Baaghi TV

Blog

  • اسحاق ڈار کا سنگاپور کے وزیرخارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ

    اسحاق ڈار کا سنگاپور کے وزیرخارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ

    نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں علاقائی امن، دوطرفہ تعلقات اور سمندری امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق سنگاپور کے وزیر خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار اور امریکا و ایران کے درمیان مذاکرات میں سہولت کاری کی کوششوں کو سراہا،سینیٹر اسحاق ڈار نے اس موقع پر خطے اور دنیا میں امن، ترقی اور استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

    دونوں رہنماؤں کے درمیان بین الاقوامی سمندری حدود میں پیش آنے والے حالیہ واقعات اور بحری امور پر بھی گفتگو ہوئی اس دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی رابطہ اور تعاون جاری رکھا جائے گا،گفتگو میں پاکستان اور سنگاپور کے دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون کے فروغ اور اعلیٰ سطحی روابط کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا، دونوں وزرائے خارجہ نے مستقبل میں رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

    دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ سنگاپور کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر بھی توجہ دی جارہی ہے۔

  • ایرانی صدر کی سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای سے ملاقات

    ایرانی صدر کی سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای سے ملاقات

    ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے سپریم لیڈرآیت اللّٰہ مجتبیٰ خامنہ ای سے ملاقات کی ہے،ملاقات کو ایرانی صدر نے اعتماد، عاجزی اور خلوص سے بھرپور قرار دیا ہے۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای سے ہونے والی ملاقات نہایت مثبت ماحول میں ہوئی، جہاں باہمی اعتماد اور اخلاص نمایاں تھا۔ انہوں نے کہا کہ آیت اللّٰہ مجتبیٰ خامنہ ای کے اندازِ گفتگو، سوچ اور عاجزانہ طرزِ عمل نے انہیں بے حد متاثر کیا۔ایرانی صدر نے مزید کہا کہ ملک کی اعلیٰ ترین قیادت کا اخلاقی رویہ اور انکساری انتظامی نظام کے لیے ایک عملی مثال ہے۔ ان کے مطابق سپریم لیڈر کے ساتھ ملاقات تقریباً ڈھائی گھنٹے تک جاری رہی، جس کے دوران مختلف قومی امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ قیادت میں عاجزی، خلوص اور عوامی احساس ذمہ داری ہی مضبوط حکمرانی کی بنیاد بنتی ہے، اور یہی خصوصیات انہوں نے سپریم لیڈر کی شخصیت میں نمایاں طور پر محسوس کیں۔

  • گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار وومین اسلام پورہ  میں کلچرل ڈے منایا گیا

    گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار وومین اسلام پورہ میں کلچرل ڈے منایا گیا

    گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار وومین اسلام پورہ لاہور میں کلچرل ڈے منایا گیا، اس موقع پر رنگا رنگ اور شاندار تقریبات منعقد کی گئیں

    گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار وومین اسلام پورہ میں ثقافتِ پنجاب کے دلکش رنگوں سے سجا یہ دن نہ صرف روایات کی خوبصورت عکاسی کرتا رہا بلکہ طالبات کے چہروں پر خوشی، جوش اور اپنائیت کی جھلک بھی نمایاں دکھائی دی۔ گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار وومین اسلام پورہ میں منعقدہ کلچرل ڈے کے موقع پر مختلف ثقافتی سرگرمیوں، روایتی ملبوسات، علاقائی کھانوں اور تفریحی پروگراموں نے میلے کا سماں باندھ دیا،تقریب کے آغاز سے ہی کالج کا ماحول دیدہ زیب ثقافتی رنگوں میں ڈھلا ہوا نظر آیا۔ طالبات نے وطن عزیز پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے خوبصورت روایتی لباس زیب تن کیے، جبکہ مختلف اسٹالز پر علاقائی کھانوں، دستکاریوں اور ثقافتی اشیاء کی نمائش بھی کی گئی۔ ان اسٹالز پر طالبات کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا ،

    کلچرل ڈے کی سب سے نمایاں اور دلچسپ سرگرمی اونٹ سواری رہی، جس نے طالبات کی خصوصی توجہ حاصل کی۔ طالبات نے نہ صرف اس منفرد سرگرمی سے بھرپور لطف اٹھایا بلکہ تصاویر اور یادگار لمحات کو اپنے کیمروں میں بھی محفوظ کیا،کالج انتظامیہ کی جانب سے طالبات کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ داخلی و خارجی راستوں پر نگرانی کے خصوصی اقدامات کیے گئے جبکہ تقریب کے دوران نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کے لیے عملہ ہر وقت متحرک دکھائی دیا۔

    گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار وومین اسلام پورہ کی طالبات نے اس خوبصورت اور یادگار تقریب کے انعقاد پر کالج انتظامیہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں نہ صرف ذہنی آسودگی فراہم کرتی ہیں بلکہ نوجوان نسل کو اپنی ثقافت، روایات اور تہذیب سے جوڑنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں،

  • معرکہ حق،افواج پاکستان سے یکجہتی، ملک بھر میں خواتین کی ریلیاں ،کانفرنسز

    معرکہ حق،افواج پاکستان سے یکجہتی، ملک بھر میں خواتین کی ریلیاں ،کانفرنسز

    معرکہ حق، عشرہ تشکر،مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام ملک بھر میں آل پارٹیز کانفرنسز،خواتین ریلیوں و دیگر تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا ہے کہ معرکہ حق کی کامیابی پر وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، دفاع وطن کے لئے ہم متحد بھی ہیں، متفق بھی ہیں اور وطن کا دفاع بھی کریں گے،سندور کی ناکامی ،بنیان مرصوص کی کامیابی دنیا کیلئے پیغام ہے کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے، فاتح پاکستان امن کا علمبردار آج امریکہ و ایران کے مابین جنگ بندی معاہدہ کروا رہا ہے،

    معرکہ حق،عشرہ تشکر کے سلسلہ میں مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام ساتویں روز لاہور، سیالکوٹ،فیصل آباد،خانیوال میں آل پارٹیز کانفرنسز،لاہور،شیخوپورہ،ملتان، سرگودھا، خوشاب، سیالکوٹ،چنیوٹ، ٹنڈوآدم، لودھراں، پشاور، چکوال، پتوکی، گجرات،ساہیوال ،بہاولنگرمیں مسلم ویمن لیگ کے زیر اہتمام بنیان مرصوص ریلیاں،کانفرنسیں،جبکہ دیگر شہروں میں مرکزی کسان لیگ، پاک لائرز فورم، مسلم یوتھ لیگ، مسلم اسٹوڈنٹس لیگ کی جانب سے بنیان مرصوص تقریبات منعقد کی گئیں،لاہور میں آل پارٹیز کانفرنس سے مرکزی مسلم لیگ کے مرکزی صدر خالد مسعود سندھو، جنرل سیکرٹری سیف اللہ قصوری، قاری محمد یعقوب شیخ، حافظ عبدالغفار روپڑی،ڈاکٹر عبدالغفور راشد، جاوید قصوری، قاسم ضیاء، پیر میاں جلیل شرقپوری، علامہ ناصر مدنی، حافظ عبد الرؤف،خالد نیک گجر، ڈاکٹر مزمل ہاشمی ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ،چوہدری شفیق الرحمان وڑائچ، حمید الحسن گجر، سمیت مختلف مذہبی، سیاسی، قائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی، کانفرنس کے شرکاء نے افواجِ پاکستان کی دفاعی کامیابیوں، دشمن کے غرور کو خاک میں ملانے، ملکی سلامتی کے تحفظ اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دے کر ثابت کیا کہ قومی اتحاد، مضبوط قیادت اور بہادر افواج وطن کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بناتے ہیں۔سیالکوٹ میں اے پی سی سے ترجمان مرکزی مسلم لیگ ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی، شیخ فیاض احمد ، امتیاز احمد بریار سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے خطاب کیا،فیصل آباد، خانیوال ،لاڑکانہ میں آل پارٹیز کانفرنسز میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین نے مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا،مسلم ویمن لیگ کے زیر اہتمام بنیان مرصوص کانفرنس سے مسلم ویمن لیگ کی سیکرٹری جنرل عفت سعید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی نظریاتی و قومی سلامتی کے لیے خواتین کا کردار ناگزیر ہے ،معرکۂ حق آپریشن بنیان مرصوص نے پوری قوم کو اتحاد، استقامت اور نظریاتی وابستگی کا پیغام دیا۔ دشمن بھارت کے خلاف حاصل ہونے والی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی قوم اپنے نظریے، سلامتی اور آزادی کے تحفظ کے لیے متحد ہے۔لاہور میں پنجاب اسمبلی سے پریس کلب تک بنیان مرصوص مارچ میں خواتین بڑی تعداد میں شریک ہوئیں،دیگر شہروں میں ہونے والی تقریبات میں خواتین، طلبا، وکلا کا جوش و خروش دیدنی تھا، شرکا بنیان مرصوص کے بینر اٹھائے افواج پاکستان کے حق میں‌نعرے لگا رہے تھے.

  • بھارت کے 8 طیارے گرائے، ائیر وائس مارشل طارق غازی

    بھارت کے 8 طیارے گرائے، ائیر وائس مارشل طارق غازی

    پاک فضائیہ کے ڈپٹی چیف آف ائیر اسٹاف پراجیکٹس ائیر وائس مارشل طارق غازی کا کہنا ہے ہم نے آپریشن بنیان المرصوص میں بھارت کے 8 طیارے گرائے، اب ہم 8 صفر پر ہیں۔

    معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر ڈی جی آئی ایس پی آر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ائیر وائس مارشل طارق غازی کا کہنا تھا بھارت کے گرائے گئے جہازوں میں 4 رافیل، ایس یو 30، مگ 29 اور میراج 2000 شامل ہے، اس کے علاوہ ایک انتہائی مہنگا کثیرالجہتی خود کار ائیرل سسٹم بھی تباہ کیا۔اب ہمیں یہ کہنا پڑے گا کہ ہمارا اسکور 0-8 ہے۔ جن میں 4 رافیلز، ایک SU 3، ایک مگ 29، ایک میراج 2000 اور ایک مہنگا ترین ملٹی رول طیارہ گرایا،

  • دو برسوں میں ادویات کی قیمتیں 100 فیصد بڑھ گئیں

    دو برسوں میں ادویات کی قیمتیں 100 فیصد بڑھ گئیں

    سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کے اجلاس میں انکشاف ہوا ہےکہ گزشتہ دو سال کے دوران مختلف ادویات کی قیمتوں میں 100 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے۔

    سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کا اجلاس ہوا جس میں کمیٹی ارکان کی جانب سے ملک میں دواؤں کی قیتموں میں اضافے پر شدید تنقید کی گئی،بریفنگ میں بتایا گیا کہ 2024 میں نگراں حکومت کے دور میں دواؤں کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کیا گیا جب سے کمپنیاں قیتموں کا تعین خود کرتی ہیں، 2 سال کے دوران مختلف دواؤں کی قیمتوں میں 100فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے،حکام نے بتایا کہ قانون کے مطابق ڈریپ صرف زندگی بچانے والی دواؤں کی قیمتوں کو ریگولیٹ کرسکتی ہے جب کہ وفاقی وزیر صحت مصفطیٰ کمال نے کہا کہ دواؤں کی قیمتوں کی کمی یا اضافے میں وزارت صحت کا کوئی کردار نہیں۔

    کمیٹی نے ڈریپ سربراہ سے دواؤں کی قیمتوں کے تعین کا فارمولہ طےکرنے کے ساتھ ساتھ ادارہ شماریات حکام کو بھی آئندہ اجلاس میں طلب کرلیا۔کمیٹی نے کہا کہ اس سے پتا چلتا ہے پاکستان میں فارماسیوٹیکل کے کاروبار سے زیادہ منافع بخش کوئی کاروبار نہیں، یہ کسی صورت قابل قبول نہیں کہ فارماسیوٹیکل کمپنیوں کوکھلی چھٹی دے دی جائے، اس قانون پر نظر ثانی کی ضرورت ہے،ڈریپ کے سربراہ ڈاکٹر عبید اللہ نے قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں 659 دوا ساز کمپنیاں ہیں، 394 ادارے بیرون ملک سے دوائیں اور ویکسین درآمد کرتے ہیں، پاکستانی ادویہ 51 ملکوں کو برآمد ہو رہی ہیں جب کہ گزشتہ سال پاکستان کی فارماسیوٹیکل انڈسٹری کی سیل ایک کھرب32کروڑ روپے رہی۔

  • معرکہ حق میں اللہ کے فضل سے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دی،ترجمان پاک فوج

    معرکہ حق میں اللہ کے فضل سے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دی،ترجمان پاک فوج

    ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ معرکہ حق میں اللہ کے فضل سے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دی۔آج اس خوشی کے دن کے موقع پر آپ کو افواج پاکستان کی طرف سے معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے کی مبارک باد ہو،معرکہ حق کی جیت کو بھارت کا بھی بچہ بچہ سب جانتا ہے لیکن مانے نہیں وہ الگ بات ہے ،اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے جس نے پاکستان کو عزت بخشی،

    معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر پاک فضائیہ اور بحریہ کے افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا اللہ کے فضل اور رحمت سے مسلح افواج قوم کی امنگوں پر پورا اتری ہیںَ،پاک فوج نے اپنی سیاسی و عسکری قیادت کے ویژن کے مطابق اپنے سے 10 گنا بڑے دشمن کو شکست دی، پاکستان کی افواج نے سیاسی اور عسکری قیادت کے وژن کے مطابق اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن اور اُس کے غرور کو مکمل شکست سے دوچار کیا۔ہندوستان نے اس بات پر بہت محنت کی کہ دنیا کو یہ باور کراسکے کہ پاکستان دہشتگردی کے پیچھے ہے لیکن معرکہ حق میں شکست کے بعد یہ تمام دعوے زمین بوس ہو گئے۔ اس کے بعد دنیا کو پتہ چلا کہ بھارت صرف الزام لگا سکتا ہے، بھارت کا دہشتگردی کا ڈرامہ ہمیشہ کے لیے دفن ہو گیا ہے۔ اس کو اب کوئی نہیں مانتا، تم خود سب سے بڑے دہشتگرد ہو،

    بھارت پہلگام واقعہ کے آج تک ثبوت سامنے نہیں لا سکا،ترجمان پاک فوج
    ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ اسوقت خطے میں استحکام کا کوئی سفیر ہے تو وہ پاکستان اور پاکستان کی قیادت ہے ، پہلگام واقعے کو ایک سال مکمل ہو گیا لیکن پاکستان نے جو سوالات اٹھائے تھے وہ اب بھی جوں کے توں موجود ہیں، جواب دیں کون لوگ تھے جنہوں نے یہ کروایا، بھارت بتائے کس دہشتگرد کیمپ کو نشانہ بنایا۔
    بھارت پہلگام واقعہ کے آج تک ثبوت سامنے نہیں لا سکا،ہمارے بانی کا ویژن امن تھا، معرکہ حق میں پاکستان نے جنگ میں ذمہ داری کے ساتھ خطے کا امن برقرار رکھا ،کشمیر بھارت کا داخلی مسئلہ نہیں ہے ،اگر آپ اس ایک سال کو دیکھیں تو کیسے بھارت کی جو پروفیشنل ملٹری تھی وہ سیاست کی نظر ہوگئی۔ ان کا ایئر چیف معرکہ حق کے کچھ عرصے بعد صبح جاگا اور اسے یاد آیا کہ ہم نے بھی کوئی جہاز گرائے تھے۔ اچھا بھلا سولجر سیاست میں پڑ گیا،

    معرکہ حق میں پاکستان کی کامیابی،بھارت کا بچہ بچہ جانتا ہے یہ مانے یا نا مانے وہ الگ بات ہے ،ترجمان پاک فوج
    ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ جو بھارتی سیاستدان ہیں وہ سیاستدان کم جنگجو ذیادہ لگتے ہیں۔ کوئی اکھنڈ بھارت اور کوئی ہندوتوا کا نعرہ لگا رہا ہے۔ اگر آپ نے ایسا ہی کرنا ہے تو پھر آؤ سامنے،بھارتی سیاستدانوں نے اگر یہی زبان استعمال کرنی ہے تو سامنے آئیں،جو پھینکو گے ہم کھڑے ہیں،بھارتی میڈیا سچ بولنے کی جرات بھی کر لے، کسی کا باپ بھی پاکستان پر آنچ نہیں لا سکتا، بھارت اقلیتوں اور کشمیریوں پر ظلم وستم کرتا ہے،
    معرکہ حق میں پاکستان کی کامیابی بھارت کا بچہ بچہ جانتا ہے یہ مانے یا نا مانے وہ الگ بات ہے

    سندور خواتین کو لگایا جاتا ہے، کم از کم آپریشن کا کوئی مردوں والا نام تو رکھ لیں، آپ سندور سے نکلتے کیوں نہیں ہیں۔ترجمان پاک فوج
    ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ سندور خواتین کو لگایا جاتا ہے، کم از کم آپریشن کا کوئی مردوں والا نام تو رکھ لیں، آپ سندور سے نکلتے کیوں نہیں ہیں۔جنگ ہوا میں بھی ہے، زمین میں بھی ہے، پانی میں ہے اور سائبر میں بھی ہے۔ اور آپ نے دیکھ لیا کہ ان تمام شعبوں میں پاکستان تیار تھا۔ یہ جنگ بھارت کی پراکسیز کے ساتھ بھی لڑی جارہی ہے، ہم تب بھی تیار تھے ہم آج بھی تیار ہیں،یہ ہماری خود اعتمادی تھی کہ جو جو پھینکو گے ہم کریں گے۔ روایتی، غیر روایتی، جو کرنا ہر کرو، کسی کا باپ بھی پاکستان پر آنچ نہیں لا سکتا، ہمارے حوصلے پر آپ کو کوئی شک نہیں ہونا چاہیے کیونکہ ہمیں اللہ پر یقین ہے۔ جس کو کوئی شک ہے اسے ہم نے ایک قسط دکھائی ہے،آپ کے کچھ اندرونی مسائل ہیں، جن میں آپ کشمیریوں، مسلمانوں، اقلیتوں اور قبائل پر ظلم کرتے ہیں۔ آپ کو اپنے مسائل اپنے گھر میں حل کرنے چاہیئیں۔ کشمیر ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے اس میں آپ کوئی جغرافیائی تبدیلی نہیں کر سکتے،

    اس 14 اگست کو پاکستانی قوم کے لیے بہت بڑا سرپرائز ہے۔ترجمان پاک فوج
    ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ معرکہ حق نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ ہم نے کیسے گھنٹوں میں بھارت کو منہ توڑ جواب دیا، اس 14 اگست کو پاکستانی قوم کے لیے بہت بڑا سرپرائز ہے۔اِس 14 اگست پر عظیم الشان پریڈ ہو گی، اپنی طاقت کی ایک چھوٹی سی جھلک دوبارہ عوام کے سامنے فزیکلی دکھائیں گے، مقصد یہ ہے کہ بعد میں یہ نہ کہیں کہ ہمیں بتایا نہیں تھا،بھارت اور فتنہ الخوارج کو ہم نے تو پہلے بھی کہا تھا کہ دائیں بائیں جس کو اکٹھا کرنا ہے کر لومگر یہ ننگے بہت اچھے ہو گئے ہیں ان دو سال میں،خارجی نور ولی مسعود کہتا ہے کہ کفار کے ساتھ معاہدہ کرنا اور اسلامی ملک پر حملہ کرنا جہاد ہے خارجی کافر ہے خارجی کا ٹھکانہ جہنم ہے اور نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ خارجی کے خلاف جہاد کرنے والی فوج افضل ترین فوج ہے ،پاکستان کی افواج اور عوام بنیان المرصوص کی طرح ایک ہیں۔ اندر اور باہر سے کچھ لوگوں کو شک تھا لیکن پھر انہوں نے دیکھا کہ کیسے قوم متحد ہوئی،آج کے معلوماتی دور میں صرف اور صرف سچ ہی پنپ سکتا ہے، جو سچ ہے وہ لوگوں کو بتائیں، جھوٹ کا سہارا لے کر راہ فرار اختیار کرنے سے اب کام نہیں چل سکتا،معرکہ حق میں جو آپ نے دیکھا ہے وہ ہماری مجموعی پاور پوٹینشنل کا 10 سے 15 فیصد ہے، 14 اگست کو عظیم الشان پریڈ ہوگی، پاور پوٹیشنل کی چھوٹی سی جھلک عوام کو دکھائیں گے، مقصد یہ ہے کہ وہ بعد میں یہ نہ کہیں کہ بتایا نہیں تھا۔

  • کراچی میں جعلی کال سینٹر بے نقاب، 7 ملزمان گرفتار

    کراچی میں جعلی کال سینٹر بے نقاب، 7 ملزمان گرفتار

    نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کراچی نے ڈی ایچ اے فیز II ایکسٹینشن میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک منظم غیر قانونی کال سینٹر کا سراغ لگا لیا۔ کارروائی کے دوران 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ بھاری مقدار میں ڈیجیٹل شواہد بھی قبضے میں لے لیے گئے۔

    این سی سی آئی اے کے مطابق کال سینٹر میں کام کرنے والے ایجنٹس خود کو غیر ملکی بینکوں کے نمائندے ظاہر کرتے تھے اور اسپوفنگ ٹیکنالوجی کے ذریعے شہریوں کو دھوکا دیتے تھے۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزمان بیرونِ ملک شہریوں کو نشانہ بنا کر ان سے سوشل سیکیورٹی نمبرز، فون نمبرز، تاریخِ پیدائش، والدہ کا نام اور بینک کارڈز کے سی وی وی کوڈز سمیت حساس مالی معلومات حاصل کرتے تھے۔حکام کا کہنا ہے کہ حاصل کردہ معلومات کو بعد ازاں غیر قانونی مالی فائدے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔ چھاپے کے دوران 10 لیپ ٹاپس، 6 موبائل فونز اور ہزاروں غیر ملکی شہریوں کا بینکنگ ڈیٹا برآمد کیا گیا، جبکہ تمام ڈیجیٹل آلات اور شواہد موقع پر ہی ضبط کر لیے گئے۔

    این سی سی آئی اے نے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔ مقدمہ ایف آئی آر نمبر 32/26 کے تحت درج کیا گیا ہے، جس میں پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (PECA) کی دفعات 3، 4، 13، 14، 16 اور 26 جبکہ پاکستان پینل کوڈ (PPC) کی دفعات 34 اور 109 شامل کی گئی ہیں۔ادارے نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ سائبر کرائم اور آن لائن فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ شہریوں اور مالیاتی اداروں کو دھوکا دہی سے محفوظ بنایا جا سکے۔

  • 190 ملین پاؤنڈ کیس ،عمران،بشری  کی سزا کیخلاف اپیلوں پر سماعت ملتوی

    190 ملین پاؤنڈ کیس ،عمران،بشری کی سزا کیخلاف اپیلوں پر سماعت ملتوی

    اسلام آباد ہائیکورٹ،190 ملین پاؤنڈ کیس ،بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی سزا کیخلاف اپیلوں پر سماعت 20 مئی تک ملتوی کر دی گئی

    عدالت نے اپیلوں پر دلائل کے لیے حتمی مہلت دے دی، نیب نے اپیلیں ملتوی کرنے کی مخالفت کی،بیرسٹر سلمان صفدر کے جونیئر عدالت میں پیش ہوئے،وکیل درخواست گزار نے کہا کہ آج ہم نے التواء دائر کررکھی ہے، نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی اپیلوں پر سماعت، میری گزارش ہے کہ کس نے اپیل فائل کی ہے ،بار بار ملاقاتیں کرنا ہے کیا بات ہوئی، یہ بات میڈیا میں بھی آنی چاہیے ،وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ کیس یہاں چلانا ہے یا میڈیا میں چلانا ہے ،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ چلیں اس بہانے آج شعیب شاہین کی آواز بھی اس بہانے سنی ہے ،معاون وکیل نے کہا کہ درخواست گزاروں کی طرف سے التواء کی درخواست ہے، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ پڑھیں، التواء مانگنے کی کیا وجہ ہے؟وکیل معاون نے کہا کہ بانی اور بشریٰ بی بی سے اپیلوں پر دلائل کیلئے ہدایات نہ ہونے کی وجہ سے التواء کی درخواست ہے، نیب پراسیکیوٹر رافع مقصود نے کہا کہ یہ بار بار ملاقاتوں کی بات کرتے ہیں دیکھ لیں یہ التواء مانگ رہے ہیں،میڈیا پہ یہ بات بھی آنی چاہیے کہ نیب دلائل دینے کیلئے تیار ہے، وکیل پی ٹی آئی شعیب شاہین نے کہا کہ یہ میڈیا میں چلانا چاہتے ہیں یا اس عدالت میں؟چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سرفراز ڈوگر نے کہا کہ رافع صاحب آج آپ کی وجہ سے ہم نے شعیب شاہین کی بھی آواز سنی ہے،ہم کیس کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے التواء کی درخواست منظور کر رہے ہیں، بانی اور بشریٰ بی بی کے وکلاء کو آخری موقع دے رہے ہیں،امید کرتے ہیں کہ آئندہ سماعت پر کیس کی کارروائی آگے بڑھے گی،

  • سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے پاکستان کے تمام آپشنز زیر غور ہیں،ترجمان دفتر خارجہ

    سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے پاکستان کے تمام آپشنز زیر غور ہیں،ترجمان دفتر خارجہ

    اسلام آباد: پاکستان کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جلد معاہدے کی توقع ہے جبکہ سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے پاکستان کے تمام آپشنز زیر غور ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ آج “معرکہ حق” کی پہلی سالگرہ ہے اور پانچ مئی کو نائب وزیراعظم نے اس حوالے سے سفارتی کور کو بریفنگ بھی دی۔ترجمان دفتر خارجہ نے ایران اور امریکہ کے درمیان جاری رابطوں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان پیغامات کے تبادلے کی تفصیلات پر بات نہیں کریں گے، تاہم پاکستان کو امید ہے کہ دونوں فریق معاملات کے حل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ ممکنہ معاہدہ ایک صفحے پر مشتمل ہوگا یا کئی صفحات پر، لیکن معاہدے کے امکانات روشن ہیں۔

    بریفنگ کے دوران ترجمان نے کہا کہ عالمی برادری کو جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی کے حوالے سے تشویش لاحق ہے، تاہم پاکستان اپنے مفادات کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ “پاکستان کا ایک قطرہ پانی بھی کوئی چوری نہیں کرسکتا”۔دفتر خارجہ کے مطابق سندھ طاس معاہدے سے متعلق تمام ممکنہ آپشنز کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ انڈس واٹر کمشنر اور متعلقہ حکام دریاؤں کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ترجمان نے پاک افغان تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے عوام امن چاہتے ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان کوئی تنازع نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک مذہبی اور ثقافتی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، تاہم افغان سرزمین سے دہشت گردی کے واقعات تعلقات میں خرابی کا باعث بن رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ طالبان حکومت کے تحت افغان سرزمین سے ہونے والی دہشت گردی خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے، اس لیے سرحدی بندش جیسے اقدامات کے بجائے دہشت گردی کی بنیادی وجوہات کے خاتمے پر توجہ دینا ہوگی۔ ترجمان کے مطابق اگر دہشت گردی ختم ہو جائے تو باقی مسائل خود بخود حل ہوسکتے ہیں۔