظوری دی گئی، جبکہ گوادر سے گدھے کے گوشت اور کھالوں کی برآمد سے متعلق تجاویز کو بھی منظور کر لیا گیا۔

More posts